منگل, نومبر 5, 2024
اشتہار

بارشوں سے قبل کراچی کی خطرناک اور مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: بارشوں سے قبل خطرناک اور مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رہائشیوں کو نوٹسز جاری کردیے گئے۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرصدارت اس سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس ہوا جس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے کمشنر کو بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں ترجیحی طور پر انتہائی خطرناک 40 عمارتوں کو خالی کرایا جائے گا۔

حکام نے بتایا کہ خطرناک اور مخدوش عمارتوں کے مکینوں کو اس سلسلے میں نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں، مخدوش عمارتوں کے گیس اور بجلی کنکشن منقطع کرنے کیلئے اداروں سے رجوع کرلیا گیا ہے۔

- Advertisement -

کمشنر کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ضلع جنوبی میں 450 عمارتیں خطرناک قرار دی گئی ہیں، کمشنر نے ڈی سی جنوبی کو فوری متعلقہ کمپنیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی۔

گزشتہ دنوں کراچی میں ہونے والی بارش اور ہوائوں کے باعث برنس روڈ پر واقع قدیمی عمارت کی دوسری منزل کا حصہ گرگیا تھا۔

حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا، خستہ حال عمارت کو پہلے ہی خطرناک قرار دیا گیا تھا، برنس روڈ پر واقع عمارت میں جگہ جگہ دراڑیں پڑی ہوئی ہیں، عمارت کی صورتحال خطرناک ہے اور یہ کسی وقت بھی گر سکتی ہے۔

برنس روڈ پر مخدوش عمارت کا ایک حصہ گرنے کے معاملے پر ڈی جی ایس بی سی اے کا کہنا تھا کہ برنس روڈ پر قائم مخدوش عمارت خالی تھی۔

ایس بی سی اے نے بارشوں کی پیشگوئی پر پہلے ہی عمارت پر نوٹس چسپاں کررکھا تھا ایس بی سی اے کی ٹیم مخدوش عمارت توڑنے کی حکمت عملی بنارہی ہے، ایس بی سی عملے نے ضلعی انتظامیہ کو بھی طلب کرلیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں