بھارت میں دن دیہاڑے نوجوان پر سرعام چاقو سے حملہ کیا اور بے رحمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
بھارت میں انسانیت دم توڑتی جا رہی ہے اور آئے روز کوئی نہ کوئی ایسا واقعہ منظر عام پر آتا ہے جس سے اس تاثر کو مزید تقویت ملتی ہے جیسا کہ گزشتہ دنوں دن دیہاڑے نوجوان پر سرعام چاقو سے حملہ کیا اور بے رحمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انسانیت کو شرمانے والا واقعہ تلنگانہ کے ضلع سوریا پٹ کی مصروف شاہراہ پر پیش آیا جہاں چند مشتعل افراد نے ایک نوجوان کو دن دیہاڑے سب کے سامنے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، پتھر مارے اور آخر میں چاقو سے وار کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق زخمی کی شناخت 28 سالہ سنتوش کے نام سے ہوئی ہے جس کو وہاں موجود افراد نے قریبی اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے، پولیس نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو حملہ آوروں نے ایک شخص کو دبوچ کر زمین پر گرایا ہوا ہے ایک شخص چاقو سے اس پر کئی بار وار کرتا ہے جب کہ ایک شخص پتھر اٹھا کر نوجوان کے سر پر مارنا شروع کر دیتا ہے۔
بربریت کا یہ سلسلہ دو منٹ تک جاری رہتا ہے اس دوران وہاں موجود کچھ افراد کی مداخلت پر حملہ آور زخمی نوجوان کو چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔
Santosh was brutally attacked by Krishna & his two henchmen in broad day light in Suryapet, #Telangana with a knife inflicting severe bleeding injuries. Rivalry led to attack, Santosh undergoing treatment & out of danger. Case booked, probe on.
Trigger : Blood pic.twitter.com/W0gTqcH7Kf— Azmath Jaffery (@JafferyAzmath) June 29, 2023
اس معاملے پر پولیس کا کہنا ہے کہ سنتوش پر جمعرات کی دوپہر سوریا پیٹ میں واقع متھوٹ فنانس کے دفتر کے قریب حملہ کیا گیا۔ تشدد کا شکار نوجوان اور حملہ آوروں میں سے ایک وی کرشنا کے درمیان پرانی دشمنی چل رہی تھی اور یہ واقعہ بھی ممکنہ طور پر اس دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے۔
پولیس نے واقعے کی ابتدائی تفتیش سے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے بتایا کہ چار حملہ آور سنتوش کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے اور موقع پر پہنچتے ہی انہوں نے اسے گھیر کر اس پر حملہ کر دیا۔
چاروں ملزمان جن کی شناخت وی کرشنا، منی دیپ، پی مہیش، اور پریم نائیڈو کے طور پر کی گئی ہے کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 307 (قتل کی کوشش) اور پرتشدد کے لیے آرمس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ دہلی میں اسی سے ملتا جلتا ایک واقعہ پیش آیا تھا جہاں 20 سالہ نوجوان قاسم کو چاقو کے وار کرکے زخمی کیا گیا تھا، پولیس نے حملہ آور شعیب کو گرفتار کیا تھا اور پھر انکشاف ہوا کہ یہ واقعہ دو سال قبل گھونسا مارنے کے بعد پیدا ہونے والی دشمنی کا نتیجہ تھا۔