جنگلوں میں درندہ صفت جانوروں کی چھوٹے جانوروں کے شکار سے متعلق آپ نے بہت سی ویڈیوز دیکھ رکھی ہوں گی، ایک ایسی ہی خوفناک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو نے صارفین کے دل دہلا دیئے، خوفزدہ صارفین نے اپنے ردعمل میں اس کا برملا اظہار بھی کیا۔
اس وائرل ویڈیو میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ایک بچھڑا بہت آرام سے کھڑا گھاس کھا رہا ہے، اس کے آس پاس کوئی نہیں کہ اچانک ایک کوموڈو ڈریگن پیچھے سے آتا ہے اور بچھڑے پر جھپٹتا ہے۔
وہ بچھڑے کو اپنے جبڑوں میں اتنی مضبوطی سے دباتا ہے کہ بچھڑا مزاحمت بھی نہیں کرپاتا اور ڈریگن اسے نگلنے لگتا ہے۔ بچھڑا اس سے بچنے کی بہت کوشش کرتا ہے لیکن اس کی تمام کوششیں رائیگاں جاتی ہیں۔ کچھ ہی دیر میں کوموڈو ڈریگن نے بچھڑے کو پورا زندہ نگل لیا۔
— Brutal Nature (@BrutaINature1) July 6, 2023
اس ویڈیو کو ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا جسے اب تک 2 ملین سے زیادہ بار دیکھا جاچکا ہے۔ لوگ اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد بہت خوفزدہ ہیں، ایک صارف نے کہا، ‘زندہ کھایا’۔ دوسرے نے پوچھا۔ "کیا وہ ہڈیاں تھوکتے ہیں؟” ایک نے لکھا، "میں نے اس کوموڈو ڈریگن کو واشنگٹن کے چڑیا گھر میں دیکھا تھا یہ بہت بڑا اور خوفناک ہے۔”
واضح رہے کہ کوموڈو ڈریگن لمبی دم، مضبوط اور چست گردن اور مضبوط اعضاء کے ساتھ سب سے بڑی اور بھاری چھپکلی ہے۔ یہ انڈونیشیا میں کثرت سے پائی جاتی ہے۔
ان جنگلی ڈریگنوں کا وزن عام طور پر تقریباً 154 پاؤنڈ (70 کلوگرام) ہوتا ہے، لیکن سب سے بڑا تصدیق شدہ نمونہ 10.3 فٹ (3.13 میٹر) کی لمبائی تک پہنچتا ہے اور اس کا وزن 366 پاؤنڈ (166 کلوگرام) ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق نر ڈریگن جسامت میں مادہ ڈریگن سے بڑے ہوتے ہیں۔