شارجہ : اماراتی عدالت نے اسلحے کے زور پر بینک لوٹنے والے افریقی شہری کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی عدالت نے گذشتہ روز پاکستانی نجی بینک کی شارجہ برانچ میں ڈکیتی کرنے والے افریقی شہری کو عمر قید دے دی۔
شارجہ کی انسداد جرائم عدالت نے بینک لوٹنے والے گروہ دیگر ممبران کو 15 15 برس قید کی سزا سنائی ہے جبکہ سزا مکمل ہونے پر ملک بدر کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شارجہ میں قائم نجی بینک میں 25 جولائی 2017 کو تین نقاب پوش ملزمان نے حملہ کرکے غیر معین رقم لوٹی تھی۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق بینک لوٹنے والے گروہ میں 5 افراد شامل تھے جن میں سے تین عرب شہریوں نے چہرے پر نقاب ڈالا ہوا تھا اور دو افریقیوں نے برقعہ پہنا ہوا تھا تاکہ پہچانے نہ جائیں۔
بینک ترجمان کا کہنا تھا کہ تین مرد اور دو خواتین نے بینک سے رقم لوٹی اور گاڑی میں فرار ہوگئے۔
اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ ڈکیتی کی واردات شارجہ کے علاقے البوہیرا میں واقع پاکستانی نجی بینک میں صبح سویرے ہوئی تھی۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس ہیلپ لائن پر صبح 11 بجے ڈکیتی سے متعلق فون کال موصول ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے مسلسل تحقیقات کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔