منی پور: بھارتی ریاست منی پور میں علیحدگی پسند خوفناک ڈرون بم حملے کرنے لگے ہیں، ایک اور حملے میں خاتون ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست منی پور میں علیحدگی پسندوں کے سیکیورٹی فورسز پر ڈرون حملے میں خاتون ہلاک ہو گئیں، جب ک 2 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔
ایک دن قبل بھی مشتبہ کوکی باغیوں کی جانب سے امپھال کے مغربی ضلع کے کوتروک گاؤں میں ڈرون کے ذریعے بم حملے کیے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق ڈرون عام طور پر جنگ میں استعمال ہوتے ہیں، سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف ڈرون کے ذریعے دھماکا خیز مواد کا استعمال انتہائی خطرناک ہے۔
حالیہ حملہ امپھال کے علاقے سنجام چِرنگ میں آج کیا گیا، جس میں ڈرون سے دو بم گرائے گئے، ایک بم گھر پر گرا جس سے گھر کی چھت تباہ ہو گئی، بم کی زد میں آنے والی خاتون ہلاک ہو گئی۔ گزشتہ روز علیحدگی پسندوں کی فائرنگ اور ڈرون حملوں میں 2 افراد ہلاک اور ایک 12 سالہ بچی سمیت 9 افراد زخمی ہوئے تھے۔
علیحدگی پسندوں نے انڈیا ریزرو بٹالین (IRB) کی ایک پوسٹ پر بھی حملہ کیا، اور فرار ہونے سے پہلے انھوں نے دو اسالٹ رائفلیں اور ایک لائٹ مشین گن چھین لی۔
واضح رہے کہ ریاست منی پور میں مئی 2023 سے ہندوؤں اور عیسائی کوکی برادری کے درمیان لڑائی جاری ہے، نسلی تنازع میں اب تک 200 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔