کیلی فورنیا: سپرہیرو ایکشن فلموں میں پہلی بار پاکستانی لڑکی سپر ہیرو کے روپ میں جلوہ گر ہوگی، مارول اسٹوڈیوز نے اس پر فلم بنانے کی تیاری کرلی۔
تفصیلات کے مطابق مارول فلمز نے اپنی سپر ہیرو سیریز میں ایک مسلم سپر ہیرو کو شامل کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے جسے مس مارول کا نام دیا گیا ہے۔
مس مارویل کے کردار کو کمالہ خان کے روپ میں ڈھالا جائے گا جو خود بھی روپ بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ کمالہ خان سپر ہیروز میں شامل ہونے والا ایک اور فرضی کردار ہے۔
اوینجرز سیریز کی نئی فلم انفنٹی وار کے فلم ساز کیون فیج کا کہنا ہے کہ کمالہ خان کے کردار پر کام جاری ہے، یہ کامک کردار ہے اور کیپٹن مارول سے متاثر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کمالہ خان: مارول کامکس کی پاکستانی سپر ہیرو
واضح رہے کہ کمالہ پاکستانی نژاد امریکی لڑکی کے طور پر مارول سیریز کی کہانیوں میں پہلے ہی سے شامل ہے۔ اب مارول سینی میٹک یونیورس میں پاکستانی لڑکی بھی سپر ہیروز کے ساتھ جلوہ گر ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: کینز کے ریڈ کارپٹ پر ماہرہ خان کے جلوے
اینی میٹیڈ کریکٹر کمالہ خان کی آواز کے لیے ماہرہ خان یا پریانکا چوپڑا کو لینے پر غور کیا جارہا ہے، تاہم اس سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
مداحوں کی طرف سے پریانکا کو مذکورہ کردار کے لیے موزوں سمجھا رہا ہے تاہم وہ پاکستانی نہیں بلکہ ہندوستانی اداکارہ ہے جب کہ کمالہ ٹین ایجر پاکستانی ہے، جس کے لیے پاکستانی اداکارہ تلاش کی جائے گی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔