بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

’’لڑکی کو پڑھائیں گے تب ہی تو آگے جائیں گے‘‘

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے آگاہی مہم شروع کردی۔

وزارت انسانی حقوق حکومت پاکستان کی جانب سے لڑکیوں کے حقوق کی سفیر تعینات ہونے والی پاکستانی اداکارہ نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی۔

مہوش حیات نے لکھا کہ ’’میں وہ خوش قسمت لڑکی ہوں جس کی والدہ کو تعلیم کی اہمیت کا اندازہ تھا اور اُسی نے مجھے دنیا کا سامنا کرنے کا اعتماد دیا‘‘۔ انہوں نے لکھا کہ ’’میں چاہتی ہوں سارے بچے ہی ایسے ہوں، لڑکی کو پڑھائیں گے تب ہی تو آگے جائیں گے‘‘ْ

ویڈیو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’’ایک لڑکی جب پڑھے گی تو اپنے پیروں پر کھڑی ہوگی، ایک لڑکی جب پڑھے گی تو خومختار بنے گی، ایک سمجھ دار ماں بنے گی اور وہ صرف اپنی ہی نہیں بلکہ سارے گھرانے کی مدد  بھی کرے گی اور آنے والی نسلوں کو سنوارے گی‘‘۔

’’ایک لڑکی جب پڑھے گی تو ملک کو مضبوط بنائے گی، پاکستان کا آئین اور قانون ہر لڑکی اور لڑکے کو مفت تعلیم کا حق فراہم کرتا ہے، لڑکی کو پڑھائیں گے تب ہی تو آگے جائیں گے‘‘۔

علاہ ازیں انہوں نے ویڈیو کا ایک اور پارٹ بھی جاری کیا جس میں انہوں نے کم عمری میں جبری مشقت کرنے والی لڑکیوں کو تعلیمی میدان میں لانے کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل معروف اداکارہ مہوش حیات کو پاکستان میں لڑکیوں کے حقوق کے لیے خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا، جس کے بعد اداکارہ پاکستان بھر میں لڑکیوں کے حقوق اور ان کی تعلیم کے حوالے سے کام کرتی نظر آئیں گی۔

مزید پڑھیں: پاکستانی اداکارہ مہوش حیات دنیا پر اثر انداز ہونے والی پانچ مسلم خواتین میں شامل

مہوش حیات کا کہنا تھا کہ وزارت انسانی حقوق حکومت پاکستان نے انہیں پاکستان میں لڑکیوں کے حقوق کے لیے خیر سگالی سفیر مقرر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’یہ میرے لیے نہایت فخر کی بات ہے کہ میں لڑکیوں کو ان کے حقوق دلوانے میں ایک اہم کردار ادا کرسکوں، میں ایسا پاکستان دیکھنا چاہتی ہوں جہاں لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع دیے جائیں‘‘۔

مہوش حیات کا مزید کہنا تھا کہ ’’ آپ سب بھی اس مشن میں میرا ساتھ دیں کیونکہ میرا ماننا ہے کہ اگر لڑکیوں کو ان کے حقوق دیے جائیں تو وہ دنیا بدل سکتی ہیں‘‘۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں