ممبئی: فلموں میں موقع نہ ملنے پر بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومیتا ساہا نے خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق 23 سالہ بھارتی اداکارہ مومیتا ساہا نے فلموں میں اداکاری نہ ملنے پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، مومیتا ساہا اشوک نگر کولکتہ میں کرائے کے فلیٹ میں رہائش پذیر تھیں۔
ڈی سی پی ساؤتھ کولکتہ کا کہنا ہے کہ اداکارہ کا تعلق بندیل سے ہے، مومیتا کے والدین نے بیٹی سے رابطہ کرنے کی کوشش تو کوئی جواب موصول نہ ہوا، اہلخانہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس افسر کا کہنا ہے کہ اہلخانہ نے بتایا جب انہوں نے فلیٹ کا دروازہ توڑا تو مومیتا کے گلے میں پھندا پڑا ہوا تھا وہ فضا میں جھول رہی تھیں، اہلخانہ نے قریبی تھانے کو اطلاع دینے کے بعد اداکارہ کو اسپتال منتقل کردیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق اداکارہ کو جب اسپتال لایا گیا تو وہ مردہ حالت میں تھیں، پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جاسکے گا، تام معاملے سے متعلق تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ سے شواہد قبضے میں لے لیے۔
خیال رہے کہ مومیتا ساہا ڈرامہ سیریل ’سواپنو اڑان‘ میں اداکار راہول بنرجی کے ہمراہ اداکاری کررہی تھیں، راہول بنرجی کا کہنا ہے کہ میرے لیے یہ خبر بہت حیران کن اور افسوسناک ہے تاہم اداکاروں کو اس طرح اپنی زندگی کا خاتمہ نہیں کرنا چاہئے۔
ساتھی اداکارہ کوئل سنچاری کا کہنا ہے کہ میں اور مومیتا ایک ساتھ میک اپ روم شیئر کرتے تھے جب میں سیریل میں کام کررہی تھی، ہم نے ہولی بھی ساتھ ہی منائی تھی، مجھے یقین نہیں آرہا ہے کہ وہ اس طرح ہمیں چھوڑ کر چلی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی اداکارہ پوجا نے سسرالیوں کی جانب سے فلموں میں کام سے روکنے پر دل برداشتہ ہوکر خود کو آگ لگا کر خودکشی کرلی تھی۔