کراچی: کلری تھانے میں پراسرار طور پر ملزم کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نعمت نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چرس کے کیس میں گرفتار ہونے والا ملزم کلری تھانے میں پراسرار طور پر ہلاک ہو گیا، پولیس کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ ملزم نعمت نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کا فعل انجام دیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم سے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے جعلی کارڈ بھی ملے ہیں، ملزم نعمت کو گزشتہ روز چرس کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔
سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ لاش کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے، دوسری جانب ورثا نے پولیس پر مار پیٹ کا الزام عائد کیا ہے۔
ورثا کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے نعمت کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، انھوں نے لاش رکھ کر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
لواحقین نے الزام لگایا کہ پولیس تشدد کے باعث ہی نعمت ہلاک ہوا، ورثا نے کہا کہ لاش رکھ کر ایمپریس مارکیٹ میں احتجاج کیا جائے گا۔