ہفتہ, ستمبر 21, 2024
اشتہار

اسرائیل کی رہائشی عمارتوں اور اسپتالوں پر بمباری ، شہید فلسطنیوں کی تعداد 3500 سے تجاوز کرگئی

اشتہار

حیرت انگیز

غزہ : اسرائیلی کی وحشیانہ بمباری سے شہید فلسطنیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ تیرہ ہزار سے زائد زخمی ہیں اور سیکڑوں فلسطینی اب بھی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سفارتی کوششیں غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی نہ روک سکیں، اسپتال اور رہائشی عمارتیں اسرائیلی فورسز کے نشانے پر ہیں۔

صبح سویرے اسرائیل فضائیہ نے ابراج کے علاقہ میں تین رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا، جس سے عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، خان یونس میں آبادی پر میزائل برسائے جبکہ نورشمس کیمپ پر بمباری کی۔

- Advertisement -

اسرائیلی فوج نے غزہ کی بندرگاہ کے قریب بارہ فلسطینیوں کو بھی نشانہ بنایا، غزہ میں القدس اسپتال کےاطراف بمباری کی اور الشفا اسپتال کے نواحی علاقے کوبھی نشانہ بنایا گیا،

اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطنیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزارسے تجاوز کرگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد تیرہ ہزار سے زائد ہے۔

دیرالبلاح میں اسرائیلی گولہ باری میں مکانات اور اسکول کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ایک مسجدبھی گولہ باری سے شہید ہوگئی، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق سیکڑوں فلسطینی اب بھی تباہ شدہ عمارتوں کےملبےتلے ہیں، اسرائیلی جارحیت کے ستر فیصد متاثرین میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔

اسرائیلی فضائیہ نے الزیتون نامی علاقے میں گھروں پر بموں کی بارش کرکے ملبے کا ڈھیر بنا دیا لیکن ملبے تلے اشیاء کو جمع کرتے بچوں کا حوصلہ پھر بھی بلند ہے اور کہتے ہیں خوفزدہ نہیں ہیں ۔صرف اللہ پر بھروسہ ہے۔

اسرائیل نے تازہ حملوں میں ایک اور حماس کمانڈر کو مارنے کا دعوی کیا ہے جبکہ غزہ کی سرحد کے قریب اسرائیلی ٹینکوں اور فورسز میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے زخمیوں میں چالیس فیصد تعداد بچوں کی ہے، میڈیکل ٹیم میں کام کرنے والی لڑکی نے شہدا میں بھائی کی لاش دیکھی تو دھاڑیں مار کر رونے لگی، لوگ اپنے پیاروں کوتلاش کررہے ہیں، زخمی باپ کے ہاتھوں میں نومولود بچہ دیا گیا تو وہ زاروقطار رو پڑا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں