پیر, جون 23, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 10126

انڈونیشی شہری شادیوں کی سنچری سے قریب، دلچسپ کہانی اسی کی زبانی

0

انڈونیشیا کا 61 سالہ شہری اب تک 87 بار دولہا بن چکا ہے، شادی کی سنچریوں کے قریب جواں دل شخص جلد 88 ویں شادی کرنےکا خواہشمند ہے، دلچسپ کہانی اسی کی زبانی سنیے۔

شادی کو محاورے میں وہ ’’لڈو‘‘ کہا جاتا ہے کہ جو کھائے وہ بھی پچھتائے اور جو نہ کھائے وہ بھی پچھتائے، اب یہ بات کتنی درست ہے اس حوالے سے اعداد وشمار تو نہیں لیکن دنیا میں ایسے لوگوں کی بڑی تعداد پائی جاتی ہے جو اس لڈو کو بار بار کھانے کی خواہش رکھتی ہے اور اس پر عمل کر بھی گزرتی ہے۔

شادیوں کا ایسا ہی شوقین انڈونیشیا کا ایک شہری ہے جس کی عمر اس وقت 61 سال ہے مگر دل جوان ہے تب ہی تو وہ 87 شادیاں کرچکا ہے اور جلد 88 ویں بار سر پر سہرا سجانے کی تیاری کر رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شادیوں کے خواہشمند اس جواں دل شخص کا تعلق انڈونیشیا کے مغربی جاوا خطے سے ہے اور اس کا نام قان ہے جس کا دعویٰ ہے کہ وہ اب تک 87 شادیاں کرچکا ہے جب کہ اب وہ اپنی سابقہ اہلیہ سے 88 ویں شادی کرنے کا خواہشمند ہے۔

رپورٹ کے مطابق قان اب تک 46 خواتین کے ساتھ شادی رچا چکے ہیں تاہم ان کی شادیوں کی تعداد 87 تک اس طرح پہنچی ہے کہ اس میں متعدد شادیاں انہوں نے اپنی سابقہ بیویوں سے کی ہیں۔

اس انڈونیشی شخص کی کہانی اس وقت منظر عام پر آئی جب انہوں نے اپنی آپ بیتی ایک یوٹیوبر کو سنائی تھی۔

مقامی میڈیا نے جب قان سے انٹرویو کرنے کے لیے رابطہ کیا تو پہلے اس نے پس وپیش سے کام لیا اور یہ کہتے ہوئے منع کردیا کہ وہ اس معاملے میں مزید انٹرویو نہیں دینا چاہتا، تاہم رپورٹرز کے بے حد اصرار پر قان نے اپنی شادیوں کی دلچسپ داستان سنائی۔

قان کا کہنا ہے کہ اس نے پہلی شادی 14 برس کی عمر میں اپنے سے دو برس چھوٹی لڑکی سے کی تھی تاہم یہ شادی صرف دو برس ہی چل سکی تھی لیکن ازدواجی زندگی کی پہلی ناکامی سے وہ مایوس نہیں ہوئے بلکہ انہوں نے اپنے نئے سفر کے لیے نئے ہمسفر کو تلاش کیا اور اس کے بعد سے یہ سلسل جاری ہے۔

قان کا اپنی ان درجنوں شادیوں کے حوالے سے توجیح پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری ان شادیوں کی وجوہات یہ ہیں کہ میں کسی خاتون کے جذبات کے ساتھ کھیلنا نہیں چاہتا تھا، لہٰذا میں نے سوچا کے بے حیائی کا کام کرنے سے بہتر ہے کہ میں شادی کرلوں۔

 

قان کے مطابق اس کی شادیوں میں سے سب سے طویل عرصے تک چلنے والی شادی 14 برس تک چلی جبکہ کچھ شادیاں صرف ایک ماہ اور ایک شادی صرف ایک ہفتے ہی چل سکی تھی۔

قان نے بتایا کہ ان کی 87 شادیوں میں سے 40 صرف وزارت مذہبی امور کے پاس رجسٹرڈ ہیں، جبکہ باقی شادیاں روایتی انداز میں ہوئی تھیں۔

پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں: فرانسیسی سفیر

0

اسلام آباد: فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں۔

اسلام آباد میں فرانسیسی سفارت خانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نکولس گیلے نے کہا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میخاں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا ہے۔

انھوں نے کہا پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے لیے 30 ارب ڈالر سے زیادہ درکار ہیں، پاکستان ہی نہیں یورپ، نائجیریا اور ویتنام بھی قدرتی آفات کے نرغے میں ہیں۔

نکولس گیلے نے کہا کہ فرانس نے پاکستان کے سیلاب متاثرہ آبادی کی ہر ممکن مدد کی اور کرے گا، موسمیاتی تغیر سے بین الاقوامی برادری کو مشترکہ انداز میں نمٹنا ہو گا۔

انھوں نے کہا فرانسیسی صدر نے پیرس معاہدے کے تحت تمام ترقی یافتہ ممالک کو ترقی پذیر ممالک کی مدد کی اپیل کی ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی موسمیاتی یک جہتی معاہدے پر زور دیا۔

فرانسیسی سفیر نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب آیا تو ان کے ملک نے فوری طور پر ہنگامی آلات اور فوجی ماہرین کو پاکستان بھیجا اور ریلیف آپریشن میں مدد کی، خصوصی پرواز سے خیمے اور غذائی اشیا بھیجے گئے۔

انھوں نے کہا فرانس کے 40 سول سیکیورٹی ماہرین نے دادو ضلع میں پانی صاف کرنے کے پلانٹس نصب کیے، فرانسیسی فوجی ٹیم نے مقامی سیلاب متاثرین کو 6 لاکھ لیٹرز پینے کا صاف پانی فراہم کیا، فرانس نے ایک طویل پل بھی سندھ حکومت کو حوالے کیا۔

سفیر کا کہنا تھا کہ فرانس نے پاکستان کے تین صوبوں میں 90 ہزار افراد کے لیے 10 لاکھ یورو کی رقم مختص کی، ایک کروڑ یورو ماؤں اور بچوں کی غذائیت کے لیے عالمی ادارہ خوراک کے لیے مختص کیے گئے۔

نکولس گیلے نے بتایا کہ سندھ کے اضلاع قمبر، شہداد کوٹ اور خیرپور کے 30 ہزار سیلاب متاثرین کو مدد دی جا رہی ہے، فرانسیسی امداد سے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، پشین، لسبیلہ میں 40 ہزار افراد کو فائدہ ہوگا۔

قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر میں نامزد لوگوں کا نام شامل نہ کرنے پر عمران خان نے اہم اجلاس طلب کرلیا

0

لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حملے کی ایف آئی آر میں نامزد لوگوں کا نام شامل نہ کرنے پر اہم اجلاس طلب کرلیا، جس میں پارٹی رہنماؤں اورقانونی ٹیم سے مشاورت کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے زمان پارک رہائشگاہ پر اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور لیگل ٹیم کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

اجلاس میں پارٹی رہنماؤں اورقانونی ٹیم سے ایف آئی آردرج کرنے کے حوالے سے مشاورت کی جائےگی اور نامزد کیے گئے لوگوں کا نام شامل نہ کرنے کے حوالے سے رائے لی جائے گی۔

اجلاس میں لانگ مارچ کی سیکیورٹی اورتیاریوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے گذشتہ روز عمران خان پرقاتلانہ حملےکامقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیاگیا تھا، ایف آئی آرمیں فائرنگ کرنیوالے نوید ولد بشیرکو ملزم نامزد کیا گیا تھا اور قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں تھیں۔

پولیس کی درج کردہ ایف آئی آر پی ٹی آئی کی درخواست سے مطابقت نہیں رکھتی تھی ، عمران خان کی جانب سے بتائے گئے ناموں کو ایف آئی آرمیں ملزم نامزد نہیں کیاگیا تھا۔

ڈیوٹی لگانے پر جھگڑا، سپرنٹنڈنٹ نے ماتحت ملازم کو اپنی ہی جیل میں بند کروا دیا

0

شیخوپورہ میں ڈیوٹی لگانے کے جھگڑے میں جیل سپرنٹنڈنٹ نے جونیئر کلرک ادریس جاوید کو اپنی ہی جیل میں سلاخوں کے پیچھے بند کروا دیا۔

اے آر وائی نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ شیخوپورہ کی ڈسٹرکٹ جیل میں ڈیوٹی لگانے پر جونیئر کلرک کا جیل سپرنٹنڈنٹ سے جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد سپرنٹنڈنٹ نے اس جونیئر کلرک ادریس جاوید کو نہ صرف اپنی ہی جیل میں سلاخوں کے پیچھے بند کروا دیا بلکہ تھانہ سٹی بی ڈویژن میں مقدمہ بھی درج کرا دیا ہے۔

تھانے میں درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ جونیئر کلرک نے سپرنٹنڈنٹ سے ہاتھا پائی کی، افسر کو نہ صرف زدوکوب کیا بلکہ اس کی یونیفارم بھی پھاڑ دی۔

دوسری جانب ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے جونیئر کلرک ادریس کو معطل کردیا ہے۔

روس سے تنازع، امریکا کا یوکرین کو اہم مشورہ

0

امریکا نے یوکرین کو روس سے بات چیت شروع کرنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ صدر پیوٹن کے اقتدار سے ہٹنے تک مذاکرات سے کام چلانے کی کوشش کرے۔

امریکا جو دنیا بھر میں اپنے دہرے معیار اور پالیسیوں کی وجہ سے شہرت رکھتا ہے اس کی ایک اور مثال روس یوکرین جنگ کے دوران سامنے آئی ہے جہاں بظاہر وہ روس کے خلاف مزاحمت پر یوکرین کی حوصلہ افزائی کرتا نظر آتا ہے لیکن اندرون خانہ وہ یوکرین کو حریف صدر ولادیمیر پیوٹن سے مذاکرات کا مشورہ بھی دے رہا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ امریکا یہ سب کچھ اس لیے کر رہا ہے کہ اسے اور یورپ کو سردیوں کے موسم میں ایندھن کی قلت کا سامنا ہے اور وہ اس دلدل سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے جس میں وہ دھنستا چلا جا رہا ہے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے اندرون خانہ ملاقاتوں میں یوکرین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صدر پوتین کے اقتدار سے ہٹنے تک مذاکرات سے کام چلانے کی کوشش کریں۔

مذکورہ اخبار کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ذرائع نے بتایا کہ امریکا نے یوکرین کو کہا ہے کہ جب تک کہ روسی صدر اپنے عہدے سے سبکدوش نہیں ہوجاتے یوکرین خود کو روسی صدر سے مذاکرات کے لیے ہر وقت خود کو تیار ظاہر کریں اور انھیں مذاکرات میں ہی مشغول رکھیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے اپنے یوکرینی ہم منصبوں کو روسی صدر پیوٹن کے فی الحال مذاکرات کے حوالے سے سنجیدہ نہ ہونے سے بھی آگاہ کیا تاہم یہ بھی تسلیم کیا کہ دونوں ملکوں کے صدور کے درمیان بات چیت کی بندش سے یورپ، افریقا اور لاطینی امریکا میں تشویش ہے جہاں خوراک اور ایندھن کی قیمتوں پر اثرات سب سے زیادہ محسوس کیے گئے ہیں۔

کراچی میں 11 نومبر سے سردی میں اضافے کی پیش گوئی

0

کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں گیارہ نومبر سے سردی میں اضافے کی پیش گوئی کردی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارش کے باعث سرد ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے اور موسم میں خنکی آگئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ میں آج بھی بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دن میں درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری تک رہے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازکا کہنا ہے شہر میں گیارہ نومبر سے سردی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب ملک کےبالائی علاقوں میں برف کی چادر بچھ گئی ہے اور کوئٹہ سمیت بلوچستان بھی سرد موسم کی لپیٹ میں آگیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں آج موسم خشک رہےگا، لیکن کہیں ہلکی توکہیں تیزبارش اور پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔

کوئٹہ، زیارت،چمن، ژوب، قلات، خضدار، سوات، بونیر، شانگلہ، کشمیراور گلگت بلتستان میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری بھی متوقع ہے۔

وفاقی حکومت کا کل عام تعطیل کا اعلان

0
سندھ حکومت نے 2 روزہ تعطیل

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے کل 9 نومبر کو علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر کل چھٹی کا اعلان کردیا، وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے چھٹی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 9 نومبر علامہ اقبال کا یوم پیدائش منایا جاتا ہے، علامہ اقبال برصغیر پاک و ہند کے عظیم شاعر تھے جنہوں پاکستان کے بنے کا خواب دیکھا تھا۔

خیال رہے کئی برس قبل یوم اقبال کی تعطیل ختم کر دی گئی تھی۔ گزشتہ حکومت کے دور میں بھی یوم اقبال کی چھٹی بحال کروانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم اس حوالے سے کوئی سنجیدہ پیش رفت نہیں ہوئی تھی۔

پُر فضا جزیرے پر ’ایٹم بم‘ مارے جانے کی ہولناک ویڈیو وائرل

0

انٹرنیٹ پر ایک ہولناک ویڈیو زیر گردش ہے، جس میں ایک پُر فضا جزیرے پر ورچوئل ’ایٹم بم‘ مارے جانے کا منظر دکھایا گیا ہے۔

ورچوئل رئیلٹی میں کیا گیا ایٹمی دھماکا دکھانے والی اس خوف ناک ویڈیو نے انٹرنیٹ صارفین کو دنگ کر دیا، یہ ویڈیو بتاتی ہے کہ ورچوئل رئیلٹی میں ہمیں ایسی چیزیں دکھانے کی طاقت ہے جس کا ہم کسی بھی صورت میں حقیقت میں تجربہ نہیں کریں گے۔

اگرچہ یہ ویڈیو ورچوئل رئیلٹی پر مبنی ہے، تاہم بہت سے صارفین کے لیے اسے دیکھنا آسان ثابت نہیں ہوا، اسے دیکھ کر دل پر دہشت طاری ہو جاتی ہے، کہ ایک ایٹمی دھماکا کتنی بربادی لا سکتا ہے۔

ایک منٹ اور 52 سیکنڈ طویل اس ویڈیو نے انٹرنیٹ کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ویڈیو کے ساتھ ایک کیپشن لکھا گیا ہے: ’’ایک ورچوئل رئیلٹی ماحول میں جوہری دھماکا۔‘‘

ویڈیو میں ایک ورچوئل رئیلٹی ماحول دکھایا گیا ہے، جس میں جوہری بم کے دھماکے سے عین قبل ایک خوش گوار دن پر ایک ساحل کا منظر دکھایا گیا ہے، جیسے ہی دھماکا ہوتا ہے، اسکرین پر سفیدی سی چھا جاتی ہے۔

توقع کے عین مطابق آس پاس کی سب جگہ سیکنڈوں میں تباہ ہو جاتی ہے، اور ایسا لگتا ہے جیسے ریت کا طوفان اس علاقے سے ٹکرا گیا ہو، پودے اور دیگر نباتات جڑوں سے اکھڑتی نظر آتی ہیں اور جلد ہی دھوئیں اور گرد و غبار کے ایک بڑا بادل آسمان کو لپیٹ میں لے لیتا ہے۔

ویڈیو کے آخر میں، ہوا میں معلق دھول کے بادل کے ساتھ آسمان تھوڑا سا جامنی رنگ کا ہو جاتا ہے۔

یہ ویڈیو ایک ماہ قبل یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹ کی گئی تھی، یہ اب ایک بار پھر وائرل ہو گئی ہے۔ ایک صارف نے لکھا ایسا ہونے کے بارے میں سوچنا بھی خوف طاری کر دیتا ہے۔

ایشون نے شرٹ سونگھنے کی وجہ بتادی

0

بھارتی بولر روی چندر نے ٹاس کے وقت شرٹ سونگھنے کی وجہ بتادی ہے۔

زمبابوے اور بھارت کے درمیان اتوار کو ہونے والے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر  بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اسی دوران جب روہت بات کررہے تھے تو کیمرے میں پیچھے کھڑے ایشون اپنی شرٹ سونگھتے ہوئے نظر آئے۔

اب اس حوالے سے روی چندر ایشون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے اس عمل کی وجہ بتائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نا ہی میں اس وقت جیکٹ کا سائز دیکھ رہا تھا اور نا ہی یہ دیکھ رہا تھا کہ شرٹ کس کی ہے۔

بھارت بولر ایشون نے لکھا در اصل میں اپنا پرفیوم چیک کررہا تھا، ساتھ ہی کرکٹر نے قہقہے والے ڈھیروں ایموجیز بھی بنائے۔

پاکستان تمام ممالک کے ساتھ جنگلات کی بحالی میں اپنا حصہ ڈالے گا، وزیراعظم

0

شرم الشیخ : وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ جنگلات کی بحالی میں اپنا حصہ ڈالے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کوپ 27 سمٹ کے موقع پر سعودی گرین انیشیٹو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
مشرقی وسطیٰ میں گرین انیشیٹو پروگرام منفرد ہے، دنیا کا ماحول مزید سرسبز کرنے میں یہ پروگرام مدد کرےگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم پیرس معاہدے کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں، سعودی گرین انیشیٹوپروگرام پاکستان فاریسٹ پالیسی ممالثت رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ جنگلات کی بحالی میں اپنا حصہ ڈالے گا، گرین پاکستان پروگرام اس سلسلے میں اہم کڑی ہے، یہ پروگرام ماحولیاتی تبدیلی کےاثرات کم کرنے میں مدد کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایم آئی جی ممالک کے ساتھ مکمل تعاون کا عزم رکھتا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔