ہوم بلاگ صفحہ 10408

پیٹرول کی قیمت میں کتنا اضافہ ہورہا ہے؟ شہباز گل نے بتادیا

0

لاہور: معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 71 پیسے کا اضافہ کیا جارہا ہے، ڈیزل کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جارہا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ ڈیٹا کے مطابق 27 ممالک میں پیٹرول کی قیمت پاکستان سے کم ہے اور 140 ممالک میں پیٹرول کی قیمت پاکستان سے زیادہ ہے، دنیا میں پیٹرول کی اوسط قیمت 1.19 ڈالر فی لیٹر ہے، پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 0.72 ڈالر فی لیٹر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی گئی ہے، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی متاثر ہوتا ہے۔

شہباز گل نے ٹویٹ کیا کہ دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ 47 فیصد اور پاکستان میں 11 فیصد ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا مہنگائی کی زد میں ہے، حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر تقریباً صفر کے قریب ٹیکس وصول کررہی ہے۔

سندھ: گھر سے باہر نکلنے والوں کے لیے ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار

0

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں جزوی لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے جزوی لاک ڈاؤن نوٹیفکیشن میں گھر سے باہر نکلنے والوں کے لیے ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دے دیا۔

سندھ بھر میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، گاڑی میں 2 سے زائد افراد سفر نہیں کر سکیں گے، ایک شہر سے دوسرے شہر ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔

سندھ میں جزوی لاک ڈاؤن، پابندیوں کی تفصیلات

نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مراکز آج رات 12 بجے سے 8 اگست تک بند رہیں گے، کریانہ، میڈیکل اسٹورز، پٹرول پمپس، پھل والے اور تندور کھلے رہیں گے، دودھ، سبزی، ضروری اشیا کی دیگر دکانیں شام 6 سے صبح 6 تک بند رہیں گی۔

ریسٹورنٹس میں صرف آن لائن ڈیلیوری کی اجازت ہوگی، صنعتیں کھلی رہیں گی، میڈیا ورکرز کو ماسک پہن کر اور ایس او پیز کے ساتھ سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔

ماسک نہ لگانے پر ’روبوٹ‘ نے پٹائی کردی (ویڈیو وائرل)

0

بیجنگ: کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دنیا بھر میں ویکسینیشن کا سلسلہ جاری ہے اور ساتھ ہی وبا سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلے اور ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وبا کی سنگینی کے باوجود بھی شہریوں کی جانب سے سماجی فاصلے اور عوامی مقامات پر ماسک پہننے سے گریز کیا جارہا ہے جس کے باعث وبا کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔

لیکن اب چین میں وبا کے دوران ماسک نہ لگانے والے شہریوں کو انوکھی سزا دی گئی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین میں عوامی مقامات پر روبوٹ تعینات کیے گئے جو ماسک نہ لگانے والے شہریوں کی پٹائی کررہے ہیں تاکہ شہری ماسک لگانے کے عادی بن جائیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص کسی شاپنگ مال میں برقی سیڑھیوں سے نیچے اتر رہا ہے اور اس نے ماسک نہیں لگایا ہوا وہ شخص جیسے ہی نیچے پہنچتا ہے تو روبوٹ اس کی پٹائی شروع کردیتا ہے۔

مذکورہ شخص کو پہلے ایک روبوٹ نے سزا دی اس کے بعد قریب موجود دو سے تین روبوٹ آگے آگئے اور انہوں نے بھی اس شخص کو ماسک نہ پہننے پر سبق سکھایا۔

روبوٹ کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔

قیامت کے لمحے، خلا میں موجود بین الاقوامی اسپیس اسٹیشن روسی راکٹ چلنے سے لڑکھڑا کر نیچے گر گیا

0

واشنگٹن: حادثاتی طور پر اچانک روسی راکٹ فائر ہونے سے خلا میں موجود انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن دہل گیا، اور وہاں موجود خلا بازوں پر قیامت گزر گئی۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی اسپیس اسٹیشن بڑے حادثے سے بچ گیا ہے، دنیا کے گرد گھومنے والا خلائی اسٹیشن روسی خلائی جہاز کے راکٹ چلنے سے لڑکھڑا گیا تھا۔

ناسا کا کہنا ہے کہ روسی خلائی جہاز کے راکٹ حادثاتی طور پر چل پڑے، جس کی وجہ سے اسٹیشن اپنی بلندی سے 45 ڈگری گر گیا، یہ واقعہ روس کے ’نوکا‘ نامی خلائی جہاز کی انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پہنچنے کے کچھ گھنٹوں بعد پیش آیا، جو8 دن کی پرواز کے بعد آئی ایس ایس تک پہنچا تھا۔

ناسا کے مطابق اس حادثے کے وقت خلائی اسٹیشن کے عملے سے مشن کنٹرول کا رابطہ کئی منٹوں کے لیے منتقع ہو گیا تھا، خلائی اسٹیشن میں موجود خلا بازوں کے مطابق انھیں کوئی بڑا جھٹکا محسوس نہیں ہوا، اور وہاں موجود ساتوں خلا باز محفوظ رہے۔

انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کی حرکت پر قابو کے لیے مشن کنٹرول میں موجود اہل کاروں کو خلائی اسٹیشن کے ایک اور حصے پر نصب راکٹ چلانا پڑا، ناسا کا کہنا ہے کہ چھوٹی سی غلطی سے کوئی بڑا حادثہ بھی پیش آ سکتا تھا، اس لیے واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ اس حادثے کے سبب ناسا اور ہوا بازی کی کمپنی بوئنگ کو اپنے خود کار خلائی جہاز ’اسٹار لائنر‘ کی آزمائشی پرواز بھی 3 اگست تک ملتوی کرنی پڑی ہے۔

کشمیر پریمیئر لیگ، بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا

0

اسلام آباد: کشمیر پریمیئر لیگ ابھی شروع نہیں ہوئی اور بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر آیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کشمیر پریمیئر لیگ میں آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کو بھارت کی جانب سے دھمکیاں دی جانے لگیں، واضح رہے کہ کشمیر پریمیر لیگ 6سے 16 اگست تک مظفرآباد میں کھیلی جائے گی اور لیگ کا فائنل 16 اگست ‏کو مظفرآباد میں ہی ہو گا۔

لیگ ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 غیرملکی کھلاڑی کشمیر پریمیئر لیگ سے اچانک دستبردار ہوگئے۔

کھلاڑیوں کو دھمکی دی گئی ہے کہ کشمیر لیگ میں گئے تو بھارت میں گھسنے نہیں دیں گے، کشمیر لیگ کھیلی تو آئندہ بھارت کی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

لیگ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ کے سی ای او نے انگلش بورڈز کو بھی دھمکایا ہے۔

مزید پڑھیں: کے پی ایل کے پہلے سیزن کے لیے ڈرافٹنگ مکمل

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ وفاق اور حکومت آزاد کشمیر بھرپور سپورٹ کررہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہے اور آزاد کشمیر میں کرکٹ ہورہی ہے۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ کشمیر پریمیئر لیگ میں چھپا ہوا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، کے پی ایل کے انعقاد کے لیے ڈھائی سال سے کوشش جاری ہے۔

دوسری جانب عمر ایوب کا کہنا تھا کہ دنیا کے لیے پیغام ہے مقبوضہ کشمیر میں اور آزاد کشمیر میں کیا ہورہا ہے۔

عذیر بلوچ کیسز؛ پولیس اہلکاروں کو گواہی سے بھاگنا مہنگا پڑ گیا

0

لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کےمقدمات میں پولیس افسرواہلکاروں کو گواہی سے بھاگنا ‏مہنگا پڑ گیا۔

عدالت نے مدعی مقدمہ انسپکٹر سجاد کےناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے جب کہ 2گواہان ‏پولیس اہلکاروں کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔

عدالت نےایس ایچ او ماری پور کو بھی شوکازنوٹس جاری کر دیا۔

عدالت میں ملزم عذیربلوچ کےخلاف 3مقدمات کی سماعت ہوئی تو گواہان پولیس اہلکارعدالت ‏میں آکر گواہی دیئے بغیر ہی واپس چلےگئےتھے۔

عدالت میں سماعت کےدوران گواہان کو بلانےکیلئےآوازیں لگتی رہیں تاہم گواہان موجود نہیں تھے۔

آئندہ سماعت پرتفتشی افسرسےکیس پراپرٹی،پولیس پیپربھی طلب کر لیے گئے۔ پولیس نے ‏عذیربلوچ کے قبضے سے کلاشنکوف برآمد کی تھی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم خبر

0
سعودی عرب

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سفارشات تیار کرلیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سفارشات پیٹرولیم ڈویژن کو موصول ہوگئی جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.27 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل 35 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 24 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت کے بعد کل کیا جائے گا اور نوٹیفکیشن وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ملک میں ہر 15 روز کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا جاتا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا۔

کراچی: لیاقت آباد میں تیزاب سے بھری گاڑی الٹ گئی

0

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں تیزاب سے بھری گاڑی الٹ گئی جس کے سبب سڑک پر تیزاب پھیل گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 4 کے قریب تیزاب سے بھری گاڑی الٹ گئی جس کے باعث تیزاب سڑک پر پھیل گیا اور ہر طرف دھواں ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تیزاب گیلنوں میں لے جایا جارہا تھا، گاڑی کو حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق حادثے سے متعلق ٹریفک پولیس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کے تیزاب کے قریب آنے سے روکا تاکہ کوئی شخص اس سے متاثر نہ ہوسکے۔

حادثے میں گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

چکن پاکس سے تعلق؟ بھارتی کرونا وائرس سے متعلق امریکی ادارے کی خفیہ رپورٹ لیک

0

واشنگٹن: امریکی ادارے کی لیک ہونے والی ایک خفیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی بھارتی قسم ڈیلٹا چکن پاس کی طرح متعدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کی کرونا وائرس کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ پر اندرونی رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرونا ڈیلٹا چکن پاکس کی طرح تیزی سے پھیلتا ہے۔

امریکی ادارے کی اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ویکسین لگوانے کے باوجود ڈیلٹا کورونا وائرس انسان کو متاثر کرسکتا ہے، ڈیلٹا ویرینٹ سے متاثرہ شخص اوسطاً 8 یا 9 دیگر افراد کو متاثر کر سکتا ہے، اور اگر ویکسینیٹڈ افراد اس انفیکشن کا شکار ہوتے ہیں تو ان کے جسم میں بھی اتنا ہی وائرس موجود ہے جتنا ویکسین نہ لگوانے والوں میں ہوتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی وائرس چکن پاکس (جیسے کاکڑا لاکڑا اور چھوٹی چیچک بھی کہتے ہیں) کی طرح تیز رفتاری سے پھیلتا ہے، اور ویکسین شدہ امریکیوں میں بھی یہ انفیکشن اتنا ہی قابلِ منتقلی ہو سکتا ہے جتنا ویکسین نہ لگوانے والوں میں ہوتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیلٹا ویرینٹ ویکسین کے ذریعے فراہم کرنے والی حفاظت کو بھی توڑ سکتا ہے، اور کرونا کی دیگر اقسام کے مقابلے میں کہیں زیادہ شدید بیماری کا سبب بن سکتا ہے۔

امریکی ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈیلٹا ویرینٹ میرس، سارس اور ایبولا جیسے وائرس کے مقابلے میں بھی زیادہ تیزی سے منتقل ہونے والا وائرس ہے۔

چکن پاکس

چکن پاکس کو طبّی اصطلاح میں Varicella کہا جاتا ہے، جو ایک متعدّی بیماری ہے، یہ مرض Varicella zoster نامی وائرس کی وجہ سے لاحق ہوتا ہے، چکن پاکس ایک سے دوسرے فرد میں انتہائی تیزی سے منتقل ہو جاتی ہے، بالخصوص متاثرہ فرد کے کھانسنے اور چھینکنے سے، حفاظتی ٹیکے دریافت ہونے کے بعد امریکا میں اس بیماری کے پھیلاؤ میں 90 فی صد کمی واقع ہوئی۔

چکن پاکس (کاکڑا لاکڑا، چھوٹی چیچک) کی واضح علامت، جِلد پر چکتوں کی شکل میں سُرخ نشانات نمایاں ہونا ہے، جو بعد میں چھوٹے چھوٹے خارش زدہ پانی بَھرے چھالوں اور آبلوں کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ یہ پانی بَھرے دانے ابتدا میں سینے، کمر اور چہرے پر نمودار ہوتے ہیں، مگر پھر آہستہ آہستہ جسم کے دیگر حصّوں تک پھیل جاتے ہیں۔

مرض کی دیگر علامات میں بخار، تھکن، بے چینی اور سَر درد شامل ہیں، یہ علامات 7 سے 10 دِن تک برقرار رہتی ہیں اور پھر بتدریج ٹھیک ہو جاتی ہیں۔ مرض کی پیچیدگیوں میں نمونیا، دماغ میں انفیکشن اور جِلد کے دانوں میں مواد بَھر جانا شامل ہیں، عام طور پر چکن پاکس بچّوں کو زیادہ متاثر کرتی ہے۔

یہ کون سا جانور ہے جو ٹک ٹاک اسٹار بن گیا؟

0

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر شہریوں کے مشہور ہونے کے بعد اب ایک کتا بھی مشہور ہوگیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اب ٹک ٹاک اسٹارز کو ٹکر دینے کے لیے کتے کی انٹری ہوئی ہے، سفید رنگ کا یہ منفرد کتا اپنے 5 فٹ 7 انچ قد کی وجہ سے دنیا بھر کے صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

کتے کی مالک نے ایرس نامی اپنے پالتو کتے کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ٹانگوں پر کھڑے ہوئے لمبے لمبے باڑ کو دیکھنے کی کوشش کررہا تھا، اس کی امید کے برعکس فوٹیج دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق ایرس نامی اس کتے کے ناقابل یقین قد کی بدولت ٹک ٹاک پر اب تک اسے 6 لاکھ سے زائد افراد فولو کر چکے ہیں۔

کتے کی مالک کا کہنا تھا کہ صارفین کی نشاندہی پر انہیں یہ خیال آیا کہ انہیں اب اپنے گھر کا دروازہ بڑا کرانا پڑے گا، کیونکہ ایرس اتنا بڑا ہو چکا ہے کہ باآسانی چھلانگ لگا کر باہر جا سکتا ہے۔

ایرس کی ویڈیو کو ٹک ٹاک پر 1.8 ملین لوگ دیکھ چکے ہیں، جبکہ 66 ہزار سے زائد افراد دلچسپ کمنٹس کر چکے ہیں۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ یہ کتا نہیں بلکہ زرافہ یا ڈایناسور کی نسل کی مخلوق ہے۔