اتوار, ستمبر 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 10709

گونگی بہری بھارتی سکھ خاتون نے پاکستان پہنچ کر محبت کی شادی کر لی

0

لاہور: محبت میں جسمانی معذوری بھی آڑے نہ آ سکی، گونگی بہری بھارتی خاتون نے پاکستان پہنچ کر محبت کی شادی کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گونگی بہری انڈین خاتون نے لاہور کے رہائشی عمران نامی گونگے بہرے لڑکے سے پاکستان پہنچ کر شادی کر لی، لاہور کی سیشن عدالت نے پولیس کو جوڑے کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔

گونگی بہری انڈین خاتون نے سوشل میڈیا پر شروع ہوئے پیار کے وعدے پورے کر دیے اور لاہور کے رہائشی عمران نامی لڑکے سے پاکستان پہنچ کر شادی کی، انڈین لڑکی نے نکاح سے قبل اسلام بھی قبول کیا، اور اسلامی نام پروین سلطانہ رکھا۔

رپورٹ کے مطابق قوت سماعت سے محروم جوڑے نے اشاروں سے نکاح قبول کیا، خاتون بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آئی تھی۔

لڑکی کے ساتھ آنے والے سکھ زائرین اور لڑکے کے قریبی دوستوں نے شادی میں شرکت کی، نکاح کے بعد جوڑے نے ایک دوسرے کو پیار بھرے انداز سے انگوٹھیاں پہنائیں اور مبارک باد دی۔

شادی کا علم ہونے پر لڑکے کے اہل خانہ نے جوڑے کو ہراساں کرنا شروع کر دیا، جس پر وہ عدالت پہنچ گئے، کیس کی سماعت کے بعد لاہور کی سیشن کورٹ نے بھارتی خاتون پروین سلطانہ کو ہراساں نہ کرنے کا حکم جاری کیا۔

بھارتی خاتون نکاح کرنے اور عدالت میں اپنے شوہر کے حق میں بیان دینے کے بعد واہگہ بارڈر کے ذریعے وطن واپس روانہ ہوگئی ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کے لیے خیبرپختونخوا حکومت کی درخواست مسترد

0
چیف جسٹس

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کے لیے کے پی حکومت کی درخواست مسترد کردی اور کہا بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن جماعتی بنیادوں پرکرانےکے ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف اپیل پرسماعت ہوئی ، جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کی کے پی حکومت کی درخواست مسترد کردی اور کہا خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔

عدالت نے کہا الیکشن کمیشن پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے تمام اقدامات کر چکاہے، بلدیاتی الیکشن شیڈول جاری کرنے میں پہلے ہی دو سال تاخیر ہوچکی ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل کےپی کا کہنا تھا کہ صرف الیکشن نہیں صحیح معنوں میں نمائندگی کی ضرورت ہے، جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس میں کہا جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے برادریوں میں ٹوٹ پھوٹ ہوتی ہے، جمہوریت کو تقویت کیلئےسیاسی جماعتوں کومضبوط کرناضروری ہے، سیاسی جماعتوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت عدالت میں نہیں آئی، سیاسی جماعتوں کوآکرکہناچاہیےہائیکورٹ کےفیصلےسےنقصان ہورہا ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل کےپی کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے جو حکم دیا اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں، عدالت حکم امتناع نہیں دیتی توالیکشن تاریخ بدلنے کی اجازت دیں ، جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا تاریخ تبدیل کرنے کے ہم سخت مخالف ہیں۔

بعد ازاں سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔

گیس کی پیداوار : سعودی عرب کیلئے بڑا اعزاز

0
سعودی عرب

ریاض : سعودی عرب 2030 تک دنیا بھر میں سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن جائے گا۔ آرامکو یومیہ دو ارب مکعب فٹ گیس تیار کرے گی۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی آرامکو نے مملکت میں گیس کی پیداوار میں غیر معمولی توسیع کے پروگرام شروع کر دیے ہیں۔ آرامکو 2030 تک الجافورہ فیلڈ سے روزانہ دو ارب مکعب فٹ گیس نکالنے لگے گی۔

آرامکو کا کہنا ہے کہ وہ جاری عشرے کے اختتام تک قدرتی گیس پیدا کرنے والی تیسری بڑی کمپنی بن جائے گی ۔

الجافورہ فیلڈ کی دریافت 2014 میں ہوئی تھی جبکہ ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فروری 2020 میں ہائیڈروکاربن اعلیٰ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی تھی۔ اس موقع پر وزارت توانائی نے ان کے سامنے الجافورہ سے غیر روایتی گیس پروجیکٹ کی اسکیمیں رکھی تھیں۔

ایوانِ شاہی نےاجلاس کے تناظر میں الجافورہ فیلڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فرمان جاری کر دیا تھا۔ ہدایت یہ تھی کہ ترجیحی بنیاد پر گیس ایتھن اور سیال مادے نکالے جائیں جس سے ملک کی صنعتیں ،بجلی پیداوار کا نظام ، کھارے پانی کو قابل استعمال بنانے والے سٹیشن اور کانکنی کے پروجیکٹس میں خرچ کیا جا سکے۔

الجافورہ فیلڈ مملکت میں غیر روایتی گیس کی سب سے بڑی فیلڈ ہے۔ یہ 170 کلومیٹر طویل ہے۔ اس کا عرض سو کلومیٹر ہے۔ فیلڈ میں گیس کے ذخائر 200 ٹریلین مکعب فٹ سے زیادہ کے ہیں۔

توقع یہ ہے کہ الجافورہ سے قدرتی گیس کی پیداوار 2024 کے آخر تک شروع ہو جائے گی۔ اس سے گیس کی یومیہ پیداوار دو ارب مکعب فٹ تک پہنچ جائے گی۔

پی آئی اے کا 4 نئے جدید طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ

0

کراچی : قومی ایئرلائن(پی آئی اے) نے 4 نئے طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا، جدید ایئربس 320 جہاز لیز پر حاصل کیےجارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن(پی آئی اے) بزنس پلان کے تحت بیڑے میں نئے طیارے شامل کرنے کا سلسلہ جاری ہے ، پی آئی اےمیں مزید4 نئےجدید طیارے فروری تک بیڑے میں شامل ہو جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید ایئربس 320 جہاز لیز پر حاصل کیےجارہے ہیں ، جس کے بعد پی آئی اے کے بیڑے میں ائیر بس طیاروں کی تعداد 18 ہو جائے گی۔

ترجمان کے مطابق موجودہ بیڑے میں 11 ائیر بس ،12 بوئنگ 777 اور6 اے ٹی آر طیارے فعال ہیں، 4 نئے طیاروں کی شمولیت سے پی آئی اےکےبیڑےمیں بوئنگ777اورائیربس طیاروں کی تعداد 44 ہو جائے گی۔

سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کی سربراہی میں تاحال3 نئے طیارے بیڑے میں شامل کیے گئے ہیں، ان طیاروں سے قومی ایئرلائن اپنے مہمانوں کو بہتر اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کرے گا۔

یاد رہے ستمبر میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے ٹینڈر کے ذریعے دو طیارے حاصل کیے تھے ، دونوں طیارے 2017ساخت کے ہیں۔

اومیکرون وائرس 19 ممالک تک پھیل گیا

0
اومیکرون

کرونا وائرس کا نیا ویرینٹ اومیکرون 19 ممالک تک پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی نئی تبدیل شدہ شکل جسے عالمی ادارۂ صحت نے اومیکرون کا نام دیا ہے، تیزی سے دنیا بھر میں پھیلتی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق کووِڈ 19 کا نیا ویرینٹ B.1.1.529 یعنی اومیکرون سے بار بار انفیکشن ہونے کا خطرہ دیگر تمام اقسام سے زیادہ ہے، اور یہ تیزی سے ایک کے بعد دوسرے ملک پھیل رہا ہے۔

اب تک اومیکرون وائرس انیس سے زائد ممالک میں پنجے گاڑ چکا ہے، جنوبی افریقا میں 77، بوٹسوانا میں 77، نیدرلینڈ اور پرتگال میں 13،13 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

جرمنی، ہانگ کانگ میں 3 کیسز، آسٹریلیا، ڈنمارک میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے، آسٹریا، بیلجیم، چیک ری پبلک، اٹلی، جاپان، اور اسرائیل میں بھی اومیکرون کے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کی علامات کیا ہیں؟

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اومیکرون نے انھیں حیران کر دیا ہے، اس میں 50 تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں، سب سے زیادہ خطرناک سمجھی جانے والی قسم ڈیلٹا میں صرف 2 تبدیلیاں پائی گئی تھیں، اومیکرون میں موجود مخصوص اسپائک پروٹین میں 30 جینیاتی تبدیلیاں دیکھی گئیں۔

خیال رہے کہ ویکسین اسی اسپائک پروٹین کو نشانہ بناتی ہے، جب کہ انسانی جسم پر سب سے پہلے اثر انداز ہونے والے حصے کی سطح پر بھی 10 جینیاتی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔

ترک صدر اردگان امارات کا دورہ کریں گے

0

انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردگان متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے، امارات کے ولی عہد نے گزشتہ ہفتے ہی انقرہ کا دورہ کیا تھا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ وہ فروری میں متحدہ عرب امارات کے دورے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ دونوں ممالک برسوں کے کشیدہ تعلقات کو پس پشت ڈالنے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ امارات کے ولی عہد نے گزشتہ ہفتے انقرہ کا دورہ کیا تھا جو 2012 کے بعد ترکی کا پہلا دورہ تھا۔

اس دورے میں ترکی اور متحدہ عرب امارات کے درمیان صدر طیب رجب اردگان اور ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی موجودگی میں بدھ کو انقرہ میں کئی معاہدے ہوئے تھے۔

امارات نے ترکی میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے 10 ارب ڈالر مالیت سے فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کا کہنا تھا کہ ترک صدر سے ملاقات میں بامعنی مذاکرات کیے جن میں اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات پر زور دیا گیا۔

وزیر صحت سندھ کا کورونا کی نئی قسم ‘اومی کرون’ سے متعلق بڑا انکشاف

0

کراچی : وزیر صحت سندھ عذراپیچوہو کا کہنا ہے کہ کورونا کی نئی قسم کے حوالے سے حفاظتی اقدامات شروع کردیے ، دو ویکسین ڈوز لگوانے والوں پر اومی کرون کا اثر کم ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ عذراپیچوہو کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ روبیلا خسرہ مہم کے دوران سندھ میں 110 فیصد اہداف حاصل کیے، جنوری 2022 سے مہم روٹین بنیادوں پر جاری رہیں گی۔

وزیرصحت سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا کی نئی قسم کے حوالے سے حفاظتی اقدامات شروع کردیے، ڈبلیو ایچ او کے مطابق اومی کرون سے متعلق صورتحال واضح نہیں ، دو ویکسین ڈوز لگوانے والوں پر اومی کرون کا اثر کم ہوگا۔

عذراپیچوہو نے کہا کہ سندھ کے شہریوں سے گزارش ہے ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرالیں، ویکسینیٹرز کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، جب مہمات شروع ہوتی ہیں تو یہ مطالبات لے آتے ہیں، جائز مطالبات مان چکے ہیں مزید جائز مطالبات پر بھی غور کریں گے۔

میڈیکل طالبہ کی موت کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ چانڈکا میڈیکل کالج کیس کوباریک بینی سے دیکھا جارہا ہے۔

حلف نامے کی تصدیق ، صحافی انصار عباسی اورسابق جج راناشمیم کے جوابات میں تضاد

0

اسلام آباد : حلف نامے کی تصدیق کیلئے رابطہ  کے  حوالے سے صحافی انصار عباسی اورسابق جج راناشمیم کے جوابات میں تضاد سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جج راناشمیم کے بیان اور انصارعباسی کے تحریری جواب میں تضاد سامنے آگیا ، راناشمیم نے عدالت میں بیان میں کہا انصار عباسی کو خبر شائع ہونے کے بعد تصدیق کی تھی کہ حلف نامہ میرا ہے ، میں نے صحافی کو حلف نامہ نہیں دیامعلوم نہیں کہ یہ کیسے لیک ہوا۔

رانا شمیم کا کہنا تھا کہ میرے پاس حلف نامہ موجود نہیں اسے برطانیہ سے منگوانا پڑےگا، لندن میں میرا حلف نامہ لاکرمیں میرے پوتے کے پاس محفوظ ہے۔

اس س قبل انصارعباسی نے تحریری جواب میں کہا تھا کہ خبر فائل کرنے سے پہلے راناشمیم سے ایفیڈیوڈ پر مؤقف لیا تھا۔

دوسری جانب اس حوالے سے اظہرصدیق ایڈووکیٹ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج کی سماعت سے ایک چیز واضح ہے کہ توہین عدالت ہے ، راناشمیم نے کہا کہ لندن کے لاکر میں حلف نامہ پڑا ہے اور یہ بھی کہا کہ میرا حلف نامہ لیک ہوا ہے۔

اظہرصدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ اصل معاملہ یہ ہے کہ انصار عباسی کے اس ایفیڈیوڈ کب آیا، توہین عدالت ثابت ہوگی اور اس معاملے پر علیحدہ مقدمہ بھی درج ہوگا۔

ایڈووکیٹ نے کہا نوٹری پبلک نے بتایا کہ ایفیڈیوڈ نوازشریف کا ملازم وقار لیکر آیا تھا اور یہ بھی پتہ چلا کہ نوٹری پبلک کوحسین نوازکے دفتر میں بلاکر دستخط کرائے گئے۔

عدالت نے اصل بیان حلفی منگوایا ہے ، عدالت کے سامنے غلط بیانی پر دفعہ476 فور کےتحت کارروائی ہوگی۔

بظاہر بنیادی طورپر یہ بیان حلفی نوازشریف نے تیار کروایا ہے، عدلیہ کو پلاننگ کےتحت بدنام کرنے کی سازش ہورہی ہے، جو ایفیڈڈیو ہے وہ اس وقت سے متعلق ہے جب راناشمیم چیف جج تھے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز: کن کھلاڑیوں کو آرام دیا جارہا ہے؟

0

لاہور: ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے، سابق کپتان سمیت کئی اہم کھلاڑیوں کو آرام دئیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریزمیں شامل نہیں ہوں گے جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد اور عماد وسیم کو بھی آرام دیئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کھلاڑی نو دسمبر کو کراچی میں اکٹھے ہوں گے، ایک روز کی آئسولیشن اور کوویڈ ٹیسٹنگ کے نتائج آنے کے بعد کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت ملے گی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم 9 دسمبر کو کراچی پہنچے گی جبکہ سیریز کے میچز 13 سے 22 دسمبر کے درمیان کراچی میں ہوں گے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کیا جاچکا ہے، ٹیم کی قیادت کیرون پولارڈ کریں گے جبکہ نیکولس پورن ٹی ٹوئنٹی اور شائی ہوپ ون ڈے اسکواڈ میں نائب کپتان ہوں گے۔

جیسن ہولڈر کو آرام کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا شیمرون ہٹمائر، آندرے رسل، سمنس اور ایون لوئس سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے۔

سعودی عرب : کورونا کی نئی قسم کے تیل کی طلب پر اثرات

0
سعودی عرب

ریاض : سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ اوپیک پلس کی ٹیکنیکل کمیٹی کے اجلاس تیل مارکیٹ پر نئے کورونا وائرس اومیکرون کے اثرات کا جائزہ مکمل کرنے کی وجہ سے ملتوی کیے گئے ہیں۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق الجافورہ فیلڈ کو جدید خطوط پر استوارکے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اومیکرون وائرس پر کوئی تشویش نہیں۔

سعودی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ اوپیک پلس کے سربراہ کی حیثیت سے شریک سربراہ کے ساتھ مشاورت کرکے ٹیکنیکل کمیٹی کے اجلاس بدھ تک کےلیے ملتوی کیے ہیں۔

اوپیک پلس میں شامل ممالک کے وزرائے پٹرولیم کا اجلاس جمعرات کو ہوگا۔ اس دوران تیل مارکیٹ کی صورتحال کا جائزہ لینے کا مزید وقت مل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے صحت نے نئے وائرس کے حوالے سے جو انتباہ جاری کیا ہے وہ مبالغہ آمیز ہے۔

سعودی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ محدود وقت کےلیےاجلاس ملتوی کیے ہیں، اس سے حالات کو زیادہ بہتر شکل میں جاننے سمجھنے کا مزید موقع ملے گا۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ تیل کی طلب کے حوالے سے کورونا کی نئی شکل او میکرون کا اثر ابھی واضح نہیں ہے۔