اسلام آباد : وزارت سمندرپارپاکستانیز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 3 سالہ دورحکومت میں 11 لاکھ39 ہزارسے زائد پاکستانی بیرون ملک نوکریوں کیلئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں وزارت سمندرپارپاکستانیز نے بیرون ملک ملازمت کیلئے جانے والوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کیں، جس میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کے3 سالہ دورحکومت میں 11 لاکھ 39ہزار سے زائد پاکستانی بیرون ملک نوکریوں کیلئے گئے۔
تحریری جواب میں بتایا گیا کہ سعودی عرب میں سب سے زیادہ 6 لاکھ 24ہزار سے زائد پاکستانی ملازمت کیلئے گئے، اس کے علاوہ یو اے ای میں 2لاکھ 92 ہزار سے زائد ، اومان میں77ہزار سے زائد پاکستانی اور قطر میں 64 ہزار سے زائد پاکستانی ملازمت کیلئے گئے۔
وزارت سمندر پار پاکستانیز کا کہنا تھا کہ بحرین میں19 ہزار سے زائد پاکستانی ، ملائشیا میں13 ہزار سے زائد پاکستانی ، عراق میں 6ہزار سے زائد اور چائنہ میں 2 ہزار سے زائد پاکستانی ملازمت کیلئے گئے۔
تحریری جواب میں کہا گیا کہ برطانیہ میں بھی 2 ہزار سے زائد ، امریکا میں 1ہزار سے زائد اور ترکی میں 288 پاکستانی ملازمت کیلئے ملک سے گئے۔