پیر, مئی 20, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 11766

دیوار کے پار دیکھنے والا چشمہ کس ملک کی فوج استعمال کرے گی

0

امریکہ اپنی فوجی طاقت اور استعداد کو بڑھانے کیلئے اپنے فوجیوں کو جدید ہتھیار اور تربیت فراہم کرتا ہے، اسی حوالے سے اب امریکی فوجیوں کو جدید چشمے فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کے لیے تیار کیے جانے والے خصوصی چشمے فوجی اہل کاروں کو لڑائی کے دوران دیواروں کے پار دیکھنے میں مدد دیں گے۔ اس طرح فوجیوں کو لڑائی کے کسی بھی میدان میں اپنے اطراف غیر معمولی نوعیت کی آگاہی حاصل ہوگی۔

انگریزی جریدے پاپولر میکینکس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی فوج نے 1.1 ارب ڈالر کی خطیر رقم مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کا مقصد انٹیگریٹڈ ویژؤل آگمینٹیشن سسٹم (آئی وے اے ایس) کے تحت کام کرنے والے 40 ہزار چشموں کی خریداری ہے

توقع ہے کہ یہ آئی وی اے ایس چشمے فرنٹ لائن میں لڑنے والی فورسز کے اہل کاروں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ ان میں سوار اور پیدل دونوں فورسز شامل ہیں۔ نئے چشموں سے امریکی فوجیوں کو اندھیرے میں دیکھنے اور لینس پر ڈیجیٹل نقشے اور دیگر معلومات دیکھنے میں بھی مدد ملے گی۔

ان آئی وی اے ایس چشموں کا استعمال کرتے ہوئے بکتر بند گاڑی کے اندر بیٹھے ہوئے فوجی اہل کار گاڑی کے باہر کا ماحول واضح طور سے دیکھ سکیں گے۔ لہذا خطرناک صورت حال میں عسکری سواریوں کے اندر موجود فوجی اہل کاروں کو اپنے بیرون کے حالات جاننے کے لیے گاڑی سے باہر آنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

امریکی فوج نے آئی وی اے ایس چشموں کو اس طرز پر ڈیزائن کیا ہے کہ وہ لڑاکا طیاروں میں موجود ہیڈز اپ ڈسپلے (ایچ یو  ڈی) کے مماثل کام کرتے ہیں، ان پر نقشے، وڈیوز اور نائٹ ویژن دیکھا جاسکتا ہے۔

عامر خان نے سوشل میڈیا کو خیر باد کیوں کہا ؟ وجہ سامنے آگئی؟

0
عامر خان

ممبئی : بھارتی فلموں کے معروف اداکار عامر خان نے آخر کار سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی وجہ بتا دی، ان کا کہنا ہے کہ میڈیا کے ذریعے دمداحوں سے رابطے میں رہوں گا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عامر خان نے ممبئی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ویسے بھی زیادہ تر اپنی دھن میں مگن رہتے ہیں اور سوشل میڈیا کا استعمال بھی بہت کم کرتے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں سوشل میڈیا سے کچھ وقت کے لیے دور ہو رہا ہوں اس دوران میڈیا کے توسط سے لوگوں کے ساتھ جڑا رہوں گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اپنی 56 ویں سالگرہ کے موقع پر اداکار عامر خان نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اپنے کام پر زیادہ توجہ دینے کے لئے سوشل میڈیا کو چھوڑ رہا ہوں۔

سوشل میڈیا کی دنیا کو الوداع کہتے ہوئے عامر نے اپنے مداحوں کی مسلسل حمایت اور محبت کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے اپنی آخری پوسٹ میں لکھا ہے کہ دوستو میری سالگرہ کے موقع پر بہت پیار اور اتنی گرم جوشی دکھانے کا بہت شکریہ۔ میرا دل خوشی سے جھوم اٹھا ہے۔

عامر نے مزید لکھا کہ یہ سوشل میڈیا پر یہ میری آخری پوسٹ ہوگی۔ اگرچہ میں ویسے بھی اس میڈیم پر زیادہ متحرک نہیں ہوں لیکن میں نے ان سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم اس طرح بات کریں گے جیسے ہم پہلے تھے۔

لازوال گیتوں کے خالق شہریار کا تذکرہ

0

کنور محمد اخلاق دنیائے ادب میں شہریار کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ تدریس سے منسلک رہے، ہندوستان سے تعلق تھا۔

شہریار نے نظم، غزل اور گیت جیسی اصنافِ‌ سخن میں‌ طبع آزمائی کی اور خوب نام پیدا کیا، انھوں‌ نے اپنے وقت کی کام یاب ترین فلموں کے لیے نغمات تحریر کیے جو سدا بہار ثابت ہوئے۔

شہریار کے کلام کا ترجمہ فرانسیسی ،جرمن، روسی، مراٹھی، بنگالی اور تیلگو زبانوں میں ہوا۔ متعدد ادبی اعزازات اپنے نام کرنے والے اس شاعر نے 13 فرروری 2012 کو ہمیشہ کے لیے یہ دنیا چھوڑ دی۔ یہاں‌ ہم ان کا ایک مشہور فلمی گیت باذوق قارئین کی نذر کررہے ہیں۔

یہ کیا جگہ ہے دوستو یہ کون سا دیار ہے
حدِ نگاہ تک جہاں غبار ہی غبار ہے

ہر ایک جسم روح کے عذاب سے نڈھال ہے
ہر ایک آنکھ شبنمی، ہر ایک دل فگار ہے

ہمیں تو اپنے دل کی دھڑکنوں پہ بھی یقیں نہیں
خوشا وہ لوگ جن کو دوسروں پہ اعتبار ہے

نہ جس کا نام ہے کوئی نہ جس کی شکل ہے کوئی
اک ایسی شے کا کیوں ہمیں ازل سے انتظار ہے

وفاقی کابینہ میں‌ ایک بار پھر ردوبدل کا امکان

0

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر وفاقی کابینہ میں رد وبدل کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت نئے چہروں کو اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

اے آر وائی نیوز کو حکومتی ذرائع سے وفاقی کابینہ میں رد و بدل کے امکان کے حوالے سے خبر موصول ہوئی، جس کا وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے بھی اشارہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں ایک بارپھرر دوبدل کا امکان ہے، آئندہ چند روز میں کابینہ میں نئے چہرے شامل کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر علی ظفر، انوار الحق کاکڑ اور فیصل جاوید کو کابینہ میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے جبکہ شبلی فراز اور فیصل واؤڈا نے بھی سینیٹربننےکے بعد وفاقی عہدوں کاحلف نہیں اٹھایا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیری مزاری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں رد و بدل کے حوالے سے کوئی علم نہیں البتہ سینیٹر منتخب ہونے والے اراکین جلد وزارت کا حلف اٹھا کر کابینہ میں‌ شامل ہوجائیں‌ گے۔

یاد رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں کراچی کے حلقہ این اے 249 سے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واؤڈا قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کا قلمدان سونپا گیا تھا۔

فیصل واؤڈا کو تحریک انصاف نے سینیٹ کا ٹکٹ جاری کیا جس کے بعد انہوں نے قومی اسمبلی کی نشست اور وزارت سے استعفیٰ دیا اور سندھ سے سینیٹ کی جرنل نشست پر کامیاب ہوئے۔

شاہد آفریدی کرکٹ بورڈ اور چیف سلیکٹر پر برس پڑے

0

اسلام آباد: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کرکٹ بورڈ اور چیف سلیکٹر پر برس پڑے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سابق کپتان شاہد آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خبریں آرہی ہیں  چیف سلیکٹر اور ‏کپتان بابر اعظم کے تعلقات ٹھیک نہیں ہیں، سلیکشن میں سب سے اہم کردار کپتان کا ہوتا ہے کیونکہ اس نے میدان میں ٹیم ‏کھلانا ہوتی ہے، اس پر بہت دباؤ ہوتا ہے، بابر اعظم کو مستقبل میں ساتھ لیکر چلنا ہے تو اسے اختیارات بھی دینا ہوں گے، ‏اس کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ جو بھی دو میچوں میں پرفارم کرتا ہے اس کو ٹیم میں شامل کرلیا جاتا ہے، نسیم شاہ سمیت کئی ‏کھلاڑیوں کو کھلا کر اب ٹیم میں شامل ہی نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہمارا برینڈ ہے، اگر پلان بی بنایا ہوتا تو ایک دم ایونٹ کو ختم نہ کرنا پڑتا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ جن کے ٹیسٹ مثبت آئے انہیں قرنطینہ کراتے، تھوڑا وقفہ لیتے پی ایس ‏ایل ملتوی نہ کرتے اور اسے جاری رہنے دیتے،غیر ملکی کھلاڑیوں کو روکتے جو رک جاتا ٹھیک ورنہ باقیوں کو جانے ‏دیتے لیکن پی ایس ایل کو ملتوی نہیں کرنا چاہیے تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فاسٹ بولر وہاب ریاض نے بھی دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر ‏سلیکشن پر تنقید کی تھی۔

آن لائن ٹیکسی ڈرائیورز کے لیے بڑی خوش خبری

0

لندن: امریکی کمپنی اوبر نے 70 ہزار ڈرائیورز کو ورکرز کا درجہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، اب ان کو پنشن بھی ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق اوبر نے برطانیہ میں اپنے ڈرائیورز کو باقاعدہ کارکنوں کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے انھیں کم از کم اجرت سمیت ماہانہ چھٹیاں اور پنشن جیسی مراعات بھی ملیں گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اوبر کے ڈرائیورز کو یہ سہولت دنیا میں پہلی بار فراہم کی جا رہی ہے۔

ٹیکسی ایپلیکیشن اوبر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بدھ سے اوبر کے برطانیہ میں ستر ہزار سے زیادہ ڈرائیورز کو ورکرز کا درجہ دے دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ یہ فیصلہ برطانوی سپریم کورٹ کی اس رولنگ کے بعد کیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اوبر کے ڈرائیورز کو کارکنان کے حقوق ملنے کا حق ہے، اور اس فیصلے سے برطانیہ کے ڈرائیورز اور اوبر کے درمیان قانونی جنگ چھڑ گئی تھی۔

سروسز ایمپلائز انٹرنیشنل یونین امریکا نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے، ایک ماہ قبل امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک ریفرنڈم میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ اوبر ڈرائیورز کو بھی ورکرز کا درجہ دیا جائے۔

واضح رہے کہ ٹیکسی ایپلی کیشن کمپنیوں کے ڈرائیورز نے پروپوزیشن 22 کے نام سے مشہور ایک مقدمہ درج کیا تھا، جو نومبر میں منظور ہو گیا، اس میں کہا گیا تھا کہ ڈرائیور خود مختار کنٹریکٹرز ہیں، تاہم انھیں کچھ مراعات ملنی چاہیئں، جیسا کم از کم اجرت، صحت اور انشورنس کی سہولیات وغیرہ۔

تحریک انصاف کے دفتر کے باہر سے ملنے والے دستی بم کا ڈراپ سین

0

کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں رکن سندھ اسمبلی کے دفتر کے باہر سے دستی بم برآمد ہوا، پولیس حکام کے مطابق دستی بم اندر سے خالی تھا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع پٹھان کالونی میں تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی کے دفتر کے قریب سے دستی بم برآمد ہوا۔

پولیس حکام نے بم برآمدگی کی تصدیق کی اور بتایا کہ ہینڈ گرینڈ کو پلاسٹک کی تھیلی میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پہنچنے کے بعد  حفاظتی اقدامات کے تحت علاقہ مکینوں کو مذکورہ مقام سے دور کیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں کو طلب کیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے معائنے کے بعد پولیس حکام کو آگاہ کیا کہ تھیلی سے ایک خالی دستی بم اور بال برآمد ہوئی۔ بی ڈی ایس نے خالی دستی بم کو تحویل میں لے لیا۔

پولیس حکام کے مطابق  خاکروب کو گٹر سے شاپر ملا،جس میں دستی بم تھا تو اُس نے  فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، یہ تھیلی تحریک انصاف کے دفتر کے کافی فاصلے پر موجود تھی۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی نے اس حوالے سے بیان جاری کیا، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’شہر میں ایک بار پھر دہشت گردی بڑھ رہی ہے، ہم ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردوں کےحملے میں والد سمیت خاندان7 کےافراد شہید ہوچکے ہیں۔

سعید آفریدی کا کہنا تھا کہ دو روزقبل اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر کے قریب رینجرز کی گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا، ہم دہشت گردی کےحوالے سے سندھ حکومت کو آگاہ کرچکےہیں، اُس کے باوجود حکومت نے سیکیورٹی واپس لے لی ہے۔

رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ ’شہداکی قربانیوں سے قائم ہونے والے امن خراب ہونے نہیں دیں گے، سندھ حکومت امن امان سمیت ہر چیز میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، ڈی جی رینجرز شہرکےحالات پر فوری نوٹس لیں۔

واضح رہے کہ سعید آفریدی سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 120 (ویسٹ) سے 2018 کے انتخابات میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔

کویتی وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب کی دعوت قبول کرلی

0

اسلام آباد / کویت سٹی : کویت کے وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب کی دورے کی دعوت قبول کرلی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایاگیا ہے کہ کویتی وزیر خارجہ 18 مارچ کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کویتی وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب شاہ محمودکی دعوت پر وفد کے ہمراہ پاکستان آرہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق کویتی وزیر خارجہ کے ہمراہ وفد میں تجارت، صحت، داخلہ اور صنعتی شخصیات شریک ہوں گی۔

دفتر خارجہ کے مطابق کویتی وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب سے مختلف معاملات پر بات چیت اور مذاکرات کریں گے جبکہ مہمان وزیر خارجہ دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور کویت کے درمیان مختلف شعبوں میں قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ کویت کے لیے 2011 سے بند ویزوں کا اجرا جلد کیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’حکومت کی طرف سے یہ خوشخبری سنانے جارہا ہوں کہ کویت کے ویزے بحال ہونے جارہے ہیں جو 2011 سے بند تھےُ۔

ان کا کہنا تھا کہ جس دن کویت نے ہوائی اڈے کھولے، اُسی روز سے ویزے بھی کھل جائیں گے، جس کے بعد لوگوں کے روزگار کا اہم مسئلہ بھی حل ہوجائے گا‘۔

’’لڑکو! تم بڑے ہو گے تو تمہیں افسوس ہوگا…‘‘

0

لڑکو! تم بڑے ہو گے تو تمہیں افسوس ہوگا۔ جوں جوں تمہارا تجربہ بڑھتا جائے گا، تمہارے خیالات میں پختگی آتی جائے گی اور یہ افسوس بھی بڑھتا جائے گا۔ یہ خواب پھیکے پڑتے جائیں گے، تب اپنے آپ کو فریب نہ دے سکو گے۔

بڑے ہو کر تمہیں معلوم ہو گا کہ زندگی بڑی مشکل ہے۔ جینے کے لیے مرتبے کی ضرورت ہے۔ آسائش کی ضرورت ہے اور ان کے لیے روپے کی ضرورت ہے۔ اور روپیہ حاصل کرنے کے لیے مقابلہ ہوتا ہے۔ مقابلے میں جھوٹ بولنا پڑتا ہے، دھوکا دینا پڑتا ہے، غداری کرنی پڑتی ہے۔ یہاں کوئی کسی کی پروا نہیں کرتا۔ دنیا میں دوستی، محبت، انس، سب رشتے مطلب پر قائم ہیں۔

محبّت آمیز باتوں، مسکراہٹوں، مہربانیوں، شفقتوں، ان سب کی تہ میں کوئی غرض پوشیدہ ہے۔ یہاں تک کہ خدا کو بھی لوگ ضرورت پڑنے پر یاد کرتے ہیں۔ اور جب خدا دعا قبول نہیں کرتا تو لوگ دہریے بن جاتے ہیں، اس کے وجود سے منکر ہو جاتے ہیں۔

اور دنیا کو تم کبھی خوش نہیں رکھ سکتے۔ اگر تم سادہ لوح ہوئے تو دنیا تم پر ہنسے گی، تمہارا مذاق اُڑاے گی۔ اگر عقل مند ہوئے تو حسد کرے گی۔ اگر الگ تھلگ رہے تو تمہیں چڑچڑا اور مکّار گردانا جائے گا۔ اگر ہر ایک سے گھل مل کر رہے تو تمہیں خوشامدی سمجھا جائے گا۔ اگر سوچ سمجھ کر دولت خرچ کی تو تمہیں پست خیال اور کنجوس کہیں گے اور اگر فراخ دل ہوئے تو بیوقوف اور فضول خرچ۔

عمر بھر تمہیں کوئی نہیں سمجھے گا، نہ سمجھنے کی کوشش کرے گا۔ تم ہمیشہ تنہا رہو گے حتّٰی کہ ایک دن آئے گا اور چپکے سے اس دنیا سے رخصت ہو جاؤ گے۔یہاں سے جاتے وقت تم متحیر ہو گے کہ یہ تماشا کیا تھا۔ اس تماشے کی ضرورت کیا تھی۔ یہ سب کچھ کس قدر بے معنٰی اور بے سود تھا۔

(معروف مزاح نگار شفیق الرّحمٰن کے قلم سے)

چوری یا گمشدہ فون کو تلاش کرنے کا آسان طریقہ جانیے!

0
فون لوکیشن

موبائل فون کا گم جانا یا چوری ہونا عمومی واقعات میں شامل ہے جس کے بعد اس کا ڈیٹا محفوظ رکھنے یا ڈیلیٹ کرنے کا مسئلہ صارف کو کافی پریشان کردیتا ہے۔

لیکن اب آپ کو اس مسئلہ سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ نہایت آسان طریقے سے نہ صرف آپ اپنے اینڈرائیڈ فون کی لوکیشن معلوم کرسکتے ہیں بلکہ ضرورت کے تحت اس میں موجود ڈیٹا ضائع بھی کرسکتے ہیں۔

اگر آپ فون گھر پر رکھ کر بھول جاتے ہیں تو آپ کسی سے فون کرنے کا کہہ سکتے ہیں تاہم اگر یہ گھر سے باہر کھو گیا ہے یا چوری ہوگیا ہے تو اسے ڈھونڈنے کے لئے تھوڑی زیادہ مدد کی ضرورت پڑسکتی ہے۔

اپنے چوری شدہ یا گم شدہ فون کو کیسے تلاش کریں

ایسا کئی بار ہوتا ہے کہ ہم اپنا فون کھو دیتے ہیں یا ہمارے ہی گھر میں کئی بار ہمیں یاد نہیں رہتا کہ ہم نے اسے آخری بار کہاں رکھا تھا اور کبھی جب ہم کہیں باہر جاتے ہیں تو یہ چوری بھی ہوسکتا ہے۔

اس مسئلے کے حل کیلئے گوگل نے ایک آسان طریقہ پیش کیا ہے جس میں فون کا مالک اپنا اینڈرائڈ فون تلاش کرسکتا ہے اور تمام ڈیٹا کو مٹایا بھی جاسکتا ہے۔ یہ فیچر فائنڈ مائی ڈیوائس کا ہے۔

فائنڈ مائی ڈیوائس

اس آپشن کے استعمال کے لئے کچھ چیزوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ اس کے لئے آپ کا فون آن ہونا اور گوگل اکاؤنٹ میں سائن ان ہونا ضروری ہے۔ فون کو موبائل ڈیٹا یا وائی فائی سے کنکٹ ہونا چاہئے، لوکیشن آن ہونا ضروری ہے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ فائنڈ مائی ڈیوائس آپشن بھی ٹرن آن چاہئے۔

ان اسٹیپس کو فالو کریں

سب سے پہلے "اینڈرائیڈ ڈاٹ کوم سلیش فائنڈ” پر جائیں اور اپنے گوگل اکاؤنٹ میں سائن ان کریں، اگر آپ کے پاس ایک سے زیادہ فون ہیں تو اسکرین کے اوپری حصے میں گمشدہ فون پر کلک کریں۔

اگر آپ کے فون میں ایک سے زیادہ یوزر پروفائل ہیں تو پھر گوگل اکاؤنٹ کے ساتھ سائن ان کریں جو مین پروفائل پر موجود ہوگا، بعد ازاں گمشدہ فون پر نوٹیفکیشن آئے گا۔

گوگل میپ پر آپ کو اپنے فون کے بارے میں معلومات مل جائے گی اور فون کی لوکیشن نظر آئے گی کہ وہ کس مقام پر ہے اور اگر پھر بھی آپ کا فون نہیں مل سکا تو آپ کو اس کی آخری لوکیشن نظر آئے گی۔

فون کی لوکیشن آن ہونے کے بعد آپ کو یہ تین آپشن ملیں گے۔

 پلے ساؤنڈ: آپ 5 منٹ تک اپنے فون کو فل وولیم پر رنگ کرسکتے ہیں، چاہے وہ سائلینٹ ہو یا وائبریٹ پر سیٹ ہو۔

سکیور ڈیوائس: اپنے فون کو پن، پیٹرن یا پاس ورڈ کے ساتھ لاک کریں، اگر آپ کے پاس لاک نہیں ہے تو آپ سیٹ کرسکتے ہیں، آپ کو فون واپس کرنے میں کسی کی مدد کے لئے لاک اسکرین پر پیغام یا فون نمبر بھی شامل کر سکتے ہیں۔

ایریز ڈیوائس: اس سے آپ کے فون پر موجود تمام ڈیٹا کو مستقل طور پر ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے لیکن اس میں ایس ڈی کارڈ کا ڈیٹا برقرار رہ سکتا ہے، اس کے بعد فائنڈ مائی ڈیوائس کا فیچر کام نہیں کرے گا۔