پیر, جون 30, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 16034

دن دیہاڑے شہریوں سے لوٹ مار کی وارداتیں بڑھنے لگیں

0

کراچی : شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز میں مزید اضافہ ہوگیا، لٹیرے دن دہاڑے وارداتیں کرنے لگے، شہری خوف کا شکار جبکہ پولیس لاچار ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی سڑکوں پر لٹیرے راج کرنے لگے، اسٹریٹ کرمنلز شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں، سنسان سڑک ہی نہیں مصروف شاہراہوں پر بھی لوگوں کو سر عام لوٹا جانے لگا۔

حسین آباد ابراہیم اسپورٹس کمپلیکس کے قریب تین ڈاکو شہری سے ایک لاکھ 50 ہزار لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ڈاکووٗں نے چلتی موٹر سائیکل روک کر شہری کو لوٹا، واردات کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

فوٹیج میں بیک اپ پر موجود تیسرے ملزم کو بھی دیکھا جاسکتا ہے، لٹنے والا شہری مسلسل مزاحمت کرتا نظر آرہا ہے اور سڑک پر آنے جانے والے شہری تماشہ دیکھ کر گزرتے رہے۔

امریکا کا جموں‌ و کشمیر میں معاشی اور سیاسی سرگرمیاں بحال کرنے کا مطالبہ

0

واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ نے مقبوضہ کشمیر پر واضح موٗقف دیتے ہوئے جموں و کشمیر میں معاشی اور سیاسی سرگرمیاں بحال ہونے کا مطالبہ کردیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نڈپرائس نے کہا ہے کہ کشمیر سے متعلق امریکی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جموں و کشمیر میں ہونے والی پیشرفت اور تبدیلی پر گہری نظر ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاک بھارت براہ راست مذاکرات کی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان اور بھارت سے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان نڈپرائس کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاکستان اور بھارت دونوں سے اہم تعلقات ہیں، مشترکہ مفادات کی حصول کےلیے پاکستان سے تعاون جاری ہے۔

کرونا کیسز میں پھر اضافہ، 24 گھنٹے میں 1519 نئے کیسز رپورٹ

0

اسلام آباد: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے 1 ہزار 519 نئے کیسز رپورٹ ہوگئے تاہم فعال کیسز میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے ڈیڑھ ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں، ملک میں مجموعی کرونا کیسز کی تعداد 5 لاکھ 85 ہزار 435 ہوچکی ہے۔

ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 17 ہزار 117 ہوگئی، ملک میں 24گھنٹے میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنےکی شرح 3.75 فیصد رہی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 64 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 13 ہزار 76 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 55 ہزار 242 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 40 ہزار 473 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 90 لاکھ 97 ہزار 413 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

ملک بھر کے 735 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے ایک ہزار 559 کیسز تشویشناک نوعیت کے ہیں۔

قطر میں لیبر قوانین کی آگاہی کے لیے واٹس ایپ سروس کا آغاز

0
قطر

قاہرہ: قطر کی حکومت نے مزدوروں کے لیے نئی واٹس ایپ سروس کا آغاز کردیا، جس کے ذریعے لیبر قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق قطر ی حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی واٹس ایپ سروس کے ذریعے مختلف کمپنیوں اور اداروں کے ملازمین لیبر قوانین سے متعلق آگاہی حاصل کرسکتے ہیں۔

گورنمنٹ کمیونیکیشن آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملازمین کو بالکل مفت آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے حقوق کے حوالے سے جان سکیں۔

مزید پڑھیں: قطر کی فراخ دلی، مظلوم فلسطینیوں کے لیے خزانوں کے منہ کھول دیے

جی سی او نے بتایا کہ اس سروس کے ذریعے قطر ویزا سینٹر کی معلومات اور لیبر قوانین سے متعلق مختلف سوالات بلاجھجھک کوئی بھی پوچھ سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سروس عربی، انگریزی، اردو، ہندی، نیپالی اور ملیالم زبانوں میں ہے جو چوبیس گھنٹے جارہے گی۔ ادارے کی جانب سے سروس حاصل اور اسے ایکٹیو کرنے کے لیے ایک لنک بھی جاری کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت بن گئی

0

اسلام آباد: سینیٹ انتخابات کے بعد پاکستان تحریک انصاف 102 نشستوں کے ایوان کی سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے ایوان بالا کی 18 نشستیں جیت لیں، جس کے بعد سینیٹ میں پی ٹی آئی سینیٹرز کی تعداد 25 ہوگئی، اور یوں وہ سب سے بڑی جماعت کے طور پر سر فہرست آ گئی۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے ایوان بالا کی 8 نشستیں جیتی ہیں جس کے بعد پی پی کے سینیٹرز کی تعداد 21 ہوگئی، پاکستان مسلم لیگ ن نے ایوان بالا کی5 نشستیں جیتیں، جس سے ن لیگ کے سینیٹرز کی تعداد 18 ہوگئی۔

بلوچستان عوامی پارٹی نے ایوان بالا کی 6 نشستیں جیت لی ہیں، جس سے بی اے پی کے سینیٹرز کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

وزیر اعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد بتا دیا، وزرا اجلاس کی اندرونی کہانی

پاکستان تحریک انصاف نے حالیہ سینیٹ الیکشن میں اپنے سیاسی گڑھ خیبر پختون خوا سے سینیٹ کی 10 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ کی 5 نشستیں پی ٹی آئی کے حصے میں آئیں، صوبہ سندھ میں پاکستان تحریک انصاف نے 2 سینیٹ کی نشستیں حاصل کیں، جب کہ اسلام آباد سے ایک نشست پی ٹی آئی کا مقدر بنی۔

سینیٹ میں پی ٹی آئی کے موجودہ سینیٹرز کی تعداد 7 تھی، اور نئے سینیٹرز کی تعداد 18، ج سے تحریک انصاف 25 نشستوں کے ساتھ سر فہرست آ گئی ہے۔

سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کے اتحادیوں نے 11 نشستیں حاصل کیں، جن میں بی اے پی کی 6، ایم کیو ایم کی 2 اور دیگر جماعتوں کی 3 نشستیں شامل ہیں، اس طرح سینیٹ میں پی ٹی آئی اور اتحادیوں کی نشستیں 41 ہوگئی ہیں۔

وزیر اعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد بتا دیا، وزرا اجلاس کی اندرونی کہانی

0

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد اپوزیشن کی پیسے کی سیاست کو بے نقاب کرنا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت حکومتی وزرا اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، اجلاس میں وزیر اعظم کو سینیٹ انتخابات کے نتائج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جب کہ وزیر اعظم نے اجلاس کے شروع ہی میں اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔

انھوں نے کہا اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد اپوزیشن کی پیسے کی سیاست کو بے نقاب کرنا ہے، فیصلہ کیا ہے اسی ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کروں گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا میں چوہوں کی طرح حکومت نہیں کر سکتا، جس کو مجھ پر اعتماد نہیں سامنے آ کر اظہار کرے، اقتدار عزیز ہوتا تو خاموش ہو کر بیٹھ جاتا، وزیر اعظم کا عہدہ اہم نہیں نظام کی تبدیلی میرا مشن ہے، اگر عوامی نمائندوں کو مجھ پر اعتماد نہیں تو کھل کر سامنے آئیں۔

سینیٹ‌ انتخابات میں‌ اپ سیٹ، وزیراعظم عمران خان کا ایوان سے متعلق اہم فیصلہ

انھوں نے کہا آج میرے مؤقف کو مکمل طور پر تقویت ملی ہے، ووٹ بیچنے اور خریدنے والوں کو بے نقاب کروں گا، شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، شفافیت کے لیے ہر فورم پر جائیں گے۔

واضح رہے کہ حکومت نے اعتماد کے ووٹ کے حصول کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ آج اسلام آباد میں سینیٹ کی اہم نشست ہارنے کے بعد کیا گیا ہے، اپوزیشن کی جانب سے بھی عندیہ دیا گیا تھا کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے۔

اجے دیوگن کی گاڑی روکنا شہری کو مہنگا پڑگیا

0

ممبئی: بھارتی شہری کو بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کی گاڑی روکنا مہنگا پڑ گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست ممبئی میں فلم سٹی گیٹ کے قریب 28 سالہ بھارتی شہری رجدیپ سنگھ کو اجے دیوگن کی کار روکنے پر گرفتار کرلیا گیا۔

ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص نے یہ جاننے کے لیے اجے دیوگن کی کار روکی کے انہوں نے کسانوں کی حمایت میں کیوں آواز نہیں اٹھائی۔

پولیس کے مطابق رجدیپ سنگھ شمالی مضافاتی علاقے سنتوش نگر کا رہائشی ہے اور ڈرائیور کی نوکری کرتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ واقعہ صبح ساڑھے دس بجے کے قریب پیش آیا، رجدیپ سنگھ نے اجے دیوگن سے یہ پوچھنے کے لیے ان کی گاڑی روک لی کہ انہوں نے کسانوں کے حق میں آواز کیوں نہیں اٹھائی۔

بعدازاں اجے دیوگن کے باڈی گارڈ پردیپ اندراسین گوتم نے تھانے میں رجدیپ سنگھ کے خلاف درخواست دائر کی جس کے بعد پولیس نے رجدیپ سنگھ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے رجدیپ سنگھ کو گرفتار کرکے اس کے خلاف آئی پی سی سیکشن 341 اور 504 کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

واضح رہے کہ بھارت میں متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج جاری ہے، کسانوں کا مطالبہ ہے کہ تین متنازع زرعی قوانین کو واپس لیا جائے۔

کرونا وائرس، امریکی ریاستوں میں‌ کیا ہونے جارہا ہے؟ اہم فیصلہ

0

نیویارک: امریکا کی دو ریاستوں میں عائد کرونا کی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کی حکومت نے کرونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے سے کاروبار مکمل طور پر بحال کردیا جائے گا جبکہ ریاست مسی سپی کی حکومت نے کل سے تمام کاروباری مراکز کھولنے کا اعلان کردیا۔

دوسری جانب امریکا میں وبائی امراض اور روک تھام کے مرکز سی ڈی سی کے ڈائریکٹر نے کرونا پابندیاں ختم کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے سخت اور بھرپور اقدامات کی وجہ سے کرونا کے خلاف جو کامیابی حاصل کی وہ سب ضائع ہونے کا خدشہ ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ کرونا کے انسداد اور روک تھام کے لیے ہم نے سخت محنت کی تھی، جو کامیابی ہمیں گزشتہ چند ماہ میں ملی اب ہم اُس سے محروم ہوسکتے ہیں۔

قبل ازیں امریکی صدر جوبائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ برس سے کرونا کی پابندیاں ختم ہوجائیں گی جس کے بعد زندگی معمول کے مطابق بحال ہوجائے گی۔

اندھیرے میں چمکنے والی شارک کی اقسام دریافت

0

آکلینڈ: سائنس دانوں نے نیوزی لینڈ کے قریب گہرے پانی میں اندھیرے میں چمکنے والی شارک کی تین اقسام دریافت کرلیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گہرے پانی میں چمکتی ہوئی آبی حیات کی موجودگی عام ہے لیکن کائٹ فن، لیک بیلی اور سدرن لینٹرن شارکوں میں چمکنے کا عمل پہلی بار تحریری شکل میں ریکارڈ کیا گیا۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ان میں 6 فٹ لمبی کائٹ فن شارک بھی شامل ہے جو اندھیرے میں چمکنے والی دنیا کی سب سے بڑی مہرے دار حیات ہے یعنی ریڑھ کی ہڈی رکھنے والا جانور ہے۔

 

نیوزی لینڈ اور بیلجیم کے سائنس دانوں پر مشتمل ریسرچ ٹیم نے یہ اقسام دریافت کی ہیں جس پر مزید تحقیق کی جارہی ہے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ آبی حیات کو سمجھنے میں یہ دریافت انتہائی اہم ہے کیونکہ کرہ ارض میں آبی نظام پر سب سے کم تحقیق ہوئی ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق چمکنے والی شارک کو سمجھنے میں مزید تحقیق کی جائے گی۔

دو امریکی ریاستوں میں کرونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان، سی ڈی سی کا اظہار تشویش

0

ٹیکساس: امریکا نے دو ریاستوں میں کرونا وبا کی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست ٹیکساس اور مسی سپی میں کرونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹیکساس میں کاروبار اگلے ہفتے مکمل بحال کر دیا جائے گا، جب کہ ریاست مسی سپی میں کل سے تمام کاروبار کھول دیا جائے گا۔

تاہم سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر روشیل والسنکی نے ان ریاستوں میں کرونا وبا سے متعلق اقدامات واپس لینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سخت محنت کے بعد کرونا وائرس پر قابو پانے میں جو کامیابی حاصل کی گئی ہے، اسے کھونے کا خدشہ ہے، انھوں نے ریاستوں سے کہا ہے کہ پابندیاں ہٹانے میں جلد بازی نہ کی جائے۔

انھوں نے وائٹ ہاؤس میں نیوز بریفنگ کے دوران کہا جنوری سے کو وِڈ 19 کے کیسز میں ہم جو کمی دیکھ رہے تھے، اب وہ پھر سے روزانہ 70 ہزار نئے کیسز میں تبدیل ہو چکی ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ زندگی اگلے سال سے پہلے نارمل نہیں ہو سکے گی۔

واضح رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد اب 2 کروڑ 93 لاکھ، 84 ہزار ہو چکی ہے، جب کہ اموات کی تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 29 ہزار 500 ہو گئی ہے۔

گزشتہ روز امریکا بھر میں کرونا سے ہونے والی نئی اموات کی تعداد 1,989 ہے، جب کہ 57 ہزار کے قریب کیسز سامنے آئے۔