جمعہ, جنوری 10, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 19923

تاجروں نے ملک میں صدارتی نظام رائج کرنے کا مطالبہ کردیا

0
چیمبر آف سمال ٹریڈرز

اسلام آباد : چیمبر آف سمال ٹریڈرز اسلام آباد کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ موجودہ پارلیمانی نظام حکومت ملک کی اقتصادی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کرنے میں ناکام ہو گیا ہے۔

اس لئے صدارتی نظام کی جانب پیش رفت کی جائے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں صدارتی نظام میں معیشت جبکہ پارلیمانی نظام میں کرپٹ اشرافیہ نے بے مثال ترقی کی ہے۔

شاہد رشید بٹ کا کہنا تھا کہ دنیا کے درجنوں ممالک نے ریاست کو مستحکم اور مسائل کے حل کے لئے نیا آئین بنایا یا بنیادی آئین میں تبدیلیاں کیں مگر پاکستان میں عوام کو دھوکہ دے کر ایسی ترامیم کی گئیں، جس نے لٹیروں کی ہمت بڑھا کر کرپشن کو پروان چڑھایا۔

ان ترامیم نے ریاست اور اداروں کو کمزور،پولیس کو غیر فعال و عوام دشمن اوراشرافیہ کو ٹیکس سمیت تمام ذمہ داریوں سے استثنیٰ دیا جبکہ غریبوں کمر توڑ ڈالی، ان کا موقف تھا کہ دنیا کے ایک سو چوالیس ممالک میں جمہوری نظام رائج ہے چھتیس میں پارلیمانی نظام جبکہ باقی میں صدارتی نظام ہے ۔

پی آئی اے کے85 سے زائد فضائی میزبانوں کے تبادلے

0
فضائی میزبانوں کے تبادلوں

کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کے تبادلوں کا فیصلہ کرتے ہوئے85سے زائد مرد و خواتین میزبانوں کا ٹرانسفر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے شعبہ فلائٹ سروسز میں بڑے پیمانے پر تبادلے کیے ہیں،85سے زائد فضائی میزبانوں کے اسلام آباد تبادلے کردیئے گئے، جن میں خواتین فضائی میزبان بھی شامل ہیں۔

زیادہ ترتبادلے ہونے والوں کا تعلق کراچی سے ہے۔ اے آر وائی نیوز کو فضائی میزبانوں کے تبادلوں کی فہرست موصول ہوگئی.

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ تبادلے اسلام آباد میں فضائی میزبانوں کی کمی کے باعث کیے گئے ہیں، بیرون ملک جانے والی پروازوں کا سب سے زیادہ آپریشن اسلام آباد سے ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: پیرس میں پی آئی اے کی فضائی میزبان کے غائب ہونے پر انتظامیہ کا سخت ایکشن

ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ فضائی میزبانوں کا تبادلہ ضرورت کے تحت کیا گیا ہے، اسلام آباد اور لاہور سے بین الاقومی پروازوں کی آمدورفت زیادہ ہے، زیادہ تر ایسے فضائی میزبانوں کا ٹرانسفر کیا گیا ہے جو کراچی کے ہاسٹلز میں رہائش پذیر تھے۔

گولن تنظیم سے رابطوں کا شبہ، ترکی میں حاضر سروس 115 فوجی گرفتار

0
USA

انقرہ: ترک حکام نے جلا وطن مذہبی رہنما فتح اللہ گولن کے ساتھ رابطے پر حاضر سروس 115 فوجیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترکی میں حاضرسروس ان فوجیوں کو جلا وطن مذہبی رہنما فتح اللہ گولن کے ساتھ رابطے یا وابستگی کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رسان ادارے کا کہنا ہے کہ استنبول کا دفتر استغاثہ اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ ترک فوج کے مختلف شعبوں کے 210 اہلکارخفیہ آئمین کے توسط سے فتح اللہ گولن کے ساتھ رابطے استوار کیے ہوئے ہیں۔

انقرہ حکومت کا بھی یہ دعویٰ ہے کہ گولن کے بےشمار حامی اس وقت ریاست کے مختلف اداروں میں سرایت کر چکے ہیں، جن میں خفیہ محکمے بھی شامل ہیں۔

ترک صدر رجب طیب اردوگان کی حکومت گولن کے ساتھ رابطے رکھنے کے الزام میں ہزاروں افراد کو گرفتار کر چکی ہے، جبکہ آئندہ بھی مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ سال 2016 میں ترکی میں فوجی بغاوت کے ذریعے سول حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی گئی تھی جس کے بعد پورے ملک کے مختلف شہروں میں ہنگامی پھوٹنے سے 200 سے زائد افراد ہلاک اور 2 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

ترکی: ناکام فوجی بغاوت کے بعد اہلکاروں کی گرفتاریاں بدستور جاری

یاد رہے کہ 18 جولائی 2016 کو ترکی میں فوج کے باغی گروہ نے اقتدار پر قابض ہونے کی کوشش کی تھی جسے عوام نے ناکام بنادیا تھا، اس دوران عوام سڑکوں پر نکل کر آئے اور فوجی ٹینکوں کے سامنے ڈٹ گئے تھے جس کے بعد ترک فوج کے باغی ٹولے نے ہتھیار ڈال کر اپنی شکست تسلیم کی تھی اور پھر انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

اسحاق ڈار سے شادی : بس بہت ہوگیا!! ماروی میمن نواز لیگ پر برس پڑیں

0

اسلام آباد : بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سابق چیئرمین ماروی میمن شادی کے حوالے سے ٹوئٹر پر ٹرولنگ کرنے والوں پر پھٹ پڑیں، ان کا کہنا ہے کہ بس بہت ہوگیا منہ کھولنے پر مجبور نہ کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق نون لیگی دور کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مبینہ شادی کے حوالے سے ٹوئٹر پر ہونے والی ٹرولنگ پر لیگی رہنما ماروی میمن اپنی ہی پارٹی پر برس پڑیں۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ بس بہت ہوگیا اب مجھے منہ کھولنے پر مجبور نہ کیا جائے، مزید تنگ کیا گیا تو کچھ لوگوں کیلئے بہت بڑا مسئلہ کھڑا ہوجائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ لیگی قیادت کی ساکھ اپنی حماقتوں کی وجہ سے پہلے ہی ڈوب چکی ہے، منہ کھولا تو اخلاقی ساکھ بھی مکمل ڈوب جائے گی۔ میں برے وقت میں لیگی قیادت کے زخموں پر مزید نمک پاشی نہیں کرناچاہتی۔

مجھ پر جولائی دو ہزار اٹھارہ سے کیچڑ اچھالی جارہی ہے، کیوں کہ ایک شخص کو جے آئی ٹی کے باہر اُس کے سیکرٹری نے مجبور کیا کہ عمران خان کو شادی چھپانے پر نشانہ بناؤ، ماروی میمن کہتی ہیں کہ نام نہاد رہنما کے روپ میں لیگی کارکن لیڈروں کے بارے میں لکھ رہے ہیں۔

ماروی میمن نے ٹوئٹر پر کہا کہ پی ایم ایل این کے لیڈرز اور پارٹی ورکرز جو ن لیگ کے دو لیڈرز کے بارے میں بات کر رہے ہیں انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ آپ کبھی بھی نہیں چاہیں گے کہ میں اصل کہانی کو سامنے لے کر آﺅں اس لیے مجھے مجبور نہ کرو۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سوشل میڈیا پر ماروی میمن کو کون تنگ کررہا ہے؟ ان پر کون کیچڑ اچھال رہا ہے؟ لیگی رہنما کس جانب انگلیاں اٹھارہی ہیں؟ ماروی میمن کس سچ کو چھپارہی ہیں؟ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر اسحاق ڈار سے مبینہ شادی پر ٹرولنگ کی جارہی تھی۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم کی جائیں، امریکی صدر کا اوپیک سے مطالبہ

0
Oil

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خام تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک سے مطالبہ کیا ہے وہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم کرے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے اوپیک پر زور دیا ہے کہ بغیر کسی وجہ کے تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے پر غور کرے اور قیمتوں کی کمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایرانی تیل کی خریداری کرنے والے ممالک پر امریکی پابندیوں کی دھمکی کے بعد تیل کی قیمتیں مزید بڑھی ہیں۔

مذکورہ پابندی کے بعد سعودی حکام نے امریکا کو یقین دہانی کرائی تھی کہ تیل کی عالمی منڈی میں استحکام رہے گا، پابندیوں کی صورت میں ایران کا مشرقی وسطیٰ میں اثرورسوخ کم ہوجائے گا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق امریکی اتحادی ممالک جیسے کہ سعودی عرب ہے، وہ خام تیل کی پیداوار میں اضافہ کریں گے تاکہ عالمی منڈیوں میں استحکام رہے۔

خیال رہے کہ امریکہ نے یہ الزام لگایا کہ ایران تیل کی آمدن کا بڑا حصہ مشرق وسطی اور خطے میں عدم استحکام پھیلانے کے لیے خرچ کرتا ہے، امریکہ نے گذشتہ برس نومبر میں ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے بعد ایرانی تیل خریدنے والے ممالک کو آٹھ بار استثنیٰ دیا تھا اور اب دو مئی کو یہ ختم کیا جا رہا ہے۔

ایران اپنی ضرورت کے مطابق تیل برآمد کرے گا، آیت اللہ خامنہ ای

بعد ازاں ماہرین نے یہ خیال ظاہر کیا تھا کہ ایران پر امریکی پابندیوں کے بعد عالمی مارکیٹ میں روزانہ 12 لاکھ بیرل تیل کی کمی ہوجائے گی تاہم اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ کتنے ممالک امریکی اعلان کے باوجود ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھتے ہیں۔

نیوزی لینڈ، پولیس اسٹیشن میں چوری کی واردات، چور 11 بندوقیں لے اڑا

0

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی پولیس نے بتایا ہے کہ جمعے کے روز ایک چور پولیس اسٹیشن سے 11 جدید خود کار ہتھیار چوری کر کے لے گیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کارروائی میں ایک ہی چور نے حصہ لیا اور اُس نے وہ بندوقیں چرائی جو لوگوں نے کرائسٹ چرچ حملے کے بعد پولیس کو جمع کرائی تھیں۔ پولیس حکام کے مطابق مشتبہ شخص کی تلاش جاری ہے، ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں تھانے سے فرار ہوتا بھی دیکھاگیا۔

رپورٹ کے مطابق چوری کا واقعہ نیوزی لینڈ کے شمالی آئس لینڈ میں پیش آیا، پولیس نے کارروائی کر کے وہ گاڑی برآمد کرلی جس میں مشتبہ شخص اسلحہ لے کر فرار ہوا تھا۔ ڈسٹرکٹ کمانڈر انسپیکٹر سارا سٹورٹ کا کہنا تھا کہ ’ جمعرات کے روز ہونے والے واقعے میں 1 تھانے کے اسٹور روم سے جدید ہتھیار چوری ہوئے، مذکورہ اسلحے کے حوالے سے معلومات جمع کی جارہی ہیں‘۔

مزید پڑھیں: سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں‌ جدید اسلحہ رکھنے پر پابندی کا بل منظور

یاد رہے کہ کرائسٹ چرچ میں گزشتہ ماہ دو مساجد پر مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس میں 50 سے زائد نمازی شہید ہوگئے تھے، بعد ازاں نیوزی لینڈ کی حکومت نے ہتھیار رکھنے کے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے سخت قوانین متعارف کرائے تھے جس کے تحت لوگ اپنے خودکار اور نیم خودکار ہتھیار پولیس کے پاس جمع کراہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے عوام کو ازخود ہتھیار جمع کرانے کے لیے 30 ستمبر تک کی مہلت دی گئی ہے، بعد ازاں جس شخص کے پاس سے اسلحہ برآمد ہوگا اسے سزا کے طور پر جیل بھیجا جائے گا۔

’عراق پر حملہ امریکا کی سب سے بڑی غلطی تھی‘

0

ابوظبی: سابق امریکی سفیر جان کیری نے کہا ہے کہ عراق پر حملہ امریکا کی سب سے بڑی غلطی تھی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ابوظبی میں عالمی کتب میلے سے خطاب کرتے ہوئےسابق امریکی سفیر جان کیری نے کہا کہ غیرریاستی عناصر کی جانب سے تشدد کی روک تھام دنیا کے لیے ایک چیلنج بن گیا ہے۔

[bs-quote quote=”جنگ کی منظوری میں میری رضامندی بھی شامل تھی جس پر بے حد افسوس ہے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”جان کیری”][/bs-quote]

انہوں نے کہا کہ موجودہ صدی میں ریاستی عناصر کی جانب سے تشدد میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ غیرریاستی عناصر میں تشدد کی نئی لہر دیکھی گئی جس کو کم کرنا ہوگا۔

جان کیری نے کہا کہ امریکا کا عراق کے خلاف جنگ کا آغاز کرنا بہت غلط اقدام تھا، بش کے دور حکومت میں پارلیمنٹ میں جنگ کی منظوری میں میری رضامندی بھی شامل تھی جس پر بے حد افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں جب اس کے متعلق سوچتا ہوں تو کہ کاش میں ماضی میں جاکر اپنی رائے کو تبدیل کرسکتا۔

سابق امریکی سفیر نے کہا کہ میری 28 سالہ سیاست میں سب سے بڑی غلطی عراق پر حملے کے لیے رضامندی ظاہر کرنا تھا جس پر مجھے ہمیشہ افسوس رہے گا۔

سندھ کے گوداموں میں موجود گندم کی بوریوں میں مٹی بھرے جانے کا انکشاف

0
گندم کے گوداموں

سکھر : کندھ کوٹ اور کشمور میں موجود گندم کے گوداموں سے گندم غائب کرکے بوریوں میں مٹی بھرے جانے کا انکشاف ہوا ہے، نیب کی ٹیم نے چھاپہ مار کر گودام سیل کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک سے دس دن پہلے گندم کا بحران پیدا کرنے کی سازش بےنقاب ہوگئی، چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب سکھر نے مجسٹریٹ کے ہمراہ کندھ کوٹ اور کشمور کے گندم کے گوداموں پر چھاپہ مارا۔

جس کے بعد معلوم ہوا کہ گوداموں سے ایک ارب بیس کروڑ روپے کی گندم غائب کردی گئی ہے اس کی جگہ جو گندم موجود تھی اس میں بھی مٹی ملائی گئی تھی۔

نیب ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کندھ کوٹ اور کشمور کے گندم گودام سیل کردیئے۔ اس حوالے سے نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غائب کی جانے والی گندم کو مارکیٹ میں فروخت کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کرکے سخت کارروائی کی جائے گی۔

چین کے ساتھ مل کر کام کریں گے: روسی صدر پیوٹن کا اعلان

0

بیجنگ: روسی صدر ولادی میر پوٹن نے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے.

تفصیلات کے مطابق دنیا کی دو ابھرتی ہوئی اقتصادی قوتوں نے ہاتھ ملا لیا، بیلٹ اینڈ روڈ فورم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر نے اجتماعی کوششوں کا عندیہ دے دیا۔

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ دوسرے ممالک کی آزادی اور خود مختاری کا احترام کرنا چاہیے، مالیاتی کرنسی اور پالیسی کے استحکام کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاندار مشترکہ مستقبل کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، چین کے ساتھ روس کی ذہنی ہم آہنگی ہے، چینی صدر کے اس اقدام کو سراہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: بیجنگ : وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر کی غیر رسمی ملاقات

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم 2019 کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اقدامات ضروری ہیں، بیلٹ اینڈ روڈ فورم علاقائی ترقی کے لیے اہم ثابت ہوگا، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔

روسی صدر پیوٹن نے یہ بھی کہا کہ شاندار مشترکہ مستقبل کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، چین کے ساتھ روس کی ذہنی ہم آہنگی ہے، چینی صدر کے اس اقدام کو سراہتے ہیں۔

لیگی ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کرکے حق بات کہنے سے روکا نہیں جاسکتا، حمزہ شہباز

0
hamza

لاہور : اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ن لیگی ارکان  پنجاب اسمبلی کی رکنیت معطل کرکے ان کو حق بات کہنے سے نہیں روکا جاسکتا، حکومت جمہوری نہیں آمرانہ رویے پر کاربند ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے ن لیگی ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل ہونے پر سخت مذمت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومتی اقدام سے یہ ثابت ہوگیا کہ وہ جمہوری نہیں بلکہ آمرانہ رویے پر کاربند ہے، حکومت چاہتی ہے کہ کوئی اس کو آئینہ نہ دکھائے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ارکان کی زبان بندی سے ان کو حق بات کہنے سےنہیں روکا جاسکتا۔

مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں شور شرابہ، تین مسلم لیگی ارکان کی رکنیت معطل

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی نظام کے بل پر ہنگامہ آرائی اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سے الجھنے پر مسلم لیگ ن کے تین ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کردی گئی۔ رکنیت معطل ہونے والوں میں پیراشرف رسول، عبدالرﺅف اور عظمیٰ بخاری شامل ہیں۔

اس حوالے سے معطل ہونے والے مسلم لیگی رکنرکن پنجاب اسمبلی عبدالرؤف کا میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسپیکرکسٹوڈین آف دی ہاؤس ہوتاہےآج اسپیکرنےہمیں بات ہی نہیں کرنےدی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عظمیٰ بخاری سےمتعلق غلط الفاظ استعمال کیےگئے۔