اتوار, اپریل 20, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 19934

پی آئی اے کا سعودی عرب کے لیے پروازوں میں اضافہ

0
پاکستان ایئر لائن

کراچی: پاکستان ایئر لائن نے اصلاحاتی پروگرام پر عمل در آمد کرتے ہوئے سعودی عرب کے لیے پروازوں میں مزید اضافےکااعلان کردیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اےپشاورسےدمام کیلئےپروازوں کاآغازکررہی ہے جبکہ جدہ اور مدینے کے لیے بھی قومی ایئر لائن پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی جس سے ایئر لائن کے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی پرواز19ستمبر کو پشاور سےدمام کے لیے روانہ ہوگی جس کے بعد پی آئی اےکی دمام کے لیے پروازوں کی مجموعی تعداد9ہوجائےگی۔

بتایا جارہا ہے کہ قومی ایئر لائن آئندہ ماہ پشاورسےمدینہ کے لیے بھی پرواز کا آغاز کررہی ہے اور پشاور سمیت مزید 3پروازوں کا آغاز کیا جائے گا جس کے بعد پاکستان سے مدینہ جانے والی پروازوں کی مجموعی طور پر تعداد 12ہوجائے گی۔

اسی طرح پی آئی اے مدینہ اور دمام کے ساتھ ساتھ جدہ کے لیے بھی اپنی پروازوں میں اضافہ کررہی ہے، پی آئی اے اس وقت جدہ کے لیے 35پروازیں آپریٹ کر رہی ہے جن میں اضافہ کرکے ان کی تعداد کو 42 تک لے جایا جائے گا۔

ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں سے مدینہ ، جدہ اور دمام جانے والی پروازوں میں اضافے سے پی آئی اے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

ایران نے تیل بردار آئل ٹینکر سے متعلق وعدہ خلافی کی، جبرالٹر

0
Gibraltar

لندن : جبرالٹر میں بندرگاہوں اور نیویگیشن کے انچارج وزیر گلبرٹ لیتھوڈی نے کہاکہ ہم نے ٹینکر کو خیر سگالی اور ایک خود مختار ریاست کے وعدوں کی بنیاد پر چھوڑا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی جبرالٹر کے جہاز رانی کے وزیر نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے خطے کے وسیع تر مفاد میں ایرانی آئل ٹینکر ادریان داریا 1 چھوڑ دیا تھا مگر تہران نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔

ایران نے یقین دہانی کرائی تھی کہ تیل بردار جہاز پر لادا گیا خام تیل شام کو فروخت نہیں کرے گا مگراس نے اس کے برعکس دمشق کو تیل فروخت کرکے بد عہدی کی ہے۔

خیال رہے کہ 4 جولائی کو برطانوی اسپیشل فورسز نے گریس 1 نامی ٹینکر کو اس شبہ میں پکڑا کہ وہ یورپی یونین کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شام جا رہا تھا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق جبرالٹر نے ایران سے تحریری ضمانت حاصل کرنے کے بعد 15 اگست کو یہ ٹینکر چھوڑ دیا تھا۔

ایران نے جبرالٹر کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ ادریان داریا 1 پر لادا گیا قریبا 20 لاکھ بیرل تیل اپنے اتحادی شام کو فروخت نہیں کرے گا۔

جبرالٹر میں بندرگاہوں اور نیویگیشن کے انچارج وزیر گلبرٹ لیتھوڈی نے کہاکہ ہم نے ٹینکر کو خیر سگالی اور ایک خود مختار ریاست کے وعدوں کی بنیاد پر چھوڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس جو اطلاعات ہیں وہ یہ ہیں کہ ایران کی طرف سے جبرالٹر حکومت کو اس یقین دہانی کے باوجود کہ جہاز شام میں اپنا تیل نہیں اتارے گا، ایسا نہیں کیا گیا بلکہ تیل واقعتا شام میں اتارا گیا۔

جبرالٹر کے وزیر لیتھوڈی نے کہا کہ وہ یہ یقینی طور پر نہیں کہہ سکتے ہیں کہ آیا یہ جہازکو سمندر کے اندر خالی کیا گیا تھا یا نہیں۔

بے نامی لین دین کے قوانین کو بہتر کیا جا رہا ہے: فروغ نسیم

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ 50 کروڑ سے زائد خرد برد نیب کیس پر صرف سی کلاس ملے گی، بے نامی لین دین کے قوانین کو بہتر کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان اور وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قومی کاز پر ہم سب اکٹھے ہیں، عوام کل آزاد کشمیر پہنچے اور قومی کاز کو سپورٹ کیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے جلسے سے متعلق شکریہ ادا کرنے کی خصوصی ہدایت کی، عوام کو وزیر اعظم سے گلے سڑے نظام سے نجات حاصل کرنے کی امید ہے۔ تبدیلی کے لیے سب سے اہم قانون اور ثقافتی چیلنج درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قانون بدل رہی ہے، معاشرہ اپوزیشن کے کردار کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ اپوزیشن اپنا کردار بھارتی میڈیا کے آئینے میں دیکھے، اپوزیشن کو دیکھنا چاہیئے ان کا رویہ کشمیر کاز کو کہاں نقصان پہنچا رہا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہمیں کشمیر کاز پر یکجا ہونا ہے، پاکستان کو اتحاد کی ضرورت ہے۔ کشمیری کسی جماعت نہیں پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ وزیر اعظم پر عزم ہو کر دنیا میں بھارتی سوچ کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر پر سب کو یکجا ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو بھی حکومت کی کوشش میں حصے دار بننا چاہیئے۔ مسئلہ کشمیر پر مشترکہ بیانیہ لانے کے لیے کردار ادا کریں گے۔ کشمیر کاز ور پاکستانی بیانیے کو نہ ماننے والا ہمیشہ کے لیے سیاسی طور پر ہٹ جائے گا۔

وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ ہر طرح سے پاکستان اور اتحادیوں کی خدمت کریں گے، وزیر اعظم عمران خان نے سستا انصاف فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اوور سیز پاکستانیوں کے لیے نیا قانون لایا جا رہا ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ 50 کروڑ سے زائد خرد برد نیب کیس پر صرف سی کلاس ملے گی، کہا جا رہا ہے کہ کرپشن کے ملزمان کو سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ وسل بلور قانون کو بے نامی جائیدادوں کے قانون سے منسلک کر رہے ہیں، قوانین کی تشکیل میں وزیر اعظم کی ہدایات ملتی رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کو بھی قوانین میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے، دیوانی مقدمات کی طوالت کم کر کے سال ڈیڑھ سال تک لا رہے ہیں۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، قوانین کے نفاذ میں اس کا اہم کردار ہے۔ بے نامی لین دین کے قوانین کو بھی بہتر کیا جا رہا ہے۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ڈریس کوڈ کے قانون ختم کر کے اختیارات عدالتوں کو دے رہے ہیں، چیف جسٹس کا ویڈیو لنک کے ذریعے سماعتوں کا اقدام سراہتا ہوں۔ عدالتوں میں ہزاروں کی تعداد میں مقدمات زیر سماعت ہیں۔ لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کا قانون لایا جا رہا ہے۔ عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم کرنے کے لیے متبادل نظام لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو دیگر شہروں کی رجسٹریوں سے منسلک کر دیا گیا ہے، جو وکیل نہیں کر سکتے، جرمانے نہیں دے سکتے ان کے لیے قوانین بنا رہے ہیں۔ ججز کی تعیناتی کا معاملہ گھمبیر ہے، معاملہ آئین کے مطابق ہے جسے تبدیل نہیں کر سکتے۔ شہادت ریکارڈ کرنے کا کام عدالت کے بجائے کمیشن کو دیا جائے گا۔

کرپٹ سرکاری افسر کو گولی ماردو لیکن قتل نہ کرنا

0

منیلا : فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے عوام کو اجازت دی ہے کہ وہ ایسے سرکاری ملازمین کو جو رشوت لیتے ہوں اور کرپشن میں ملوث ہوں انہیں گولی مار دیں لیکن قتل نہ کریں وہ صرف زخمی ہوں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے ملک سے کرپشن و رشوت کے خاتمے کےلیے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ احتیاط سے کام لیتے ہوئے راشی اور بدعنوان افسر کو گولی مار کر زخمی کردیں۔

ان کا کہنا تھاکہ اگر آپ کی گولی سے مذکورہ افسر ہلاک ہوگیا تو ملک کے قوانین مجھے اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ میں قتل کرنے والے کو معاف کر دوں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس، فیس کی ادائیگی کے معاملے میں یا کوئی سرٹیفکیٹ یا دستاویز بنوانے کے لیے اگر کوئی سرکاری ملازم آپ سے رشوت طلب کرے تو ہتھیار ہونے کی صورت میں آپ اسے گولی مار سکتے ہیں۔

سخت گیر فلپائنی صدر نے عوام سے وعدہ کیا کہ اس اقدام پر عوام کو جیل نہیں جانے دیں گے لیکن گولی مارنے کے جرم میں آپ کو جسمانی سزا ضرور دی جائے گی۔

لاہورکا حال بھی کراچی جیسا ہو جائے گا ‘ وصی شاہ

0
لاہور

لاہور:شاعر و مصنف اور اداکار وصی شاہ کہنا ہے کہ حکومت دیہاتوں سے نقل مکانی روکنے کےلئے عملی اقدامات کرے ،اگر توجہ نہ دی گئی لاہور کا حال بھی کراچی جیسا ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے معروف شاعر وصی شاہ نے کہا کہ حکومت دیہاتوں میں روزگاری کے فراہمی کےلئے نجی شعبوں کے ساتھ مل کر منصوبے لگائے۔

انہوں نے کہا کہ دیہات سے شہروں کی جانب نقل مکانی کو روکنے کے لیے لائیو سٹاک کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور اس کی مصنوعات کی برآمدات کےلئے اقدامات کئے جائیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ روزگار کے حصول میں مشکلات اور مناسب تعلیمی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے دیہاتوں کے رہائشی لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں کا رخ کر رہے ہیں، جس سے ان شہروں پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور پہلے سے موجود مسائل گھمبیر صورتحال اختیار کر رہے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے ۔

وصی شاہ نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت نے فوری اور پائیدار اقدامات نہیں کیے تو لاہور کا حشر بھی کراچی جیسا ہوگا اور یہ شہر بھی آبادی کے بوجھ تلے دب کررہ جائے گا۔

سید وصی شاہ کا تعلق سرگودھا سے ہے اور وہ لاہور میں مقیم ہیں، شاعر ی کے علاوہ صحافی بھی ہیں اور مستقل کالم نگاری بھی کرتے ہیں، وصی شاہ کئی مقبول ڈراموں‌کے لکھاری بھی ہیں۔

یاد رہے کہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈویژن لاہور آبادی کے لحاظ سے سرفہرست ہے، جس کی آبادی ایک کروڑ 11 لاکھ ہے۔لاہور آبادی کے لحاظ سے ملک کا دوسرا بڑا شہر ہے، لاہور کی آبادی ایک کروڑ 11 لاکھ افراد پر مشتمل ہے، گزشتہ مردم شماری میں لاہور کی آبادی 51 لاکھ 43 ہزار افراد پر مشتمل تھی جس میں 116 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔

چیف جسٹس نے پولیس ریفارمز کمیٹی کا اجلاس 26 ستمبر کو طلب کرلیا

0
پولیس ریفارمز
پولیس ریفارمز

اسلا م آباد: چیف جسٹس آف پاکستان نےپولیس ریفارمزکمیٹی کااجلاس26ستمبرکوطلب کرلیا، تمام صوبوں کے آئی جیز سے کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کے نظام میں اصلاحات کے لیے خصوصی اجلاس چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی صدارت میں ہوگا،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ بھی کمیٹی کےاجلاس میں شرکت کریں گے۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر عدالتِ عظمیٰ نے ملک کے تمام صوبوں کےآئی جیزسےپولیس کی کارکردگی رپورٹ طلب کرلی ہے اور ساتھ ہی ساتھ یکم جنوری سےستمبرتک پولیس کےخلاف درج شکایات کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔

پولیس ریفارم کمیٹی کااجلاس لااینڈجسٹس کمیشن کےزیراہتمام ہوگا اور سابق سیکریٹری ناصر محمودکھوسہ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں پنجاب پولیس کی تحویل میں ایک ملزم تشدد سے جاں بحق ہوگیا تھا ، اس سے قبل سانحہ ساہیوال میں بھی سی ٹی ڈی کی جانب سے غفلت سامنے آئی تھی اور اس نوعیت کے بے شمار واقعات ریکارڈ پر موجود ہیں۔

اس نوعیت کے واقعات کے سبب ایک عرصے سے ملک میں پولیس ریفارمز کا مطالبہ کیا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ پولیس کی جدید اور بین الاقوامی معیار کے خطوط پر تشکیلِ نو کی جائے۔

ایران اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کے ساتھ تعاون کرے، یورپی ممالک

0
ایران امریکا کشیدگی

برسلز : یورپی طاقتوں نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے جوہری معائنہ کاروں کے ساتھ تعاون کرے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی ممالک کی جانب سے مذکورہ بیان اس وقت سامنے آیا جب تہران نے دھمکی دی تھی کہ امریکا اور اسرائیل کے غیرضروری دباؤ کے نتیجے میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی ایران میں سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوسکتی ہیں۔

برطانیہ، فرانس، جرمنی اور یورپی یونین کے خارجہ پالیسی چیف نے مشترکہ اعلامیے میں کہا کہ تہران آئی اے ای اے کے ساتھ مسائل کے تحفظ سمیت تمام امور پر تعاون کرے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ انہیں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تشویش لاحق ہے کہ تہران 2015 کے جوہری معاہدے میں طے شدہ مقدار سے زیادہ جدید سینٹری فیوجز لگا رہا ہے۔

یورپی ممالک نے خدشہ ظاہر کیا کہ تہران کے مذکورہ اقدام سے جوہری معاہدے کومزید نقصان پہنچ سکتا ہے،انہوں نے ایران پر زور دیا کہ وہ جوہری معاہدے سے بڑھ کر تمام اقدامات واپس لے۔

خیال رہے کہ امریکا اور ایران کے مابین جوہری معاہدے کا تنازع کئی عرصے سے جاری ہے۔

واشنگٹن کی جانب سے جوہری معاہدہ منسوخ کیے جانے کے بعد تہران پر متعدد اقتصادی پابندیاں عائد کردی گئی تھیں تاہم ایران کو معاہدے کے دو نکات پر تجارتی استثنیٰ حاصل تھا۔

امریکا کے اس فیصلے کے بعد بھی چین، فرانس، روس، برطانیہ اور جرمنی کے ایران کے ساتھ معاہدے متاثر نہیں ہوئے تھے،اسی دوران امریکا نے ایران کی پاسداران انقلاب کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیابعد ازاں امریکا نے تجارتی استثنیٰ میں توسیع سے بھی انکار کردیا۔

ادھر ایران نے تجارتی استثنیٰ نہ ملنے پر معاہدے کے فریقین ممالک کو 2 ماہ کی مہلت دی تھی کہ اگر وہ جوہری معاہدے سے متعلق تنازع حل کرنے میں ناکام ہوئے تو یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کردے گا۔

خیال رہے کہ ایران، امریکی صدر کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی تجویز کو مسترد کرچکا ہے اور اس سلسلے میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکی جارحیت ناقابلِ قبول ہے۔

بھارتی حکومت کااقدام غیرآئینی اور غیرقانونی ہے، راج موہن گاندھی

0
Rajmohan Gandhi

نئی دہلی : مہاتما گاندھی کے پوتے نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کی کسی کشمیری نے حمایت نہیں کی۔

تفصیلات کے مطابق مہاتما گاندھی کے پوتے راج موہن گاندھی بھی کشمیر پر جاری بھارتی مظالم کے خلاف بول پڑے، راج موہن گاندھی نےکشمیرپربھارت کے حالیہ اقدام کیخلاف امریکی شہراربانا میں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کااقدام غیرآئینی اور غیرقانونی ہے۔

راج گاندھی کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کےاچانک کشمیرکےغیرآئینی تسلط کی مخالفت کرتاہوں،پوری وادی کشمیر کا بھارتی فوج نے محاصرہ کر رکھاہے۔

پروفیسر راج موہن گاندھی نے اربانا میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات نےبھارتی جمہوریت پر سوال اٹھادیے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کے وزیر داخلہ اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے بھارتی ایوان بالا میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے لیے بل پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر  رام ناتھ کووند پہلے ہی اس بل پر  دستخط کرچکے ہیں۔

ایٹمی جنگ کے نتائج بھیانک ہوں گے، عالمی برادری کردار ادا کرے: وزیر اعظم

0

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں روایتی جنگ ہوئی تو اختتام ایٹمی جنگ ہوگا، ایٹمی جنگ کے نتائج بھیانک ہوں گے، عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں روایتی جنگ ہوئی تو اختتام ایٹی جنگ ہوگا۔ ہتھیار ڈالنے اور آزادی میں انتخاب کرنا ہوا تو پاکستانی آخری دم تک لڑیں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایٹمی جنگ کے نتائج بھیانک ہوں گے۔ ایٹمی جنگ سے بچنے کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہم نے اقوام متحدہ میں معاملہ اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ جب 2 ایٹمی طاقتیں لڑیں گی تو اختتام بھیانک ہوگا۔ ایٹمی جنگ کے نتائج پوری دنیا میں پھیلیں گے۔ عالمی سطح پر مسئلے کو اسی لیے اٹھایا کہ جنگ سے بچا جائے۔

اس سے قبل روسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ کوئی بھی سمجھدارشخص جوہری جنگ کی بات نہیں کرسکتا، دنیا کو پاک بھارت جنگ کا نقصان ان کی سوچ سے بھی بڑھ کر ہوگا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 1962 کے بعد 2 جوہری طاقتیں آمنے سامنے ہیں، تنازعہ جوہری جنگ میں تبدیل نہ ہو، عالمی برادری مداخلت کرے، تقسیم کے وقت ہی کشمیر کا مسئلہ حل ہو جانا چاہیئے تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، مکمل بلیک آؤٹ ہے، بھارت کشمیریوں سے فیصلہ منوانے کے لیے غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے، اقوام متحدہ نے بھی کشمیر میں مظالم کی رپورٹ جاری کی۔

زمین کے تنازع پر دیور نے بھابھی پر کلہاڑی سے حملہ کردیا

0
احمدپورشرقیہ

احمدپورشرقیہ:نواحی علاقےمیں زمین کےتنازعہ پردیور کے بھابی پرمبینہ تشدد کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے میں دیورنے جائیدا د کے جھگڑے پر تشددکےبعدکلہاڑی کےوارسےبھابی کی انگلی کاٹ کی۔

پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کوٹی ایچ کیواسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔میڈیکل رپورٹ کےبعد دیور کے خلاف مقدمہ درج کیاجائےگا۔

پولیس نے واقع کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں ، یہ بھی نہیں بتایا ہے کہ آیا خاتون پر تشدد کرنے میں ملوث شخص کو حراست میں لیا گیا ہے یا وہ تاحال آزاد گھوم رہا ہے۔

گزشتہ روز سندھ کے علاقے بدین میں بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جہاں نشے کی لت کا شکار شوہر نے بیوی پر بدترین تشدد کرکے اسے جان سے مارنے کی کوشش کی تاہم محلہ داروں نے عین وقت پر مداخلت کرکے لڑکی کی زندگی بچالی تھی۔

بدین شہر کے وسط سے گزرنے والی نہر کے کنارے پر واقع کچی آبادی مسان محلہ کے رہائشی اشوک عرف اشو میگواڑ نے نشہ کی حالت میں اپنی بیوی گوڈی پر لاتوں مکوں سے تشدد کرتے ہوئے گلے میں ڈپٹہ ڈال کر مارنے کی کوشش کررہا تھا کہ اہل محلہ گھر میں داخل ہوگئے اور پولیس کو واقعے کی اطلاع دی ۔

اطلاع ملنے پر بدین سٹی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئےے موقع پر پہنچ کر تشدد میں ملوث اشوک میگواڑ کو نشہ کی حالت میں گرفتار کر کے تھانے میں لاک اپ کر دیا تھا ۔