جمعرات, مئی 29, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 26177

گورنر شپ کے 14 برس، عشرت العباد کا کتاب لکھنے کا اعلان

0

کراچی: ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ 14 سالہ گورنر کے دوران سخت تجربات کا سامنا کرنا پڑا اور اس حالات میں بہت اتار چڑھاؤ آئے، انہوں نے ان پر کتاب لکھنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں صحافیوں سے الوداعی ملاقات کے بعد نمائندہ اے آر وائی ارباب چانڈیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد نے اپنے 14 سالہ تجربات پر کتاب لکھنے کا عندیہ دیا۔

عشرت العباد نے کہا کہ گورنر شپ کے دوران بہت سارے نشیب وفراز آئے، ان تمام حالات پر ایک کتاب ’’وہ جو کچھ میں کہہ نہ سکا‘‘ کے نام سے لکھنے کا اعلان کیا۔ عشرت العباد نے نئے آنے والے گورنر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔


’’پڑھیں:  جسٹس(ر) سعید الزماں‌ صدیقی گورنر سندھ تعینات‘‘


انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے اپنے اہل خانہ کو وقت نہیں دے سکا تھا تاہم اب زیادہ وقت بچوں کے ساتھ گزاروں گا, سیاسی زندگی کے دوبارہ آغاز کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ فی الحال ارادہ نہیں ہے مگر وقت کے ساتھ ساتھ سب کچھ سامنے آجائے گا۔


’’مزید پڑھیں:  طویل ترین گورنر شپ کا خاتمہ‘‘


مراد علی شاہ کی گورنر سے الوداعی ملاقات

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ سے الوداعی ملاقات کی اور اُن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پیپلز پارٹی کے کردار کو سراہا اور خواہش ظاہر کی کہ سندھ مزید ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرنے کا سفر اسی طرح تیزی سے جاری رکھے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کم وقت میں بھی عشرت العباد کے تجربات سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، مختصر وقت میں بھی گورنر نے ہم سب کی بھرپور رہنمائی کی اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔

کراچی: کالعدم تنظیم کے 3 ارکان گرفتار

0

کراچی: سی ٹی ڈی نے منگھوپیر میں مقابلے کے بعد تین خطرناک ملزمان کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جہاں ملزمان سے مختلف مقدمات میں تفتیش کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کی جانب سے گرفتار کیے گئے خطرناک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ہے اور دہشت گردی کے سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے جنہیں منگھو پیر کے علاقے میں جاوداں سیمنٹ فیکٹری کے نزدیک پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔

ctd-post

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق کالعدم تنظیموں کے گرفتار ملزمان سے 10 کلو باردو، ایک کلو بال بیرنگ ، ڈیٹونیٹرز اور اسلحہ برآمد ہوا ہے،ملزمان خود کش بمباروں کے ذریعے ملک میں تخریب کاری پھیلانا چاہتے تھے۔

اسی سے متعلق : کراچی، منگھو پیرمیں رینجرز کی کارروائی،3دہشت گرد ہلاک

گرفتار ملزمان لوگوں کو تربیت کے لیے جنوبی وزیرستان بھیجا کرتے تھے اور نوجوانوں کی ذہن سازی کرکے خودکش دھماکوں کے لیے تیار کیا کرتے تھے تا ہم سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی کے ذرائع کے مطابق چھاپہ مار کارروائی میں گرفتار کیے گئے ملزمان کے نام آصف، تاج الدین اور اکبر ہیں جو کراچی میں ہونے والی دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے ملزمان کی تلاش کے لیے کئی عرصے سے چھاپے مارے جارہے تھے۔

متنازع خبر پر قائم کمیٹی جانب دارہے، شیخ رشید کا نثار کو خط

0

لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے متنازع خبر کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خط لکھ دیا اور کہا کہ کمیٹی میں شامل جسٹس(ر) عامر رضا خان کے حکومت سے قریبی مراسم ہیں انہیں کمیٹی پر اعتماد نہیں۔

یہ پڑھیں: قومی سلامتی کی خبر: جسٹس عامر رضا تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ مقرر

اے آر وائی نیوز کے نمائندہ اسلام آباد عبدالقادر کے مطابق شیخ رشید نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ متنازع خبر کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے سربراہ جسٹس (ر)عامر رضا خان کے شریف خاندان کے قریبی مراسم ہیں،ان کا نام وزرائے اعلیٰ کی فہرست میں بھی تھا۔

شیخ رشید نے لکھا کہ عامر رضا خان کی بیٹی شریف میڈیکل کمپلیکس کے ذریعے حکومت سے مراعات وصول کررہی ہے، ایسی صورتحال میں تحقیقات کرنے والے کمیٹی کا یہ سربراہ قوم کو قبول نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کے نام پر صرف وقت ضائع کیا جارہا ہے، جسٹس عامر کو کمیٹی کا سربراہ بنایا جانا درست عمل نہیں، ہمیں اس معاملے میں شفاف تحقیقات کی امید نہیں ہم نتائج قبول نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خبرلیکس تحقیقاتی کمیٹی: تحریک انصاف،عوامی تحریک اور ق لیگ نے مسترد کردی

قبل ازیں تحریک انصاف، عوامی تحریک اور ق لیگ نے بھی کمیٹی کو مسترد کردیا تھا۔

واضح رہے کہ انگریزی اخبار ڈان اخبار میں شائع متنازع خبرکی اشاعت سے متعلق تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، جسٹس (ر) عامررضا اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اسی سے متعلق: متنازع خبر کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کا پہلااجلاس آج ہوگا

کمیٹی میں آئی ایس آئی، ایم آئی اورآئی بی کے ارکان بھی شریک ہوں گے، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ طاہر شہباز، محتسب اعلیٰ پنجاب نجم سعیدبھی کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور بھی کمیٹی کے رکن ہیں۔

آرمی چیف سے جاپان کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان کی ملاقات

0

راولپنڈی: افغانستان کے لیے جاپان کے خصوصی ایلچی نے آرمی چیف سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی سے متعلق امور پر گفت و شنید کی۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان مطابق جاپان سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل باکی مون کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان نے آج جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے نامزد کیے گئے جاپان کے افغانستان کے لیے خصوصی ایلچی نے آرمی چیف سے ملاقات میں افغانستان میں امن اور استحکام اور علاقائی سیکیورٹی پر بات چیت کی جب کہ باہمی دلچسپی کے امور بھی زیر غور آئے۔

خصوصی ایلچی برائے افغانستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات و بہادری کی تعریف کی۔

ملاقات میں چار ممالک کے رابطہ گروپ برائے امن کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور امن و امان کے قیام اور استحکام کے لیے باہمہ رابطے اور تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔

انہوں خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے متحرک کردارکو سراہا اورپڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی پاکستانی خواہش کو احسن اقدام قراردیا۔

میلانیا ٹرمپ کو 2 صدیوں بعد امریکہ کی پہلی غیر ملکی خاتونِ اول ہونے کا اعزاز حاصل

0

واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ کے نئے امریکی صدر منتخب ہوتے ہی میلانیا خاتون اول تو بن گئی لیکن انھیں دو صدیوں بعد پہلی غیر ملکی خاتون اول کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے۔

امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا پیشے کے لحاظ سے سپر ماڈل رہ چکی ہیں، یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ میلانیا ٹرمپ کو دو صدیوں بعد پہلی غیر امریکی خاتون اول کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔

یہی نہیں انھیں پہلی مرتبہ کسی امریکی صدر کی تیسری بیوی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

melina-trump-post-4

اس سے قبل یہ اعزاز لوئسا ایڈمز کے پاس تھا، وہ امریکہ کے چھٹے صدر جان کوئنسی ایڈمز کی اہلیہ تھیں، جان کوئنسی ایڈمز منصب صدارت پر 04 مارچ1825ء تا 04مارچ1829ء تک فائز رہے ، وہ ڈیموکریٹک پارٹی کے پہلے صدر تھے۔

loiusa

میلانیا ٹرمپ نے اپنے شوہر کی انتخابی مہم میں کچھ خاص دلچسپی نہیں لی لیکن ٹرمپ کی 2005 کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد پہلی مرتبہ میلانیا ٹرمپ کا امریکی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ انہیں ٹرمپ کے الفاظ سے شدید دھچکا پہنچا تاہم ٹرمپ کے معافی مانگنے پر انہوں نے ٹرپ کو معاف کردیا ہے۔

malina-trump-post-7

میلانیا ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خاوند نرم دل اور جنٹل مین انسان ہیں۔

melina-trump-post-1

میلانیا نے انٹرویو کے دوران کہا کہ میں جانتی ہوں کہ وہ خواتین کی عزت کرتے ہیں،لیکن وہ اپنا دفاع کر رہے ہیں کیوں کہ یہ سب جھوٹ ہے۔یہ اسکینڈل ہلیری کلنٹن کی ٹیم اور میڈیا نے ٹرمپ کی امیدواری کو نقصان پہنچانے کی خاطر کھڑا کیا ہے۔

ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ پر الزام لگایا کہ انھوں نے اپنی پہلی تقریر میں خاتون اول مشیل اوباما کی تقریر کے الفاظ استعمال کی۔

melina-trump-post-3

میلانیا ٹرمپ 26اپریل 1970ءکو”سوشلسٹ فیڈرل ریپبلک یوگوسلاویہ، سلوانیہ میں پیدا ہوئیں، انھوں نے ابتدائی تعلیم آبائی علاقے سے ہی حاصل کی، پیشے کے لحاظ سے میلانیا جیولری اور گھڑیوں کی ڈیزائنر ہونے کے ساتھ ساتھ ماضی میں سپر ماڈل رہ چکی ہیں ۔

 

میلانیا 2005ءمیں ارب پتی امریکی تاجر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں ،جس سے ان کا ایک بیٹا بیرون ولیم ٹرمپ ہے۔

melina-trump-post-5

ملانیا ٹرمپ نے مارچ 2001 میں "گرین کارڈ” حاصل کیا اور 2006 میں وہ امریکی شہری بن گئیں۔

ٹرمپ ماحول کے لیے دشمن صدر؟

0

واشنگٹن: امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلد ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے دوران بارہا کہہ چکے ہیں کہ وہ صدر اوباما کے دور میں کیے گئے بیشتر معاہدوں کو منسوخ اور پالیسیوں کو تبدیل کردیں گے جس سے دنیا بھر میں تشویش کی شدید لہر دوڑ گئی ہے۔

اگر وہ حقیقتاً اپنی اس بات پر عمل کر بیٹھے تو دنیا بھر میں موسمیاتی تغیرات اور ماحولیاتی نقصانات کے سدباب کے لیے کی جانے والی پیرس کلائمٹ ڈیل کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

یہ معاہدہ گزشتہ برس پیرس میں ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں کی عالمی کانفرنس میں طے پایا تھا۔ اس تاریخی معاہدے پر 195 ممالک نے دستخط کیے تھے کہ وہ اپنی صنعتی ترقی کو محدود کریں گے۔ دنیا بھر میں ہونے والی صنعتی ترقی مضر (گرین ہاؤس) گیسوں کے اخراج کا باعث بن رہی ہے جو ایک طرف تو دنیا کی فضا کو آلودہ کر رہی ہیں، دوسری جانب یہ دنیا بھر کے موسم کو بھی گرم (گلوبل وارمنگ) کر رہی ہیں۔

اس معاہدے کی توثیق کرنے والے ممالک اس بات کے پابند ہیں کہ وہ ماحول دوست پالیسیوں کو فروغ دیں گے، قدرتی ذرائع جیسے سورج اور ہوا سے توانائی پیدا کریں گے اور ماحول اور جنگلی حیات کو بچانے کے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

مزید پڑھیں: دنیا کو بچانے کے لیے کتنے ممالک سنجیدہ؟

یہی نہیں وہ ان ممالک کی مالی امداد بھی کریں گے جو کلائمٹ چینج یا ماحولیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے متاثر ہو رہے ہیں۔ یہ ممالک عموماً ترقی پذیر ممالک ہیں اور کاربن گیسوں کے اخراج میں تو ان کا حصہ نہیں، لیکن یہ اس کے مضر اثرات (سیلاب، شدید گرمی، قحط) کا بری طرح شکار ہو رہے ہیں۔

امریکا بھی اس معاہدے کی توثیق کرنے والے ممالک میں شامل ہے تاہم ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد اب اس معاہدے پر تشویش کے سائے منڈلانے لگے ہیں۔

ماہرین کے مطابق کوئی بھی ایک ملک یہ معاہدہ ختم تو نہیں کر سکتا لیکن اگر امریکا اس معاہدے سے دستبردار ہوجاتا ہے اور صدر اوباما کے داخلی سطح پر کیے گئے اقدامات کو روک دیا جاتا ہے تو دنیا بھر میں کلائمٹ چینج کے سدباب کے لیے کی جانے والی کوششوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔

خیال رہے کہ امریکا اس وقت کاربن سمیت دیگر نقصان دہ (گرین ہاؤس) گیسوں کا سب سے زیادہ اخراج کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔

مزید پڑھیں: کاربن گیس پہلے سے زیادہ خطرناک

فرانس کی وزیر ماحولیات اور گزشتہ ماحولیاتی کانفرنس کی سربراہ سیگولین رائل کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ اچانک اس معاہدے سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔ معاہدے کی شق کے مطابق 3 سال سے قبل کوئی ملک معاہدے سے دستبردار نہیں ہوسکتا۔ علاوہ ازیں اگر کوئی ملک پیچھے ہٹنا بھی چاہے تو اسے کم از کم ایک سال قبل باقاعدہ طور پر اس سے آگاہ کرنا ہوگا۔ ’گویا ہمارے پاس ابھی 4 سال کا وقت ہے‘۔

لیکن انہوں نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’جس معاہدے کو تیار کرنے اور پوری دنیا کو ایک صفحہ پر لانے میں 20 سال سے زائد کا عرصہ لگا، امریکا اس معاہدے سے بآسانی دستبردار ہوجائے گا‘۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم میں کئی بار کلائمٹ چینج کو ایک وہم اور مضحکہ خیز چیز قرار دے چکے ہیں۔ اس کے برعکس شکست خوردہ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کلائمٹ چینج اور دیگر ماحولیاتی نقصانات سے بچاؤ کے لیے اقدامات اٹھانے میں سنجیدہ تھیں۔

ٹرمپ ۔ ماحول دشمن صدر؟

لیکن بات صرف یہیں پر ختم نہیں ہوتی۔ ٹرمپ کا انتخابی منشور ماحول دشمن اقدامات سے بھرا پڑا ہے۔ انہوں نے امریکا کی دم توڑتی کوئلے کی صنعت کو دوبارہ بحال کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے یعنی اب امریکا میں بیشتر توانائی منصوبے کوئلے سے چلائے جائیں گے۔

trump-2

یہی نہیں وہ گیس اور تیل کے نئے ذخائر کی تلاش کا ارادہ بھی رکھتے ہیں جن کے لیے کی جانے والی ڈرلنگ اس علاقے کے ماحول پر بدترین اثرات مرتب کرتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہہ رکھا ہے کہ کلائمٹ چینج کے سدباب کے سلسلے میں تمام پروگراموں کے لیے اقوام متحدہ کی تمام امداد بند کر دی جائے گی۔

:صدر اوباما ۔ ماحول دوست صدر

اس سے قبل صدر اوباما نے داخلی سطح پر کئی ماحول دوست منصوبے شروع کر رکھے تھے جن کے لیے ٹرمپ واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ وہ انہیں ختم کردیں گے۔

مزید پڑھیں: صدر اوباما کی ماحولیاتی تحفظ کے لیے کوششیں

صدر اوباما نے کلائمٹ چینج کو قومی سلامتی کے لیے ایک اہم خطرہ قرار دیتے ہوئے اسے قومی سلامتی پالیسی کا حصہ بنانے کی منظوری دی تھی تاہم اس کے لیے انہوں نے ایوان نمائندگان میں موجود ری پبلکن اراکین سے کئی بحث و مباحثے کیے تھے۔

obama-3

ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح دیگر ری پبلکن بھی صرف دہشت گردی کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں جبکہ کلائمٹ چینج ان کے نزدیک غیر اہم مسئلہ ہے۔

صدر اوباما کی انسداد ماحولیاتی تبدیلی کی حکمت عملی میں ماہرین نے اس کی وضاحت یوں کی تھی کہ کلائمٹ چینج فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور اس کے باعث قدرتی آفات میں ہونے والا اضافہ ہمیں اس بات پر مجبور کرے گا کہ ایمرجنسی اقدامات کے شعبوں میں بجٹ کا بڑا حصہ صرف کیا جائے۔

obama-2

ماہرین کے مطابق امریکا کے علاوہ بھی دنیا بھر میں قحط اور سیلاب کے باعث امن و امان کی صورتحال پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں اور امن و امان کی خراب صورتحال لوگوں کو ان کے گھر چھوڑنے پر مجبور کردے گی جس کے بعد دنیا کو پناہ گزینوں کی ایک بڑی تعداد اور ان کے مسائل کی میزبانی کرنی ہوگی۔

مزید پڑھیں: ماحولیاتی تبدیلی جنگوں کی وجہ بن سکتی ہے

امریکا کے نئے صدر ٹرمپ ایک ماحول دشمن صدر ثابت ہوں گے یا نہیں، یہ تو وقت ہی بتائے گا، تاہم ان کی فتح نے دنیا بھر میں ماحول اور زمین کا احساس کرنے والے افراد کو سخت پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔

آرمی چیف سے ترکمانستان کے وزیر دفاع کی ملاقات

0

راولپنڈی : ترکمانستان کے ویزردفاع نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور خطے کی بدلتی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق ترکمانستان کے وزیر دفاع اور سیکرٹری قومی سلامتی نے آج جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی اور شہدائے یاد گار پر پھولوں کے گُل دستے چڑھائے جب کہ پاک فوج کے دستے نے معزز مہمانِ گرامی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آرمی چیف اور ترکمانستان کے وزیر دفاع کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی دلچسپی سے متعلق امور زیر بحث لائے گئے اور خطے کی مجوعی بدلتی صورتِ حال پر باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

آرمی چیف سے ہونے والی ملاقات میں ترکمانستان کے وزیر دفاع نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فورس ہے جو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔

ترکمانستان کے وزیرِ دفاع کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بالخصوص آپریشن ضربِ عضب میں پاک آرمی کی کامیابی دنیا پھر کے فورسز کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

سندھ کے نامزد گورنر جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی کل عہدے کا حلف اٹھائیں گے

0

کراچی : سندھ کے نامزد گورنر جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی کل عہدے کا حلف اٹھائیں گے، نامزد گورنر کے گھر پر پروٹوکول اور سیکیورٹی کا عملہ پہنچ گیا ہے۔

ترجمان گورنرہاوس کا کہنا ہے کہ سعیدالزمان صدیقی کل گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجادعلی شاہ نئے گورنر سے حلف لیں گے۔

حلف برداری کی تقریب رات دس بجے گورنرہاوس میں ہوگی، نئے گورنر کی نامزدگی کا اعلامیہ سامنے آتے ہی چیف سیکریٹری صدیق میمن نے سعیدالزمان صدیقی سے ملاقات کی اور پروٹوکول اور گاڑیاں انکے حوالے کیں۔

پولیس اہلکاروں نے نئے گورنر کی رہائشگاہ کی حفاظتی ذمہ داریاں بھی سنبھال لی ہیں جبکہ گورنرہاؤس کے عملے نے نئے مہمان کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو چودہ سال بعد عہدے سے ہٹادیا گیا اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان سعیدالزماں صدیقی کو گورنر سندھ بنا دیا گیا تھا۔


مزید پڑھیں : جسٹس(ر) سعید الزماں‌ صدیقی گورنر سندھ تعینات


صدر پاکستان کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہوا تو سعید الزمان صدیقی مسلم لیگی سینیٹر نہال ہاشمی کے ہمراہ گھر سے باہر آئے اور حامیوں کا شکریہ ادا کیا، گورنرہاؤس کے عملے نے نئے مہمان کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ اسلام آباد میں صدرِ مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات میں کیا گیا تھا، اطلاعات کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے یہ تعیناتی وزیراعظم نواز شریف کی سفارش پر کی۔

گورنر سندھ عشرت العباد کو شاید امریکی صدر ٹرمپ نے ہٹایا ہے، شاہد خاقان عباسی

0

کراچی : ڈاکٹرعشرت العباد چلے گئے مگر سب ان کی صلاحتیوں کے معترف ہیں، وفاقی وزیر پیٹرولیم بھی عشرت العباد کی کارکردگی سے خوش ہیں، انکا کہنا ہے کہ عشرت العباد کو شاید امریکی صدر ٹرمپ نے ہٹایا ہے۔

تفصیلات کے گورنر سندھ عشرت العباد چلے گئے مگر سب کے لبوں پر اب بھی عشرت العباد ہی کا نام ہے، پیپلز پارٹی چودہ برس گورنر ہاؤس کے مکین رہنےوالے سابق گورنر کی گرویدہ نکلی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان بھی عشرت العباد کی کارکردگی سے خوش ہیں، میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی کا عشرت العباد کو ہٹائےجانے کے حوالے سے کہنا تھا کہ میں تیل اور گیس کے معاملات دیکھتا ہوں ،عشرت العباد کو شاید نئی امریکی صدر ٹرمپ نے ہٹایا ہے، مجھے علم نہیں۔

انھوں نے کہا کہ ٹرمپ کرسی پر بیٹھے نہیں کہ گورنر تبدیل ہوگیا، میں ان معاملات میں پڑتا نہیں لیکن فیصلہ ہوگیا ہے ،

اسپیکرسندھ اسمبلی سراج الحق نے ڈاکٹرعشرت العباد کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد اس قابل ہے کہ انکو نیا اسائمنٹ ملنا چاہیئے، انھوں نے سیاسی سمجھ بوجھ سے کئی معاملات میں اہم کردار ادا کئے۔

اسمبلی کے نئے نویلے رکن امتیاز شیخ بھی سابق گورنر کے دلدادہ ہیں۔


مزید پڑھیں : جسٹس(ر) سعید الزماں‌ صدیقی گورنر سندھ تعینات


یاد رہے کہ گزشتہ روز گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو چودہ سال بعد عہدے سے ہٹادیا گیا اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان سعیدالزماں صدیقی کو گورنر سندھ بنا دیا گیا تھا۔