پیر, مئی 26, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 26179

کیا ایک عورت دنیا کو بچا سکتی ہے؟

0

دنیا کو بچانے کے لیے ایسے کردار کا تصور تو بہت پرانا ہے جو عموماً مرد ہوتا ہے اور سپر ہیرو کی خصوصیات رکھتا ہے، لیکن کیا کبھی کوئی عورت بھی دنیا کو بچا سکتی ہے؟

اگر آپ کا جواب نفی میں ہے تو یقیناً آپ کی غلط فہمی ’ونڈر وومن‘ کے اس نئے ٹریلر کو دیکھ کر دور ہوجائے گی جس میں ایک عورت دنیا کو بچانے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگائے ہوئے ہے۔

سپر وومن یا ونڈر وومن کا آئیڈیا سب سے پہلے سنہ 1941 میں سامنے آیا جب ایک امریکی کامک سیریز میں ایک خاتون کو جادوئی اور ماورائی قوتوں کا حامل دکھایا گیا۔

wonder-woman-1

امریکی پرچم سے مشابہہ لباس میں ملبوس اس ونڈر وومن نے نہ صرف اس وقت خواتین کے بارے میں قائم تصورات کو کسی حد تک تبدیل کیا بلکہ اس کی تخلیق خواتین کی خود مختاری کی طرف ایک اہم قدم تھی۔

اس کامک کردار کو اب بڑے پردے پر ’ونڈر وومن‘ کے نام سے پیش کیا جارہا ہے جس کا ایک اور ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔

پیٹی جینکنز کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں مرکزی کردار گیل گیڈٹ نبھا رہی ہیں جو اس سے قبل مشہور فلم فرنچائز ’فاسٹ اینڈ فیورس‘ کے کئی حصوں میں بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں۔

woman-4

ان کے مدمقابل ’اسٹار ٹریک‘ سے شہرت پانے والے کرس پائن بھی اہم کردار ادا کر ہے ہیں۔

فلم کی کہانی دور دراز جزیرے میں پرورش پانے والی عورت ڈیانا کی ہے جس کی ملاقات اتفاقاً اسٹیو (کرس پائن) سے ہوتی ہے۔ اسٹیو جہاز کریش ہونے کے باعث اس جزیرے تک پہنچتا ہے۔

chris

اس کے بعد وہ ڈیانا کو اپنے ساتھ اپنے ملک لے جاتا ہے اور یہیں سے فلم اور ڈیانا کی زندگی کا نیا رخ شروع ہوتا ہے۔

ڈیانا کو پتہ چلتا ہے کہ دنیا ایک ہولناک جنگ کا شکار ہونے والی ہے جس کے بعد وہ دنیا کو بچانے والے افراد کی پہلی صف میں جا کھڑی ہوتی ہے اور اپنی صلاحیتوں سے سب کو دنگ کردیتی ہے۔

woman-7

woman-8

ٹریلر میں وہ کئی بار اپنی حیرت انگیز صلاحیتوں کے باعث اسٹیو اور اپنے آس پاس موجود لوگوں کی جانیں بچاتی نظر آتی ہے۔

woman-6

women-5

اسی طرح اسے ایک تہذیب یافتہ معاشرے کی ایک روایتی عورت کا روپ اختیار کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

woman-3

فلم کے ٹریلر میں خواتین کی غیر معمولی صلاحیتوں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ بظاہر دھان پان نظر آنے والی عورت اپنی زمین اور اپنے پیاروں کو بچانے کے لیے جان کی بازی بھی لگا سکتی ہے اور ایسے میں وہ ایسا غیر مرئی صلاحیتوں کا حامل کردار بھی بن سکتی ہے جس تک پہنچنے کے لیے مرد کو کئی نسلوں تک محنت کرنی پڑے۔

فلم ’ونڈر وومن‘ اگلے برس جون میں سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔

امریکی صدارتی انتخابات، ٹرمپ کی حمایت میں اضافہ، ہیلری کی مقبولیت میں کمی

0

واشنگٹن : امریکا میں صدارتی انتخابات میں چار دن رہ گئے، ہیلری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کانٹے کے مقابلے کا امکان ہے، تازہ عوامی جائزوں میں ٹرمپ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا تو ہیلری کی حمایت میں کمی آئی ہے۔

امریکی صدارتی انتخابات کی مہم ووٹنگ سے چار روز قبل دلچپسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کو نئی ای میلز کی دوبارہ تحقیقات سے جھٹکا لگا جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پوزیشن بہتر کرلی ہے۔

تازہ عوامی جائزوں کے مطابق ہیلری کی مقبولیت کے گراف میں کمی آئی ہے، ہیلری آٹھ ریاستوں میں اپنے حریف ٹرمپ سے آگے تھیں لیکن اب ان کی سبقت چار ریاستوں میں برقرار ہے۔

پول سروے کی رپورٹ کے مطابق ایری زونا میں ڈونلڈ ٹرمپ کو پینتا لیس اور ہیلری کو چالیس فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل ہوئی ،ٹیکسا س اور جارجیا میں بھی ٹرمپ ہیلری سے آگے رہے ۔جارجیا میں اٹھاون اور ٹکیساس میں چوون فیصد ووٹرارلی ووٹ کے تحت حق رائے دہی استعمال کرچکے ہیں۔


مزید پڑھیں : ڈونلڈ ٹرمپ کوہلیری کلنٹن پر برتری حاصل ہوگئی


ڈونلڈ ٹرمپ چار ریاستوں میں آگے ہیں، دونوں امیدوار شمالی کیرولائنا کے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زورلگا رہے ہیں۔

دوسری جانب ہیلری کلنٹن کو ناکام بنانے کے لئے بھارتی لابی سرگرم ہوگئی، ہلیری کی پاکستانی نژاد قریبی ساتھی ہما عابدین کیخلاف ہندوکولیشن نے گمراہ کن اشتہار جاری کردیا۔

خیال رہے کہ امریکا کے نئے صدرکے انتخاب کے لئے آٹھ نومبرکو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

لاہور میں زہریلی دھند کی وجہ بھارتی پنجاب میں فصلوں کا جلانا ہے ، ناسا

0

لاہور : موسمیاتی تبدیلیوں اور موحولیاتی آلودگی کے باعث سرد موسم کی فوگ اسموگ کی شکل اختیار کرگئی،  گرد آلود دھند کی وجہ سے شہریوں کو آنکھوں اور گلے کی بیماری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ اسکول جانے والے بچے بھی آنکھوں کی جلن اور سانس لینے میں دشواری کی شکایت کر رہے ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائم نے ناسا کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اس دھند کی بنیادی وجہ بھارتی پنجاب کے ہزاروں کسانوں کی جانب سے 32 ملین ٹن زرعی فضلہ، گھاس اور بھوسہ نذر آتش کرنا ہے ، جس کی وجہ سے بھارتی پنجاب اور اس سے ملحقہ پاکستانی علاقے گزشتہ دو روز سے شدید فضائی الودگی کی لپیٹ میں ہیں۔

A Pakistani resident covers his body with a warm shawl as he walks along a street during a cold and foggy morning in Islamabad on January 8, 2013. Ongoing foggy weather in Punjab and other parts of the country has badly affected flight and rail schedules. AFP PHOTO/Aamir QURESHI / AFP PHOTO / AAMIR QURESHI

نیویارک ٹائم کے مطابق کسانوں کی جانب سے اتنے بڑے پیمانے پر زرعی فضلہ جلانے کا مقصد ہزاروں ایکڑ رقبے کو اگلی فصل کی کاشت کیلئے پھر تیار کرنا ہے۔

ناسا نے اس حوالے سے ان علاقوں کی سیٹلائیٹ سے لی گئی تصویر اور رپورٹ بھی جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ دھند کی وجہ صرف دیوالی کی آتش بازی نہیں بلکہ اس میں زرعی فضلے مثلاً چاول کے پھوگ کو لگائی جانے والی آگ بھی شامل ہے۔

nasa

لاہور میں پڑنے والی زہریلی دھند کیوجہ سے بچوں کو بھی اسکول آنے جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ محکمہ تعلیم نے بھی اسکولوں میں آؤٹ ڈور ایکٹیویٹیز کے حوالے سے احتیاط نامہ جاری کردیا ہے۔

ماہر ماحولیات کا کہنا ہے گرد آلود دھند کی بڑی وجہ بھارتی پنجاب بڑی مقدار میں فصلوں کا جلانا اور صنعتوں میں اضافہ ہے۔

ماہر ماحولیات ڈاکٹر ساجد رشید موسم کی اس خوفناک تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر بچے ہوتے ہیں، اسی لیے سکولوں کے لئے خصوصی احتیاط نامے بھی جاری کئے گئے ہیں۔


مزید پڑھیں : پنجاب میں دھند کے سبب حادثات: ہلاک افراد کی تعداد 17 ہوگئی


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرد آلود دھند کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب میں دھند کے باعث مسافر گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں 18افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند کے باعث حد نگاہ 20 میٹر تک رہ گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔موٹر وے حکام نے لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔

وزیراعظم کابینہ کوبائی پاس نہیں کرسکتے،سپریم کورٹ

0

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ’’آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ وزیراعظم تنہاوفاقی حکومت ہے‘‘۔

تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ میں جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے حکومت کی نظرثانی درخواست پرسماعت کی جس پر عدالت نےوفاق کی جانب سے دائراپیل میں وزیراعظم کوکابینہ کو بائی پاس کرنےسے روک دیا۔

جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئےکہا کہ ’’آئین میں وزیراعظم کی سولوفلائٹ کی گنجائش نہیں ہے‘‘،ٹیکس استثنیٰ اور لیوی ٹیکس کا نفاذ وفاقی حکومت کا اختیار ہے۔

عدالت عظمیٰ کےتین رکنی بینچ نےریمارکس دیےکہ رولزکبھی بھی آئین سےبالاتر نہیں ہو سکتے۔کیاوزیراعظم کابینہ کی منظوری کےبغیرجو چاہےکرسکتاہے؟۔

جسٹس ثاقب نثارکےاستفسار پرحکومتی وکیل نے جواب دیاہروفاقی وزیروفاقی حکومت کہلائے گا،حکومتی امورکےلیےمضبوط وزیراعظم کی ضرورت ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے کابینہ کو بائی پاس کرنے کے معاملے پروفاق کی نظر ثانی اپیل خارج کردی۔

وزیر داخلہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے چند گھنٹوں میں دوسری ملاقات

0

لاہور: ڈان لیکس اور پاناما ہنگامہ کے تناظر میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ملاقات کی۔ دونوں رہنما 24 گھنٹے میں دوسری مرتبہ ایک ساتھ بیٹھے اور ڈان لیکس سمیت پاناما کیس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پچھلے 2 دن سے لاہور میں ہیں۔ چوہدری نثار نے چند گھنٹوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ دوسری ملاقات کی۔ اس سے پہلے ایک روز قبل بھی دونوں نے ملاقات کی تھی۔

ذرائع کے مطابق دونوں ملاقاتوں میں ڈان لیکس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس معاملے پر ہونے والی اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ متنازعہ خبر کے معاملے پر دونوں رہنما چند روز پہلے آرمی چیف کے ساتھ بھی ملاقات کر چکے ہیں۔

وزارت داخلہ کے حکام نے ملاقات کو گزشتہ روز کی ملاقات کا تسلسل قرار دیا۔ ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔

اچھا مہمان بننے کے 7 اصول

0

مہمان اللہ کی رحمت ہوتے ہیں۔ جب مہمان گھر آئیں تو ان کا خوش دلی سے استقبال کرنا چاہیئے۔

اسی طرح جب آپ کسی کے گھر مہمان بن کر جائیں تو ایسا رویہ رکھیں کہ میزبان آپ کی آمد سے خوشی محسوس کریں۔ اس موقع پر میزبان کے گھر کے اصولوں اور پرائیوسی کا خیال رکھیں۔

یہی نہیں مہمان بن کر جانے کے کچھ اخلاقی اصول بھی ہوتے ہیں جن پر پوری دنیا میں عمل کیا جاتا ہے۔ یہ اصول آپ کو اچھا مہمان بننے میں مدد دیتے ہیں۔

آئیے آپ بھی وہ اصول جانیں جنہیں اپنا کر آپ ایک اچھا مہمان بن سکتے ہیں۔

:آنے اور جانے کا وقت

guest-7

کہیں جاتے ہوئے اپنی آمد اور روانگی کے وقت اور دن کے بارے میں واضح طور پر آگاہ کریں تاکہ آپ کا میزبان الجھن کا شکار نہ ہو۔

دن اور وقت میں بار بار تبدیلی یا درست وقت کی آگاہی نہ دینا آپ کے میزبان کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔ وہ سارا دن آپ کا انتظار کر سکتا ہے جس کے باعث اس کے اپنے کئی کام ادھورے رہ سکتے ہیں۔

:کوئی تحفہ لے کر جائیں

guest-2

عموماً کسی کے گھر پہلی بار جاتے ہوئے کچھ لے کر جانا تو ایک روایت ہے، لیکن اگر آپ پہلے بھی کئی بار اپنے میزبان کے گھر جا چکے ہیں تب بھی کوئی تحفہ یا کھانے پینے کی کوئی چیز لے جانے میں کوئی حرج نہیں۔

یہ عمل میزبان کے دل میں آپ کے لیے احترام کے جذبات پیدا کرے گا اور اسے یہ تاثر دے گا کہ آپ اس پر بوجھ نہیں بننا چاہتے۔

:گھر کے اصولوں کی پاسداری

guest-5

ہر گھر کے کچھ اصول ہوتے ہیں جو ہر گھر سے مختلف ہوتے ہیں۔ کہیں جا کر ان اصولوں سے آگاہی حاصل کرنا اور ان پر عمل کرنا آپ کے اچھے مہمان ہونے کا ثبوت دے گا۔

مثال کے طور جوتے باہر اتارنے ہیں یا نہیں، دروازہ بند کرنا ہے یا نہیں۔

:ذاتی استعمال کی اشیا

guest-3

اگر آپ کسی کے گھر قیام کرنے جارہے ہیں تو کوشش کریں کہ اپنا ذاتی استعمال کا سامان جیسے تولیہ، شیمپو وغیرہ لے کر جائیں۔ اگر آپ نہ لے جا سکیں تو میزبان کی کم سے کم چیزوں کو استعمال کریں۔

ہفتہ بھر میں ایک ہی تولیہ استعمال کریں تاکہ آپ کے جانے کے بعد میزبان کے لیے میلے کپڑوں کا ڈھیر نہ رکھا ہو۔

:مدد کی پیشکش

guest-4

کسی کے گھر تھوڑی دیر کے لیے جائیں یا طویل عرصہ کے لیے، ہمیشہ میزبان کو اپنی مدد کی پیشکش کریں۔ کھانے کی تیاری، برتن اٹھانے، دھونے اور مختلف کاموں میں اپنی مدد کی پیشکش کریں۔

:چھوٹی چھوٹی چیزوں کا خیال

guest-6

جیسے آپ اپنے گھر میں چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھتے ہیں ویسے ہی اپنے میزبان کے گھر میں بھی رہیں۔

کمرے سے نکلتے ہوئے بجلی کے سوئچ بند کردیں۔ اپنے قیام کے لیے مختص کمرہ یا جگہ صاف رکھیں۔

:جانے سے قبل

guest-8

جانے سے قبل جس حد تک ممکن ہو اپنا پھیلاوا سمیٹ لیں اور جگہ کو صاف رکھیں۔ اپنے قیام کو ایسا بنائیں کہ آپ کے جانے کے بعد آپ کا میزبان آپ کے بارے میں ناگوار خیالات کا شکار نہ ہو۔

سبی: بارودی سرنگ دھماکہ، 15سالہ نوجوان جاں بحق

0

سبی : لہڑی کے علاقے تنیہ میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں 15سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق لیویز فورس کے مطابق سبی علاقے لہڑی کے گوٹھ تنیہ میں پندرہ سالہ نبیل تالاب سے گھر کیلئے پانی بھرنے موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔

جس سے زوردار دھماکہ ہوا اور موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

دھماکے فوری بعد لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور لاش کو سول ہسپتال سبی منتقل کردیا گیا ہے ۔

دوسری جانب لہڑی لیویز نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

سابق چیئرمین اسٹیل ملز قتل کیس میں نثار مورائی پر فرد جرم عائد

0

کراچی: سابق چیئرمین پاکستان اسٹیل سجاد حسین قتل کیس میں سابق چیئرمین فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی نثار مورائی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں سابق چیئرمین پاکستان اسٹیل ملز سجاد حسین کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے تمام ثبوتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمے میں نامزد سابق چیئرمین فشریز نثار مورائی پر فرد جرم عائد کردی۔

ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر 12 گواہان کو طلب کر لیا۔

سماعت میں ملزم نثار مورائی کی جانب سے بریت کی درخواست بھی دائر کی گئی۔ عدالت نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو 12 نومبر کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔

واضح رہے کہ سابق چیئرمین فشریز نثار مورائی کو 11 مارچ 2016 کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ فشرمین کو آپریٹو سوسائٹی میں گھپلوں اور منی لانڈرنگ جیسے الزامات میں نیب کو مطلوب تھے۔

سولہ مارچ 2016 کو نثار مورائی کو لیاری گینگسٹرز کی مالی مدد کرنے کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے رینجرز نے ان کا نوے روزہ ریمانڈ حاصل کیا تھا۔

رینجرز حراست کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان سے سمندر کے راستے بیرون ملک غیر قانونی رقم بھجوائی جاتی ہے جس کے لیے اسپیڈ بوٹ کا استعمال کیا جاتا ہے۔

چیئرمین اسٹیل مل کے قتل سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے نثار مورائی نے جے ٹی آئی کے سامنے اقرار کیا کہ سجاد حسین کے قتل کا منصوبہ کیفے کلفٹن میں بنایا گیا تھا۔ ان کے مطابق انہوں نے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کے ہمراہ سجاد حسین کی ریکی کی اور قتل کے وقت بھی وہ سجاد حسین کی گاڑی کے قریب موجود تھے۔

گزشتہ ماہ عدالت نے نثار مورائی کی جانب سے ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ضمانت بھی دی تھی۔

چاند میں سترسال بعد آنے والی حیرت انگیزتبدیلی

0

کیا آپ نے کبھی ’سپرمون‘ یا ماہِ عظیم کا مشاہدہ کیا ہے ‘ یقیناً کیا ہوگا لیکن اس مہینے کا چاند آپ کو ایسا نظارہ دکھانے والا ہے جو آپ نے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔

جی ہاں رواں مہینے کی 14 تاریخ کو ہونے والا سپر مون سن 1948 سے اب تک کا سب سے بڑا چاند ہوگا یعنی کے لگ بھگ 70 سال بعد یہ نظارہ دیکھنے کو ملے گا۔

moon-post-1

اس سال نظر آنے والا سپر مون عام چاند سے 14 فیصد بڑا اور 30 فیصدزیادہ روشن ہوگا یعنی کہ چاند زمین کے جتنا قریب اس مہینے آئے گا اتنا گزشتہ ستر سالوں میں نہیں آیا اور نہ ہی 25 نومبر 2034 تک دوبارہ آئے گا۔

امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کا کہنا ہے کہ 14 نومبر کو ہونے والا یہ سپرمون نہ صرف 2016 کا سب سے بڑا چاند ہوگا بلکہ 21 ویں صدی میں ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا سپر مون ہوگا۔

moon-post-3

ماہرین کے مطابق سپر مون درحقیقت ایک بصری دھوکہ ہوتا ہے یعنی کہ چاند کا حجم تو اتنا ہی رہتا ہے جتنا کہ حقیقت میں ہے لیکن زمین کے بے حد نزدیک آجانے سے اپنی اصل سے زیادہ بڑا نظر آتا ہے۔

moon-post-4

ان کا کہنا ہے کہ جب چاند افق پر اتا ہے اور اسے کسی عمارت یا درخت کے ساتھ دیکھا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ آج کا چاند کتنا زیادہ بڑا اور روشن ہے‘ حالانکہ یہ ایک بصری دھوکہ ہے تاہم اس انتہائی دلفریب اور حسین منظر ہوتا ہے جس کا تجربہ کرنا یقیناً خوش آئند ہے۔

بین الاقوامی وقت کے مطابق یہ اس سال کا سپر مون دوپہر ایک بج کر باون منٹ پر ہوگا یعنی کے پاکستان میں اس وقت شام چھ بج کر باون منٹ ہورہے ہوں گے اور موسمِ سرما کی وجہ سے اندھیرا چھا چکا ہوگا۔

moon-post-5

اگر آپ سپر مون کا مشاہدہ اس کے تمام تر حسن اور تابناکی کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں تو ابھی سے پلاننگ کر لیں ‘ شہروں سے باہر نکلیں اور ایسے علاقوں کا رخ کریں جہاں تاریکی زیادہ ہو ستارے روشن ہوں۔ اور اس مقصد کے لیے پاکستان کے شمالی علاقہ جات اورسندھ اور پنجاب کے بالائی علاقے اس کام کے لیے انتہائی موزوں جگہ ہے۔

moon-post-2

کراچی: 2 ٹرینوں کے حادثے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل

0

کراچی : محکمہ ریلوے نے کراچی میں ٹرینوں کے تصادم کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، وزیر ریلوے نے انکوائری باہتر گھنٹے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہیں، گزشتہ روز ٹرین حادثے میں بائیس افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ٹرین حادثے میں بائیس انسانی جانوں کے ضیاع کا ذمہ دارکون؟حادثہ کیسے اور کیوں پیش آیا، غلطی ڈرائیور کی ہے یا کسی اور کی، تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹرآف ریلویز میاں ارشد کی سربراہی میں کمیٹی آج سے کام شروع کرے گی، انکوائری چار روز تک جاری رہے گی، ٹرین کے زخمی ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور سے بھی معلومات حاصل کی جائیں گی۔

عینی شاہدین بھی اپنے بیانات ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے کراچی آفس میں قلمبند کرواسکتے ہیں۔

کمیٹی باہتر گھنٹے میں حادثے کی ابتدائی رپورٹ مکمل کرکے وزارت ریلوے کو پیش کرے گی، حادثے کی تفصیلی رپورٹ آٹھ روز میں مکمل کرلی جائے گی ۔


مزید پڑھیں : کراچی: 2 مسافر ٹرینوں میں خوفناک تصادم ، 22 افراد جاں بحق


یاد رہے گزشتہ روز لانڈھی میں فرید ایکسپریس اور زکریا ایکسپریس میں تصادم ہوا، تصادم کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق اور 60 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ٹرینیں پنجاب سے کراچی آرہی تھیں جبکہ زکریا ایکسپریس نے فرید ایکسپریس کو پیچھے سے ٹکر ماری، حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی تین بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں اور ٹرین کا ملبہ پٹری کے اطراف بکھرگیا جبکہ فرید ایکسپریس کا انجن تباہ ہوا۔