اتوار, مئی 25, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 26194

شنگھائی پاور نے کراچی الیکٹرک کے اکثر شیئرز خرید لیے

0

کراچی: متحدہ عرب امارات کی کمپنی ابراج گروپ نے کراچی الیکٹرک کے اکثر حصص چین کی کمپنی شنگھائی پاور کو فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا معاہدہ بھی حتمی مراحل میں ہے۔

تفصیلات کے مطابق 2009 میں کراچی الیکٹرک سپلائی کارپورشن کے حصص خریدنے والے متحدہ عرب امارات کے گروپ ابراج نے اعلان کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے اکثر حصص چینی کمپنی شنگھائی الیکٹرک پاور کو دینے کا معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی کمپنی ابراج گروپ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں اعلان کیا گیا ہے کہ کراچی الیکٹرک کے 66.4 فیصد شیئرزکو چینی الیکٹرک کمپنی کو فروخت کیا جائے گا۔ جس کی  قیمت  1 ارب 77 کروڑ ڈالر بنتی ہے جس کی ادائیگی کے لیے معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔

ابراج گروپ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے حصص کی فروخت حتمی مراحل میں ہے اس سلسلے میں گروپ نے پاکستان میں نجی شعبے سے لین دین کا عمل شروع کردیا ہے، معاہدے کی تکمیل اور شیئرز کی فروخت کے بعد پاکستان کی تاریخ میں نجی شعبے کا سب سے بڑا لین دین ہونے جارہا ہے۔

اس ضمن میں شنگھائی الیکٹرک پاور کے چیئرمین وانگ یوندان کا کہنا ہے کہ ’’گزشتہ 7 سالوں میں کے الیکٹرک نے ابراج گروپ کے ساتھ بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں جس پر دونوں کمپنیاں خراج تحسین کی مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی الیکٹرک کے الیکٹرک انتظامیہ کی کارکردگی اور صلاحیتوں کی معترف ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ شنگھائی الیکٹرک پاور پاکستان کے لوگوں اور حکومت کو بہتر سروس فراہم کر کے اُن کی خدمت کرنا چاہتی ہے اس کے لیے ہم نے اپنے سرمایہ کاروں اور کے الیکٹرک کے اشتراک سے حکمت عملی تشکیل دی ہے، جس کے تحت کےالیکٹرک کی صلاحیت مزید بہتر ہوگی اور ہم اسے پاکستان کی بہترین کمپنیوں میں سے ایک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

پڑھیں:  شنگھائی الیکٹرک کا کے الیکٹرک خریدنے میں اظہار دلچسپی

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی شہر میں بجلی کے صارفین کی تعداد 2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہے۔ سب سے پہلے بجلی کی ترسیل کے لیے 1913 میں کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کا قیام وجود میں آیا۔ جو شہر میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور اس کی پیداوار کے علاوہ تقسیم کی ذمہ دار تھی۔

کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 2005 میں نجی شعبے میں تبدیل کردیا گیا تھا اور چار سال بعد دبئی کے ایک گروپ نے اس کے حصص خرید لیے تھے جس کے بعد 2009 سے یہ کمپنی ابراج گروپ کے ماتحت ہوگئی تھی۔

شارجہ ٹیسٹ ، 4 کھلاڑیوں کی نصف سنچریاں ، قومی ٹیم بڑے اسکور میں ناکام

0

شارجہ: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستانی ٹیم چار کھلاڑیوں کی نصف سنچری کے باوجود بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور اُس کے 225 رنز پر 8 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ ٹیسٹ کے پہلے دن ویسٹ انڈین بولرز کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں پاکستانی بیٹسمین بڑا سکور کرنے میں ناکام نظر آئے اور کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم، یونس خان مصباح الحق اور سرفراز احمد نے نصف سنچریاں اسکور کیں لیکن ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔میچ کے پہلے اوور میں گرنے والی دو وکٹوں نے ٹیم کو بڑا دھچکہ دیا ۔

اظہر علی کوئی رن بنائے بغیر پہلے اوور کی دوسری گیند پر گیئریئل کی گیند کھیلتے ہوئے گریگ بریتھ ویٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے تاہم اگلی گیند پر اسد شفیق ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین روانہ ہوگئے انہوں نے بھی کوئی رن اسکور نہیں کیا۔

پڑھیں: تیسراٹیسٹ میچ :پاکستان کاٹاس جیت کربیٹنگ کافیصلہ

 دس سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ٹیم نے ٹیسٹ کے پہلے ابتدائی پہلے اوور میں تین وکٹیں گنوائیں قبل ازیں کراچی میں روایتی حریف بھارت کے بالر عرفان پٹھان نے 2006 میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔

ایک رن پر دو وکٹیں کھونے کے بعد یونس خان اور سمیع اسلم نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 106 رنز کا اضافہ کر کے ٹیم کی پوزیشن بہتر بنائی تاہم سمیع اسلم نے جو بڑے اعتماد سے بیٹنگ کر رہے تھے 74 کے انفرادی سکور پر ریورس سوئپ کرنے کی کوشش میں اپنی وکٹ دیویندرا بشو کو تحفے میں تھما دی۔

سمیع اسلم کی اس سیریز میں یہ تیسری اور مجموعی طور پر پانچویں نصف سنچری ہے تاہم وہ اپنے کرئیر میں چوتھی مرتبہ سنچری کے قریب آکر آؤٹ ہوئے ہیں۔ تاہم یونس خان بھی آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوئے نئے آنے والے کھلاڑیوں مصباح الحق اور سرفراز احمد نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 80 رنز کا اضافہ کیا تاہم مصباح الحق بشو کی گیند پر ریورس سوئپ کھیلتے ہوئے ڈورچ کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

نئے آنے والے کھلاڑی محمد نواز 6 رنز اسکور کرسکے بعد ازاں سرفراز احمد اور وہاب ریاض بھی پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد 51 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد گیبریئل کا شکار بنے۔

مصباح الحق پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 49 ٹیسٹ میچوں میں قیادت کرنے والے کپتان بن گئے۔ انہوں نے سیریز میں لگاتار تیسری مرتبہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن شارجہ کی وکٹ ابتدائی لمحات میں بیٹسمینوں کے لیے پریشانی کا سبب بننے کے لیے مشہور ہے اور پاکستانی بیٹسمین اس ابتدائی وار کو سہہ نہ سکے۔

دیویندرا بشو ویسٹ انڈیز کے سب سے کامیاب بولر رہے وہ اب تک چار وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔دونوں ٹیمیوں میں دو، دو تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔ پاکستانی ٹیم میں سہیل خان اور راحت علی کی جگہ محمد عامر اور وہاب ریاض کو شامل کیا گیا ہے جبکہ مخالف ٹیم نے شائے ہوپ اور میگوئل کی جگہ شین ڈورچ اور الزاری جوزف کوموقع دیا ہے۔

کے پی کے حکومت وفاق کے خلاف کچھ نہیں‌ کررہی، جہانگیر ترین

0

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا حکومت وفاق کے خلاف کچھ نہیں کررہی، قانون کو صرف پی ٹی آئی کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔

یہ بات انہوں نے علیم خان کی بنی گالا کے کمیپوں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہی۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ حکمرانوں نے بنی گالا کا محاصرہ کیا ہوا ہے،معلوم نہیں حکمرانوں کو بنی گالا میں کس سے مقابلہ کرنا ہے، یہاں دہشت گرد نہیں پاکستانی کے عوام ہی رہتے ہیں سمجھ نہیں آرہا ہےکہ محاصرہ کیوں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی کے پی کے پرویز خٹک کے ساتھ کوئی پولیس والا نہیں آرہا، وفاق کی مرضی ہے کہ وہ پرویز خٹک کو پروٹول دیتے ہے کہ نہیں،خیبر پختون خوا حکومت وفاق کے خلاف کچھ نہیں کررہی لیکن وہ راستے بند کرنے کی اجازت نہیں دے گی،قانون کو صرف پی ٹی آئی کے لیے استعمال کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کو مایوس نہیں کریں گے، ہمارے جدوجہد کرپشن پر صرف وزیراعظم کے خلاف ہے،عمران خان نے کال دی ہے مزید لوگ آئیں گے میں نے انہیں دیکھا ہے عمران خان کا اس وقت مورال بہت بلند ہے، گجرات، وزیرآباد اور گلگت سے لوگ یہاں پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ بنی گالا میں موجود کارکنوں کو کھانا پینا نہیں پہنچ رہا، کارکنان کھانے پینے اور بستر کے بغیر بھی گزارا کرسکتے ہیں لیکن کھانا پینا نہ پہنچنے پر لوگوں سے معذرت خوا ہوں۔

جمہوری حکومت مردم شماری تک نہ کراسکی،مصطفیٰ کمال

0

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہمیں ہرایک کو گلے لگانا ہے چاہے کوئی کسی جماعت میں ہو، کسی فرقے سے تعلق ہو اور کوئی سی بھی بولی بولتا ہو اگرکوئی اپنی اصلاح نہیں کرسکتا تو پاک سرزمین پارٹی چھوڑی دے، جمہوری حکومت اب تک مردم شماری بھی نہ کراسکی۔

سربراہ پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال طارق روڈ میں واقع نور گراؤنڈ میں کارکنان کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کامیابی اور ناکامی ہمارے اختیار میں نہیں لیکن ہمیں صرف سچ بولنا چاہیے ہماری راہ میں صرف ہمارے اعمال رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کارکنان کو پیغام دیا کہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود ایم کیو ایم ،جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی سمیت ہر سیاسی جماعت کے کارکنان تک اپنا پیغام پہنچائیں اور کوئی مان جائے تو ٹھیک ہے نہ مانے تب بھی اسے گلے لگائیں،کوئی کسی فرقہ سے تعلق رکھتا ہو کوئی سی زبان بولتا ہو محبت،امن اور اتحاد و اتفاق کا پیغام دیے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ سنا ہے پاکستان میں جمہوریت ہے لیکن جمہوری حکومت آج تک مردم شماری نہ کراسکی کیوں کہ حکومت کو خطرہ ہے کہ مردم شماری ہوگئی تو ان کی نشستیں آگے پیچھے ہوجائیں گی۔

واضح رہے کہ مصطفی کمال متحدہ قومی موومنٹ کے اہم رکن تھے اور 2005 سے 2010 تک شہر کراچی کے ناظم رہے،اس سے قبل وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر بھی رہے اور بعد ازاں سینیٹر بنائےگئے تا ہم 2013 میں پارٹی سے اختلافات کے باعث ملک سے باہر چلے گئے تھے اور مارچ 2016 میں واپس آکے اپنی سیاسی جماعت ‘پاک سرزمین پارٹی’ کی بنیاد رکھی۔

حکومت ہمیں‌ باغی بننے پر مجبور نہ کرے، وزیراعلیٰ پرویز خٹک

0

نوشہرہ : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ ملک کو لوٹا جارہا ہے،یہ ملک ڈاکوؤں کے لیے نہیں بنا،کرپٹ حکومت کو نکال کر دم لیں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نوشہرہ میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چاہے کتنی ہی رکاوٹیں کیوں نہ کھڑی کر دی جائیں ہر حال میں بنی گالہ پہنچیں گے، آج ہم ایک مقصد کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں ہمیں حکمرانوں کو تخت سے اتارنا ہے حکومت کے پاؤں لرز رہے ہیں اور ہاتھ کانپ رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کل صبح کارکنان کی کثیر تعداد صوابی انٹر چینج پر جمع ہوں گی اور وہاں سے ہم بنی گالہ کے لیے روانہ ہوجائیں گے، دونومبر کو اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کردیں گے،حکومت ہمیں باغی بننے پر مجبور نہ کرے ،ہمیں روکو گے تو باغی ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد وجود میں آیا ہے تا کہ غریب اور کچلے ہوئے لوگوں کو ان کے حقوق مل سکیں،کیا یہ ملک اس لیے بنا تھا کہ یہاں حکمراں لوٹ مار کریں یہ ملک ڈاکوؤں کے لیے نہیں بنا تھا اس لیے چور حکمرانوں سےملک کو نجات دلائیں گے۔

وزیراعلٰی کے پی کے نے کہا کہ کسی میں جرأت نہیں کہ عمران خان کا بال بھی بیکا کر سکے،اسلام آباد بند کرنا تحریک انصاف کا آئینی اور جمہوری حق ہے جس سے ہمیں کوئی روک نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور اسلام آباد کی پولیس آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے چوہدری نثار سے پوچھتا ہوں یہ کون سا قانون ہے؟ جب کہ آئین ہر قسم کی سیاسی اور احتجاجی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دیتا ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ کاروباری حضرات ملک میں کاروبار کریں اور اپنا پیسہ اپنے ملک میں لگائیں جب کہ خود اپنا پیسہ،جائیداد اور خاندان بیرون ملک منتقل کررکھا ہے۔

ڈھاکہ ٹیسٹ، بنگلہ دیش کی فتح ، سیریز برابر

0

ڈھاکہ: بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم کو 108 رنز سے شکست کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 273 رنز کا ہدف دیا مگر انگلش ٹیم صرف 164 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ہدف کے بعد انگلینڈ کے اوپنر الیسٹر کک اور ڈکٹ نے نصف سنچریاں بناتے ہوئے ٹیم کو 100 رنز کی مضبوط پارٹنر شپ فراہم کی تاہم بعد میں آنے والے 9 کھلاڑی مجموعی اسکور میں صرف 64 رنز کا اضافہ کرسکے۔

الیسٹر کک 59 اور ڈکٹ 56 رنز بناکر آوٹ ہوئے تاہم بعد میں آنے والے بقیہ بیٹسمین میں سے سٹوکس کے علاوہ کوئی ڈبل ہل ہندسے میں داخل نہیں ہوسکا۔ بنگلہ دیش کی فتح میں اہم کردار نوجوان اسپنر مہدی حسن نے ادا کیا جنہوں نے 77 رنز دے کر 6 انگلش بیٹسمینوں کو پویلین واپس بھیجا۔

علاوہ ازیں شکیب الحسن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس میں ایک ہی اوور میں 3 وکٹیں بھی شامل ہیں۔

قبل ازیں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کھانے 296 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے امراالقیس نے سب سے زیادہ 78 رنز بنائے جبکہ محمود اللہ نے 47 اور شکیب الحسن نے 41 رنز اسکور کیے۔ پہلی اننگرز میں سنچری اسکور کرنے والے بنگلہ دیش کے بلے باز تمیم اقبال نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے دوسری اننگز میں 40 رنز بنائے۔

میچ کے پہلے روز میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پوری ٹیم صرف 220 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی تاہم انگلینڈ کی ٹیم نے بیٹنگ کرتے ہوئے 24 رنز کی معمولی برتری حاصل کی تھی۔

نوازحکومت کے خاتمے سے سی پیک کونقصان نہیں پہنچےگا، پرویزالہیٰ

0

اسلام آباد: مسلم لیگ (قائد اعظم) کے رہنما چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ سی پیک منصوبہ چین اور نواز لیگ نہیں بلکہ چین اور پاکستان کے درمیان ہے،حکومت کے خاتمے سے منصوبہ کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی اسلام آباد میں تاجروں کے ایک وفد سے ملاقات کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ چین اورپاکستان کےدرمیان ہے اور اس منصوبے کی محافظ پاک فوج اور عوام ہیں،اس منصوبے کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ جیسے سی پیک منصوبہ چین اور ن لیگ کے درمیان ہے اور نواز لیگ کی حکومت کے جانے سے یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑ جائے گا حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ن لیگ کےجانےسے سی پیک منصوبہ شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچےگا۔

انہوں نے کہا کہ دراصل خطرہ سی پیک منصوبے کو نہیں نواز لیگ کی حکومت کو ہے اور اپنی حکومت کو بچانے کے لیے سی پیک منصوبے کی آڑ لے رہے ہیں اور ایسا ظاہر کر رہے ہیں کہ جیسے سی پیک منصوبہ نواز لیگ کی حکومت کے ساتھ ہی ختم ہو جائے گا۔

واضح رہے مسلم لیگ قائد اعظم نے دونومبر کے دھرنے کے لیے عمران خان کو حمایت کا اعلان کیا ہے اور (ق) لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد کے ہمراہ شرکت کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔

ایشین ہاکی چیمپئن شپ کا ٹائٹل بھارت کے نام

0

کوالالمپور: ایشین ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

کوالالمپور میں جاری ہاکی کا فائنل سنسنی خیز مرحلے میں داخل تھا، چوتھے کوارٹر تک دونوں ٹیموں نے دو دو گول کیے تھے اور ٹائٹل کی دوڑ کے لیے کانٹے کا مقابلہ جاری تھا۔


یہ پڑھیں: ایشین ہاکی چمپننز ٹرافی، پاکستان کی فائنل تک رسائی، مقابلہ بھارت سے ہوگا


چوتھے کوارٹر کے اختتام سے محض چند منٹ قبل بھارت نے اچانک تیسرا گول کرکے پاکستان پر ایک گول کی برتری حاصل کرلی، قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ایک اور گول کرنے کی بھرپور کوشش کہ تاکہ ایونٹ برابر ہوجائے تاہم انہیں کامیابی حاصل نہ ہوئی بعدازاں وقت ختم ہونے پر ایشین ہاکی کا ٹائٹل بھارت لے اڑا۔

تفریح سے محروم کراچی کے عوام کے لیے خوشخبری

0

کرچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں معاشرتی مسائل اور لوگوں کی آگاہی اور تفریح کے لئےانتہائی دلچسپ اور معلوماتی میلہ سجنے والا ہے ۔

کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں ملک کے معروف تھیٹر کمپنی، دی تھیسپینز تھیٹرز کی جانب سے انعقاد کی جانے والی پریس کانفرنس میں اس بات کا اعلان کیا گیا کہ کراچی جو کہ دو کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل ہے تاہم گزشتہ کئی عشروں سے اس شہر میں سیاسی، سماجی اور لسانی اختلافات نے بسیرا کر رکھا ہے جبکہ دوسری طرف عوام کی تفریح کے محدود مواقع دستیاب ہیں جسکی وجہ سے عوام میں شدید ذہینی دباو کی کیفیت پائی جاتی ہے۔

p-post-1

اس صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے کراچی کے پانچوں اضلاع میں پاکستان کے سب سے بڑے پتلی تماشہ کا اہتمام کیاجائے گا۔ اس پتلی تماشاکا دوسرا اہم مقصد یہ بھی ہے کہ وہ افراد جو اپنی محدود وسائل کی بنا پر تفریحی مواقع سے محروم رہتے ہیں ان کے لئے تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے کیونکہ یہ تمام تماشہ عوامی مقامات پر ناظرین کے لئے مفت دکھایا جائے گا۔

دی تھیسپینز کے آرٹسٹک ڈائریکٹر فیصل ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی کے ابتدائی دنون میں پتلی تماشے پاکستان میں بے حد مقبول ہو اکرتے تھے جس سے نہ صرف عوام محظوظ ہوتے تھے بلکہ ان کے ذریعے عوام میں مختلف معاشرتی پہلوں کے حوالے سے آگاہی بھی دی جاتی تھی تاہم ملک میں بڑھتے ہوئے مسائل نے عوام کو اس طرز کے تفریحی سہولیات سے محروم کر دیا ہے جسکی احیاء وقت کی اہم ضرورت ہے۔

p-post-2

بیرسٹر شاہدہ جمیل نے صحافیوں کو بتایا کہ ملک میں اس وقت افراتفریح اور کشیدگی کا ماحول ہے ، ایسے وقت میں تھیس پینز تھیٹر کی جانب سے کیئے جانے والے اس انوکھے فیسٹیول سے نا صرف لوگوں کا ذہن مسرور ہوگا بلکہ انھیں پاکستان کی ثقافت کے بارے میں بھی آگاہی ملے گی۔

ایک سوال کے جواب میں نعمان محمود نے کہا کہ اس فیسٹیول میں شامل تین کھیل ہیں جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان کے کلچرل رنگ، جھیل سیف الملوک کی لوک داستان اور بچوں کے لیے سند باد کی کہانی پتلیوں کی زبانی سنائی جائے گی، ان کھیلوں کو ترتیب دیتے ہوئے ہم نے اس بات کا خاص خیال رکھا ہے کہ اس میں جو بھی مواد استعمال ہو وہ خالص پاکستانی ہو اور اس میں ٖ غیر اسلامی تہذیب کا کوئی بھی عنصر نہ ہو۔

ہندو برادری متحدہ کو یاد رکھے، فاروق ستار کا دیوالی پر پیغام

0

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینرڈاکٹرمحمدفاروق ستارنے ہندو برادری کے مذہبی تہوار”دیوالی“ کے پرمسرت موقع پیغام تہنیت دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خیالات کا اظہار کیا ہے۔

متحدہ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں تہنیتی پیغام میں سربراہ ڈاکٹرمحمدفاروق ستار نےدنیا بھراور پاکستان میں بسنے والے ہندوؤں کو بالخصوص دیوالی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ کا بنیادی فلسفہ جیواورجینے دواورسب کااحترام ہے۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی واحد جماعت ہے جو ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کے لئے عملی جدوجہدکررہی ہے اوران کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کے دکھ درد اور خوشیوں میں برابرکی شریک رہتی ہے۔

پڑھیں: سندھ حکومت کی دیوالی پر ہندوبرادری کی مالی معاونت

 ڈاکٹرمحمدفاروق ستارنے ہندوبرادری سے اپیل کی کہ وہ دیوالی کے پرمسرت موقع پراپنی عبادات میں ایم کیوایم کو یاد رکھیں اورایم کیوایم کی کامیابی اورسازشوں کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔

مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا دیوالی سے قبل ہندو ملازمین کو تنخواہیں دینے کا حکم

 یاد رہے دنیا بھر میں بسنے والی ہندو برادری کے تحت آج رات مذہبی تہوار دیوالی کا تہوار منایا جائے گا، اس مناسبت سے ہندو مت کو ماننے والے افراد اپنے گھروں میں چراغ روشن کرتے ہیں ۔اس تہورا کی تیاریاں 9 دن قبل شروع ہوجاتی ہیں اور دیگر رسومات 5 دن تک جاری رہتی ہیں۔

واضح رہے بلاول بھٹو زدرای نے سانحہ کارساز کی یاد میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سندھ حکومت کو 30 اکتوبر کے روز کراچی میں تاریخ کی سب سے بڑی دیوالی منانے کی ہدایت کی تھی بعد ازاں سانحہ کوئٹہ کے بعد چیئرمین کی ہدایت پر تقریبات منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔