اتوار, نومبر 17, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26399

میسوری میں احتجاج کے دوران دو پولیس اہلکارقتل

0

فرگوسن:امریکی ریاست میسوری پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہراحتجاج نامعلوم حملہ آورکی فائرنگ سے دو پولیس اہلکارہلاک ہوگئے،یہ واقعہ پولیس چیف کے استعفیٰ دینے کے دوگھنٹے بعد پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت کئی درجن افراد جائے وقوعہ پر احتجاج کر رہے تھے فائر کی آواز آتے ہی سب کے سب چلاتے ہوئے بھاگ کھڑے ہوئے۔

یہ سب مظاہرین بدھ کی رات پولیس چیف تھامس جیکسن کے استعفیٰٰ دینے کے ایک گھنٹے بعد پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر جمع ہوئے تھے۔

ممتاز سماجی رہنماء میک کیسن نے سماجی رابطے کے ویبٹ سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ جائے وقوعہ پر موجود تھے اورفائر مظاہرین میں سے نہیں کیا گیا۔

ان کے مطابق قاتل مجمع کے درمیان نہیں بلکہ پہاڑی کی چوٹی پر تھا۔‘‘

واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں ڈیرن ولسن نامی سفید فام پولیس افسر کے ہاتھوں اٹھارہ سالہ سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت کے بعد فرگوسن میں فساد پھوٹ پڑے تھے اورسیاہ فام افراد پولیس چیف کی برطرفی کا مطالبہ کررہے تھے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ نہ تو گرینڈ جیوری کی جانب سے سیاہ فام مقتول کے حق میں فیصلہ آیا اور نہ ہی وفاقی عدالت نے ڈیرن ولسن کو اس قتل کے الزام میں سزا سنائی۔

کراچی : پولیس مقابلے، 4دہشت گرد گرفتار

0

کراچی:اورنگی ٹاؤن پاکستان بازار میں دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر کریکر سے حملہ کیا تاہم پولیس اہلکاروں نے مقابلے کے بعد چار دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بال کریکر بم اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے پاکستان بازار تھانے کی پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ ملزمان کی جانب سے بال کریکر بم سے حملہ کیا گیا، جس میں پولیس اہلکار محفوظ رہے، حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو طلب کیا گیا۔

جس پر ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ کے بعد دو زخمیوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جبکہ ان کے قبضے سے تین بال کریکر بم چار ڈیٹونیٹر تین میٹر ڈیڈ کاڈ اور چار ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان شہر میں کسی بڑی کاروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے، جسے پولیس نے بروقت کاروائی کرکے ناکام بنادیا۔

دنیا بھر میں آواز کا جادو جگانے والے عاطف اسلم آج 32ویں سالگرہ منارہے ہیں

0

سحر انگیز آواز، منفرد انداز "عادت ” گا کر سب کو اپنا عادی بنانے والے عاطف اسلم بتیس برس کے ہوگئے ہیں۔

پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے مداحوں کو خوشخبری دی ہے کہ وہ انہیں اپنی سالگرہ پر ایک خاص تحفہ دیں گے، عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ  بالی ووڈ پر توجہ کی وجہ سے ان کے البم ریلیز نہیں ہو رہے، مداحوں کی ناراضگی کو دور کرنے کے لئے وہ اپنا نیا البم تیار کر رہے ہیں جس کا پہلا گانا وہ اپنی سالگرہ کے روز ریلیز کریں گے۔

گانا سروں بھری آواز سے کروڑوں دلوں کی دھڑکن بننے والے عاطف اسلم بارہ مارچ انیس سو تیراسی کو لاہور میں پیدا ہوئے، گانا دو ہزار چار سے اپنے کریئر کا باقاعدہ آغاز کرنے والے عاطف اسلم دیکھتے ہی دیکھتے موسیقی کی دنیا پر چھاگئے ۔

عاطف اسلم کے پہلے البم کے گانے سپرہٹ ہوئے، عاطف اسلم نے اپنے کیرئیر میں اداکاری کے ساتھ گلوکاری کے جوہر بھی دکھائے، دو ہزار گیارہ میں پہلی بار عاطف نے پاکستانی فلم ”بول “میں کام کیا ۔

انہوں نے بالی ووڈ کی کئی مشہور فلموں کیلئے گانے گائے جبکہ جنتا بھائی کی لواسٹوری میں وہ خصوصی طور پر نظر آئے، گلوکار عاطف کی شاندار اور منفرد آواز نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی پسند کی جاتی ہے۔

عاطف نے جہاں ملک میں اپنی پہچان بنائی وہیں سرحدوں کی حدود سے آگے نکل کر یورپی ممالک سمیت دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ گانا عاطف اسلم نے اپنی سحر انگیز آواز کی بدولت بیشتر ملکی اور غیر ملکی اعزازات اپنے نام کئے۔

عراقی افواج دولتِ اسلامیہ سے تکریت واپس لینے کے لئے سرگرم

0

بغداد:عراقی سیکیورٹی فورسز اور ملیشیاؤں نے اپنے سب سے بڑے دشمن دولتِ اسلامیہ سے سابق ملٹری حکمران صدام حسسین کا آبائی شہر تکریت واپس لینے کے کے لئے کاروائی شروع کردی ہے جس کے لئے شمال اور جنوب کی جانب سے حملے کئے جارہے ہیں۔

یہ کاروائی دولتِ اسلامیہ کے دہشت گردوں کی جانب سے انبرصوبے مرکزی شہررمادی میں آرمی پر13 خود کش کار بم حملوں کے نتیجے میں کی جارہی ہے۔

صوبے کے گورنر کے مطابق عراقی فوج اوراتحادی جنگجوؤں نے تکریت شہر کے شمالی ضلع قادسیہ پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ دریائے دجلہ کے کنارے آباد اس شہر کے جنوبی کنارے سے شہر کے قلب کی جانب بھی ایک خصوصی فورس کے ذریعے دباؤ بڑھادیا ہے۔

ملٹری آپریشن کمانڈ سینٹر کے ترجمان کے مطابق فوجوں نے تکریت کے جنرل اسپتال پر اپنا تسلط قائم کرلیا ہے اور اسپتال کےساتھ واقع صدارتی محلات کے نزدیک گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔

دولت اسلامیہ نے گزشتہ سال جون تکریت پرقبضہ کیا تھا اورتب سے وہ صدام کے دور کے قائم کردہ محلات کو انہوں نے اپنا مسقربنارکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق 20 ہزار سے زائد فوجی اورایرانی حمایت یافتہ شیعہ مسلم ملیشیا، مقامی سنی قبائل کی مدد سے تکریت واپس لینے کے لئے دریا کے مشرقی کنارے سے حملہ آور ہوئے تھے۔

منگل کو انہوں نےتکریت کی ’العالم‘نامی شما لی پٹی پر قبضہ کرکے تکریت پر حملے کی راہ ہموار کی تھی۔

پشاور: آرمی چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، حملہ آور سمیت2افراد جاں بحق

0

پشاور: پشاور میں سیکورٹی فورسسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کے نتیجے حملہ آور ہلاک جبکہ ایک شہری جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔

پشاور گورا قبرستان کے ایریا میں سیکورٹی فورسز کی مین چیک پوسٹ پر پیدل حملہ آور نے سیکورٹی اہلکار پر اس وقت حملہ آور نے فائرنگ کی جب اہلکار گاڑیوں کی تلاشی میں مصروف تھا، جس پر اہلکاروں نے حملہ آور پر فائرنگ کرکے اسے موقع پر ہلاک کر دیا۔

واقع کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ حملہ آور کی فائرنگ کی زد میں آکر 7شہری زخمی ہوئے، جنھیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ایک زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا۔

ایس پی کینٹ عمر کے مطابق حملہ آور کینٹ میں داخل ہونا چاہتا تھا، حملہ آور کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد ہوا جب کہ تحقیقاتی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکھٹے کئے۔

ایم کیو ایم کے کارکن وقاص علی کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ ظہر ہوگی

0

کراچی: نائن زیرو پر چھاپے کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ایم کیو ایم کے کارکن وقاص علی کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر ہوگی، چھاپے میں گرفتار ملزمان کی آج عدالت میں پیش کاامکان ہے۔

گزشتہ روز نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق ایم کیو ایم کے جواں سال کارکن وقاص علی شاہ کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی، رینجرز چھاپے کے بعد علاقے میں مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اہلکاروں کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی تھی، اس دوران نامعلوم سمت سے آنے والی گولی نے وقاص علی کی زندگی کا چراغ گُل کردیا تھا۔

نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے، کارکنوں کی گرفتاری اور ہلاکت کے بعد کراچی میں ہو کا عالم رہا ۔ تمام کاروباری مراکز بند اور ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہی۔

الطاف حسین نے ایم کیوایم کے کارکنان وہمدرد عوام سے پرزور اپیل  کی ہے کہ وہ وقاص شہید کی نمازجنازہ اور تدفین میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرکے اپنے لئے ثواب دارین حاصل کریں اور شہید کی روح کی تسکین کا باعث بھی بنیں۔

رات گئے ایم کیو ایم کے وفد نے کراچی آپریشن کے کپتان وزیرِاعلیٰ سندھ سے ملاقات کی اور بے گناہ کارکنوں کی رہائی اور وقاص علی کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

سینیٹ کے نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھالیا

0

اسلام آباد: سینیٹ کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے نومنتخب سینیٹرز سے حلف لیا۔

ایوان بالا کے باون سینیٹرز کے نام کےساتھ آج لفظ سابق لگ جائے گا، آج ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب اور نومنتخب اڑتالیس میں سے چوالیس سینیٹرزنے حلف اٹھالیا، جس کے بعد سینٹ کی تمام قائمہ کمیٹیاں تحلیل ہوگئیں، نومنتخب سینیٹرز کی حلف برداری کے بعد سینیٹ کا اجلاس سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

سینیٹ ایڈوائزری کمیٹی نو منتخب سینیٹرز کی حلف برداری کے بعد پندرہ روز میں کمیٹیوں کی تشکیل نو کریگی، ریٹائرڈ ہونے والے سینیٹرز میں پیپلزپارٹی کےاکیس سینیٹرزکی مدت مکمل ہوگئی، جن میں چیئرمین سینیٹ نیر حسین بخاری ،رحمٰن ملک، اورجہانگیر بدرنمایاں ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے ریٹائرڈ ہونے والے چھ سینیٹر میں زاہد خان بھی شامل ہیں،جمعیت علمائے اسلام کے ریٹائرڈ ہونے والے سینیٹرز میں اہم نام مولاناعبدالغفورحیدری کا ہے۔

ایم کیو ایم کے بابر غوری بھی ریٹائرڈ سینیٹرز کی فہرست میں شامل ہیں۔

ق لیگ کےصدر چورہدی شجاعت حسین کی مدت آج مکمل ہوگئی، حکمران جماعت ن لیگ کے ریٹائرڈ ہونے والے آٹھ سینیٹرز میں وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید بھی ہیں۔

رضاربانی سے پہلےچیئرمین سینیٹ کی کرسی پرحبیب اﷲ خان مرحوم، سابق صدرغلام اسحاق خان مرحوم، وسیم سجاد،محمدمیاں سومرو،فاروق ایچ نائیک اور نیئر بخاری ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین: مولانا عبدالغفورحیدری کے نام پراتفاق

0

اسلام آباد: سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین کے لئے اپوزیشن میں مولانا عبدالغفورحیدری کے نام پراتفاقِ رائے ہوگیا ہے اوروزیراعظم نے بھی اس فیصلے کی توثیق کردی ہے۔

مولاناعبدالغفورحیدری کا تعلق جمعیت العلمائے اسلام (ف) سے ہے اوروہ اپوزیشن کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین کے لیےنامزد کردیے گئے ہیں ،وزیراعظم کی جانب سے توثیق کے بعد اب وہ بلامقابلہ ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوجائیں گے۔

مولانا عبدالغفورحیدری کا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے اوروہ جے یو آئی (ف) کےمرکزی سیکریٹری بھی ہیں۔

 اپوزیشن کی جانب سے خورشید شاہ نے میاں نواز شریف سے رابطہ کیا اورانہیں اپوزیشن کے فیصلے سے آگاہ کیا جس کی وزیراعظم نے بھی حکومتی خواہش کے حسبِِ منشاء توثیق کردی جس کی بنیادی وجہ جے یو آئی کا حکومت کااتحادی ہونااورمولانا حیدری کا بلوچستان سے تعلق ہونا بتایا گیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رضاربانی بھی چیئرمین سینیٹ کی کرسی سنبھالیں گے، اپوزیشن کے نامزد امیدوارملکی تاریخ کےپہلےچیئرمین ہوں گےجومتفقہ طورپرمنتخب ہوئے۔

آج سہہ پہر تین بجے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ، سابق چیئرمین نیئر بخاری ان سے  عہدے کا حلف لیں گے۔

فیصل آباد:محبت میں ناکامی پرنوجوان نے لڑکی کو مارکرخود کشی کرلی

0

فیصل آباد : نوجوان نے محبت میں ناکامی پر لڑکی کو شادی کے دن گولی مارکرخود بھی خودکشی کرلی۔

محبت میں ناکامی قیمتی جانیں لے گئی، ہم توڈوبے ہیں صنم تم کوبھی لے ڈوبیں گے کی مثال قائم کردی، فیصل آباد کے نوجوان باسط نے عائشہ کو شادی کا پیغام بھیجا تھا لیکن رشتے سے انکار ہوا۔

لڑکی کی شادی کہیں اور طے ہوگئی، باسط انتقام کی آگ میں جلنے لگا اور بارات کے روز ملزم نے عائشہ کے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی۔ جس سے دلہن عائشہ وہیں زندگی کی بازی ہاربیٹھی۔

شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیا، باسط نے عائشہ کو مارنے کے بعد خود کو بھی گولی مارلی، اسےاسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ بھی راستے میں دم توڑگیا اور یوں ناکامی اورانتقام نے دوگھرانوں کواُجاڑدیا۔

جنوبی افریقہ کا یو اے ای کو 342رنز کا ہدف

0

ویلنگٹن : کرکٹ ورلڈ کپ 2015 میں آج جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں مدِمقابل ہیں۔

نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں جاری میچ میں جنوبی افریقہ نے متحدہ عرب امارات کو 342رنز کا ہدف دیدیا ہے، جنوبی افریقہ نے 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے۔

متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقی بیٹسمینوں نے کمزور بولنگ لائن کے پرکچے اڑادیئے۔ اوپنر ہاشم آملہ اور ڈی کوک تو نہ چلے لیکن بعد کے بیٹسمینوں نے اپنا ہاتھ صاف کرلیا۔ کپتان اے بی ڈولئیرز نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، وہ ایک رن کی کمی سے کیرئیر کی اکیسویں سینچری نہ بناسکے، فرحان بہار دین، روسو اور ملر نے ٹیم کا اسکور تین سو اکتالیس رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کاک نے اننگز کا آغاز کیا لیکن جلد ہی اماراتی ٹیم کو پہلی کامیابی مل گئی جب نوید خان نے آملہ کو آؤٹ کیا۔

جس کے بعد روسو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کوئنٹن ڈی کاک کے ساتھ مل کر 68 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈی ویلییرز نے 82 گیندوں میں 99 رنز بنائے جبکہ بہر دین نے 31 گیندوں میں پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے محمد نوید نے تین جبکہ کامران شہزاد، امجد جاوید اور محمد توقیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کیلئے جنوبی افریقہ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، فاف ڈوپلیسی کی جگہ فرحان بہاردین کو پھر موقع ملا ہے جبکہ کائل ایبٹ کی جگہ ویرون فیلنڈر یہ میچ کھیل رہے ہیں جبکہ اماراتی ٹیم میں بھی تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، فہد الہاشمی، کامران شہزاد اور ثقلین حیدر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ میچ میں کامیاب ہوئی تو وہ گروپ میں دوسری پوزیشن مزید مستحکم کرلے گی، جہاں کوارٹرفائنل میں اس کا مقابلہ سری لنکا کیخلاف ہوگا۔ دوسری جانب یو اے ای کی ٹیم ایونٹ میں تاحال ایک بھی میچ نہیں جیت سکی، چار میچز کھیل کر یو اے ای کو چاروں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔