کراچی : شہرِ قائد کے علاقے عزیزآباد میں رینجرز نے سرچ آپریشن کیا اور متحدہ قومی موومنٹ کے سیاسی مرکز نائن زیرو اوراس سے ملحقہ علاقے کے راستے بند کرکے تلاشی لی گئی،آپریشن کے دوران کچھ گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں۔
علیٰ الا صبح ایم کیوایم کےمرکزنائن زیرومیں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرزنے کرنل طاہر کی سربراہی میں عزیز آباد کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کیا، آپریشن کے دوران عامرخان سمیت کئی کارکنوں کوتحویل میں لے لیا گیا جبکہ غیرملکی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
ایم کیوایم کے مرکزسے ملحقہ خورشید بیگم میموریل ہال بھی کورینجرز چھاپے کے بعد عارضی طورپرسیل کردیا گیا۔
نائن زیرو سےنیٹوسپلائی سے چرایا گیا اسلحہ بھی ملا ہے، رینجرز
رینجرز ذرائع کے مطابق آپریشن جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا جارہا ہے، رینجرز نےدعوٰی کیا ہے کہ نائن زیرو سےنیٹوسپلائی سے چرایا گیا اسلحہ بھی ملا ہے، سیاسی جماعت کے دفتر سے بر آمدغیر قانونی اسلحہ میڈیا کو دکھایا گیا۔
رینجرز کے ترجمان کرنل طاہر کے مطابق نائن زیرو پر چھاپے کے دوران کسی بھی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا گیا، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ برآمد شدہ اسلحے میں نیٹو کنٹینرز سے چوری شدہ اسلحہ بھی شامل ہے، کرنل نے کہا کہ متحدہکے رہنماء عامرخان کو پوچھ گچھ کیلئے اپنے پاس رکھا ہے۔
ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا دفتر مکمل چھان بین ہونے تک پولیس کی تحویل میں رہے گا، آپریشن مکمل معلومات کی بنیاد پرکیا گیا۔ نائن زیرو کے اردگرد بیریئر لگا کراکیس گلیاں بند کی گئی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایم کیوایم سے کہا گیا ہےکہ وہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے یہ بیریئر ہٹادیں۔
رینجرز کا کہنا ہے کہ نائن زیروسے سزا یافتہ ٹارگٹ کلر بھی گرفتار کیے۔
نائن زیرو پر چھاپے کے بعد رینجرز ترجمان نے کہا کہ خورشید میموریل ہال سمیت نائن زیرو کے اطراف مختلف گلیوں میں آپریشن دوران سزایافتہ ٹارگٹ کلرزبھی گرفتارکیےگئے، گرفتارافراد میں ولی خان بابرکے قتل میں ملوث فیصل موٹا بھی شامل ہے، جسے سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔
رینجرزترجمان کے مطابق فرحان شبیرعرف ملا، عامر، نادر، عبید کے ٹو کو بھی حراست میں لیا گیا، گرفتار ملزم نادر تیرہ سال قید کاسزا یافتہ ہے، گرفتارملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ برامد کرلیا گیا۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا آج ملک بھر میں بھرپور پُرامن یوم احتجاج منانے کا اعلان
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں قائد الطاف حسین کی رہائش گاہ اور ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز کے وحشیانہ چھاپے اور ایم کیوایم کے مرکزی رہنماوٴں عامر خان، عبدالحسیب ، ڈاکٹر سلیم دانش، ارشد حسین، ڈاکٹرایوب شیخ اور رکن سندھ اسمبلی ریحان ظفرسمیت متعدد منتخب اراکین اور متعدد کارکنوں کی غیرقانونی وغیرآئینی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس عمل کے خلاف آج ملک بھر میں بھرپور پُرامن یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے ۔
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ رینجرز نے نائن زیرو کے علاقے کا محاصرہ کرکے الطاف حسین کی رہائش گاہ اور خورشید بیگم سیکریٹریٹ پر قائم مختلف شعبہ جات میں چھاپوں اور تلاشی کے دوران نقاب پوش سرکاری اہلکاروں نے سامان کی توڑپھوڑ کی، وہاں رکھے گئے کمپیوٹرز، ٹی وی اور دیگرسامان توڑپھوڑدیا، فون اور کیمرے منقطع کرکے تباہ کردیئے اور تنظیمی معاملات سے متعلق فائلیں اپنے قبضے میں لے لیں اور ان شعبوں میں موجود کارکنوں، ذمہ داروں اورمنتخب نمائندوں کوگرفتارکیا۔
رابطہ کمیٹی نے تاجر اور ٹرانسپورٹ برادری سے اپیل
رابطہ کمیٹی نے تاجر اور ٹرانسپورٹ برادری سے اپیل کی کہ وہ ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو پر بلاجواز چھاپے ،توڑپھوڑ،تلاشی اورایم کیوایم کے رہنماوٴں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف آج بطور احتجاج اپنا کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھیں اور سندھ کے محب وطن عوام خصوصاً اردو بولنے والوں کے خلاف رینجرز کے وحشیانہ مظالم کے خلاف پرامن احتجاج کریں۔
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیوایم کے متعدد کارکنوں کو مسلح دہشت گرد شہید کرچکے ہیں لیکن انکے قاتلوں کوگرفتارنہیں کیا گیا، کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد پولیس پر حملے کر رہے ہیں ، لیکن ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ایم کیوایم کے مرکز پر چھاپہ ماراگیا ہے اورگرفتاریاں کی گئی ہیں، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔
رابطہ کمیٹی نے وزیرِاعظم نواز شریف سے پُرزور مطالبہ
رابطہ کمیٹی نے وزیرِاعظم نواز شریف سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیوایم جو ملک میں امن واستحکام اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت اورعسکری اداروں کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے، اسکے قائدالطاف حسین کے گھر، اسکے مرکزنائن زیرو پر چھاپے، گرفتاریوں اور مظالم کافی الفورنوٹس لیاجائے، وزیرِاعظم نواز شریف کراچی پہنچیں اور کراچی میں رینجرز کی جانب سے کی جانے والی ان زیادتیوں کی تحقیقات کی جائے اور ان زیادتیوں کاسلسلہ بندکیا جائے۔
ایم کیو ایم کی احتجاج کی کال، تعلیمی ادارے بند، پیٹرول پمپ بند ، پرچے ملتوی
ایم کیو ایم کی جانب سے احتجاج کی کال پر کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں افراتفری پھیل گئی، تعلیمی ادارے بند اور پرچے بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں، دوسری جانب پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے آج تمام اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرزکی ٹارگٹڈ کارروائی اور کارکنوں کی گرفتاری کے بعد اندرونِ سندھ مختلف شہروں میں صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے۔
حیدر آباد سکھر نواب شاہ میر پور خاص سمیت سندھ بھرکے مختلف شہروں میں اسکول انتظامیہ نے چھٹی کردی، جامعہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف تعلیمی اداروں میں امتحانی پرچے ملتوی کر دئے گئے۔
حیدرآباد میں مختلف مقامات پر جلاؤ گھیراؤکے واقعات کے بعد تمام پیٹرول پمپ بند کر دیئے گئے ہیں، نواب شاہ میں بھی تمام کاروباری مراکزبند کردیئے گئے جبکہ نامعلوم افرادکی جانب سے فائرنگ کے واقعات بھی ہوئے جس کے بعد شہر کی سڑکیں ویران ہوگئیں ہیں۔
میرپورخاص میں بھی شٹر ڈاؤن ہے، تمام کاروباری مراکز، سی این جی اور پیٹرول پمپ بند ہیں، سکھر میں بھی کاروبار بند ہوگیا ہے، جامشورو اور کوٹری سمیت اندرونِ سندھ مختلف شہروں میں ہڑتال کا سماں ہے۔
رینجرز اہلکاروں کی بلاجواز فائرنگ ایم کیوایم شعبہ اطلاعات کے سرگرم کارکن وقاص علی شاہ شہید
رینجرز اہلکاروں کی بلاجواز فائرنگ سے ایم کیوایم شعبہ اطلاعات کے سرگرم کارکن وقاص علی شاہ شہید ہوگئے، 24 سالہ وقاص علی شاہ صبح ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی رہائش گاہ نائن زیرو اور ایم کیوایم کے مرکز خورشید بیگم میموریل سیکریٹریٹ پر رینجرز کے غیرقانونی چھاپوں اور گرفتاریوں کی اطلاع کے بعد ایم کیوایم کے دیگر کارکنان کے ہمراہ نائن زیرو عزیزآباد پہنچے تھے، جہاں رینجرز کے اہلکاروں نے جمع ہونے والے کارکنان بالخصوص خواتین سے بدسلوکی کی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
بعدازاں نائن زیرو سے جاتے ہوئے رینجرز کے اہلکاروں نے وہاں موجود ایم کیوایم کے کارکنان پر بلاجواز فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وقاص علی شاہ سر پر گولی لگنے کے باعث موقع پرہی شہید ہوگئے جبکہ رینجرز کی فائرنگ سے متعدد کارکنان شدید زخمی ہوگئے جنہیں مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
وقاص علی شاہ ایک شعلہ بیاں مقرر تھے اور گزشتہ کئی برسوں سے ایم کیوایم اور اے پی ایم ایس او کے پروگراموں میں نظامت کے فرائض انجام دے رہے تھے، وقاص علی شاہ کی شہادت کے واقعہ سے ایم کیوایم کے کارکنان وہمدردوں میں شدید غم وصدمہ پایاجاتا ہے۔
ہمارے کارکن کو پوائنٹ بلینک گولی ماری گئی ہے، فیصل سبزواری
ایم کیو ایم کے رہنماء فیصل سبزواری نے نائن زیرو پر چھاپے کے دوران فائرنگ سے کارکن کے جاں بحق ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکن کو پوائنٹ بلینک گولی ماری گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس سے جتنا بھی اسلحہ برآمد ہوا ہے سب کے لائسنس موجود ہیں اور جو ممنوعہ بور کا اسلحہ ہے اس کے پرمٹ وزارتِ داخلہ کی جانب سے دئیے گئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ نا ئن زیرو کے لئے حکومت اور انٹیلجنس اداروں کی جانب سے سیکیورٹی وارننگ ماضی میں جاری کی جاتی رہیں ہیں اورہمیں کہا جاتا رہا ہے کہ اسلحہ رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 1992سے آج تک یہی کیا جاتا رہا ہے جھوٹے سچے جناح پور کے نقشے بنائے جاتے رہے ہیں اور اب یہ اسلحہ دکھایا گیا ہے، اگررینجرزچاہے توہم انہیں سب کے پرمٹ اورلائسنس دکھا سکتے ہیں۔
انہوں وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا کہ رینجرز کے چھاپے کے دوران بے گناہ کارکن کی ہلاکت اور خواتین پرتشدد کا جواب دیا جائے۔
ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا نوٹس
وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس سے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر اور ڈائریکٹر جنرل پولیس غلام حیدر جمالی سے رابطہ کیا اور ان سے عزیز آباد میں واقع ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے اور گرفتاریوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کی۔
ایم کیوایم کے رکن وقاص علی شاہ کی شہادت پر الطاف حسین کی مذمت
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رینجرز کی بلاجواز فائرنگ سے ایم کیوایم شعبہ اطلاعات کے جواں سال سرگرم رکن وقاص علی شاہ کی شہادت اور متعدد کارکنان کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم کو ظلم وستم کا نشانہ بناتے ہوئے آج ایک اور تحریکی ساتھی کو ہم سے چھین لیا گیا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
الطاف حسین نے وقاص علی شاہ شہید کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وقاص علی شاہ کی شہادت سے مجھے ذاتی طورپر دلی صدمہ پہنچا ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔
الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وقاص علی شاہ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطافرمائے اور سوگوارلواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ الطاف حسین نے رینجرز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے کارکنان کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔
گورنر سندھ کا وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار اور ڈی جی رینجرز سے رابطہ
گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اور ڈی جی رینجرز میجرجنرل بلال اکبرسےرابطہ کیااورنائن زیرو پر چھاپےاور گرفتاریوں کےحوالےسےتبادلہ خیال کیا۔
ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز کی کارروائی اور کارکنوں کی گرفتاری کے بعد گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سے رابطہ کیا اور نائن زیرو پر چھاپے اور گرفتاریوں سےمتعلق تبادلہ خیال کیا۔
گورنر سندھ نے چوہدری نثار کو چھاپے اور گرفتاریوں کے بعد پیداہونے والی صورتحال اور ایم کیو ایم کی قیادت کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔
وقاص شاہ کو رینجرز کی گولی نہیں لگی ڈی جی رینجرز
ڈی جی رینجرز میجربلال اکبر کا کہنا ہے کہ وقاص شاہ کو ہماری گولی نہیں لگی، وقاص شاہ کو ٹی ٹی پستول کی گولی لگی اور رینجرز ٹی ٹی پستول استعمال نہیں کرتی۔
کراچی کی صورتحال پر ڈی جی رینجرز نے احکامات جاری کئے ہیں کہ کراچی کے شہریوں کی زندگی متاثر کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ہیلپ لائن 1101 پر اطلاع ملنے پر شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
رینجرز ترجمان نے بتایا کہ خورشید میموریل سمیت نائن زیرو کے اطراف آپریشن میں سزایافتہ ٹارگٹ کلرز بھی گرفتارکیےگئے۔ جن میں ولی خان بابرکےقتل میں ملوث فیصل موٹا بھی شامل ہے، جس کی تصویر جاری کردی گئی ہے ، جسےسزائےموت سنائی جاچکی ہے۔
فرحان شبیرعرف ملا،عامر،نادر،عبید کےٹو کوبھی حراست میں لیا گیا۔
نائن زیرو پر چھاپے کے خلاف ایم کیوایم کے سینیٹرز نے واک آؤٹ کردیا، بابرغوری کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد کی اطلاع تھی تو ہمیں بتایاجاتا خود کارروائی کرتے، ن لیگ کے مشاہداللہ نے یاد دلایا کہ کراچی آپریشن کےانچارج وزیرِاعلٰی سندھ ہیں۔
ایم کیوایم کے سینٹرز نے کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کی، مسلم لیگ ن کےسینیٹر مشاہد اللہ نےکہا کہ کراچی آپریشن کے انچارج وزیراعلٰی ہیں،انہوں نےواقعےکانوٹس لےلیا۔
اے این پی کے حاجی عدیل کہتے ہیں کہ سیاسی جماعت کے مرکز سے مطلوبہ ملزم گرفتار ہوئے تو کارروائی درست ہے، پیپلزپارٹی کےرضاربانی کا کہنا تھا کہ کارروائی سے پہلےایم کیوایم کی قیادت کواعتماد میں لینا چاہیے تھا۔