پیر, اکتوبر 7, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26404

بھارت میں پاکستانی فنکاروں کو کنسرٹ کرنے سے روک دیا

0

ممبئی: بھارت کی جانب سے پاکستان دشمنی کا ایک اورمظاہرہ، سات پاکستانی گلوکاروں کو این سی پی اے میں کنسرٹ کرنے سے پولیس کے ذریعے جبراًروک دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مقبول پاکستانی بینڈ ’سچل جاز انسمبل‘نے ممبئی کے نیشنل سینٹر آف پرفارمنگ آرٹس میں کنسرٹ کرنا تھا ٹکٹ بیچے جا چکے تھے عوام جمع ہوچکی تھی لیکن ممبئیی پولیس نے آخری وقت میں اجازت نامہ منسوخ کرتے ہوئے پاکستانی فنکاروں کو پرفارم کرنے سے روک دیا۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے اس بینڈ میں تین برطانوی جب کہ سات پاکستانی فنکار شامل ہیں۔ بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق پولیس نے برطانوی فنکاروں کو تو پرفارمنس کی اجازت دے دی لیکن پاکستانی پرفارمرز کے بارے میں کہا کہ موجودہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی فنکاروں کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔

اسپیشل برانچ ممبئی پولیس انے اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب بھی پاک بھارت کشیدگی بڑھی ہے تو ایسے مواقع پر حالات قابو سے باہر ہوئے ہیں لہذا امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنے اور کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی فنکاروں کو پرفارم کرنے سے روک دیا جائے۔

کنسرٹ کے آرگنائزر آخری لمحے تک کوشش کرتے رہے کہ کسی طرح اجازت حاصل کرلی جائے لیکن اپنے اس مقصد میں ناکامی پر انہوں نے شو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر کنسرٹ انتظامیہ نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دینے سے اعراض کرتے ہوئے منگل کو ایک باضابطہ ای میل کے ذریعے کنسرٹ منسوخ ہونے کی وجوہات بیان کرنے کا اعلان کیا۔

بلاول زرداری تہذیب و ادب کی تعلیمات حاصل کریں، نسرین جلیل

0

کراچی : متحد ہ قومی موومنٹ کی سینیٹر نسرین جلیل نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کا قائدِ تحریک الطاف حسین کے متعلق دھمکی آمیز بیان سیاسی اصول و ضوابط کی نفی اور کسی طور قابل برداشت نہیں ہے ۔

حق پرست سینیٹر نے بلاول زرداری کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلاول زرداری سیاست میں سیاسی گفتگو کے آداب سے نابلد ہیں انہیں چاہئے کہ وہ کروڑوں لوگوں کے ہر دل عزیز لیڈر کے متعلق بیانات دینے سے قبل تہذیب و ادب کی تعلیمات حاصل کریں۔

نسرین جلیل نے بلاول زرداری سے کہا کہ وہ سیاسی بالغ نظری کا مظاہر کریں اور الطاف حسین کے متعلق کسی بھی قسم کی خراب زبان استعمال کرنے سے قبل قومی سیاسی تاریخ کا بغور مطالعہ کریں۔

کیونکہ ایسے کئی سیاستدان اپنی خواہشات لے کر لندن گئے مگر ناکامی کا منہ لے کر واپس ہوئے کیوں کہ جناب الطاف حسین سچے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا بیان شرم ناک ہے جس پر انہیں الطاف حسین اور ان کے کروڑوں چاہنے والوں سے معافی کا خواستگار ہونا چاہئے ۔

سینیٹر نسرین جلیل نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کے بیان کہ جس میں انہوں نے الطاف حسین کا جینا حرام کرنے کی دھمکی دی ہے ۔

وہ اس کی فوری وضاحت کریں ورنہ الطاف حسین کے چاہنے والے بلاول بھٹوزرداری کے خلاف آئین و قانون کے مطابق عدالتوں سے رجوع کرنے پر مجبور ہوں گے۔

دولہا دلہن کی عمرمیں فرق کتنا ہو،تحقیق نے بتا دیا

0

نیویارک: اکثر شادی کرتے ہوئے یہ بات ذہن میں رکھی جاتی ہے کہ عورت اور مرد کے درمیان عمر کا کتنا فرق ہے۔ ہمارے ہاں یہ رواج بہت تیزی سے مقبولیت پاچکا ہے کہ عورت کی عمر مرد سے کم از کم پانچ سال کم ہونی چاہیے ورنہ شادی کامیاب نہیں ہوتی

لیکن حال ہی میں کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر عورت اور مرد کے درمیان عمر کا فرق بڑھتا جائے تو ان کے درمیان طلاق ہونے کی شرح بھی بڑھتی جاتی ہے۔

ضروری نہیں کہ مرد کی عمر زیادہ ہو اور عورت کی عمر کم تب ہی شادی کامیاب ہو گی بلکہ اگر دونوں کی عمر برابر یا انتہائی تھوڑا فرق ہو تب بھی شادی کے کامیاب ہونے کےامکانات زیادہ ہی ہوتے ہیں۔

تحقیق میں 3,000شادی شدہ اور طلاق یافتہ جوڑوں کو شامل کیا گیا اور یہ بات سامنے آئی کہ اگر عورت اور مرد کے درمیان عمر کا فرق ایک سال(مرد عورت سے ایک سال بڑا یا چھوٹاہوسکتا ہے)ہو تو ان میں طلاق ہونے کا تین فیصد چانس موجود ہے۔

اگر دونوں کے درمیان عمر کا فرق پانچ سال تک ہو تو طلاق ہونے کا امکان 18فیصد ہو جاتا ہے لیکن اگر یہی فرق 10سال پر چلا جائے تو39فیصد امکان ہے کہ ایسے جوڑوں میں طلاق ہوجائے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں کہ ہر شادی جس میں عمر کا فرق زیادہ ہو کا برا انجام ہو لیکن بہتر ہے شادی کرتے ہوئے عمر کا خیال رکھا جائے اور کوشش کی جائے کہ یہ فرق کم سے کم ہو۔

ایسے سات ممالک جہاں تعلیم مفت ہے

0

جرمنی کا اعلٰی تعلیم کا منظرنامہ بنیادی طور پر بین الاقوامی سطح پر معروف اور درجہ بندی رکھنے والی یونیورسٹیوں پر مشتمل ہے، ان میں سے کچھ کو خصوصی فنڈز بھی حاصل ہوتے ہیں، اس لیے کہ حکومت ان کو بہترین ادارے سمجھتی ہے۔اب اس سے بڑھ کر کیا ہوگا کہ آپ جرمنی سے گریجویشن یا انڈرگریجویٹ کی ڈگری، جرمنی زبان کا ایک لفظ ادا کیے بغیر اور ٹیوشن فیس کی مد میں ایک ڈالر ادا کیے بغیر حاصل کرسکتے ہیں۔

خاص طور پر انگریزی زبان میں انجینئرنگ سے لے کر سوشل سائنس تک کے کورسز کے ساتھ تقریباً 900 انڈرگریجویٹ یا گریجویٹ کی ڈگریاں پیش کی جاتی ہیں۔ کچھ جرمن ڈگریوں کے لیے آپ کو باضابطہ طور پر درخواست دینے تک کی ضرورت نہیں ہوتی۔ سچ تو یہ ہے کہ اگر آپ جرمنی کے اعلٰی تعلیمی نظام میں طالبعلم کی حیثیت سے داخل ہوتے ہیں تو جرمنی کی حکومت بہت خوش ہوگی، انگریزی زبان میں بڑی تعداد میں ڈگری کی پیشکش کا ارادہ ہے، تاکہ جرمن طالبعلموں کو غیرملکی زبان میں بات چیت کے لیے تیار کیا جائے۔ اس لیے کہ اس ملک کو بہت زیادہ ہنرمند کارکنوں کی ضرورت ہے۔

شمالی یورپ کے ملک فن لینڈ میں کوئی ٹیوشن فیس نہیں لی جاتی، اور یہاں انگریزی زبان میں یونیورسٹی پروگراموں کی بڑی تعداد کی پیشکش موجود ہے تاہم فن لینڈ کی حکومت دلچسپی رکھنے والے غیرملکیوں کو خوش مزاجی کے ساتھ یہ بات یاد دلاتی ہے کہ وہ اپنی رہائش کے روزانہ اخراجات کو خود پورا کریں گے،  دوسرے الفاظ میں فن لینڈ آپ کی تعلیم کے اخراجات برداشت کرے گا لیکن آپ کے طعام و قیام کا نہیں۔

فرانس میں انگریزی زبان کے کم از کم 76 انڈرگریجویٹ پروگرام ہیں۔ لیکن زیادہ تر کی پیشکش نجی یونیورسٹیوں کی جانب سے کی گئی ہے اور وہ خاصے مہنگے ہیں، تاہم بڑی تعداد میں گریجویٹ سطح کے کورسز انگریزی زبان میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے لیے تیار کیے جارہے ہیں اور ہر تین میں سے ایک فرنچ ڈاکٹریل ڈگری کسی غیرملکی طالبعلم کو دی جاتی ہے، سرکاری یونیورسٹی کے پروگراموں میں سے زیادہ تر پروگراموں کے لیے نہایت مختصر ٹیوشن فیس یعنی تقریباً 200 امریکی ڈالرز وصول کیے جاتے ہیں۔

سوئیڈن اسکینڈے نیوین ملکوں میں سے یہ دنیا کا دولت مند ترین ملک ہے اور یہاں کے خوبصورت قدرتی مناظر اس کی انفرادیت ہیں۔یہاں بھی دنیا کی سب سے قیمتی کالج کی ڈگریاں پیش کی جاتی ہیں۔ یہاں پینتیس یونیورسٹیوں میں 900 سے زیادہ پروگرام انگریزی میں سکھائے جاتے ہیں۔ تاہم یہاں صرف پی ایچ ڈی کی ڈگری کی سطح کی تعلیم مفت میں دی جاتی ہے۔

ناروے کی یونیورسٹیاں بین الاقوامی طالبعلموں سے ٹیوشن فیس وصول نہیں کرتیں، یہاں کا اعلیٰ تعلیم کا نظام امریکی تعلیمی نظام کی طرز کا ہے، جہاں کلاس میں طالبعلموں کی تعداد مختصر اور پروفیسر تک ہر ایک طالبعلم کی رسائی آسان ہوتی ہے۔لیکن ناروے میں آپ رقم بچانے کی توقع نہیں کرسکتے، اس لیے کہ یہ دنیا کے سب سے زیادہ مہنگے ملکوں میں سے ایک ہے۔یہاں تعلیم حاصل کرنے کا فیصلہ بہت سوچ بچار کے بعد کیا جائے، اس لیے کہ اس ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسمِ سرما انتہائی شدید ہوتا ہے۔

سلوانیہ تقریباً 150 پروگرامز انگریزی میں دستیاب ہیں، اور غیرملکی شہریوں کو صرف داخلے کے وقت رجسٹریشن فیس کی مد میں معمولی سی رقم ادا کرنی پڑتی ہے، سلوانیہ کی سرحد اٹلی اور کروشیا سے ملحق ہے، جو یورپ کے سب سے زیادہ مشہور سیاحتی مقامات ہیں۔تاہم سلوانیہ کی کسی ایک یونیورسٹی کو عالمی رینکنگ کی فہرست میں جگہ نہیں مل سکی ہے۔

برازیل میں کچھ کورسز انگریزی زبان میں سکھائے جاتے ہیں اور سرکاری یونیورسٹیاں صرف معمولی رجسٹریشن فیس وصول کرتی ہیں۔ساؤ پالو یونیورسٹی اور کیمپیناس کی سرکاری یونیورسٹی دنیا کی چار سو بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں شامل ہیں تاہم ساؤپالو یونیورسٹی کی زیادہ تر سرگرمیاں پرتگالی زبان میں کی جاتی ہیں، اس لیے یہ زبان جاننا از حد ضروری ہے۔

میرشکیل،شائستہ لودھی،وینا ملک اوراسد خٹک اشتہاری ملزمان قرار

0

ایبٹ آباد:شہرکی مقامی عدالت نے توہین آمیز پروگرام کیس میں جیونیوز کے مالک میرشکیل الرحمٰن ،شائستہ لودھی ، وینا ملک اور اسد خٹک کو اشتہاری ملزم قرار دے دیا۔

تفصیلات کےمطابق سول جج اور مقامی مجسٹریٹ نجیب الحق کی عدالت میں جیو مارننگ شو میں توہین آمیز پروگرام کیس میں چاروں ملزمان جیو کے مالک میر شکیل الرحمان، وینا ملک، اسد خٹک، اور شائستہ لودھی کو متعدد بار عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ۔

پیش نہ ہونے پر عدالت نے جیو کے مالک میر شکیل الرحمان ،شائستہ لودھی ، وینا ملک اور اسد خٹک کو اشتہاری قرار دے دیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ایس ایچ او میر پور ، تفتیشی افسران سمیت مدعی کو بھی بیابات قلمبند کروانے کیلئے طلب کر لیا گیا ۔

عدالت میں جیو کے مارننگ شو میں توہین آمیز پروگرام کیخلاف سردار بلال مرتضی نے درخواست دائر کی تھی

دل کش خواتین مردوں کو سگریٹ چھوڑنے نہیں دیتیں

0

نیویارک: ایک تازہ تحقیق میں یہ ثابت ہو گیا ہے دل کش خواتین مردوں کو سگریٹ چھوڑنے نہیں دیتیں، اب آ پ اس بات کو سگریٹ نہ چھوڑ پانے کا بہانہ نہ بنا لیجئے گا مگر تحقیق یہی کہتی ہے کہ خوبصورت خواتین کی موجودگی میں سگریٹ چھوڑنا مشکل ہے۔

تحقیق کے مطابق جو مرد تمباکو نوشی چھوڑنے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں، ان کی ساری محنت اس وقت مٹی میں مل جاتی ہیں جب ان کے سامنے پْرکشش خواتین اپنے جلوے بکھیرتی ہیں۔

تائیوان کی کاؤسیونگ میڈیکل یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے 76 سگریٹ نوشوں کو دو گروپوں میں تقسیم کرکے ان میں سے ایک گروپ کو خوبصورت خواتین کی تصاویر دکھائیں جبکہ دوسرے گروپ کو عام شکل و صورت والی خواتین کی تصاویر دکھائیں۔

اس کے بعد معلوم ہوا کہ پْرکشش چہرے سے مردوں کی توجہ سگریٹ نوشی چھوڑنے کی بجائے محبت اور دیگر تعلق کی جانب زیادہ مرکوز ہو گئی اور اس لت میں کمی کی بجائے مزید دوگنا اضافہ ہو گیا۔ اس کے مقابلے میں دوسرے گروپ کو عام چہروں والی خواتین کی تصاویر سے یہ فائدہ ہوا کہ انہیں اپنی عادت ترک کرنے میں کافی حد تک کمی ملی۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ دلکش خاتون نظر آنے پر مرد کا دماغ افزائش نسل کی کیفیت میں چلا جاتا ہے اور اس کیفیت میں وقتی مفاد کو مستقبل کے مفاد پر فوقیت دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مرد صحت کے نقصان کو بھول کر نکوٹین کے فائدے پر نظر رکھتے ہوئے سگریٹ پر سگریٹ سلگائے جاتے ہیں۔

سعودی فرمانروا کیخلاف بات کرنے پرامام کو آٹھ سال قید

0

ریاض: عرب میڈیا  سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق سعودی عرب کی مقامی عدالت نے ایک امام مسجد کو مملکت کے فرمانروا کی اطاعت نہ کرنے اور فرقہ واریت کے بیج بونے کے الزام میں 8سال قید اور بعداز 10سال مملکت سے باہر کے سفر پر پابندی کی سزا سنا دی ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ مذکورہ امام مسجد مملکت کی سا لمیت کو نقصان پہنچانے کے بھی مرتکب ہوئےہیں  اور ان کے خطبات پر بھی تا حیات پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

امام اور اٹارنی جنرل نے عدالت کے مذکورہ  فیصلے پر اعتراض کیا ، جس پر انہیں 30دن کے اندر اپیل کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔آٹھ سال قید کا آغاز گرفتاری کے دن سے شمار کیا جائے گا۔

الطاف حسین کا بلاول کے دھمکی آمیز بیان کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ

0

کراچی: متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سندھ حکومت اور پی پی کی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلاول بھٹوزرداری کے دھمکی آمیز بیان کی پندرہ روز میں تحقیقات کرائے۔

ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے اپنے ایک بیان میں حکومت پاکستان، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے سربراہوں، آصف علی زرداری، رحمان ملک، قائم علی شاہ اور گورنر سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلاول بھٹو کے چھ اکتوبر کے دھمکی آمیز بیان کی پندرہ روز میں تحقیقات کروائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے الطاف حسین کو مخاطب کر کے کہا تھا کہ انکل الطاف آپ اپنے نامعلوم افراد کو سنبھالیں، اگر میرے کارکنوں پر ایک آنچ بھی آئی تو لندن پولیس تو کیا میں آپ کا جینا حرام کردوں گا۔

الطاف حسین نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری بتائیں کہ انکے کارکنوں کو کب اور کہاں ذرا سی بھی آنچ آئی تھی اور انہوں نے مجھے کیوں اور کس لئے اس کا مورد الزام ٹھہرایا ہے؟

الطاف حسین نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو، آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی پندرہ دن کے اندر میرے اُٹھائے گئے سوال کا جواب نہ دے سکی تو میں اپنے قانونی و آئینی ماہرین کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ بلاول بھٹوزرداری کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں۔

پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے مشروط ہے، نوازشریف

0

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے مشروط ہے دونوں ممالک کے امن سے خطے میں استحکام آئے گا۔

وزیراعظم نوازشریف نے برطانیہ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ میں افغا نستان پر ہو نے والی کانفرنس میں شریک ہوں گے اس کانفرنس سے پاکستان اور افغانستان میں امن کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس کانفرنس کے مفید نتائج برآمد ہوں گے۔ ،

درخواست ضمانت مسترد: ہنگامہ آرائی میں ملوّث 5افراد گرفتار

0

لاہور: ہنگامہ آرائی کرنے والے دوگروپوں کے پانچ افراد کو لاہورہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتارکرلیا گیا۔ گرفتارافراد میں سے کچھ قتل کے ملزم کوچھڑانے کی کوشش کررہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس الطاف ابراہیم قریشی کی عدالت میں اقدام قتل کے ملزم اعظم کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواست مسترد کردی جس کے بعد ملزم کے ساتھیوں نے اسے پولیس کے قبضے سے چُھڑانے کی کوشش کی۔

ساتھیوں کی جانب سے چھڑانے کی کوشش اور ہنگامہ آرائی کی گئی ۔اس پر مدعی گروپ نے مداخلت کرتے ہوئے ملزم کو فرار کرانے سے روکا جس پر ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی اور دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کرتے ہوئے تابڑ توڑ حملے کیے۔

ہنگامہ آرائی کرنے پر ہائیکورٹ سکیورٹی نے پانچ افراد کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کردیا ۔