اتوار, ستمبر 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26721

مشکل کی گھڑی میں متاثرینِ سیلاب کوتنہا نہیں چھوڑیں گے،وزیرِاعظم

0

آزاد کشمیر: وزیرِاعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں متاثرینِ سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ملک منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔

وزیرِاعظم نواز شریف نے اپنے دورے کے دوران حویلی آزاد کشمیر میں متاثرینِ سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے تباہی پردلی افسوس ہے، متاثرین کودی جانیوالی رقم معاوضہ نہیں امداد ہے، مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

نواز شریف نے کہا ہے کہ دھرنوں سے فرصت ملنے کے بعد مظفرآباد آؤں گا۔

  وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرین کے دکھ درد کم کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے، متاثرین کے مکانات کی تعمیرِ نو اورکاروبار کی بحالی میں حکومت تعاون کرے گی، جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس دس لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

  وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا، ملک میں مثبت اور تعمیری سیاست ہونی چاہئے۔

کراچی کونفرت کی آگ میں جھونکاجارہاہے، حیدرعباس رضوی

0

کراچی : ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی کے کوآرڈنیٹر سلمان کاظمی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماء حیدرعباس رضوی کا کہنا تھا کہ کراچی کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نفرت کی آگ میں جھونکا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ سلمان کاظمی چھوٹا بھائی اور بیٹا تھا، قائدِ تحریک الطاف حسین بھائی کا جانثار کارکن تھا، ساری زندگی تحریک کیلئے قربانیاں دیں، ظالم دہشتگردوں نے شہید کردیا۔

حیدرعباس رضوی نے کہا ہے کہ مصلحت کے نام پر کراچی میں شیعہ سنی فرقہ وارانہ فساد کرایا جارہا ہے،الطاف حسین کی اتحاد بین الامسلمین اور بین المذاہب کی قربانیاں ڈھکی چھپی نہیں، دہشتگردوں کو روکنے والا کوئی ہاتھ دکھائی نہیں دیتا ہے۔

حیدرعباس رضوی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، انجینئرز، لائرز اور پروفیسرز کے بعد ان کے خاندانوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ ایسی مذموم کاروائیوں کی بھرپورمذمت کرتی ہے اورمطالبہ کرتی ہے کہ وزیرِاعظم نواز شریف، وزیرِاعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ ، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں کے خلاف بھرپورکاروائی کریں۔

امریکا میں ٹوئن ٹاورز کی تباہی کو 13سال مکمل

0

امریکا میں ٹوئن ٹاورز کی تباہی کو تیرہ سال مکمل ہوگئے ہیں، واقعے کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ شروع ہوئی۔

ورلڈ ٹریڈ سینٹر امریکہ کے شہر نیویارک میں قائم ایک بلند عمارت تھی،  جسے جاپانی نژاد امریکی ماہر تعمیرات منورو یاماساکی نے ڈیزائن اور اتھارٹی آف نیویارک اینڈ نیو جرسی نے تعمیر کیا۔ اس عمارت کو ٹوئن ٹاورز بھی کہا جاتا ہے۔

اس عمارت کی تعمیر کا آغاز مین ہٹن کے علاقے میں 1966ء میں کیا گیا، 110 منزلہ جڑواں عمارتیں 1972ء میں اپنی تکمیل سے 1973ء تک دنیا کی بلند ترین عمارات رہییں، 11 ستمبر 2001ء کو ایک حملے میں عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

ورلڈ ٹریڈ سینٹر 8.6 ملین مربع فٹ پر پھیلا ہوا تھا اور اس کے دونوں ٹاورز 110 منزلوں کے حامل تھے۔

گیارہ ستمبر 2001ء کی صبح 8بجکر 46 منٹ پر امریکن ایئر لائنز کی فلائٹ 11 شمالی ٹاور میں جا ٹکرائی، جس کے 20 منٹ بعد 9 بجکر 3 منٹ پر یونائیٹڈ ایئر لائنز کی فلائٹ 175 اس کے جنوبی ٹاور سے جا ٹکرائی، جو 9 بجکر 59 منٹ پر زمین بوس ہوگیا جبکہ 10 بجکر 28 منٹ پر شمالی ٹاور بھی زمین بوس ہوگیا۔

اس حملے کے دوران ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے ملحقہ عمارات کو بھی زبردست نقصان پہنچا، اس زبردست حملے کے نتیجے میں ارد گرد کا علاقہ ملبے کا ڈھیر بن گیا، جسے صاف کرنے میں ساڑھے 8 ماہ لگے جبکہ دھواں اور دھول مٹی 99 دنوں تک مین ہٹن پر چھائی رہی۔

اس حملے میں حکومتی اعداد و شمار کے مطابق دو ہزار 749 افراد ہلاک ہوئے، امریکی حکومت نے اس کی جگہ پر ون ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے نام سے نئی عمارت بنانے کا اعلان کیا جو کہ اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، اور  2014 کے اختتام تک  مکمل ہوگی۔

زخمی ہونے والے افراد آج بھی اس حادثے کو یاد کرتے ہوئے اشکبار ہوجاتے ہیں، حادثے کے مقام پر قائم گراؤنڈ زیرو اور وہاں بنایا جانے والا میوزیم ہر سال امریکیوں کو اس سانحے کی یاد دلاتا رہے گا۔

نائین الیون کے بعد سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا، دہشت گردی کے واقعات اور خودکش حملوں میں پچاس ہزار شہری اور تین ہزار کے قریب پاک فوج کے جوان اور افسران شہید ہوگئے جبکہ کھربوں روپے کا مالی نقصان ہوا۔

سینیٹ کے ایک چوتھائی اراکین 6180 تولہ سونے کے مالک

0

اسلام آباد: الیکشن کمیشن موجودہ اراکین پارلیمنٹ کے پاس موجود سونے کی تفصیلات منظرِعام پر لے آیا ہے، ایک چوتھائی اراکین کے پاس چھ ہزار ایک سواسی تولہ سونا ہے

غریب عوام کے بیشتر نمائندے سونے میں کھیل رہے ہیں،  ایوانِ بالا سینیٹ میں ایک چوتھائی اراکین کے پاس چھ ہزار ایک سو اسی تولہ سونا ہے، پچیس اراکین کے پاس تیس کروڑ نوے لاکھ روپے کا سونا جبکہ پانچ اراکین کے پاس تین ہزار تین سو پچاس تولہ سونا ہے۔

سیف اللہ مگسی کے پاس ایک ہزار ایک سو تولہ، گل محمد لاٹ کے پاس ایک ہزار، روبینہ خالد کے پاس پانچ سو، اعظم ہوتی چار سو پچاس جبکہ جعفر اقبال تین سو تولہ سونے کا مالک و مختار ہیں۔

رضا ربانی کے پاس دو سو بیس، نزہت صادق ایک سو بیس، سلیم مانڈوی والا ایک سو چالیس، کلثوم پروین ایک سو بیس، عباس آفریدی ایک سو بیس، عثمان سیف اللہ ایک سو دس تولہ سونے کے مالک ہیں۔

سینیٹ کے جن دس اراکین کے پاس ایک سو تولہ سونا ہے، ان میں چوہدری شجاعت، مختار احمد، فاروق ایچ نائیک، سیعد غنی، الماس پروین، عبدالنبی بنگش، باز محمد خان، اکبر مگسی اور امر جیت ملہوترا شامل ہیں۔

بھارت اورپاکستان کے درمیان پانی کا مسئلہ اہم ہے، دفترِخارجہ

0

اسلام آباد : ترجمان دفترِخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت اورپاکستان کے درمیان پانی کا معاملہ ایک اہم مسئلہ ہے، وزیرِاعظم نوازشریف نے بھارتی وزیرِاعظم کے خط کا جواب دے دیا ہے۔

ترجمان دفترِخارجہ تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم نواز شریف نے بھارتی وزیرِاعظم کے خط کا جواب دے دیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں سیلاب زدگان کی مدد کی پیشکش کی ہے تاہم ملک میں متاثرین سیلاب کیلئے بیرونی امداد نہیں مانگی گئی۔

دفترِخارجہ کی ترجمان نے ہفتہ واربریفنگ میں بھارت پرواضح کر دیا ہے کہ پاک بھارت کے درمیان پانی کے معاملے پر سندھ طاس معاہدہ موجود ہے اور پاکستان اس پر بات چیت کے لئے تیار ہے۔

دفترِخارجہ نے بھارت کی طرف سے پاکستان پر جاسوسی کے الزامات مسترد کر تے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سیاچن پر افواج کی موجودگی بھی ماحولیاتی تبدیلوں کا باعث بن رہی ہے ،جس کیلئے ماحولیاتی تبدیلیوں پر کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیمیں کام کر رہی ہیں۔

چین کے صدر کے دورہء پاکستان سے متعلق دفترِخارجہ کا کہنا ہےکہ اس بارے میں سفارتی چینلز پر بات چیت جاری ہے جبکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ملک کی نمائندگی کون کرے گا اس پر بھی ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

دفترِخارجہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ سفارت خانوں کے باہر کوئی احتجاج نہیں ہوا، سفارتخانوں اور سفارت کاروں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، عرب امارات میں ایک پاکستانی کے لاپتہ ہونے پر وزارتِ خارجہ کام کر رہا ہے۔

کراچی: غرقاب کشتی کے 5 ماہی گیروں میں سے 4 کی لاشیں برآمد

0

کراچی : چند روز قبل ڈوبنے والی لانچ میں سوارایک اور شخص کی لاش نکال لی گئی اب تک چار لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔

کراچی میں دو دریا کے قریب سمندر بُرد ہوجانے والی لانچ میں سوار ایک اور ماہی گیر کی لاش نکال لی گئی، ریسکیو ذرائع کے مطابق ابراہیم حیدری کے ساحل کے قریب ایک لاش ملی، جس کی شناخت صدیق جت نامی ماہی گیر کے نام سے ہوئی ہے،لانچ میں سوار پانچ لاپتہ افراد میں سے چار کی لاشیں مل چکی ہیں جبکہ ایک کی تلاش اب بھی جاری ہے۔

چند روز قبل دو دریا اور ابراہیم حیدری کے درمیان لانچ ڈوب گئی تھی، جس میں اٹھارہ ماہی گیر سوار تھے، ریسکیو ٹیموں نے بَر وقت کارروائی کرتے ہوئے تیرہ افراد کو بچالیا تھا تاہم پانچ ماہی گیر سمندر کی نذر ہوگئے تھے۔

آئی ایس آئی کےخلاف دھرنےکااعلان،جنگ گروپ پرمقدمہ چلے گا

0

لاہور: ہائیکورٹ نے جنگ اور جیو کی جانب سے آئی ایس آئی کے دفتر کے سامنے دھرنا دینے کے اعلان کے خلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید نے جنگ اور جیو گروپ کے خلاف درخواست کی سماعت کی، درخواست گزار آفتاب ورک ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ قانون کسی حساس ادارے کے خلاف اس طرح کے احتجاج کی اجازت نہیں دیتا، جنگ اور جیو گروپ کو آئی ایس آئی کے دفتر کے باہر دھرنا دینے سے روکا جائے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرلی ہے، درخواست کی مزید سماعت سترہ ستمبر کو ہوگی۔

چندروز پہلے جنگ گروپ نے مختلف الزامات لگاتے ہوئے آئی ایس آئی کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

ٹورآف اسپین سائیکل ریس، سترہواں مرحلہ جان ڈیجنکوب نے جیت لیا

0

اسپین : ٹورآف اسپین سائیکل ریس کا سترہواں مرحلہ جرمنی کے جان ڈیجنکوب نے جیت لیا ہے، اسپین کے ایلبرٹو کونٹوڈور کو ریس لیڈر کی یلوجرسی حاصل ہے۔

ٹورآف اسپین سائیکل ریس کا سترہواں مرحلہ ایک سو نوے کلو میٹر پر مشتمل تھا، جرمن رائڈر جان ڈیجنکوب نے طویل سفر پر عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے مقررہ فاصلہ چار گھنٹے چھبیس منٹ اور سات سیکنڈز میں طے کیا، یہ جرمن رائڈر کی ایونٹ میں چوتھی کامیابی ہے۔

آسٹریلیا کے مائیکل میتیوز اتنے ہی وقت کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، اسپین کے ایلبرٹو کونٹوڈور کو ریس لیڈر کی یلو جرسی حاصل ہے۔ اسپینش رائڈر سرسٹھ گھنٹے اکیاون منٹ اور سات سیکنڈز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

غیر قانونی بولنگ ایکشن ہے کیا؟

0

غیر قانونی بولنگ ایکشن کیا ہے اورآئی سی سی کن چیزوں کو مدِنظررکھتے ہوئے باؤلر پر پابندی اور کلئیر کرنے کا فیصلہ کرتا ہے ۔

آئی سی سی کے قانون کے تحت جائزباؤلنگ ایکشن وہ ہوتا ہے، جس میں باؤلر ڈیلوری کے دوران بازو کے کاندھے کے برابر پہنچنے تک کہنی کو پوری طرح سے سیدھا نہیں رکھتا۔

اس سے باؤلر کو ڈیلیوری سِونگ میں اپنی کلائی موڑنے یا استعمال کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ کہنی کے زیادہ موڑنے سے باؤلر کوناجائز فائدہ حاصل ہوتا ہے اس سے ڈیلیوری میں مزید رفتار آتی ہے۔

اس کوکنٹرول کرنے کے لیے آئی سی سی نے بازو کے جھکاؤ کا حد پندرہ ڈگری تک مقرر کیا ہے، اگر باؤلر کا ایکشن مشکوک قراردیا جائے تو اسے بایو مکینکس کے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔

بائیو میکنکس کے مطابق پندرہ ڈگری پر ہی بازو کے سیدھے ہونے کو دیکھا جا سکتا ہے، اس ٹیسٹ میں بولر پر ’ریفلیکٹر‘ لگائے جاتے ہیں اور پھر ان ریفلیکٹر کے ذریعے باوٗلر کے بولنگ ایکشن کو ناپا جا سکتا ہے۔

اگر دو سال کے اندر کسی باؤلر کی دوسری مرتبہ شکایت ہو تو اس کو کم سے کم ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سعید کا ایکشن درست کرنے میں مدد کروں گا، ثقلین مشتاق

0

لندن : سابق مایہ ناز آف اسپنر ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ سعید اجمل پاکستان کا سرمایہ ہیں، امید ہے کہ وہ جلد ایکشن بہتر کرکے بین الاقوامی کرکٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

  پاکستانی آف اسپنر ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے ایکشن کی درستگی کے لئے ان سے رابطہ کیا ہے، وہ اجمل کا بولنگ ایکشن تبدیل کرانے میں ان کی بھرپور مدد کریں گے۔

سینتیس سالہ ثقلین نے کہا ہے کہ سعید اجمل کی پاکستان کرکٹ کے لئے خدمات مثالی ہیں، وہ ورلڈ کلاس باؤلر ہیں، کھلاڑی پر بُرا وقت آتا ہے لیکن وہ پر امید ہیں، اجمل جلد اپنا ایکشن درست کرکے بین الاقوامی کرکٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

برطانیہ میں مقیم سابق پاکستانی آف اسپنر جلد پاکستان آکر سعید اجمل کا ایکشن بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، آئی سی سی نے گال ٹیسٹ میں غیر قانونی باوٗلنگ ایکشن کے سبب سعید اجمل پر پابندی عائد کی ہے۔