ہفتہ, نومبر 16, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26722

وادی تیراہ میں فورسزکی زمینی کارروائی، 32دہشتگرد ہلاک

0

راولپنڈی : وادی تیراہ میں فورسز کی زمینی کارروائی کے دوران بتیس دہشتگرد مارے گئے، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد پاک افغان سرحد کی طرف فرار ہورہے تھے۔

سانحہ پشاور کے بعد پاک فوج کی دہشتگردوں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی، جب وہ پاک افغان سرحد کی طرف فرار ہورہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کو ورمنگئی اور سپرکوٹ کےمقام پر روکنے کی کوشش کی گئی، جس پر دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا ، فائرنگ کے تبادلے میں تین سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ، پاک فوج کی تابڑ توڑ کارروائی میں بتیس دہشتگرد مارے گئے۔

کراچی: طالبان کمانڈر عابد مُچھڑ 3ساتھیوں سمیت ہلاک

0

کراچی : مشرف کالونی میں رینجرز سے مقابلے میں کالعدم تحریکِ طالبان کا اہم کمانڈر عابد مچھڑ تین ساتھیوں سمیت مارا گیا۔

کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تو رینجرز نےعلاقےمیں کارروائی شروع کردی، ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے رینجرز اہلکاروں پر فائر کھول دیا اور دستی بم حملے کئے، جس میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

جس کے بعد رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی میں کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر عابد مچھڑ تین ساتھیوں سمیت مارا گیا،عابد مچھڑ کے سر کی قیمت مقرر تھی۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم رینجرز اہلکاروں پر حملوں سمیت کراچی میں ہونیوالے بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ تھا، حملے میں ہلاک ملزمان کی لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے اسپتال منتقل کر دی گئیں ہیں، ملزمان کے قبضے سے چار کلاشنکوف برآمد ہوئیں۔

کراچی: مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق

0

کراچی: پرتشدد واقعات کے دوران خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اورنگی کے علاقے سے ایک شخص کی پھندا لگی لاش ملی مقتول کے ورثا کے مطابق واقعہ دشمنی کا شاخسانہ ہے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔

ملیر کینٹ کے قریب سڑک کنارے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ،ادھر شیرشاہ کے علاقے سے بھی خاتون کی لاش ملی جس کو قانونی کاروائی کیلئے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

کالعدم تنظیموں کے دہشتگردوں کی پھانسی پرعملدرآمد کا حکم

0

اسلام آباد: سزائے موت پر عملدرآمد کے فیصلے کے بعد ملک بھر کی جیلوں میں قائم پھانسی گھاٹوں کی مرمت تکمیل کے مراحل میں کل صبح سے پھانسی کی سزا پرعمل درآمد ہونے کا امکان ہے۔

سزا یافتہ دہشت گردوں کو پھانسی دینے کیلئے ملک بھر کی جیلوں میں انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے، ڈی آئی جی جیل خانہ جات فیصل آباد نے آئی جی جیل خانہ پنجاب اور سیکریٹری داخلہ کو خط تحریر کیا ہے، جس میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر دہشت گردوں کو سینٹرل جیل ہی میں تختہ دار پر لٹکانے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔

سکھر کی سینٹرل جیل ون میں قید کالعدم تنظیموں کے سات مجرموں کو پھانسی دینے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، جیل انتظامیہ نے کالعدم لشکر جھنگوی کے دو دہشت گردوں اعظم اور ہارون کے بلیک وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کردی ہے۔

جیل انتظامیہ کے مطابق آج بلیک وارنٹ ملنے کی امید ہے، جس کے بعد مجرموں کو کل صبح سویرے تختہ دار پر لٹکایا جائے گا، دیگر پانچ دہشت گردوں کو آئندہ چند روز میں پھانسی پر لٹکایا جائے گا۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بھی پھانسی گھاٹ کی مرمت مکمل کرلی گئی ہے، جہاں سزائے موت کے سو سے زائد قیدی سزائے موت کے منتظرہیں۔

وزیرِاعظم نوازشریف کا راولپنڈی جی ایچ کیو کا دورہ

0

راولپنڈی :وزیرِاعظم نواز شریف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملک کی داخلی سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کیخلاف فضاء تیار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِاعظم نواز شریف جی ایچ کیو پہنچے تو پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ان کا استقبال کیا، وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی ان کے ہمراہ تھے ،اس موقع پر سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان قومی سلامتی کے امور پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم نواز شریف کو شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کےخلاف جاری آپریشن ضربِ عضب اور آپریشن خیبر ون پربریفنگ دی گئی۔

جس پر وزیرِاعظم نے اطمینان کا اظہار کیا، وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ دہشت گردوں کا خاتمہ جلد یقینی بنایا جائے۔

فوزیہ قصوری کا عمران خان سے قومی کمیٹی میں شامل نہ ہونے کا مطالبہ

0

واشنگٹن : پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنماء فوزیہ قصوری نے پارٹی چئیرمین عمران خان کو خط میں قومی کمیٹی میں شامل نہ ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

عمران خان کو لکھے گئے خط میں فوزیہ قصوری نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم کی جانب سے قائم کمیٹی ایک ہفتے میں مسائل کا حل نکالنے میں ناکام رہے گی جبکہ دہشت گرد سرعام اپنے جرائم قبول کر رہے ہیں۔

فوزیہ قصوری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف طالبان کے حوالے سے اپنی پالیسی تبدیل کرے اور تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردوں کیخلاف اعلان جنگ کریں۔

سندھ میں کنوئیں سے گیس کے مزید ذخائردریافت

0

سانگھڑ: پاکستان پیٹرولیم نے ضلع سانگھڑ سندھ میں نو دریافت شدہ کنوئیں فیض سے پانچویں گیس اور کنڈنسیٹ کے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیاہے۔

پی پی ایل کی سندھ میں وافق ، شہداد ، شرف اور کنزہ سے گیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت کے بعد گمبٹ ساؤتھ میں یہ پانچویں دریافت ہے۔فیض کی کھدائی کا آغاز اکتوبرمیں ہوا۔

ابتدائی جانچ کے دوران یومیہ آٹھ اعشاریہ چھ ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور ایک سو پندرہ بیرل کنڈنسیٹ حاصل ہوئے جو تجارتی مقاصد کے لئے استعمال ہوں گے۔

نو دریافت شدہ کنویں فیض سے یومیہ تقریباً تیرہ سو بیرل تیل کی ممکنہ پیداوار ہوگی جس سےاٹھتر ہزار امریکی ڈالر یومیہ کے زر مبادلہ کی بچت ہوگی۔

کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے 4مبینہ دہشت گرد گرفتار

0

کوئٹہ: سانحۂ پشاور کے بعد ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں میں تیزی آگئی ہے، کراچی، کوئٹہ اور لاہور میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں کے درجن سے زائد کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں دھماکاخیزمواد اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

ذرائع کے کہنا ہے کہ تین دہشتگردوں کا تعلق وزیرستان سے اور ایک ازبک باشندہ ہے، گرفتار ملزمان کو تفتیش کیلئے خفیہ مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی میں قصبہ کالونی ،فرنٹیر کالونی اور اتحاد ٹاؤن میں ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی، جس میں کالعدم تنظیم کے پانچ کارندے گرفتار کرلیے گئے ہیں، گرفتار ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

پشاور شہداء سے یکجہتی، ایم کیو ایم آج ریلی نکالنے کا اعلان

0

کراچی : ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے شہدائے پشاور سے اظہارِ یکجہتی کے لیے آج کراچی میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آج وہ داعش دہشتگردوں کے چہروں سے نقاب اٹھائیں گے اور ایسے حقائق بیان کریں گے، جو قوم کے سامنے کبھی نہیں لائے گئے، چاہے اس کے بعد خطاب پرپابندی لگ جائے۔

ایم کیو ایم آج پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور سانحہ پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قومی یکجہتی ریلی نکالے گی۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے ایک بار پھر سانحۂ پشاور کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین نے روز اول سے شہروں میں بڑھتی طالبانائزیشن کے خلاف آواز بلند کی لیکن ایم کیو ایم کا مذاق اڑایا گیا۔

رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج اور سانحہ پشاور کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایم کیو ایم آج قومی یکجہتی ریلی کا انعقاد بعد نماز جعمہ دوپہر دو بجے نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک کرے گی، جس سے ایم کیو ایم کے قائد اہم خطاب کریں گے۔

متحدہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ طالبان کو اپنا بچہ کہنے والوں کا محاسبہ کیا جائے، ایم کیو ایم نے تمام سیاسی جماعتوں ، وکلاء ،تاجر برادری، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے واے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ پھر پور طریقے سے ریلی میں شرکت کریں۔

ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی ریلی ملک میں امن و امان اور دہشت گردوں کے خلاف اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

سانحہ پشاور کے شہداء سے اظہارِ یکجہتی کیلئے کراچی میں ایم کیو ایم کی قومی یکجہتی ریلی میں شمعیں روشن کی جائیں گی اورغائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی، ریلی کے اختتام پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قائداعظم کے مزار سے متصل روڈ پر شمعیں روشن کی جائیں گی اور غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

ایم کیو ایم کے جاری روٹ پلان کے مطابق لانڈھی ، کورنگی ،ملیر ، شاہ فیصل ،ڈیفنس ، محمود آباد ، رنچھوڑ لائن گلشن ، گلستان جوہر، گلشن معمار اور پیر الہٰی بخش کالونی سے آنے والے افراد کے لیے باغ جناح میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، سرجانی ٹاؤن ، نیو کراچی ، نارتھ کراچی ، نارتھ ناظم آباد ، ناظم آباد سے آنیوالوں کیلئے پاکنگ کا انتظام کراچی ایکسرے کے سامنے کیا گیا ہے۔

سزائے موت کا اعلان:جی ایس پی پلس پرکوئی اثر نہیں پڑیگا،خرم دستگیر

0

اسلام آباد : وزیرتجارت خرم دستگیرخان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کیلئے سزائے موت کے اعلان کا جی ایس پی پلس کے درجے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر تجارت نے کہا کہ دہشت گردی کِیخلاف جنگ میں حکومت کو یورپی یوپین یونین کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی یس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد یورپی یوپین مما لک کو برآمدات میں انیس فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری تا ستمبر یورپی یونین ممالک کو پانچ ارب سرسٹھ کروڑ ڈالرز کی برآمدات ہوئیں۔

ہوم ٹیکسٹائل میں اٹھائِس فیصد، گارمنٹس میں ستائیس فیصد، اضافہ ہوا، جبکہ فٹ وئیر اور چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں بالاترتیب چھبیس فیصد اور برآمدات میں دس فیصد اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا پچھلے چار ماہ میں سیاسی عدم استحکام کے باعث برآمدی آڈرز میں کمی واقع ہوئی تھی جو اب بہترہو رہی ہے۔