ہفتہ, نومبر 16, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26962

شارجہ: پاکستان اے اور نیوزی لینڈ پریکٹس میچ میں مدمقابل

0

شارجہ: نیوزی لینڈ اور پاکستان اے کے درمیان تین روزہ پریکٹس میچ جاری ہے، پاکستان اے کی ٹیم پہلی اننگز میں دو سو پندرہ رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔

شارجہ میں نیوزی لینڈ اور پاکستان اے کی ٹیموں کے درمیان دوسرے دن کا کھیل جاری ہے، پاکستان اے نے ابتدائی روز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، شان مسعود اور عادل امین کے علاوہ پاکستان اے کا کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا، شان مسعود سرسٹھ اور عادل امین تینتالیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے روز پاکستان کی ٹیم اسکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر دو سو پندرہ رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی، نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔

یونس خان مین آف دی سیریز اور مصباح مین آف دی میچ قرار

0

ابو ظہبی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کیخلاف تین سو چھپن رنز کی تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں پر انعامات کی بھی خوب بارش ہوئی۔ یونس خان کو مین آف دی سیریز اور مصباح کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

یو اے ای کے میدانوں میں آسٹریلیا کے خلاف جیت کے جھنڈے گاڑھنے والی پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں پر انعامات کی خوب بارش  ہوئی، آسٹریلیا کیلئے ڈراؤنا خواب بنے والے یونس خان کو سیریز میں چار سو اڑسٹھ رنز بنانے پر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔

ابو ظہبی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں داغنے والے اظہر علی کو کلر فول اننگز کا کے ایوارڈ سے نوازا گیا، ٹک ٹک کے نام سے مشہور مصباح الحق کو ٹیسٹ کرکٹ کی تیز ترین سنچری بنانے پر ماسٹر بلاسٹر کیساتھ ساتھ بیک ٹو بیک سنچری بنانے پر ٹیسٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یوم عاشور کے مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں کیجانب رواں دواں

0

کراچی : دنیا بھرکی طرح ملک کےمختلف شہروں میں یومِ عاشورعقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے،  مخلتف شہروں میں یومِ عاشور کے مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گذرتے ہوئے منزل کیجانب رواں دواں ہیں۔

یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں دس محرم الحرام کے مرکزی جلوس عزاداروں کو اپنے جلو میں لیے اپنے روایتی اور مقررہ راستوں سے گذرتے ہوئے منزل کیجانب گامزن ہیں۔

کراچی میں دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا، پولیس اور رینجرز کی جانب سے سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں، مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینہ ارانیاں کھارادر میں اختتام پزیر ہوگا ۔

  جھنگ میں عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ گوہر شاہ سےبرآمد ہوا، جو اپنی منزل کیجانب رواں دواں ہے، اس موقع پرسیکیورٹی کےسخت انتظامات کیےگئے ہیں۔

رحیم یارخان میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ لنگر حسینی سے برآمد ہوا، مظفرآباد میں دسویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پیرعلم شاہ بخاری سے برآمد ہوا، بھکر میں مختلف مقامات پر ذو الجناح، تعزیہ اور علم کے جلوس برامد ہوئے جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زیارت کے لیئے امام بارگاہوں میں موجود ہیں، بنوں میں دسویں محرم الحرام کے سلسلے میں عزاداروں کا جلوس مرکزی امام بارگاہ حسینیہ سے برآمد ہوا، سخت سیکیورٹی میں جلوس اپنے گزرگاہوں پررواں دواں ہیں۔

حیدرآباد میں یوم عاشور کاجلوس اپنےروایتی راستوں پررواں دواں ہے۔ جلوس میں بچوں اور عورتوں کی بڑی تعداد شامل ہے، تمام جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

دپیکا اور سلمان خان پہلی بار سینما سکرین پر جلوہ گر ہونگے

0

ممبئی: دپیکا پڈوکون سلمان خان کیساتھ پہلی بار سینما سکرین پر جلوہ گر ہونے کو تیار ہے، دپیکا کا کہنا تھا کہ سلمان کیساتھ کام کرنا میری ہمیشہ سے خواہش تھی جوکہ پوری ہونے جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ حسینہ دپیکا پڈوکون کا ستارہ آج کل عروج پر ہے، ان کی تقریباً ہر فلم ہی 100 کروڑ کلب کا حصہ بن رہی ہے، اب وہ یشراج فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی نئی فلم میں سلمان خان کیساتھ رومانس کریں گی، دپیکا پڈوکون کی عرصہ سے خواہش تھی کہ وہ سلمان خان کیساتھ کام کریں مگر انھیں موقع نہیں مل رہا تھا مگر اب توقع کی جا رہی ہے کہ فلم بین دونوں کو پہلی مرتبہ ایک ساتھ کسی فلم میں کام کرتے دیکھ سکیں گے –

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم کی ہدایات ”غنڈے” کے ہدایتکار علی عباس ظفر دیں گے۔ دونوں اداکاروں نے فلم میں کام کرنے کی حامی بھر لی ہے، تاہم ابھی انھوں نے باقاعدہ طور پر فلم کو سائین نہیں کیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس مرحلہ کو جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا۔

دپیکا پڈوکون ماضی میں سلمان خان کیساتھ کام کرنے سے انکار کر چکی ہیں اور اس سلسلہ میں انھوں نے کہا ہے کہ سلمان خان کی طرف سے مجھے فلم کی پیشکش کرنا میرے لئے بہت بڑی بات ہے مگر جب انھوں نے مجھے پہلی مرتبہ کام کرنے کی آفر کی تو میری سوچ تھی کہ میں ابھی چھوٹی اور کیمرے کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں ہوں، مگر اب ہمیں ایک عرصے بعد پہلی مرتبہ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے تو میں سوچتی ہوں کہ اس میں کچھ خاص ہو گا۔

اداکارہ نے کہا کہ میری ہمیشہ سے ان کیساتھ کام کرنے کی خواہش تھی اور ایسا لگتا ہے کہ یہ اب پوری ہونے جا رہی ہے اور شائقین ہمیں ایک ساتھ سینما اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔

لوئر اورکزئی ایجنسی: بم دھماکا،ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

0

لوئر/کزئی ایجنسی :عاشورہ کے جلوس کے دوران دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

لوئر اورکزئی ایجنسی میں یومِ عاشور کا جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں تھا کہ میرازنی کے علاقے میں پہنچنے پر زور دار دھماکا ہوا، دھماکے کے اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، سیکورٹی حکام کے مطابق بارودی مواد کو روڈ کنارے نصب کیا گیا تھا۔

مٹھی: قحط سالی سے ایک اور بچی دم توڑ گئی

0

مٹھی: سرکاری اسپتال میں آج ایک اور بچی دم توڑ گئی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد چھتیس ہوگئی ہے۔

تھر میں قحط سالی کی صورت حال برقرار ہے، آج ایک اور بچی سول اسپتال مٹھی میں پانی کی قلت اور صحت کے ناقص انتظامات کی نظر ہوگئی، جس کےبعد ہلاکتوں کی تعداد چھتیس تک جا پہنچی ہے۔

سول اسپتال مٹھی کے ڈاکٹر دیال کےمطابق صرف ان کے اسپتال میں اکتالیس بچے زیرِ علاج ہیں، اس کے علاوہ مٹھی کے دیگر سرکاری اور نجی اسپتالوں میں بھی سینکڑوں بچے علاج کی غرض سے داخل کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب حکومت نے پینے کے صاف پانی کے ٹینکرز تھر کے مختلف علاقوں میں روانہ کردیئے ہیں جبکہ پاکستان ریلیف فاونڈیشن کے سربراہ حلیم عادل شیخ بھی امدادی کاموں میں حصہ لینے کے لئے تھر پہنچ گئے۔

ورلڈ ٹریڈ سینٹر تعمیرِنو کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا

0

نیویارک: تیرہ سال قبل نیویارک میں دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں تباہ ہونے والے ورلڈ ٹریڈ سینٹرکو دوبارہ تعمیر کے بعد پھرکاروبارکے لیے کھول دیا گیا۔

تین ارب نوے کروڑ ڈالرکی لاگت سے نو تعمیر شدہ ایک سو چار منزلہ ون ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی دوبارہ تعمیر میں تیرہ سال لگے، یہ عمارت مین ہٹن کے علاقے میں تباہ ہونیوالے ٹریڈ سینٹرز کےعین سامنے تعمیر کی گئی ہے۔

جدید ترین انداز میں تعمیر کی گئی اس عمارت کا نام تبدیل کر کے ون ورلڈ ٹریڈ سینٹر رکھ دیا گیا ہے۔

تکمیل کے بعد یہ امریکا کی بلند ترین عمارت بن گئی ہے، نئی عمارت کو پہلا کرایہ دار بھی مل گیا، جو ایک پبلشنگ کمپنی ہے، جس نے بیس سے لے کر چوالیس فلور تک کرایئے پر لے لیے ہیں۔

موت کی خبر دینے کی دعویدار حیرت انگیز موبائل ایپ تیار

0

موت کی خبر دینے کی دعویداروں کیلئے حیرت انگیز موبائل ایپ تیار کی گئی ہے، جو موت کے وقت کا صرف اندازہ نہیں بلکہ دن، گھنٹہ، منٹ اور سیکنڈ تک بتاسکتی ہے۔

اس ایپ کے فنکشن کیلئے ایپل کمپنی کی ہیلتھ کٹ ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے، جو جسم کے بلڈ پریشر، درجہ حرارت، شوگر کی سطح، دل کی دھڑکن سمیت صحت کی اہم معلومات کو ریکارڈ کرتی ہے۔

اسے تیار کرنے والی کمپنی نے اسے بنانے کیلئے ایک جینیاتی پروگرام کا استعمال کیا ہے، جو ایپل ہیلتھ کٹ سے حاصل ہونے والی معلومات کو استعمال کرتے ہوئے باقی عمر کا حساب لگائے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ انسانی زندگی کو بہتر بنانے کی ایک کوشش ہے۔

بچے سات ماہ کی عمر میں آنکھوں میں موجود خوف شناخت کر لیتے ہیں

0

جدید تحقیق کے مطابق بچے صرف سات ماہ کی عمر سے ہی شعوری طور پر کسی دوسرے فرد کی آنکھوں میں موجود خوف شناخت کرنے کی حیرت انگیز صلاحیت رکھتے ہیں۔

جرمنی کے میکس پلانک انسٹیٹوٹ کی تحقیق کے مطابق سات ماہ کی عمر سے ہی بچے کسی بھی فرد کی آنکھوں کی سفیدی کو دیکھ کر اس کے جذبات کو فوراٍ بھانپ لیتے ہیں.

محققین کا کہنا ہے کہ آنکھوں میں خوشی کے مقابلے میں وہ خوف کو محسوس کرکے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہیں، اس مقصد کے لیے بچوں کو الیکٹروڈ والی کیپس پہنا کر تجربے کیے گئے اور انہیں صرف آنکھوں کی تصاویر دکھائی گئیں جس میں مختلف جذبات کی عکاسی نظر آرہی تھی۔

واقعہ کربلا تاریخِِِ اسلام کا نہیں بلکہ تاریخ عالم کا افسوسناک واقعہ

0

سانحہ کربلا 10 محرم 61ھ (بمطابق 9 یا 10 اکتوبر 680ء) کو موجودہ عراق میں کربلا کے مقام پر پیش آیا، یزید کی بھیجی گئی افواج نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے نواسے حضرت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے اہل خانہ کو شہید کیا۔

حضرت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ 72 ساتھی تھے، جن میں سے 18 اہل بیت کے اراکین تھے۔ اس کے علاوہ خاندانَ نبوت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ 

واقعہ کربلا صرف تاریخ اسلام ہی نہیں بلکہ تاریخ عالم کا نادراور عجیب و غریب واقعہ ہے ، دنیا میں یہی ایک واقعہ ایسا ہے، جس سے عالم کی تمام چیزیں متاثر ہوئیں ۔ آسمان متاثر ہوا ، زمین متاثر ہوئی شمس و قمر متاثر ہوئے حتی کہ خود خداوندعالم متاثر ہوا اس کا تاثر شفق کی سرخی ہے، جو واقعہ کربلا کے بعد سے افق آسمانی پر ظاہر ہونے لگی ۔

یہ وہ غم انگیز اور الم آفرین واقعہ ہے جس نے جاندار اور بے جان کو خون کے آنسو رلایا ہے اس واقعہ کا پس منظر رسول اور اولاد رسول کی دشمنی ہے ۔ بدر و احد ، خندق و خیبر میں قتل ہونے والے کفار کی اولاد نے ظاہری طور پر اسلام قبول کرکے اپنے آباد واجداد کا بدلہ حضرت رسول کریم ﷺاور حضرت امیرالمومنینؐ کی اولاد سے بدلہ لینے کے جذبات اسلامی کافروں کے دلوں میں عہد رسول ہی سے کروٹیں لے رہے تھے لیکن عدم اقتدار کی وجہ سے کچھ بن نہ آتی تھی۔

رسول کے انتقال کے بعد جب ۳۸ ہجری میں امیرالموٴمنین برسراقتدار آئے تو ان لوگوں کو مقابلہ کا موقع ملا جو عنان حکومت کودانتوں سے تھام کر جگہ پکڑچکے تھے ، بالاخر وہ وقت آیا کہ یز ید ابن معاویہ خلیفہ بن گیا۔ حضرت علیؓ اور حضرت امام حسنؓ شہید کیے جاچکے تھے ۔

عہدِ یزید میں امام حسینؓ سے بدلہ لینے کا موقع تھا ۔ یزید نے خلافت منصوبہ پر قبضہ کرنے کے بعد امام حسین (ع) کے قتل کا منصوبہ تیار کیا اور ایسے حالات پیدا کردئیے کہ حضرت امام حسینؓ کربلا میں آپہنچے یزید نے بروایت اسی ہزار فوج بھیجوا کر امام حسینؓ کو اٹھارہ بنی ہاشم اور بہتر اصحاب سمیت چند گھنٹوں میں موت کے گھاٹ اتار دیا ۔

حضرت امام حسینؓ 28 رجب 60 کو مدینہ سے روانہ ہوکر 10 محرم الحرام 61 ھ کو رسول کریم (ص) کی خدمت میں پہنچ گئے، ظالموں نے 7 محرم الحرام سے پانی بند کردیا اور دسویں محرم کو نہایت بیدردی سے تمام لوگوں کو قتل کرڈالا۔

اہمیت

کربلا کا یہ واقعہ تاریخ اسلام کا بڑا افسوسناک حادثہ تھا، اس واقعہ کی خبر اللہ نے حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو کر دی تھی۔ چنانچہ روایات میں آتا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنی زوجہ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کو ایک شیشی میں کچھ مٹی دے کر فرمایا تھا کہ یہ اس جگہ کی مٹی ہے، جہاں میرے نواسے کو شہید کیا جائے گا۔ جب وہ شہید ہوگا تو یہ مٹی خون کی طرح سرخ ہو جائے گی۔

کربلا کے واقعے کے وقت حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا زندہ تھیں اور جس وقت امام حسین علیہ السلام شہید ہوئے یہ مٹی خون کی طرح سرخ اور مائع ہو گئی تھی۔ اسلامی تاریخ کو کسی اور واقعہ نے اس قدر اور اس طرح متاثر نہیں کیا جیسے سانحہ کربلا نے کیا۔ آنحضورﷺ اور خلفائے راشدین نے جو اسلامی حکومت قائم کی، اس کی بنیاد انسانی حاکمیت کی بجائے اللہ تعالٰی کی حاکمیت کے اصول پر رکھی گئی ۔ اس نظام کی روح شورائیت میں پنہاں تھی ۔

اسلامی تعلیمات کا بنیادی مقصد بنی نوع انسان کو شخصی غلامی سے نکال کر خداپرستی ، حریت فکر، انسان دوستی ، مساوات اور اخوت و محبت کا درس دینا تھا۔ خلفائے راشدین کے دور تک اسلامی حکومت کی یہ حیثیت برقرار رہی۔ یزید کی حکومت چونکہ ان اصولوں سے ہٹ کر شخصی بادشاہت کے تصور پر قائم کی گئی تھی ۔ لٰہذا جمہور مسلمان اس تبدیلی کواسلامی نظام شریعت پر ایک کاری ضرب سمجھتے تھے اس لیے امام حسین محض ان اسلامی اصولوں اور قدروں کی بقا و بحالی کے لیے میدان عمل میں اترے ، راہ حق پر چلنے والوں پر جو کچھ میدان کربلا میں گزری وہ جور جفا ، بے رحمی اور استبداد کی بدترین مثال ہے۔

  نواسہ رسول کو میدان کربلا میں بھوکا پیاسا رکھ کر جس بے دردی سے قتل کرکے ان کے جسم اورسر کی بے حرمتی کی گئی اخلاقی لحاظ سے بھی تاریخ اسلام میں اولین اور بدترین مثال ہے۔

یہاں یہ نقطہ قابل غور ہے کہ جب شخصی اور ذاتی مصالح ، ملی ، اخلاقی اور مذہبی مصلحتوں پر حاوی ہو جاتے ہیں توانسان درندگی کی بدترین مثالیں بھی پیش کرنے پرقادر ہے اور ایسی مثالوں سے تو یورپ کی ساری تاریخ بھری پڑی ہے ۔

سانحہ کربلا تاریخ اسلام کا ایک شاندار اور زریں باب ہے، یزید کی نامزدگی اسلام کی نظام شورائیت کی نفی تھی، لٰہذا امام حسین نے جس پامردی اور صبر سے کربلا کے میدان میں مصائب و مشکلات کو برداشت کیا وہ حریت جرات اور صبر و استقلال کی لازوال داستان ہے۔ باطل کی قوتوں کے سامنے سرنگوں نہ ہو کر آپ نے حق و انصاف کے اصولوں کی بالادستی ، حریت فکر اور خداکی حاکمیت کا پرچم بلند کرکے اسلامی روایات کی لاج رکھ لی ۔

امام حسین کا یہ ایثار اور قربانی تاریخ اسلام کا ایک ایسا درخشندہ باب ہے جو رہروان منزل شوق و محبت اور حریت پسندوں کے لیے ایک اعلیٰ ترین نمونہ ہے۔ سانحہ کربلا آزادی کی اس جدوجہد کا نقطہ آغاز ہے۔ جو اسلامی اصولوں کی بقا اور احیاء کے لیے تاریخ اسلام میں پہلی بار شروع کی گئی۔