ہفتہ, نومبر 16, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26965

محرم کے بعد انقلاب تحریک سے منفی پروپیگنڈہ ختم ہوجائیگا،ڈاکٹرطاہرالقادری

0

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے بعد شروع ہونیوالے دوسرے راؤنڈ کے انقلاب جلسوں اور ملک گیر دھرنا تحریک سے ہر طرح کی منفی پراپیگنڈہ مہم اپنی موت آپ مرجائے گی۔

مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری نے کینیڈا میں مصروف ترین دن گزارا اور مختلف وفود سے ملک کے سیاسی، معاشی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کو دنیا بھر میں مقیم محب وطن قابل پاکستانیوں سے مل کر سب سے بڑی سیاسی، جمہوری جماعت بنائیں گے جس کے پلیٹ فارم پر ہر پڑھا لکھا شہری بلا تفریق اپنا قومی سیاسی کردار ادا کر سکے گا۔ اوورسیز پاکستانی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار حکمرانوں کا کڑا احتساب چاہتے ہیں شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے بہنے والے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔ 10 نکاتی عوامی ایجنڈے کی تکمیل تک انقلاب کا سفر جاری رہے گا۔ عوام دوست ایجنڈے کو سبو تاژ کرنے کیلئے ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلی گئی جسے عوامی تحریک کے پر عزم اور جان نثار کارکنوں نے ناکام بنا دیا اور کارکنوں نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں جرات و بہادری کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔

انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف جنگ ختم نہیں شروع ہوئی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ایسے ایسے شہروں میں جلسے اور دھرنے دے رہی ہے،ماضی میں جس کی کسی جماعت کو جرات نہ ہو سکی۔

ستر دن کے دھرنے نے حکمران جماعت کے گونگے اراکین اسمبلی کو بھی زبان دے دی اور وہ اراکین جوان حکمرانوں سے ملاقاتوں کا وقت مانگتے تھے آج وہ انہی حکمرانوں کی کرپشن کے دستاویزی ثبوت سامنے لانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور پارلیمنٹ میں دھرنے کے خلاف تقریریں کرنے والے بھی اپنے مطالبات منوانے کیلئے پارلیمنٹ کے سامنے دھرنے دینے کی باتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منفی پراپیگنڈہ مہم ہمارے کارکنوں کے حوصلے نہیں توڑ سکتی وہ پہلے سے زیادہ پر جوش اور مستعد ہیں ۔

پولیو ٹیم کے تحفط کیلئے سیکیورٹی فورس کا قیام

0

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی میں پولیو کیسز میں اضافے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیو کے خلاف کام کرنے والے ورکروں کے تحفظ کیلئے ایک ایس ایس پی رینک کے پولیس افسرکی سربراہی میں 700پولیس اہلکاروں پر مشتمل ایک علیحدہ سیکیورٹی فورس قائم کی ہے۔

یہ فورس پولیوکے کم پھیلاؤ والے سردیوں کی موسم میں چار ماہ کیلئے پولیو ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ پولیس کو کہا ہے کہ اس فورس کیلئے جدید اسلحہ اور گاڑیوں کے ساتھ 50فیصد عملا کراچی پولیس اور 50فیصد اندروں سندھ سے منگوا کے فوری طور پر پولیو کے خلاف کام کرنے والے اداروں کے حوالے کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کی پولیو سے متاثرہ 11یوسیز میں یوم عاشورہ کے بعد پولیو کے خلاف کریش پروگرام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اس پروگرام میں پشتو زبان بولنے والی خواتین کو بھی شامل کیا جائے تاکہ مہم زیادہ سے زیادہ کامیاب ہو سکے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبے میں پولیو کی صورتحال پر ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ بات تشویشناک ہے کہ کراچی میں پولیو کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور اس وقت سندھ میں رپورٹ کئے گئے 23پولیو کیسز میں سے 21 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے جوکہ تمام پشتو زبان بولنے والے خاندانوں سے وابستہ ہیں،جبکہ ایک دادو اورایک سانگھڑ میں بھی کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیو کیسز فاٹا سے آئی ڈی پیز کے ساتھ سندھ میں داخل ہو رہے ہیں،جہاں سے پولیو کیسز ملک کے دیگر علاقوں میں منتقل ہو رہے ہیں اور بدقسمتی سے سندھ فاٹا کی نقل مکانی کی وجہ سے پولیو اور دہشت گردی جیسے مسائل سے دو چار ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہاں ایک ہی وقت میں پولیو اور دہشتگردی سے لڑ رہے ہیں جوکہ ملک اور قوم کیلئے برابری کی سطح پر دشمن ہیں۔

پولیو ٹیموں کو مکمل اور مستقل تحفظ فراہم کرنے کیلئے 700پولیس اہلکاروں پر مشتمل ایک علیحدہ پولیس فورس قائم کریں جس کا سربراہ ایس ایس پی رینک کے پولیس افسر کو بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت دی کہ پولیو کے خاتمے کیلئے کریش پروگرام شروع کریں،پولیو کی ٹیموں کی تحفظ کیلئے علاقے کو پولیس گھیرے میں لاکے ، پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی فورس فراہم کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کے ایڈیشنل سیکریٹری کی سربراہی میں ایک علیحدہ مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کی بھی ہدایت کی اور انہیں حکم کیا کہ وہ نہ صرف پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں بلکہ اس میں اگر کوئی کمی پیشی ہوتووہ بھی انہیں رپورٹ پیش کریں۔

پولیو کے متعلق صوبائی کوآرڈینیٹر میڈم شہناز نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت ملک میں پولیو کے 235کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے سب سے زیادہ نمبر151فاٹا سے اور 48کے پی کے سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف یہ بلکہ سندھ سے رپورٹ کئے گئے 23پولیو کیسز میں سے 21کا تعلق بھی پشتو زبان بولنے والے فیملی سے ہے جوکہ کراچی کی ایک مخصوص علاقے میں رہائش پذیر ہیں جہاں پولیو کی ٹیموں کو نہ صرف رفیوزل بلکہ سیکیورٹی کے خطرات کا بھی سامنا ہے۔

ملتان: چارسالہ بچی سے زیادتی کا ملزم گرفتار

0

ملتان: میلسی کی رہائشی 4 سالہ بچی کو رشتہ دار نے بہلا پھسلا کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا بعد ازاں ملزم بےہوشی کی حالت میں بچی کو گھر کے دروازے پر پھینک کر فرار ہو گیا۔

تفصیالت کے مطابق ملتان نشتر ہسپتال میں زخمی حالت میں  منتقل کی جانے والی 4 سالہ انجم گھر سے باہر نکلی تو اوباش نوجوان 18 سالہ نادر بچی کو بہلا پھسلا کر اپنے گھر لے گیا جہاں بچی کو زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

  بچی کی حالت خراب ہونے پر ملزم 4 سالہ نادیہ کو بےہوشی کی حالت میں گھر کے دروازہ پر پھینک کر فرار ہو گیا متاثرہ بچی کے والدین کے مطابق پولیس نے گرفتاری کے باوجود ملزم کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف انصاف فراہم کریں۔

ایم کیوایم نےعملی طورپرانقلاب برپا کیا، الطاف حسین

0

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نےکہاہےکہ جب عمران خان اور طاہر القادری نےسیاست میں قدم بھی نہیں رکھا تھاانہوں نے متوسط طبقےکواسمبلیوں تک پہنچا دیا تھا۔

ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر مختلف شعبہ جات کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ انہوں نے اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے سندھ کے شہری علاقوں میں ووٹ کے ذریعے عملاًانقلاب برپا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ  ملک کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ متحدہ قومی موومنٹ نے غریب، ورکنگ کلاس اور مڈل کلاس کے افراد کو اقتدار کے ایوانوں میں بھیجا ۔

انہوں نے کہاکہ آج لوگ ٹی وی شوز میں عمران خان اور ڈاکٹرطاہر القادری کے بارے میں یہ کہتے ہوئے نہیں تھکتے کہ یہ غریب و متوسط طبقہ اور پڑھے لکھے نوجوانوں کیلئے کوششیں کر رہے ہیں ۔

لیکن افسوس ایم کیوایم کے بارے یہ کڑوا سچ کسی کے منہ سے نہیں نکلتا اگر اسے منافقت،بے ایمانی ،یا صحافتی دھوکہ بازی سے تعبیر نہ کیا جائے تو کیا کہا جائے ۔

پولیوکیسزمیں اضافہ،پاکستان پرمزید سفری پابندیوں کاخطرہ

0

اسللام آباد: پاکستان نے پولیو میں افغانستان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ غیر ملکی سفرکے لیے ویکسی نیشن کے بعد اب مزید پابندیوں کا خطرہ ہے۔ سات کاہو یاستر کا۔ پولیو کے قطرے پیے بغیر کوئی پاکستانی غیرملکی سفرنہیں کرسکتا۔

یہ پابندی تو تھی ہی اب کوئی اورآسمان نہ گرپڑے لاکھ کوشش کی مگروہی ڈھاک کےتین پات۔ پولیو کیس سامنےآنےکا سلسلہ نہیں رکا, مزید تین کیسوں نے اس سال پاکستان میں مریضوں کی تعداد دوسوتیس سے زیادہ کردی۔

دنیا بھرمیں پولیو کا خاتمہ ہوگیا۔ نائیجیریا میں بھی صرف تین کیس سامنے آئے۔ لیکن پاکستان نےبیماری میں افغانستان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ امن وامان معاشی ترقی،انصاف اورتوانائی کےشعبےمیں آخری نمبروں پررہنےوالا پاکستان۔ پولیو میں سب سے آگےنکل گیا.

عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کو ریڈارپررکھا ہوا ہے۔ ادارے کےبڑے کہتے ہیں اپنے ملک میں توکیا ختم کرتا۔ پاکستان توپولیو ایکسپورٹ بھی کررہا ہے۔ شام میں پولیوختم ہوگیا تھا۔

پاکستانیوں کےساتھ پھرپہنچ گیا۔ خطرہ ہے کہ پولیو کیسز سامنے آتے رہے توپاکستانیوں کےبیرون ملک جانے پرمستقبل پابندی ہی نہ لگ جائے

ابوظہبی ٹیسٹ: آسٹریلین ٹیم پاکستان کیخلاف فالوآن کا شکار

0

ابو ظہبی: پاک آسٹریلیا کرکٹ ٹیسٹ میں شاہینوں نے آسٹریلین بیٹنگ لائن کی دھجیاں بکھیر دیں، آسٹریلین ٹیم انیس سو اٹھاسی کے بعد پاکستان کیخلاف فالوآن کا شکار ہوئی لیکن مصباح الحق کے عجیب وغریب فیصلے نے سب کو حیران کردیا۔

ابو ظہبی کے میدان میں پاکستانی بولرز چھا گئے، پہاڑ جیسا پانچ سو ستر رنز کا ہدف دیکھ کر کینگروز کے ہاتھ پاؤں ہی پھول گئے، بلے بازوں کے بعد بولرز نے آسٹریلیا کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کینگروز کو دبوچنا شروع کیا۔

شاہینوں کے تگڑے وار نے کینگروز کو پہلی اننگز میں صرف دو سو اکسٹھ رنز پر ڈھیر کردیا، عمران خان نے تین اور راحت علی نے دو کینگروز کا شکار کیا، ذولفقار بابر اور یاسر شاہ کی جادوہی جوڑی نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلین ٹیم انیس سو اٹھاسی کے بعد پاکستان کیخلاف پہلی مرتبہ فالو آن کا شکار ہوئی۔ لیکن اسے مصباح الحق کی دفاعی حکمت عملی کہی جائے یا عجیب وغریب منطق  مصباح الحق نے فالو آن نافذ کرنے کے بجائے خود بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔

سرکاری ملازمتوں میں بھرتیوں کی نئی پالیسی جاری

0

اسلام آباد: اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سرکاری ملازمتوں میں بھر تیوں کی نئی پالیسی جاری کر دی ہے۔نئی پالیسی کے تحت گریڈ سولہ سے اوپر بھرتیاں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوگی

۔سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کے لئے نئی پالیسی جاری کردی گئی ہے۔ جس کے کا اطلاق تمام سرکاری محکموں خود مختار نیم خود مختار اداروں، اتھارٹیوں اورکارپوریشنوں پرہوگا۔

گریڈ سولہ سے اُوپر کے ملازمین کی بھرتی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوگی۔ اگریڈ تین سےپندرہ تک کے ملازمین کی بھرتی سول سرونٹس کے رول پندرہ جبکہ گریڈایک سے تین کے ملازمین کی بھرتی سول سروس کے رول سولہ کے تحت ہوگی۔

بھرتی سے قبل تمام اداروں کو اپنے بھرتی کے قوانین وضع کر نے ہوں گے۔ پالیسی کے تحت خالی اسامیوں کے لیئے اخبارات میں اشتہار دینا ہوں گے۔ اورپندرہ دن کے اندرخالی اسامیوں کے لیئے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

ملازمتوں کا اشتہار شائع ہونے کے بعد ساٹھ دن میں بھرتی کا عمل مکمل کر نا ہو گا۔ کسی بھی اسامی کے لیئے میرٹ پر سختی سے عملد درآمد کیا جائے گا۔ پالیسی کے مطابق سفارش یا اثر ورسوخ استعمال کر نے والے امیدوارکونااہل قراردیا جائے گا۔

کسی نادہندہ ادارے کوبجلی نہیں ملے گی،عابد شیرعلی

0

اسلام آباد : وزیر مملکت عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ بل ادا نہ کرنے والے کسی ادارے کوبجلی نہیں دیں گے، وزیر مملکت عابد شیرعلی نے انکشاف کیا کہ ماضی میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بل کم آتے تھے۔

پہلے اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جاتی تھی، نون لیگ کی حکومت نے لوڈشیڈنگ میں کمی کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی سے متعلق منصوبوں پر چوبیس گھنٹے کام کیاجارہا ہے، جن کے اضافی بلز آئے انہیں وزیر اعظم کی ہدایت پرتین اقساط میں بل ادا کر نے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

انہوں  نے کہا کہ بل ادا نہ کرنے والے کسی ادارے کوبجلی نہیں دیں گے،ہرڈسٹرکٹ میں میڑچیک کئے جائیں گے،جن فیڈرز میں نقصانات زیادہ ہے ان کو نجی شعبہ کے حوالے کردیا جائے ۔

عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان پر ایک لاکھ اڑتیس ہزار روپے واجب الادا ہے۔دھر نے کی سیاست کرنے والے ملک میں نواز شریف کےترقیاتی کاموں میں خلل ڈالنا چاہتے ہے۔

اسٹیٹ بینک کے منافع میں بتیس فیصد سے زائد اضافہ

0

کراچی: مالی سال دو ہزارتیرا چودہ میں اسٹیٹ بینک کے منافع میں بتیس فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال انٹرسٹ انکم بڑھنے سے مرکزی بینک کے منافع میں اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال دو ہزار تیرا چودہ میں اسٹیٹ بینک کا منافع بیتیس فیصد سے بڑھ کر تین سو گیارہ ارب اسی کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ جو گزشتہ سال دوسو پینتیس ارب نوے کروڑ روپے تھا۔

اسٹیٹ بینک ریویو کے مطابق اسٹیٹ بینک کے منافع میں اضافے کی بنیادی وجہ ریگیولیٹر اصلاحات ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مائیکرو فنانسنگ کے شعبے میں واضح بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

نا انصافی ملک کو تقسیم کی طرف لے جاتی ہے، سراج الحق

0

کوئٹہ: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ساتھ ہمیشہ ناانصافی کی گئی یہاں کے لوگوں کو دیوار سے نہیں سینے سے لگانے کی ضرورت ہے ، ورنہ نا انصافی سے تقسیم کا راستہ کھل جاتا ہے۔،

کوئٹہ میں جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال بگٹی سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد نے بلوچستان کے ساتھ کبھی انصاف نہیں کیا یہاں ہرکوئی ناراض نظر آتا ہے ڈنڈے کے زور پر سر تو توڑا جاسکتا ہے مگر دل نہیں جیتے جاسکتے یہاں لوگوں کے دل جیتنے چاہئیں۔

وفاقی حکومت بلوچستان کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرے، جے ڈبلیو پی کے سربراہ طلال بگٹی کا کہنا تھا کہ مصنوعی قیادت کو بلوچستان میں حکمرانی سونپی گئی ہے ریٹائرڈ فوجی افسران اور سیاستدانوں پرمشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے جو بیرون ملک مقیم ناراض بلوچ رہنماؤں کو مناکر واپس لائے