ہفتہ, ستمبر 28, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26966

پاکستان میں اب منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، نواز شریف

0

اسلام آباد:  وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لئے قوم نے مینڈیٹ دیا،پاکستان میں اب منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، کسی کو اسی اور نوے کی سیاست کی اجازت نہیں دے سکتے۔

اسلام آباد میں بہترین ٹیکس دہندگان میں اعزازی کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ راتوں رات تبدیلی نہیں آتی، مسلسل محنت کی ضرورت ہوتی ہے، پاکستان میں اب منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، ہم نے کسی حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے کوئی کام نہیں کیا۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی کامسئلہ پرانا ہے، اپنے دور میں حل کرنے کی کوشش کرینگے، بجلی کے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، موجودہ عمل میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر چودہ ارب ڈالرز تک پہنچ گئے ہیں اور مالیاتی خسارہ بھی کم ہوکرچار فی صد ہوگیا۔

رمضان المبارک کے دوران 80 ہزار ٹن کھجور درآمد کی گئی

0

اسلام آباد:  رمضان المبارک کے دوران کھجور کی مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے درآمد کنندگان نے اسی ہزار ٹن کھجور درآمد کی۔

پاکستان میں مقامی کھجور کی پیداوار جولائی اور اگست میں مقامی منڈیوں میں پہنچتی ہے، جو نومبر کے آخر تک جاری رہتی ہے، جس کی وجہ سے رمضان المبارک کے دوران مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے گذشتہ دو ماہ کے دوران اسی ہزار ٹن کھجور درآمد کی گئی۔

حکام کے مطابق  پاکستانی درآمد کنندگان زیادہ تر کھجور ایران اور عراق سے درآمد کرتے ہیں اور یہ درآمدات بارٹر سسٹم کے تحت کی جاتی ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری، شہید فلسطینیوں کی تعداد188ہوگئی

0

غزہ :اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے بے گناہ فلسطینیوں کی تعداد ایک سو نواسی ہوگئی ہے اور چودہ سو افراد زخمی ہیں، حماس نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی مصری پیش کش مسترد کردی ہے جبکہ اسرائیل کی کابینہ نے جنگ بندی کی منظوری دے دی ہے۔

غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیل اب تک غزہ پر ایک ہزار سے زائد حملے کرچکے ہے، جس میں زخمی ہونے والوں کی تعداد بارہ سو سے زائد ہوگئی ہے، غزہ میں امن کی بحالی کے لئے حماس اور اسرائیل میں ثالثی کی مصری پیش کش کو حماس نے مسترد کردیا ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ کسی ٹھوس معاہدے کے بغیر جنگ بندی نہیں کریں گے، جنگ روک کر مذاکرات نہیں کئے جا سکتے، اسرائیل کی سیکورٹی کابینہ کے اجلاس میں مصر کی جنگ بندی کی تجویز کی منظوری دے دی گئی۔

مصر کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے لئے ثالثی کی پیش کش کا مقصد غزہ میں کھانے پینے کی اشیا اور دوائیں فراہم کرنا ہیں، اسرائیلی دھمکی کے بعد ہزاروں فلسطینی اپنا گھر بار چھوڑ کر امدادی کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبورہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ نہتے فلسطینیوں کے خلاف آپریشن غیرمعینہ مدت تک جاری رہے گا۔

ٹور ڈی فرانس سائیکلنگ: دسواں مرحلہ ونسینزو نیبالی کے نام

0

فرانس:  ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا دسواں مرحلہ اٹلی کے ونسینزو نیبالی نے جیت لیا۔

اٹالین رائڈر کو ریس میں مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے، دسویں مرحلے میں سائیکلسٹ کو مشکلات کا بھی سامنا رہا، دو مرتبہ کے چیمپئین اسپین کے ایلبرٹو کونٹوڈور حادثے کے سبب دسویں مرحلے سے باہر ہوگئے، انجری کے باعث وہ مزید مرحلوں میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔

اٹالین رائڈر ونسینزو نیبالی نے طویل اور مشکل سفر میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مقررہ فاصلہ چار گھنٹے ستائیس منٹ اور چھبیس سیکنڈز میں طے کیا، ٹور ڈی فرانس کے دسویں مرحلے کے اختتام پر اٹالین رائڈر نے یلو جرسی برقرار رکھی، وہ بیالیس گھنٹے تینتیس منٹ اور اڑتیس سیکنڈز کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، امریکی صدربراک اوباما

0

واشنگٹن: امریکی صدربراک اوباما نے فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کے بجائے اسرائیل کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ راکٹ حملوں کے خلاف اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے،عرب لیگ نے عالمی برادری سے فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انسانی حقوق کا علمبردار امریکا اسرائیل کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کے بجائے اسرائیل کی حمایت کے جواز تراشنے میں مصروف ہے، امریکی صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ملک اپنی سرزمین پر راکٹ حملے برداشت نہیں کر سکتا، اسرائیل کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، اسرائیل نے راکٹ حملوں کے بعد جوابی کارروائی کی۔

اوباما نے مصر کی جانب سے اسرائیل اور حماس کو جنگ بندی کے لئے ثالثی کی پیش کش کا خیرمقدم بھی کیا، دوسری جانب برطانیہ، جرمنی فرانس سمیت دیگرعالمی طاقتیں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم رکوانے کے لئے کسی عملی اقدام کے بجائے اسرائیل سے بمباری روکنے کی اپیلیں کررہی ہیں۔

دوسری جانب عرب لیگ نے حسب معمول غزہ کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس منقعد کیا، جس میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی اورعالمی برادری سے فلسیطینوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا، غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، ہزاروں فلسطینی گھر بارچھوڑ کر کیمپوں میں زندگی گزارنے پرمبجور ہیں اورغزہ میں دواؤں اور کھانے پینے کی اشیاء کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔

آپریشن ضرب عضب، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں مزید تیز

0

شمالی وزیرستان : آپریشن ضرب عضب میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں مزید تیز کردیں ہیں، میرعلی، دتہ خیل میں تربیتی مراکز پر پاک فوج کے کامیاب حملے جاری ہیں۔

شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں دہشتگردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے، دہشتگردوں کے اہم تربیتی اور منصوبہ بندی مراکز آپریشن کی زد میں آگئے، ذرائع کے مطابق تحصیل میرعلی کے علاقے خیسور اور خوشحالی میں پاک فوج کی کامیاب پیش قدمی کے بعد اہم تربییت گاہیں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی ہیں۔

ہر گزرتے دن فوجی دستے پاک سر زمین سے شرپسندوں کے ناپاک وجود کو مٹا رہے ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق اتوار کو ہونے والی فوجی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور شدت پسندوں کے پانچ ٹھکانے زمین بوس کردیئے گئے۔

پندرہ جون سے جاری فضائی کارروائی میں لگ بھگ ساڑھے چار سو ملکی و غیر ملکی دہشت گرد،ایک سو پانچ سے زیادہ ٹھکانے صفحہ ہستی سے مٹائے جا چکے ہیں، خاک وطن پر جان قربان کرنے والے جوانوں کی تعداد بھی بیس سے زیادہ ہوگئی ہے۔

نیب ریفرنس: زرداری کے وکیل کی دوبارہ دلائل کی درخواست منظور

0

اسلام آباد:  سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نیب ریفرنس میں ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی طرف سے دوبارہ دلائل دینے کی اپیل عدالت نے منظور کرلی ۔

فاروق ایچ نائیک نے دوران سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت کو بتایا کہ وہ عدالت کو لاہور ہائی کورٹ کا وہ فیصلہ فراہم کرنا چاہتے ہيں، جس میں آصف زرداری کے خلاف کسی کرپشن کا ذکر نہیں ،جس پر عدالت نے آئندہ سماعت میں دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

فاروق ایچ نائيک نے دو ریفرنس ميں دوبارہ دلائل دینے کی استدعا کی اور کہا کہ وہ فرد جرم پر تکنیکی نکات سامنے لانا چاہتے ہیں، فاروق نائیک کی اس درخواست پر کہا کہ یہ توبہ کا عشرہ ہےکم از کم اس میں توکیس نہ چلائیں ،عدالت نے سماعت بائیس جولائی تک ملتوی کردی۔

لیبیا :ائیرپورٹ پرحملہ،90 فیصد طیارے تباہ

0

طرابلس : لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے ائیرپورٹ پر راکٹ حملوں کے نتیجے میں نوے فیصد طیارے تباہ ہوگئے، حملے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی بھی ہوئے۔

غیرملکی خبر ایجنسی نے لیبیا کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ حملے کے بعد ائیرپورٹ کو بند کردیا گیا ہے، حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت سکیورٹی کو موثر بنانے کے لیے بین الاقوامی فورسز کی مدد مانگنے پر غور کر رہی ہے۔

اقوام متحدہ نے امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث لیبیا میں اپنا مشن بند کرنے کا اعلان کیا ہے، بن غازی میں واقع لیبیا کا دوسرا بڑا ایئر پورٹ پچھلے دو ماہ سے بند ہے اور اس وقت لیبیا میں صرف مصراتہ ایئر پورٹ کام کر رہا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کا پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس آج طلب

0

اسلام آباد:  وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزراء اور پارٹی رہنماوں کا مشاورتی اجلاس آ ج طلب کر لیا ہے، اجلاس میں تحریک انصاف کے دھرنوں سے نمٹنے کے طریقوں پر غور کیا جائیگا۔

وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں ن لیگ کے وزراء اور اہم پارٹی رہنما شرکت کرینگے، وزیر اعظم ہاوس میں ہونے والے اجلاس میں آئی ڈی پیز کی صورتحال ، شمالی وزیرستان آپریشن اور یوم آذادی کی تقریبات سے متعلق امور زیرغور آئیں گے۔

اجلاس کے دوران اسلام آباد ڈی چوک میں ہونے والی ریلی پر حکمت عملی بنائی جائیگی، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو چودہ اگست کی تقریب میں شامل کرنے پر پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائیگا، اجلاس میں حکومتی سطح پر دو ہفتے کی یوم آذادی کی تقریبات کی تیاریوں سے متعلق حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

اس سے قبل اسلام آباد میں صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں آئی ڈی پیز اور ملک کے مجموعی امورکے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

کراچی میں جرائم کم ہوگئے، قائم مقام آئی جی سندھ کا دعویٰ

0

کراچی : قائم مقام آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن کی صورتحال بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں، تاجر برادری کے تحفظات کو جلد دور کر دیا جائے گا۔

کراچی میں مختلف مارکیٹوں کے دورے کے موقع پر قائم مقام آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کا کہنا تھا کہ پولیس کی کارکردگی بہتر ہورہی ہے، پولیس مقابلوں میں ڈاکو اور دہشت گرد مارے جارہے ہیں، جس کی وجہ سے جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو بلٹ پروف جیکٹس اور بکتربند گاڑیاں جلد فراہم کردی جائیں گی، آپریشن ضرب عضب کے ردعمل سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی بنالی ہے، اسنیپ چیکنگ کو بڑھا دیا گیا ہے، جس کے بہترنتائج  برآمد ہوں گے۔