منگل, جولائی 9, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26984

پنجاب میں شدید دھند:ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں بحق

0

پنجاب کےمختلف شہروں میں شدید دھند کا راج ہے ۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ٹریفک حادثات میں چھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کےڈیرے ہیں ،شدید دھند کے باعث لاہور میں حد نگاہ نوے میٹر سے نیچے آگئی۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کوپروازوں کیلئےبند کرنا پڑا۔ جس کے بعد بیرون ملک آمدو رفت کی آٹھ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شدید دھند کے باعث لاہور میں ٹریفک حادثات میں چھ ا فراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ پندرہ شدید زخمی ہیں۔ لاہور موٹروے کو کئی گھنٹوں بعد چھوٹی گاڑیوں کے لئے کھول دیا گیا ہے ۔شدید دھند کی وجہ سے اب بھی موٹروے پر سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔۔

دھند کے باعث سالم کے مقام پر آٹھ گاڑیاں آپس ٹکرا گئیں ۔۔ حادثے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ۔۔ ترجمان موٹروے نےمسافروں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور ز دھند میں فوگ لائٹس آن رکھیں اور احتیاط سے ڈرائیونگ کریں۔
   

بلوچستان:میونسپل کمیٹیز،ڈسٹرکٹ کونسل اور یونین کونسلوںکیلئے پولنگ جاری

0

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دس دسمبر کو ملتوی ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے بعد آج میونسپل کمیٹیز ڈسٹرکٹ کونسل اور یونین کونسلوں کی کل ایک سو پانچ نشستوں کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے، سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ صبح آٹھ بجے سے شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی ، پولنگ کا عمل شروع ہوتے ہی ووٹروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، اور لوگ بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔

کچھ حلقوں میں خواتین پولنگ بوتھ کم بنانے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں ۔یونین کونسلوں کی کل ترسٹھ ڈسٹرکٹ کونسل کی گیارہ ۔ہرنائی میونسپل کمیٹی کی آٹھ جبکہ شاہراگ میونسپل کمیٹی کی نو نشستوں پر جمعیت علماءاسلام ،پشتونخواملی عوامی پارٹی اور علاقائی اتحاد کے درمیان مقابلہ ہے۔

جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے تراسی پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس لیویز اور ایف سی کے اہلکار تعینات ہیں،انتخابات کے دوران اٹھارہ پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس، نوے حساس جبکہ چودہ پولنگ اسٹیشن نارمل قرار دیے گئے ہیں۔

 

نئی سیکوریٹی پالیسی پر فوج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرزرضامند ہیں،چوہدری نثار

0

حکومت کا دہشتگردوں سے نمٹنے کا فیصلہ ۔نئی سیکیورٹی پالیسی منظوری کے لئے کل کابینہ میں پیش کردی جائے گی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار کہتے ہیں ملک حالت جنگ میں ہے نئی سیکوریٹی پالیسی پر فوج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز رضامند ہیں اٹھارہ کروڑ عوام کا ایک ہی سوال ہے اور وہ ہے سیکیورٹی ؟؟

صورتحال اتنی مخدوش ہے کہ مذاکرات کی باتیں بھی بے معنیٰ۔ ہر لب پر ہے سوال ہے کہ حکومت کی حکمت عملی کیا ہوگی۔ سیاسی جماعتیں واضح منقسم ہیں اور مذاکرات مخالف صدائیں گونج رہی ہیں، یہ سب اپنی جگہ،لیکن عوام تو بس امن چاہتے ہیں۔ آئینہ دیکھیں تو پتہ چلتا ہے،وزیرستان میں فوج پر حملہ۔ مختلف شہروں میں خود کش حملے اور بم دھماکے۔ میڈیا کے نمائندوں کی بھی ٹارگٹ کلنگ۔ سرکارہے کہ بس نئی سیکورٹی پالیسی کی تیاری میں مگن ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ ملک میں سیکورٹی کے ذمہ دار ہیں ۔ چوہدری نثار کہتے ہیں ملک حالت جنگ میں ہے۔ نئی سیکیورٹی پالیسی دوسرے ملکوں کی جانب سے دہشتگردی سے نمٹنے کے کامیاب اقدامات کو سامنے رکھ کر بنائی جا رہی ہے۔ جس میں سری لنکن حکومت کی تامل ٹائیگرز کیخلاف نتیجہ خیز آپریشن۔ برطانیہ کے آئرش ریپبلکن آرمی کیخلاف کامیابی بھی شامل ہے۔ وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ نئی سیکوریٹی پالیسی پر فوج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز رضامند ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس پیر کو ہو رہا ہے۔ جس میں نئی قومی سیکورٹی پالیسی منظور کی جائے گی۔ طالبان سے مذاکرات کے غبارے سے تو ہوا تیزی سے نکلتی جا رہی ہے۔ نئی قومی پالیسی سیکورٹی وسائل کھائے گی یا کچھ کر دکھائے گی۔۔ آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا؟؟

 

کراچی میں فائرنگ:دو فراد ہلاک،کریکر حملے میں چودہ زخمی

0

کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں دو افرادجان کی بازی ہارگئے۔ قصبہ کالونی میں شادی کی تقریب پرکریکر حملے میں چودہ افراد زخمی ہوگئے۔ کراچی میں پر تشدد واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔

پولیس کے مطابق گلستان جوہر بلاک سترہ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرفائرنگ سے اسلم نامی شخص زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ شعیب نامی شخص زخمی ہوا۔ بلدیہ ٹاون کے علاقے گلشن غازی کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی مقتول کو کلہاڑیوں کے وار کرکے قتل کیا گیا۔ مقتول کی شناخت نہیں کی جاسکی ہے۔

قصبہ کالونی کے مسلم آبادٹاؤن میں شادی کی تقریب میں رقص و سرورکی محفل جاری تھی کہ نامعلوم ملزمان نے کریکرسے حملہ کردیا۔حملے میں چودہ افراد زخمی ہوئے ۔ زخمی ہونے والوں میں دو خواجہ سرا بھی شامل ہیں۔

زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ملیر مندر کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے تین افرادزخمی ہوگئے۔
   

کراچی:منگھو پیرکنواری کالونی میں رینجرزکاآپریشن،مشتبہ افراد زیرحراست

0

کراچی کےعلاقےمنگھو پیرکنواری کالونی میں رینجرزکاآپریشن جاری ہے کارروائی میں ایک ہزارسےزائد اہلکارشریک ہیں ۔بیس مشتبہ افراد حراست میں لے لئے گئے۔ کراچی میں پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں۔

منگھوپیرکنواری کالونی میں کالعدم تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرزکی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔جن سے اسلحہ اور منشیات بر آمد ہوئی،۔

ترجمان رینجرز کے مطابق آپریشن میں خواتین اہلکار اور کمانڈوز بھی شامل ہیں آپریشن میں سراغ رساں کتوں سے بھی مدد لی جا رہی ہےایک ہزار سے زائد اہلکاروں نے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کرکے گھر گھر تلاشی لی۔ علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

دوسری جانب لیاری کے علاقے لیاقت کالونی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے قاری سراج اور اسکے ساتھی سابق پولیس اہلکار سرور بلوچ کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف اور پستولیں برآمد کی گئیں ہیں۔ ملزمان اٹھائیس افراد کے قتل میں ملوث ہیں۔

 

بنوں بم دھماکے:صدر،وزیراعظم ودیگر کا شدید الفاظ میں اظہار مذمت

0

صدر ممنون حسین اور وزیراعظم میاں نواز شریف سمیت مختلف رہنماؤں نے بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں پر صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے شدید مذمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے جوانوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ جماعت اسلامی کے امیر منور حسن اور لیاقت بلوچ نے بھی بنوں دھماکے کی مذمت اور اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

الطاف حسین اور عمران خان کی جانب سے بھی بنوں میں فورسز کے قافلے پر حملے کی مذمت کی گئی۔ منور حسن کا کہنا تھا کہ دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں بیرونی قوتوں کا ملوث ہونا خارج از امکان نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بنوں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے مزموم عزائم پورے نہیں ہونے دیں گے۔
    

 

بنوں چھاؤنی:گاڑی میں دھماکا،24اہلکاروں سمیت29شہید

0

بنوں چھاؤنی میں سیکیورٹی فورسزکی گاڑی میں بم دھماکےسے چوبیس اہلکاروں سمیت انتیس افرادشہیداور پینسٹھ زخمی ہوگئے۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ خیبر پختون خوا میں سیکیورٹی اہلکار ایک بار پھردہشت گردی کا نشانہ بنے ۔

ذرائع کے مطابق دھماکابنوں کینٹ میں آمندی چوک رزمک گیٹ کےقریب اُس وقت ہواجب اہلکاروں کا قافلہ روانہ ہورہا تھا۔ ذرائع کےمطابق گاڑیوں کی کمی کے باعث عمومی طور پرسیکورٹی اہلکاروں کی نقل وحرکت کیلئے گاڑیاں کرائے پر لی جاتی ہیں۔

بتایا جاتا ہے اہلکار جوں ہی گاڑی میں سوارہوئے دھماکا ہوگیا، واقعے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، دھماکا اتنا شدید تھا کہ پورا شہرگونج اٹھا۔ قریبی عمارتوں کے دروازے اورکھڑکیاں ٹوٹ گئے۔ متعدد عام شہری بھی دھماکے کی زد میں آئے۔

ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر زخمیوں کو قریبی اسپتالوں اور سی ایم ایچ منتقل کیا۔اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقےکو گھیرے میں لے لیا۔ جبکہ شواہد اکھٹے کر کے تحقیقات شروع کردیں۔ کینٹ کے جانب جانے والے تمام راستے بھی بند کردیے گئے۔
    

 

خراب سی سی ٹی وی کیمروں اور اسٹریٹ لائٹس کی خرابیوں کو دور کیا جائے، شرجیل میمن

0

سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں صفائی ستھرائی کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام ڈی ایم سیز اور میونسپل کمیشنر اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر صفائی کے کام کو مکمل کروائیں۔ عوام کے جائز کاموں میں کسی رکاوٹ کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

شہر میں خراب سی سی ٹی وی کیمروں اور اسٹریٹ لائٹس کی خرابیوں کو دور کیا جائے تاکہ اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کی شرح میں کمی ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی کے تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سیز اور میونسپل کمیشنرز کے اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے کراچی میں صفائی ستھرائی کی مہم کے حوالے سے 72 گھنٹے جو الٹی میٹم دیا تھا اب اس کی معیاد پوری ہوچکی ہے اور اب وہ کسی بھی وقت کسی بھی ڈسٹرکٹ میں سرپرائز وزٹ کریں گے اور اگر کسی بھی علاقے میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے عوام کی جانب سے کوئی شکایت موصول ہوئی تو اس علاقے کے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو سختی سے ہدایت کی کہ شہر میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں میں جو کیمرے خراب ہیں یا کام نہیں کررہے ہیں ان کی فوری درستگی کی جائے اور اہم شاہراہوں اور گلیوں میں خراب اسٹریٹ لائٹس کو فوری طور پر درست کیا جائے تاکہ اسٹریٹ کرائم اور جرائم پر قابو پایا جاسکے۔

 

سانحہ نشترپارک کی تحقیقات کو منظر عام پر لایا جائے، ثروت اعجاز قادری

0

سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے ریاست میں ریاست بنانے والوں سے مذاکرات کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔

کراچی سے ایک بیان میں انہوں نے کہا دہشتگرد اپنے اوچھے ہتھکنڈوں اور قتل و غارتگری کے ذریعے دنیا کو پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان میں قانون نہیں ؛ ان کا کہنا تھاجسٹس رحمت حسین جعفری کی سربراہی میں سانحہ نشترپارک کی تحقیقات کو منظر عام پر لایا جائے۔

ثروت اعجاز قادری سنی اتحاد کونسل کے چئیرمین صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے دہشت گردی کے تازہ واقعات سے حکمران غفلت کی نیند سے بیدار ہو جائیں انہوں نے کہا میڈیا ورکرز اور علماء پرقاتلانہ حملے افسوس ناک ہیں ۔۔عبادت گاہوں پر حملے کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔اورقانون اور آئین کے باغیوں کے خلاف ریاستی طاقت استعمال کی جائے۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر رابن رافیل کی ملاقات

0

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر رابن رافیل نے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک میں باہمی تعاون اور رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے امریکی سفارتکار رابن رافیل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک امریکا ورکنگ گروپ اجلاس کےایجنڈےپر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک میں باہمی تعاون سمیت رابطے بڑھانے پراتفاق کیا گیا۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ توانائی کاحل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور گردشی قرضے کی ادائیگی سےبجلی کی پیداوارمیں سترہ سو میگاواٹ اضافہ ہوا۔ امریکی سفیر رابن رافیل نے پاکستانی سرحدوں پر سہولتوں اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر امداد دینے کی یقین دہانی کرائی۔