اتوار, جولائی 7, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27016

چوہدری اسلم پر حملہ انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی ہے،رحمان ملک

0

سابق وزیر داخلہ سینیٹر عبدالرحمان ملک کا کہنا ہے کہ چوہدری اسلم پر حملہ انٹیلی جنس فیلئیر اور وفاق کی غلطی ہے، حکام کو بولا ہے کہ کراچی میں چوہدری اسلم کی یادگار بنائی جائے خرچہ میں اٹھاؤں گا۔

سابق وزیر داخلہ عبدالرحمان ملک نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری اسلم پر حملہ انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی ہے، ایجنسیاں وفاق کے زیر نگرانی کام کرتی ہیں لیکن کسی کو خبر نہیں ہوئی کہ شہر میں اتنا باردوی مواد ہے۔

انھوں نے کہا کہ چوہدری اسلم کے بڑے بھائی کی حیثیت سے انھیں شہید کہوں گا اور اگر طالبان پر خلوص ہوکے مذاکرات کرنا چاہیں تو پیپلز پارٹی حمایت کرے گی۔
       

پنجگور: ائیرپورٹ سے 6پولیس اہلکار اغوا

0

پنجگور ائیرپورٹ پر فرائض کی ادائیگی کے دروان چھ پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا گیا جبکہ اغوا کاروں کی جانب سے نصب کئے جانے والوں بموں کو ناکارہ بنانے کیلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا۔

پنجگور ائیرپورٹ سے اغوا کاروں نے چھ پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا، ائیرپورٹ انتظامیہ کے مطابق پولیس اہلکار ائیرپورٹ پر، فضا میں جہازوں کی سمت متعین کرنے والے، وی او آر سسٹم کی سیکیورٹی پر تعینات تھے۔

ائیرپورٹ حکام کے مطابق ، وی او آر سسٹم کی عمارت سیل کردی گئی، پولیس اہلکاروں کے اغوا کے بعد ائیرپورٹ سیکیورٹی حکام کو خدشہ ہے کہ اغواکاروں نے ائیرپورٹ کے قریب بم بھی نصب کئے ہیں اور ائیر پورٹ پر آمدورفت کو محدود کر دیا گیا ہے۔
       

کراچی:مشرف کالونی میں پولیس مقابلہ ،3مبینہ دہشت گرد ہلاک

0

کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں پولیس مقابلے میں تحریک طالبان کے تین مبینہ دہشتگرد ہلاک ہو گئے، مقابلے میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں پولیس اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا، مقابلے دوران دہشتگردوں کی جانب سے پھینکے گئے گرنیڈ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، مقابلے میں تین دہشت گرد بھی مارے گئے۔

پولیس کے مطابق دہشتگردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے ہے، ادھر سکھن پولیس نے کارروائی کے دوران ڈکیتی میں ملوث چار ملزمان کو حراست میں لے کر چھینے گئے موبائل اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

دوسری جانب شہر میں پر تشدد واقعات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کراچی کے علاقے ملیر ملت ٹاون میں جامعہ مسجد الجنت سے متصل مدرسہ میں پارسل پیکٹ دھماکے میں تین افراد زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کیلئے جناح اسپتال لایا گیا۔

پولیس کے مطابق اس بات پر تحقیقات کی جارہی ہے کہ پارسل کہاں سے آیا تھا دھماکے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی۔

اسلحہ اسکینڈل:ملک نوید5 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

0

اسلحہ اسکینڈل کیس میں سابق آئی جی خیبر پختو نخوا ملک نوید کو مزید پانچ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا، ملک نوید پر ایک ارب بیاسی کروڑ روپے کی خورد برد کرنے کا الزام ہے۔

سابق آئی جی خیبر پختون خوا ملک نوید کو آج پشاور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، اسلحہ اسکینڈل کیس کی سماعت کے دوران نیب نے مزید چودہ دن کے ریمانڈ کی درخواست عدالت میں پیش کی۔

نیب وکیل نے عدالت میں بیان دیا کہ اسلحہ اسکنیڈل میں ملوث سابق آئی جی خیبر پختو نخواملک نوید نے نیب کو سمجھوتے کی درخواست دے دی ہے، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سابق آئی جی ملک نوید کو پانچ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

پولیس کے لئے اسلحہ کی خریداری میں ملک نوید اور دیگر ملزمان پر ایک ارب بیاسی کروڑروپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

پرویزمشرف کی عدالت طلبی کیخلاف حکم امتناع کی درخواست مسترد

0

خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت طلبی کے خلاف حکم امتناعی کی درخواست مسترد کردی۔

جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی،  فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت نے سولہ جنوری کو پرویز مشرف کو طلب کر رکھا ہے، عدالت کے پاس اختیار نہیں کہ وہ اپنے کسی حکم کو تبدیل کرسکے۔

سابق صدر کے وکلاء نے پیشی کے حکم کے خلاف امتناع کی درخواست دائر کی تھی، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالتی دائرہ اختیار پر فیصلہ کیا جائے، خصوصی عدالت کے رجسٹرار نے تین رکنی بنچ کا فیصلہ جاری کیا۔

جس میں کہا گیا ہے پرویز مشرف اس حوالے سے عدالت میں نظر ثانی کی درخواست دائر کر سکتے تھے لیکن یہ نظر ثانی کی درخواست نہیں ہے، اس لئے یہ قابل سماعت بھی نہیں رہی ۔
       

کراچی کے خراب حالات کیخلاف ایم کیو ایم کا سینیٹ سے واک آئوٹ

0

متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی میں امن وامان کی خراب صورتحال پر سینیٹ سے واک آؤٹ کیا، سینیٹر طاہر مشہدی کا کہنا تھا کہ کراچی شہر رہنے کے قابل نہیں رہا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان نے کراچی کے خراب حالات کے خلاف سینیٹ سے واک آؤٹ کیا, کراچی کے حالات پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ کراچی میں حالات بدتر ہوتے جارہے ہیں، ایم کیو ایم کے 150 ڈیڑھ سو سے زائد کارکن جاں بحق ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں اور دہشت گردوں کے خلاف کوئی آپریشن نہیں کیا جارہا ہے، بدامنی اور لاقانونیت کے باعث کراچی شہر رہنے کے قابل ہی نہیں رہا، طاہر حسین مشہدی کے خطاب کے بعد ایم کیو ایم کے ارکان ایوان سے باہر چلے گئے۔
       

سردی کی شدت میں اضافہ، لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو

0

ملک میں سردی کی شدت میں اضافہ کے باوجود لوڈشیڈنگ پر قابو نہیں پایا جاسکا، ملک میں بجلی کا شارٹ فال دو ہزار میگا واٹ ہوگیا ہے۔

سردی کی شدت میں اضافہ کے بعد بھی ملک میں لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو ہے، شہری علاقوں میں دس گھنٹے اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ سولہ گھنٹے سے تجاوز کرگیا ہے۔ 

این ٹی ڈی سی کے مطابق بجلی کی پیدوار نو ہزار دوسو میگاواٹ اور طلب گیارہ ہزار دوسو میگاواٹ ہے، جس میں ایک ہزار تین سو نوے میگاواٹ بجلی ہائیڈل پیداوار سے، دوہزار دو سو ستر تھرمل پاور کے ذریعے جبکہ آئی پی پیز سے پانچ ہزار پانچ سو چالیس میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔

ادھر بلوچستان میں نصیرآباد کے قریب دو سو بیس کے وی کے بجلی ٹاورز کی تباہی کے بعد صوبے بھرمیں بجلی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے، دہشتگردوں نے ٹاور کو دو روز قبل دھماکا خیز مواد لگا کر اڑا دیا تھا۔

 

چیئرمین نادرا طارق ملک اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

0

چیئرمین نادرا طارق ملک نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے، انھوں نے اپنا استعفی وزارت داخلہ کے زریعے وزیراعظم کو ارسال کر دیا ہے ۔

چیئرمین نادرا کو وفاقی حکومت کی جانب سے برطرف کیا گیا تھا تاہم عدالت سے رجوع کرنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے انھیں عہدے پر بحال کر دیا تھا، وفاقی حکومت کی نظر ثانی کی درخواست پر عدالت کی جانب سے فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا جو ابھی تک نہیں سنایا گیا ۔

دوسری جانب ایف آئی نے کینڈین شہریت چھپانے کے الزام میں چیئرمین نادرا کے خلاف تحقیقات بھی شروع کر دی تھیں اور چیئرمین نادرا نے اپنا بیان بھی اس حوالے سے ایف آئی اے کو ریکارڈ کروایا تھا ۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نادرا ذہنی دباؤ کا شکار تھے، جس کے باعث انھوں نے اپنا استعفی وزارت داخلہ کے زریعے وزیر اعظم ہاؤس کو ارسال کر دیا ہے

 

چوہدری اسلم پرحملہ خودکش تھا، ابتدائی رپورٹ تیار

0

تحقیقاتی ٹیموں نے چوہدری اسلم پرحملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی، ڈی آئی جی ظفر بخاری کا کہنا ہے کہ حملہ خودکش تھا، جس میں دو سو کلو باروداستعمال ہوا،  دو دن پہلے طالبان ترجمان نے چوہدری اسلم کو فون پردھمکیاں بھی دی تھیں۔

تحقیقاتی ٹیمیں چوہدری اسلم پر حملے کی تفتیش کرنے میں مصروف ہیں، راجہ عمرخطاب کا کہنا ہے کہ چوہدری اسلم پر گاڑی میں موجود خودکش بمبار نے حملہ کیا، دھماکا چوہدری اسلم کے قریب آکر کیا گیا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد نیلے رنگ کے ڈبوں میں رکھا گیا تھا اور دو سو کلوبارود استعمال کیا گیا۔

چوہدری اسلم کے گھر پر حملے اور اس حملے میں ایک جیسا مواد استعمال ہوا جبکہ امریکی سفارتخانے، سول لائنز میں دھماکا خیز مواد سے بھی مماثلت ہے، ڈی آئی جی ظفر بخاری نے کہا کہ حملے میں ہائی ایکسپلوز استعمال کیا گیا، اسپتال سے ٹیکسی ڈرائیور کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ظفربخاری نے کہا کہ دو دن پہلے چوہدری اسلم کی کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی جس میں کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے دھمکیاں دی گئی تھیں تاہم چوہدری اسلم نے دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے دھماکے میں زخمی اہلکاروں سے بھی بیانات لیے جائیں گے، حملے کے دوسرے روز بھی راجہ عمرخطاب، نیاز کھوسو سمیت اعلیٰ افسران اور دیگرتحقیقاتی اداروں نے جائے وقوع کا جائزہ لیا اور مزید شواہد اکھٹے کئے۔

لیاری ایکسپریس وے عام ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا، فرانزک ٹیم دھماکے کے بعد کے شواہد اکھٹے کرنے کے عمل میں مصروف رہی، پولیس کی ہدایت پر لیاری ایکسپریس وے اور عیسیٰ نگری قبرستان سے حملے کے شواہد اکھٹے کئے گئے۔

 

ایشیا کپ میں نہ جانے سے مالی نقصان ہوگا،نجم سیٹھی

0

پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش نے سیکیورٹی پلان دے دیا ہے، کھیلنے نہیں جاتے تو نقصان ہمارا ہی ہو گا۔

آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر لاہور ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےنجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں منعقدہ ایشیاء کپ میں پاکستان کی سیکورٹی کےحوالے سے مسائل ہیں لیکن پھر بھی بنگلہ دیش نے اپنا سیکورٹی پلان دے دیا ہے۔

ہم جس قسم کی اسپیشل سیکورٹی چاہیں گے ملے گی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈکے عہدیداروں نے یہ بھی بتایا کہ وہاں کی تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے پاکستانی ٹیم پر کسی قسم کا حملہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم نہ جائیں تو پھر بھی ایشیا کپ ہوگا،لیکن بائیکاٹ سے ہمارا ریونیو کا نقصان ہوگا اور انٹرنیشنل کرکٹ میں ہمارا تاثر بھی خراب ہو گا، اس لئے جذباتی ہو کر فیصلہ نہیں کرنا چاہئے۔