وزیراعظم ہاﺅس میں وزیراعظم نوازشریف سے پرنس کریم آغا خان کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک دیگر تنظیموں کیلئے ایک ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، جو جدید اور سائنسی انداز میں اپنے منصوبے تیار اور ان پر عمل درآمد کرتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں اور ہمارا ملک توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہے، جس سے نہ صرف پاکستان اپنے توانائی کے بحران پر قابو پاسکے گا بلکہ پیداواری سرگرمیوں، روزگار، محصولات میں اضافہ اور خدمات کی فراہمی میں حکومتی صلاحیت میں اضافہ سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ملاقات کے دوران افرادی قوت کی تربیت اور پاکستانی نوجوانوں کیلئے اعلی تعلیمی مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے پرنس کریم آغا خان کو گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں گورننس اصلاحات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔