متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پراورنگی ٹاؤن نمبر 10اور سی بریزپلازہ کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے شہید اورمتعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین کے چہلم کے جلوسوں کی گزرگاہوں پر دہشت گردوں نے ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ فرقہ وارانہ فسادات کراکر ملک و قوم کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک نازک ترین صورتحال سے گزررہا ہے ۔
دہشت گرد ملک کی سالمیت کے درپے ہیں اور ایسی صورتحال میں کسی بھی دہشت گردی کے واقعہ پر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور عوام اپنے درمیان اتحاد و بھائی چارے کی فضا برقرار رکھیں ، افواہوں پر کان نہ دھریں اور آپس میں دست وگریباں ہونے کے بجائے دہشت گردوں اور انکے مذموم عزائم کا متحد و منظم ہوکر مقابلہ کریں ۔
انہوں نے بم دھماکوں نتیجے میں شہید افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔
الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ اورنگی ٹاؤن نمبر 10اور سی بیریز پلازہ کے قریب حضرت امام حسین کے جلوس کی گزرگاہوں پر ریمورٹ کنٹرول بم دھماکوں کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔