بدھ, جنوری 15, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 28890

نئی دہلی:سنندا پشکر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آج عدالت میں پیش کی جائیگی

0

بھارتی وزیر مملکت ششی تھرور کی اہلیہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آج عدالت میں پیش کی جائے گی، رپورٹ کے مطابق سونندا کی موت زیادہ مقدارمیں خواب آورگولیاں کھانے سے ہوئی ہے۔

بھارت کے وزیر مملکت برائے انسانی وسائل ششی تھرور کی اہلیہ کی پراسرار موت کی تحقیقات جاری ہیں، ششی تھرور کا پاکستانی خاتون صحافی سے معاشقے کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد بھارتی وزیر کی اہلیہ سونندا پشکر نئی دہلی کے ایک ہوٹل میں مردہ پائی گئیں۔

ششی کی اہلیہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے، جو آج عدالت میں پیش کی جائے گی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ان کی موت خواب آور ادوایات کی زیادتی سے ہوئی، میڈیکل رپورٹ میں سونندا پشکر کے جسم سے الکوحل کے شواہد نہیں ملے۔

تاہم اس سے قبل ڈاکٹروں نے بھارتی وزیر کی اہلیہ کی موت کو غیر طبعی قرار دیا تھا، دلی پولیس کو ان کے کمرے سے خواب آور ادوایات کے پیکٹس بھی ملیں ہیں، سونندا پشکر کے شوہر اور قریبی رشتے داروں نے بیان ریکارڈ کرا دیئے، جن کے مطابق موت سے پہلے آخری رات میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔
       

بنوں چھاونی دھماکہ، دوسرے روز بنوں میران شاہ روڈ پر کرفیو نافذ

0

بنوں چھاونی میں دھماکے کے دوسرے روز بنوں میران شاہ روڈ پر کرفیو نافذ ہے، ہر طرف سناٹا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا گشت جاری ہے۔

خیبر پختون خوا میں سیکیورٹی اہلکاروں اور سیاسی رہنماؤں پر پے در پے حملوں کے بعد سیکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کردیئے گئے ہیں، بنوں چھاونی میں دھماکے کے دوسرے روز بھی بنوں میران شاہ روڈ پر کرفیو نافذ ہے۔

شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کئے گئے ہیں، بنوں کینٹ جانے والے تمام راستے بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بنوں دھماکے کے زخمیوں کو سی ایم ایچ پشاورمیں منتقل کیا گیا تھا، جن میں کئی ایک کی حالت اب بھی تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

 

راولپنڈی دھماکہ: زخمی اور جاں بحق افراد کی شناخت ہوگئی

0

راولپنڈی دھماکے میں ڈی ایچ کیو منتقل کئے گئے جاں بحق اور زخمی افراد کی شناخت ہوگئی، شناخت کئے جاں بحق افراد میں پاک فوج کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

راولپنڈی بم دھماکے کے بعد ڈی ایچ کیو منتقل کئے جانے والے زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ہوگئی، اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں جی ایچ کیو میں ملازم پچاس سالہ عابد بھی شامل ہیں۔

اسپتال میں شناخت کی گئی دوسری لاش پاک فوج کے نائیک پینتالیس سالہ غلام رسول کی ہے، جن کا تعلق سرگودھا سے ہے، دھماکے میں سوئیڈش کالج کا طالب علم مبشر مشتاق بھی جاں بحق ہوا جبکہ اس کا کزن محمد حسن دھماکے میں شدید زخمی ہے۔

 

 

خصوصی عدالت میں پرویز مشرف سے متعلق مقدمے کی سماعت

0

خصوصی عدالت میں پرویز مشرف سے متعلق مقدمے کی سماعت جاری ہے، سابق صدر کے وکلاء کا دلائل میں کہنا ہے کہ عدالت کی تشکیل کیلئے سابق چیف جسٹس سے مشاورت نہیں ہونی چاہیئے تھی۔

خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف چلنے والے آرٹیکل چھ کے مقدمے میں سابق صدر کے وکلا نے دلائل جاری رکھے، خصوصی عدالت کی تشکیل پر انور منصور نے موقف اختیار کیا کہ عدالت کی تشکیل کیلئے سابق چیف جسٹس سے مشاورت نہیں ہونی چاہیئے تھی، قانون یہ ہے خصوصی عدالت کی تشکیل وفاقی حکومت کریگی۔

جسٹس فیصل عرب نے استفسار کیا کہ وفاقی حکومت ججز کا تقرر کیسے کریگی کیا وہ ججز کے ناموں کیلئے چیف جسٹس سے رابطہ نہیں کریگی؟ جس پر انور منصور نے کہا کہ جی نہیں حکومت کے پاس ججز کی فہرست موجود ہوتی ہے، اس میں سے ججز مقرر کر سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ججوں کا انتخاب کرنے کا اختیار کابینہ کو حاصل ہے، چیف جسٹس کو نہیں، انصاف تک رسائی آئین کے آرٹیکل نو کے تحت سب کا حق ہے، جب تک عدالت غیر جانبدار نہیں ہوگی انصاف نہیں ہوسکتا۔

 

ہالی ووڈ:فلم میلیفسنٹ میں انجلینا کا پرکشش مگر خطرناک روپ

0

ہالی ووڈ ایکشن گرل ایک بار پھر ایکشن میں آئی ہیں، اس بار انجلینا پرکشش مگر خطرناک چڑیل کے روپ میں نظر آئی ہیں، فلم میلیفسنٹ کا نیا ٹریلر سامنے آگیا۔

  پراسرار انداز، خطرناک ارادے یہ ہالی ووڈ ایکشن گرل انجلینا جولی کا نیا انداز ہیں، انجلینا جولی جادوگرنی بنی اب کی بار سب کچھ تباہ کرنے کے درپے ہیں، جو اپنی جادوئی طاقت سے پوری دنیا کو اپنے قبضے میں کرنا چاہتی ہے۔

یہ کہانی ورلڈ ڈزنی لینڈ کی نئی فلم میلیفسنٹ کی ہے، اس ایڈونچر فینٹسی فلم کی کہانی ڈزنی کلاسک سلیپنگ بیوٹی کی وِلن میلفسنٹ کے گرد گھومتی ہے، جو دراصل ایک خوبصورت نوجوان لڑکی تھی۔

تاہم جنگل میں اپنی پُر امن سلطنت کو حملہ آوروں سے بچاتے ہوئے دھوکا دہی اور غداری کے بعد پتھر دل بن جاتی ہے اور پھر سلطنت کے نئے بادشاہ کی بیٹی اروڑا پر جادو کر دیتی ہے۔

بیس کروڑ کے بجٹ سے بننے والی ایکشن وایڈونچر سے بھرپور یہ فلم میلفسنٹ والٹ ڈزنی اسٹوڈیوز موشن پکچرز کے تحت رواں سال تیس مئی کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائیگی۔

 

چمن:نیٹو سپلائی روکنے کیخلاف ڈرائیورز کا پاک افغان باڈر پراحتجاج

0

چمن میں انیس گھنٹے نیٹو سپلائی روکنے کے خلاف نیٹو سپلائی ڈرائیوروں نے پاک افغان باڈر پر شدید احتجاج کیا، ڈرائیوروں نے الزام لگایا ہے کہ لیویز نے بھتہ وصولی کے لئے سپلائی روکی تھی۔

چمن کے علاقے قلعہ عبداللہ میں نیٹو سپلائی روکنے کے خلاف نیٹو سپلائی ڈرائیوروں نے پاک افغان باڈر پر شدید احتجاج کیا، گزشتہ روز نیٹو سپلائی کے پینتالیس کنٹینرز انیس گھنٹے تک لیویز کے اسسٹنٹ کمشنر نے روکے تھے۔

ڈرائیوروں نے الزام لگایا ہے کہ لیویز نے بھتہ وصولی کے لئے سپلائی روکی، جس کے بعد انہیں پوری رات شدید سردی میں گزارنی پڑی، ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی روکنے پر ڈپٹی کمشنر کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔

نیٹو سپلائی ڈرائیور کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نیٹو سپلائی کو سیکورٹی دینے کی بجائے بھتہ وصولی میں مصروف ہے ۔

 

ملک کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار

0

ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند کا راج ہے، حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ٹریفک حادثات میں چار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے ڈیرے ہیں، شدید دھند کے باعث موٹروے پر حد نگاہ صفر ہوگئی ہے، جس کے بعد موٹروے کو پشاور سے صوابی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے، شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

خانیوال میں موٹر سائیکل اور ٹرک میں تصادم میں دس طلبہ شدید زخمی ہوگئے، حویلی لکھا میں بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں تین طالبعلم شدید زخمی ہوئے، نارنگ روڈ اور فیروز پور روڈ پر ٹریفک حادثات میں پندرہ افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

وٹر وے حکام نے عوام کو سفر کیلئے جی ٹی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے، ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیورز دھند میں فوگ لائٹس آن رکھیں اور احتیاط سے ڈرائیونگ کریں ۔

 

جرمنی: فیشن ویک اپنی رنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیر

0

جرمنی میں جاری فیشن ویک اپنی رنگینیوں کے ساتھ  اختتام پذیر ہوا، فیشن ویک میں نت نئے کلیکشن نے لوگوں کی داد سمیٹی۔

جرمنی کے شہر برلن میں فیشن کے رنگ بکھرے، حسین لبادے اوڑھے دلکش ماحول میں نزاکتوں سے بھرپور کیٹ واک دیکھنے کو ملی، فیشن شو کو دیکھنے نوجوانوں کی بڑی تعداد پہنچی۔

 ان کا فیورٹ برانڈ پہلی بار فیشن ویک میں شامل ہوا تھا، فیشن شو کا نام شاپ دا رن وے بھی دلچسپی سے بھرپور تھا، جس نے پہلے ہی دن سے مداحوں کو خریداری کرنے پر مجبور کر دیا۔

نیا سال نیا کلیکشن دونوں ہی نوجوانوں کو اپنی طرف متوجہ کررہے تھے، شاپ دا رن وے فیشن شو میں جرمنی کی معروف ماڈل جیری ہل نے بھی شرکت کی۔

 

سابق صدر پرویز مشرف کا آج ازسر نو مکمل چیک اپ کیا جائے گا

0

خصوصی عدالت کے حکم پر سابق صدر پرویز مشرف کا آج ازسر نو مکمل چیک اپ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اے ایف آئی سی کی انتظامیہ عدالتی حکم کی روشنی میں آج صدر کا ازسرنو مکمل چیک اپ کرے گی، ڈاکٹروں کی ٹیم میں اس دفعہ نئے اور سنئیر ڈاکٹر بھی شامل ہونگے۔

سابق صدر کو عکسری ادارہ امراض قلب داخل ہوئے انیس دن گزر گئے ہیں تاہم اس کے باوجود ڈاکٹرز کی ٹیم تاحال سابق صدر کا علاج اندرون یا بیرون ملک کرانے کے لیے کوئی حتمی رائے قائم نہیں کرسکی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران خصوصی عدالت نے اے ایف آئی سی انتظامیہ کو سابق صدر پرویز مشرف کا ازسر نو مکمل چیک اپ کرانے اور چوبیس جنوری کو ان کی صحت کے حوالے رپورٹ عدالت میں جمع کرانے احکامات جاری کیے تھے۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر طبیعت میں بہتری کے باعث اپنے وکلا اور رشتے داروں سے بھی ملاقاتیں کرنے لگے ہیں۔

 

کالعدم تحریک طالبان نے کارروائیاں روکنے کا اشارہ دیدیا

0

کالعدم تحریک طالبان نے مذاکرات کیلئے پر امن ماحول بنانے کیلئے کارروائیاں روکنے کا اشارہ دیدیا ہے، حکومت نے بھی طالبان سے مذاکرات کیلئے سیاسی قیادت کو ایک بار پھر اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا، آج کابینہ کے اجلاس میں طالبان سے مذاکرات سمیت دیگر آپشنز پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔

تحریک طالبان کے مرکزی ترجمان شاہد اللہ شاہد اور مرکزی رہنما اعظم طارق کے مشترکہ تفصیلی بیان میں کہا گیا کہ اگر حکومت مذاکرات کے لیے ماحول کو پرامن اور بااعتماد بناتی ہے تو طالبان اپنی کارروائیوں پر نظرثانی کرسکتے ہیں۔

حکومت نے بھی طالبان سے مذاکرات پر سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ایک بار پھر اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کو رابطوں کا ٹاسک دے دیا ہے، وزیراعظم نواز شریف نے دورہ سوئٹزر لینڈ بھی منسوخ کردیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کیخلاف متحد ہے، پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کی تجویز بھی زیر غور ہے، وزیراعظم نواز شریف نے بھی طالبان کے ساتھ مذاکرات کے علاوہ دیگر آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔

کابینہ کے اجلاس میں آج اہم ترین فیصلے ہوں گے، طالبان سے ہوں گے مذاکرات یا پھر ہوگی جنگ، فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں ہوگا۔