پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کا راج ہے، لاہور میں درجنوں پروازیں موخر ہونے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، محکمہ موسمیات کے مطابق حد نگاہ پچاس میٹر تھی، شیخوپورہ میں دھند کے باعث اسکول وین الٹنے سے متعدد طلبہ زخمی ہوگئے۔
،صوبائی دارالحکومت لاہور نے رات ہی سے دھند کی چادر اوڑھی ہوئی تھی جس کے باعث لاہور کے ایئرپورٹ کو بند کرنا پڑا، جس کی وجہ سے بیرون ملک روانہ ہونے والی دس پروازیں موخر ہوئی جبکہ اندرون ملک جانے والی دو پروازیں منسوخ اور دو موخر ہوگئیں۔
بیرون ملک سے آنے والی ایک پرواز منسوخ جبکہ نو پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، اسی طرح اندرون ملک سے آنے والی تین پروازیں منسوخ جبکہ تین کی آمد میں تاخیر ہے، اوسلو، لندن، استنبول اور دمام سے لاہور آنے والی پروازوں کو کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت حد نگاہ پچاس میٹر ہے جبکہ دھند کے باعث موٹروے کے مختلف سیکشن بھی سفر کیلئے بند ہیں، شیخوپورہ میں دھند کے باعث اسکول وین الٹنے سے متعدد بچوں کی معمولی زخمی ہوئے، جنہیں مرہم پٹی کے بعد گھروں کو روانہ کردیا گیا۔
گجرات اور گردونواح میں شدید دھند کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہو گیا، جس کے باعث جی ٹی روڈ پر سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔