وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلٰی پنجاب کو دہشت گردوں سے خطرہ ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کو سکیورٹی خطرات کے پیش نظر خفیہ اداروں کی ہدایت کے مطابق وزیراعظم اور وزیر اعلٰی پہلے سے طے شدہ پروگراموں میں خود نہیں جاتے اور ان کی جگہ کوئی دوسرا رہنما شرکت کرلیتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ چودھری پرویز الٰہی کے دور میں ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کا بازار گرم رہا، انہیں چاہیے کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ میٹرو بس میں سفر کریں، جسے وہ جنگلا بس کہتے تھے، ان کا کہنا تھا کہ روزانہ ڈیڑھ لاکھ افراد میٹرو بس سے مستفید ہو رہے ہیں، وزیر قانون نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب کی اسلام آباد میں مصروفیات توانائی بحران کے حوالے سے ہیں، وہ پنجاب کو بھر پور وقت دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی حلقہ بندیاں اب پنجاب حکومت نہیں، الیکشن کمشن کروائے گا، اور ان کے خلاف اعتراضات کی تعداد دگنی ہو گی، رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ پرویز مشرف کی قانونی ٹیم میں نااہل وکلا پر مشتمل ہے، خطرہ ہے کہ بھٹو کے وکلاء کی طرح پرویز مشرف کے وکلاء بھی اپنے مؤکل کو سزا دلوا کر رہیں گے۔