پیر, جنوری 27, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 29052

کیلیفورنیا:جسٹن بیبر کے گھر پر پولیس کا چھاپہ، 2دوست گرفتار

0

معروف پاپ سنگر جسٹین بیبر کے گھر پر پولیس نے چھاپے کے دوران نشہ آور اشیاء برآمد کرکے دوافراد کو گرفتار کرلیا۔

امریکی شہر لاس اینجلس میں واقع معروف پاپ اسٹار کے گھر پر پولیس نے چھاپے مار کر گھر سے کوکین برآمد کرکے جسٹن بیبر کے دو دوستوں کو دھر لیا، پولیس کارروائی کے وقت جسٹن گھر موجود نہ تھے جس سے وہ گرفتار ہونے بچ گئے جبکہ ان کے دو دوستوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

جسٹن بیبر پر اپنے پڑوس کے گھر پر انڈا پھینکنے کا الزام تھا، گھر کی تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں کوکین برآمد ہوئی، پولیس کا کہنا ہے کہ اگر جرم ثابت ہوتا ہے تو جسٹن بیبر کو بیس ہزار ڈالر کے جرمانے کا سامنا کرنا بھی پڑسکتا ہے۔
   

پارلیمنٹ کی فرانسیسی صدر سے افئیر سے متعلق وضاحت طلب

0

فرانس کے صدر فرانسوا اولاند کے فلمی اداکارہ سے افئیر کی خبروں کے بعد پارلیمنٹ نے وضاحت طلب کرلی، صدر کا کہنا ہے یہ نجی معاملہ ہے، نجی سطح پر ہی حل ہوگا۔

فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند کے فلمی اداکارہ سے افئیر کے چرچے آج کل زوروں پر ہیں، ملک چلاتے چلاتے اگر کوئی عشق میں مبتلا ہو جائے تو شور تو ہونا ہی ہے۔

معیشت کے حوالے سے ہونے والی اہم پریس کانفرنس کے دوران بھی صحافی ان سے افئیر کے متعلق ہی سوال کرتے رہے، صدر نے جواب میں کہا کہ افیئر سے متعلق خبریں نجی زندگی پر حملہ اور ذاتی معاملات میں مداخلت ہے، یہ معاملہ نجی طور پر ہی حل ہوگا۔

فرانسیسی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا کے دورے میں ساتھ کون جائے گا، جلد پتا لگ جائے گا، دوسری جانب پارلیمنٹ نے بھی صدر سے افئیر سے متعلق وضاحت طلب کرلی۔
       

تھائی لینڈ:عوام کا حکومت کے خلاف مارچ شروع

0

تھائی لینڈ میں اس ملک کے عوام کا حکومت کے خلاف مارچ شروع ہوگيا، شرکاء نے بنکاک کی اہم تنصیبات کا رخ کرلیا۔

ہفتوں سے ڈیرہ جمائے رکھے مظاہرین نے اس ملک کے دارالحکومت بینکاک میں شہر کی اہم شاہراہیں بلاک کر دیں، جس سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرین کی قیادت حزب اختلاف کے سابق رہنما تھوگ سوبن ستھپ کر رہے ہیں، جنکا کہنا تھا کہ بغاوت کے لئے فوج کو آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی یہ کام وہ خود ہی کرلیں گے۔

شہری انتظامیہ نے ایک سو چالیس اسکولوں اور احتجاج کی جگہ سے نزدیکی جامعات کو بھی بند رکھنے کی ہدایات دی ہیں، یاد رہے کہ کئی ہفتوں سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک دو پولیس افسر سمیت آٹھ افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوچکے ہیں۔

سفارتی تنازع:امریکہ اور بھارت میں تعلقات کی بہتری کیلئے مذاکرات

0

سفارتی تنازع کو ایک ماہ گزرنے کے بعد امریکہ اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے جاری بیان کے مطابق واشنگٹن میں ڈپٹی سیکریٹری اسٹیٹ ولیم برنز سے بھارتی سفارتکار شبیا مینم جے شنکر نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے تعلقات کی بہتری پر زور دیا ہے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں میں نئی دہلی کے امریکی اسکول میں تربیت کے طریقوں اور بھارت میں ویزا معاملات میں بے ظابطگیوں پر بات چیت ہوئی ہے، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے آئندہ تعلقات میں بہتری اور دوطرفہ مسائل کو سفارتی چینل کے ذریعے حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یاد رہےکہ امریکہ میں بھارتی خاتون سفارکار کیجانب سےاپنی ملازمہ کو جعلی دستاویزات کے ذریعے ویزہ جاری کروانے کے معاملے پردونوں ممالک کے سفارتی تعلقات خراب ہوئے تھے۔
    

   

قاہرہ:مصر میں نئے آئین پر ریفرنڈم، جھڑپوں میں 9 افراد ہلاک

0

مصر میں نئے آئینی مسودے پر دو روزہ ریفرنڈم کے آخری دن آج بھی ووٹنگ جاری ہے، مصر کی سب سے بڑی جماعت اخوان المسلمون اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے ریفرینڈم کا بائیکاٹ کیا ہے۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں نوافراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

مصر میں نے آئینی مسودے پر دو روزہ ریفرنڈم میں ووٹنگ جاری ہے، مصر میں جاری ریفرنڈم اس نئے آئین کے لیے ہے، جس کی منظوری کی صورت میں فوجی سربراہ جنرل عبد الفتاح السیسی صدر کے عہدے کے لیے انتخاب میں حصہ لے سکیں گے۔

سابق صدر مرسی کی جماعت اخوان المسلمون اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے ریفرینڈم کو دھوکہ قرار دیتے ہوئے بائیکاٹ کیا ہے، ریفرنڈم کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاہم اخوان المسلمون کے حامیوں اور پولیس میں جھڑپوں کے باعث نو افراد ہلاک ہوگئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نیا آئین شہریوں کو قدرے زیادہ حقوق اور آزادی فراہم کرتا ہے جبکہ ناقدین کی نظر میں نیا آئین عوام کے بجائے فوج کے حقوق کا محافظ ہے، مصر کے عبوری وزیراعظم نے ریفرنڈم کو تاریخی موقع قرار دیا ہے۔
       

انقرہ:عدلیہ میں اصلاحات، حکومتی،اپوزیشن اراکین باہم دست و گریبان

0

عدلیہ میں اصلاحات کے معاملے پر بحث کے دوران ترک پارلیمنٹ کے حکومتی اور اپوزیشن اراکین دست و گریبان ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس کمیشن اور ججوں کی تقرری کے معاملے پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان تیسرے روز ہونے والی بات چیت کے دوران اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے اس بیان کی شدید مذمت کی گئی۔

جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کے خلاف عدلیہ بھی سازش میں مصروف ہے، اپوزیشن رکن پارلیمنٹ کیجانب سے اس بیان اور ججوں کی تقرری کے معاملے کو خلاف قانون قرار دیا گیا، جس پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ارکان پارلیمنٹ گھتم گتھا ہوگئے۔

اس دوران دونوں جانب سے اراکین نے ایک دوسرے پر ہاتھ اٹھانے کی بھی کوشش کی، تاہم دوسرے ساتھی پارلیمنٹرین کی جانب سے روکنے کے باوجود ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
   

امریکا اور عالمی طاقتیں جنیوا معاہدے کی پاسداری کریں،حسن روحانی

0

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکہ اور عالمی طاقتیں جنیوا معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے مزید پابندیاں لگانے سے دستبردارہو جائیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ جوہری پروگرام پر عالمی طاقتوں سے معاہدہ ایرانی قوم کے وسیع تر مفاد میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت جس طرح ایران چھ ماہ میں یورنیم کی افزدوگی میں کمی اور اقوام متحدہ کی انسپکشن ٹیم کو اپنےجوہری پلانٹ کا معائنہ کرانے کا پابند ہے، اسی طرح عالمی طاقتیں بھی ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں میں نرمی اور چھ ماہ تک مزید کوئی پابندی لگانے کی مجاز نہیں ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سینٹرز کیجانب سے کانگریس میں ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنیکا مطالبہ جنیوا معاہدے کی خلاف ورزی ہے، جس پر ایران کو سخت تشویش ہے۔

گولڈن ٹیمپل پر حملے کی منصوبہ بندی میں برطانیہ نے مدد کی

0

سکھوں کی عبادت گاہ گولڈن ٹیمپل پر انیس سو چوراسی میں ہونے والے حملے میں برطانیہ نے مدد کی تھی، جس میں تین ہزار سے زائد سکھوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ان اطلاعات پر تحقیقات کاحکم دیا ہے، جن کے مطابق انیس سو چوراسی میں امرتسر میں سکھوں کی عبادت گاہ گولڈن ٹیمپل پر بھارتی فوج کے حملے کی منصوبہ بندی میں برطانوی اسپیشل فورسز نے بھارت کی مدد کی تھی۔

برطانوی رکنِ پارلیمان ٹام واٹسن تیس کے سال کا عرصہ گزرنے کے بعد حال ہی میں منکشف ہونیوالی دستاویزات ان کے دعوے کی تائید کرتی ہیں کہ برطانیہ نے اس آپریشن میں بھارت کی مدد کی تھی، گولڈن ٹیمپل پر حملے کے وقت برطانیہ میں مارگریٹ تھیچر وزیرِاعظم کے عہدے پر فائز تھیں جب کہ بھارت میں اندرا گاندھی برسرِ اقتدار تھیں۔

صنعا:یمن میں سینکڑوں افراد کا حکومت کی برطرفی کیلئے مظاہرہ

0

یمن میں سینکڑوں افراد نے معاہدے کی خلاف ورزی پر حکومت کے خلاف وزیراعظم کے دفترکے باہر مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔

عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں جاری تنازعات اور مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں، مظاہرین کا کہنا تھا کہ شمالی علاقوں کے مسائل پر بھی توجہ نہیں دی جا رہی ہے، وہاں لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔

ریلی کےشرکاء نے اس موقع پر حکومت کی برطرفی کا مطالبہ بھی کیا، یاد رہے کہ یمن میں دوہزار گیارہ کے بعد سے سیاسی بے چینی بڑھ گئی ہے، جس سے علیحدگی پسند تحریکوں کو تقویت ملی ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع کے بیان پر امریکا برہم، وزیر دفاع کی معافی

0

اسرائیلی وزیر دفاع موشے یالون نے امریکی احتجاج پر امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے معافی مانگ لی، امریکہ نے اسرائیلی وزیر دفاع کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کیا تھا۔

امریکی وزارت خارجہ نے اپنے قریبی حلیف اسرائیل کے وزیر دفاع موشے یالون کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیر موشے یالون کا امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے بارے میں بیان انتہائی ناگوار اور نامناسب ہے۔

امریکی وزارتِ خارجہ کی ترجمان جان پسیکی کیجانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اگر اسرائیل کے نزدیک اس کے وزیر دفاع کا بیان ٹھیک ہے تو یہ انتہائی نامناسب ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے ایک اخبار کو انٹرویو میں کہا تھا کہ مشرق وسطی کے بارے میں کیری کی پالیسی مسیحی یا نہ تھی کیونکہ اس بار جب وہ اسرائیل آئے تو انھوں نے کچھ چیزیں ذہن پر حاوی کر رکھی تھیں۔

ایسا لگتا تھا کہ جان کیری امن کے بے جان اور ناقابل عمل منصوبے پر اسرائیل کو راضی کرنا چاہتے ہیں، انکا کہنا تھا کہ امریکی وزیرِ خارجہ انہیں مسئلہ فلسطین کے بارے میں کچھ سکھا نہیں سکتے، امریکی دباؤ کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع نے جان کیری سے اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔