جشن عید میلادالنبی کے سلسے میں ملک بھر میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، عاشقان رسول اپنے اپنے انداز میں رسول کریم ﷺ سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔
آمد عید میلاد النبی کے سلسلے میں پاکستان بھر میں جلوس اور مشعل بردار رلیاں نکالی جارہی ہیں، گلی کوچوں کو خوبصورت روشنیوں اور رنگ بہ رنگی جھنڈیوں سے سجادیا گیا ہے۔
کراچی میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں سرکاری و نجی عمارتوں، شاہراہوں ،مساجد کو دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے، لاہور میں داتا دربار سمیت اہم شاہراہوں اور مساجد کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔
فیصل آباد میں عید میلادالنبی کے سلسلے میں ملک بھر کی طرح محافل میلاد منعقد کروائی جا رہی ہیں، ملتان میں بازاروں کیساتھ شاہراہوں اور مساجد کو برقی قمقموں سے روشن کردیا ہے۔
گوجرانوالہ میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں مشعل بردار جلوس نکالا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام الناس میں شرکت کی ، جلوس کے شرکاء موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر سوار تھے اور انہوں نے انتہائی خوبصورت انداز میں مشعلیں اٹھا رکھیں تھیں، ریلی نے ہر طرف روشنیاں بھکیر دیں۔
سکھر میں ربیع الاول کی مناسبت سے مختلف مذہبی جماعتوں نےایوب گیٹ سے گھنٹہ گھر تک ریلیاں نکالی گئیں، حیدرآباد میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں دیگر شہروں کی طرح جاری ہیں، شہریوں نے گھروں اور گلیوں کو بڑی خوبصورتی سے سجایا ہے۔