بدھ, فروری 5, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 29237

ابو ظہبی ٹیسٹ:پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں تین سو تراسی رنز بناکرآؤٹ

0

ابو ظہبی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں تین سو تراسی رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یونس خان اور مصباح الحق کی سینچریوں کی بدولت قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں سری لنکا پر ایک سو اناسی رنز کی برتری حاصل کرلی۔ ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکن بولرز نےبھرپور کم بیک کیا۔

پاکستان کے آخری چھ کھلاڑی اسکور میں صرف چھپن رنز کا اضافہ کرسکے۔ تین سو ستائیس رنز چارکھلاڑی آؤٹ پر پاکستان نے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اسد شفیق زیادہ دیر تک حریف بولرز کے سامنے مزاحمت نہ کرسکے اور تیرہ رنزبناکر پویلین لوٹ گئے۔

عدنان اکمل بھی ٹیم کے لئے کچھ نہ کرسکے اور چھ رنزبناکر اپنی وکٹ دے بیٹھے۔ سعید اجمل اور راحت علی نے بھی ہتھیار ڈال دیئے. پاکستانی کپتان مصباح الحق ایک سو پینتیس رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی پہلی اننگز کے اسکور دو سو چار رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم تین سو تراسی رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یونس خان اور مصباح کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت قومی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف ایک سو نواسی رنز کی برتری بھی حاصل کرلی ہے۔

 

تین روز تک سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی

0

ملک بھر سرد موسم اپنے جوبن پر ہے, پہاڑی علاقوں میں برف باری سے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہیں، محکمہ موسمیات نے تین روز تک سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کردی۔

ملک بھر میں سردی نئے نئے ریکارڈ بنارہی ہیں، کئی شہروں میں ٹھنڈ نے دہائیوں کے پرانے ریکارڈ توڑ دیئے، گلگت بلتستان کے بلند و بالا پہاڑوں پر برف ہی برف کے نظارے ہیں تو سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقے یخ بستہ ہواؤں کی لیپٹ میں ہیں، بالائی علاقے سوات اور ایبٹ آباد میں برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں۔

کوئٹہ شہر میں قلفی جما دینے والی سردی میں پانی بھی لائنوں میں جم گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین روز تک سردی کی شدت میں کمی کا امکان نہیں، پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی تیرہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شہروں کے درجہ حرارت بھی کچھ اسطرح رہے، اسلام آباد منفی تین، لاہور ایک، کراچی نو، پشاور صفر اور کوئٹہ میں منفی نو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
   

بلدیاتی انتخابات:سندھ اورپنجاب میں تیاریاں سست روی کا شکار

0

سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کےلئےتیاریاں غیریقینی صورتحال کے سبب سست روی کا شکار ہوگئیں۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں صرف سولہ دن باقی رہ گئے ہیں، ہائی کورٹ کے حکم کے بعد تیاریاں سست روی کا شکار ہوگئیں، نامزدگی فارم جمع ہونے کے بعد کراچی مین کاغذات کی جانچ کا کام مکمل طورپر شروع نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق ریٹرننگ افسران کو تاحال متعقلہ دستاویزات موصول نہیں ہوئیں، جس کے ذریعے کاغذات کی جانچ کی جاتی ہے، ضلع سینٹرل میں کاغذات کی جانچ کا کام ایک دن تاخیرکے بعد شروع ہوگیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق سندھ میں اسکروٹنی کا عمل پانچ جنوری تک مکمل کرنا ہے، جس کے بعد منظور یا مسترد کاغذات کے خلاف دائر اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گئی۔

تیرہ جنوری کو حتمی فہرست جاری کرنے کے بعد اٹھارہ جنوری کو بلدیاتی دنگل سجے گا، پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نئی حلقہ بندیوں کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر عمل در آمد ممکن نہیں ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابات کے التواء کی درخواست دی گئی تو حلقہ بندیوں کے لئے درکار وقت کا جائزہ لیا جائے گا۔
   

غداری کیس:مشرف کے پیش نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ

0

غداری کیس میں خصوصی عدالت نے مشرف کی عدم پیشی سے متعلق فیصلہ چار بجے تک محفوظ کرلیا، پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہا کہ مشرف کو دل کی تکلیف کا بہانہ کیا گیا ہے، ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جائیں۔

غداری کیس میں پرویز مشرف پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے تیسری سماعت ہوئی، سابق صدر آج بھی پیش نہیں ہوئے، فرد جرم عائد ہوتے وقت ملزم کا عدالت میں حاضر ہونا لازمی ہوتا ہے۔

مشرف کے وکیل شریف الدین پیرزدہ نے سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی، عدالت نے مشرف کے پیش نہ ہونے پر ریمارکس دئیے کہ آج مشرف پیش نہیں ہوئے تو پھر قانون کے مطابق کاروائی ہوگی۔

عدالت کا بیشتر وقت پراسیکویٹر اور مشرف کے وکلا کے درمیان تلخ کلامی میں گزرا، عدالت نے گیارہ بجے یہ ہدایت دیتے ہوئے سماعت آدھے گھنٹے کے لئے ملتوی کی کہ پرویز مشرف کو آج لازمی پیش کیا جائے۔

مشرف کا قافلہ گھر سے پونے گیارہ بجے کے بعد نکلا تو قیاس کیا جارہا تھا کہ وہ عدالت جارہے ہیں لیکن قافلہ آرمی اسپتال راولپنڈی چلا گیا، اس دوران سماعت کا وقت دوبارہ شروع ہوگیا، عدالت نے پوچھا کہ پرویز مشرف کہاں ہیں۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی جان محمد نے عدالت کو بتایا کہ مشرف کو عدالت لایا جارہا تھا کہ ان کی راستے میں طبیعت خراب ہوگئی، انہیں عسکری ادارہ برائے امراض قلب منتقل کیا گیا ہے ، آج ان کی پیشی ممکن نہیں۔

اس موقع پر پراسیکیوٹراکرم شیخ نے کہا کہ دل کی تکلیف کا بہانہ کیا گیا ہے، پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جائیں، تاہم عدالت نے عدم پیشی پر چار بجے تک فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت پیرتک ملتوی کردی۔
   

کے پی کے حکومت نے ایوب میڈ یکل کالج میں غیرقانونی ترقیوں کا نوٹس لے لیا

0

خیبر پختو نخواہ حکومت نے صوبہ کے دوسرے بڑے ایوب میڈ یکل کالج ایبٹ آباد میں ہونے والی مالی بے ضا بطگیوں، اورضا بطہ سے ہٹ کر ہونے والی غیرقانونی ترقیوں کا نوٹس لے لیا، حکومت نے صوبائی ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور انٹی کرپشن کو پندرہ روز کے اندر تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا

آج سے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ ایوب میڈ یکل کالج میں گزشتہ کہیں سالوں سے پرو فیسرزکو غیر قانو نی طور پر گریڈ اٹھارہ سے بیس میں ترقی دی گئی جبکہ وہ اس کی اہلیت ہی نہیں رکھتے تھےاور ان پرو فیسرز کی جانب سے بیسک سائنس الاؤنس بھی و صول کیا جا تا رہا جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے.

خیبر پختو نخواہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دو رکنی کمیٹی ڈاکٹر زمان آفریدی اور ڈاکٹر محمود عالم کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ انٹی کرپشن نے بھی اپنی تحقیقات شروع کردی ہیں

ایوب میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل پر وفیسر ڈاکٹرعبدالرشید، وائس پرنسپل ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عبدالواحد،پروفیسرڈاکٹرارم عباس، پروفیسرڈاکٹرمعراج اللہ، پر وفیسر ڈاکٹردلاور خان، پرو فیسرڈاکٹرشمشیرعلی خان و دیگر کیخلاف مالی بے ضا بطگیوں اور غیر قانونی پروموشنز کا الزام ہے-

جس سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے اور تاحال ان تمام افراد نے حاصل کردہ غیر قانونی الاؤنس سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروایا۔

 

سابق صدر مشرف دل کی تکلیف کے باعث ملٹری اسپتال منتقل

0

سابق صدر پرویزمشرف عارضہ قلب میں مبتلا ہوگئے، پرویزمشرف عدالت پیشی پر جانے کےلئے نکلے تو راستے میں دل کا دورہ پڑگیا، ای سی جی سمیت دیگر ٹیسٹ اور طبی معائنہ جاری ہے۔

تقریبا پونے بارہ بجے کا وقت چک شہزاد سے ایک کارواں نکلا، سیکیورٹی قافلہ پرویز مشرف کو خصوصی عدالت کے سامنے پیش کرنے کے لئے لے جارہا تھا کہ سابق آرمی چیف کو دل کا دورہ پڑگیا، لمحے بھر میں گاڑیوں کا رخ آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی جانب ہوگیا۔

  اے ایف آئی سی میں سابق آرمی چیف کو ایمرجنسی میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا ای سی جی کیا گیا، ای سی جی رپورٹ کے ساتھ ہی خون کے نمونے اور دیگر ٹیسٹ لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں، اسپتال ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کو ذہنی دباؤ کی وجہ سے دل کی تکلیف ہوئی۔

کراچی:دہشت گردی کا راج، فائرنگ کے واقعات میں 3افراد جاں بحق

0

کراچی دہشت گردوں کی زد میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تین افراد جان سے گئے، دوسری جانب پولیس اور رینجرز کی کاروائیوں میں متعدد ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔

کراچی میں دہشت گردی بدستور زوروں پر ہے، پولیس کے مطابق تھانہ ابراہیم حیدری کی حدود ریڑھی روڈ سے تین افراد کی لاشیں ملیں، جنھیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، مقتولین کی شناخت عطااللہ، حمید عرف موٹا اور عدیل خٹک کے ناموں سے ہوئی۔ عدیل خٹک کا تعلق جرائم پیشہ گروہ سے تھا، ابراہیم حیدری پولیس کے مطابق واقعہ جرائم پیشہ دو گروپوں میں دشمنی کا شاخسانہ ہے، واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب پیرآباد کے علاقے کنواری کالونی میں پولیس اور رینجرز نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مشترکہ کاروائی کی، اس دوران ملزمان نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، پولیس اور رینجرز کی جوابی فائرنگ سے دو مبینہ دہشت گرد مارے گئے، ایس پی اورنگی چوہدری اسد کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا، جن کی شناخت صدیق اور اعظم محسود کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ملزمان کے قبضے سے دستی بم، دیگر اسلحہ اور جعلی شناختی کارڈز برآمد ہوئے، پولیس کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، ملیر لیاقت مارکیٹ کے قریب رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائی میں سیاسی جماعت کے دوکارکن گرفتار کرلئے گئے۔
       

لاہور:ینگ ڈاکٹرز کا دوسرے روز بھی احتجاج جاری،نعرے بازی

0

لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ینگ ڈاکٹرز نے سروس اسٹرکچر کیلئے دوسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا اور ریلی بھی نکالی۔ ینگ ڈاکٹرز سروس اسٹرکچر کے حصول کیلئے ایک بار پھر متحرک ہو گئے ہیں۔

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دوسرے دن بھی احتجاج کیا گیا۔ ینگ ڈاکٹرز نے آؤٹ ڈور سے جیل روڈ تک ریلی نکالی۔ مظاہرین حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ سروس اسٹرکچر دینے کے حوالے سے حکومت کے وعدے کو ایک سال گذر گیا ہے اور ابھی تک سروس اسٹرکچر پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد حکومت کو اپنا وعدہ یاد دلانا ہے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سروس اسٹرکچر ڈاکٹرز اور مریضوں کی بھلائی میں ہے۔ اس موقعے پر ینگ ڈاکٹرز نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر میں احتجاج جاری رہے گا، 6 جنوری کو میو ہسپتال لاہور میں احتجاج جاری کریں گے۔

 

شکارپور:رینجرز کا چھاپہ،پندرہ من چھ سو کلوچرس برآمد،ملزم گرفتار

0

رینجرز کی لینڈ کسٹم انٹیلی جنس کے ہمراہ کارروائی پندرہ من چھ سو کلوچرس برآمد کرکے ملزم ریلوے کا ملازم گرفتار کر لیا گیا ۔

چالیس ونگ شہباز رینجرز کے ونگ کمانڈر ملک مختیار نے رینجرز ہیڈ کوارٹر ز لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ شب رینجرز اور لینڈ کسٹم انٹیلی جنس کی جانب سے شکارپور میں جاری اسنیپ چیکنگ کے دوران شکارپور ریلوے اسٹیشن کے باہر کھڑے ایک شخص جس کے پاس سامان کے بیس بڑے بڑے پیکٹ موجود تھے کو چیک کیا تو سامان کے ڈبوں میں بجلی کے اسٹیپلائیزر موجود تھے جن کے اندر بجلی کی وائرنگ کے بجائے چرس کے پیکٹ موجود تھے،

جس پر ملزم اکبر شاہ کو گرفتار کیا گیا ونگ کمانڈر ملک مختیار نے مزید بتایا کے ملزم اکبر شاہ محکمہ ریلوے میں بکنگ کلرک ہے اور شکارپور میں ہی تعینات تھا جس نے دوران تفتیش بتایا ہے کے چرس بذریعہ ٹرین ہی کوئٹہ سے شکارپور پہنچائی گئی تھی جسے سندھ میں ہی سپلائی کیا جانا تھا ملزم نے یہ بھی بتایا ہے کے اس کے دو ساتھی ریلوے اسٹیشن میں ہی گاڑی لیے موجود تھے۔

تاکہ چرس کو گاڑی میں لوڈ کیا جا سکے لیکن رینجرز ان سے پہلے پہنچی جس پر وہ فرار ہو گئے ونگ کمانڈر ملک مختیار نے بتایا کے ملزم کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں جب کہ ملزم سے مزید تفتیش بھی جاری ہے۔

 

چارسدہ:تھانہ پڑانک کی حدود میں فائرنگ3 افراد جاں بحق

0

چارسدہ میں تھانہ پڑانک کی حدود میں فائرنگ سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے، جنوبی وزیرستان میں پولیس وین کے قریب دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

چارسدہ میں تھانہ پڑانک کی حدود میں پولیس چوکی کے سامنے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے، تین افراد کی ہلاکت کے بعد اہل علاقہ مشتعل اور علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، مقتول افراد کے لواحقین نے لاشوں کو چوک پر رکھ کے احتجاج کیا اور ٹریفک معطل کردی۔

دوسری طرف جنوبی وزیرستان میں پولیس وین دہشت گردوں کا نشانہ بنی، وین کے قریب دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوئے، پولیس کے مطابق دھماکا ریمورٹ کنٹرول بم کا تھا۔