بھارت میں جہیز کے تنازع سے تنگ آکر دلہن نے خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست تمل ناڈو کے ضلع تروپور میں دلہن کی خودکشی سے موت سے جہیز سے متعلق بدسلوکی پر عوامی غم و غصہ کو بھڑکا دیا ہے۔
27 سالہ ردھانیا نے مبینہ طور پر شوہر اور سسرال والوں کی جانب سے کئی ماہ کی ذہنی اور جسمانی ہراسانی کے بعد زہریلی کیڑے مار دوا پی لی۔
ردھانیا کامیاب گارمنٹس کے تاجر انادورائی کی بیٹی تھی جس کی شادی رواں سال اپریل میں 28 سالہ کیون کمار سے ہوئی تھی، جہیز میں لڑکی کے والد نے سونا، لگژری گاڑی جس کی مالیت 70 لاکھ روپے تھی اور اضافی سونا دینے کا وعدہ کیا۔
پولیس کے مطابق کروڑوں کا جہیز دینے کے باوجود شادی کے دس دن بعد ہی ردھانیا کو ہراساں کرنا شروع کردیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ شوہر اور اس کے والدین ایشور مورتی اور چتھرا دیوی نے مسلسل مزید جہیز کا مطالبہ کیا اور معمولی باتوں پر ردھانیا کے ساتھ ذلت آمیز سلوک کیا گیا۔ اہلخانہ نے دعویٰ کیا کہ بیٹی کو ذہنی طور پر تشدد اور جسمانی طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس میں سزا کے طور پر اسے طویل گھنٹوں تک کھڑے رہنے پر مجبور کیا گیا۔
واقعہ کیسے پیش آیا؟
اتوار کے روز ردھانیا گھر سے یہ کہہ کر نکلی کہ اس نے مندر جانا ہے، راستے میں اس نے سیور کے پاس گاڑی کھڑی کی اور زہریلی دوا پی لی، مقامی لوگوں نے گاڑی کھڑی دیکھ کر پولیس کو آگاہ کیا، خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔
خودکشی سے قبل والد کو کئی وائس میسجز
ردھانیا نے خودکشی سے قبل والد کو کئی وائس میسجز بھیجے ان میں اس نے براہ راست شوہر اور سسرال والوں کو مورد الزام ٹھہرایا۔
لڑکی نے کہا کہ خودکشی کی وجہ میری شادی شدہ زندگی ہے، میں جسمانی اور ذہنی ہراسانی سے گزری ہوں، میں اب یہ زندگی نہیں چاہتی، وہ کبھی نہیں بدلیں گے، کیون، ایشور مورتی اور چتھرا دیوی کی وجہ سے میں نے اپنی زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا، براہ کرم مجھے معاف کردیں۔
دوسرے پیغامات میں اس نے مایوسی اور الگ تھلگ ہونے کے احساس کو بیان کیا اور لکھا کہ میں روزانہ ان کی ذہنی اذیت کو برداشت نہیں کر پاتی۔ میں نہیں جانتی کہ اس کے بارے میں کس کو بتاؤں۔ جو لوگ سنتے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ میں سمجھوتہ کروں اور یہ دعویٰ کروں کہ زندگی ایسی ہی گزرے گی اور وہ میری تکلیف کو سمجھنے کے قابل نہیں ہیں۔
ردھانیا نے مزید لکھا کہ ’تم اور ماں میری دنیا ہو، میری آخری سانس تک تم میری امید رہے ہو لیکن میں نے تمہیں بری طرح نقصان پہنچایا، مجھے افسوس ہے ابا سب ختم ہو گیا، میں جا رہی ہوں۔‘
ردھانیا کی خودکشی کے بعد اس کے شوہر کیون کمار، ساس اور سسر کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔