پیر, اپریل 28, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 3800

صدر زرداری سے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی کی ملاقات

0
صدر زرداری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی ملاقات ہوئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی سے ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ میرے بھائی، ایران کے صدر کا استقبال کرنا اعزاز کی بات ہے، پاکستان، ایران مشترکہ دین، تاریخ اور ثقافت سے جڑے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان اور ایران کے درمیان 8 شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

پاکستان اور ایران کے درمیان جوائنٹ اکنامک فری زون پر توثیق کی گئی جبکہ سویلین معاملات میں عدالتی امور پر ایم او یوز پر دستخط ہوئے۔

پاکستان اور ایران کے درمیان سیکیورٹی تعاون کے سمجھوتے، ویٹرنری اور حیوانات کی صحت سے متعلق معاہدے پر دستخط ہوئے۔

اس کے علاوہ فلم کے تبادلوں اور وزارت اطلاعات ایران اور سنیما اینڈ آڈیو وژول افیئرز ایران میں تعاون، اوورسیز پاکستانیز کی وزارت اور ایران کے لیبر، سوشل ویلفیئر کے معاملات پر ایم او یو پر دستخط ہوئے۔

پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور نیشنل اسٹینڈرز آرگنائزیشن کے درمیان قانونی معاونت کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔

پاپوش نگر میں بس ٹرمینل کی زمین نیلام ہوگی یا نہیں؟ عدالتی فیصلہ آگیا

0

کراچی: پاپوش نگر میں بس ٹرمینل کی زمین کی نیلامی منسوخ کرنے کے کیس کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ کنٹریکٹر کی نیلامی منسوخ کرنے کیخلاف حکم نامے پر نظر ثانی کی درخواست کو مسترد کردیا گیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہا کہ بس ٹرمینل کی زمین کراچی کے عوام کی ملکیت ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا کہنا تھا کہ رفاعی پلاٹ صرف عوامی مفاد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، آپ لوگوں کی ملی بھگت سے ہیر پھیر ہوجاتے ہیں۔ سرکاری افسران تک آپ لوگوں کی جیب میں ہوتے ہیں۔

حکومت کے پاس اختیار ہے وہ نیلامی کا فیصلہ واپس لے سکتی ہے، حکومت اپنے اختیارات لوگوں کے لیے استعمال کررہی ہے تو ٹھیک ہے۔

اس موقع پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ پاپوش نگر میں 2 ہزار گز کا پلاٹ نیلام کرنے کا فیصلہ کیا گیا، درخواست گزار نے سب سے زیادہ بولی دی اور پلاٹ کی 25 فیصد رقم جمع کرادی۔

چیف جسٹس پاکستان نے سوال کیا کہ پلاٹ ابھی کس کے پاس ہے؟ جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ پلاٹ درخواست گزار کے پاس ہے، دکانیں بنائی گئی ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 10 سال تک 25 فیصد رقم ادا کرکے کہتے ہیں پلاٹ آپ کے حوالے کردیا جائے؟

محکمہ ٹرانسپورٹ کے لاافسر نے بتایا کہ سندھ حکومت پاپوش نگر میں بڑا بس ٹرمینل بنانا چاہتی ہے، ٹرمینل نہ ہونے کی وجہ سے الیکٹرک بسیں سڑکوں پر کھڑی کرنی پڑرہی ہیں۔ پاپوش نگر میں بڑا بس ٹرمینل بنانے کا منصوبہ بنایا جائے گا۔

ایک ماہ قبل اغوا ہونے والی اسکول کی طالبہ کا کچھ پتہ نہ چل سکا

0

کراچی کے علاقے شانتی نگر سے ایک ماہ قبل اسکول کی طالبہ کے اغوا کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بارے میں اب تک کچھ پتہ نہ چل سکا۔

تفصیلات کے مطابق مغویہ کے چچا آصف کا کہنا تھا کہ تقریباً ایک ماہ گزر گیا ہے بچی کا کچھ پتہ نہیں چلا، 15 سالہ مریم 26 مارچ کو اسکول جانے کیلئے گھرسے نکلی تھی، بچی اسکول یونیفارم میں ملبوس تھی، بیگ بھی ساتھ تھا۔

چچا آصف نے بتایا کہ بچی کے والد کا انتقال ہوچکا ہے، 3 سال سے ہمارے ساتھ رہائش پذیر تھی، عزیز بھٹی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج تو کیا لیکن کارروائی نہیں کی۔

انھوں نے کہا کہ عزیز بھٹی انویسٹی گیشن کے افسران مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں، بچی کے اغوا کے بعد سے اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں۔

مغویہ مریم کے اہلخانہ کی جانب سے اعلیٰ حکام سے اپییل کی گئی ہے کہ ہماری بچی کو بازیاب کرایا جائے۔

انگلینڈ کے میدان پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کے خواہشمند

0
پاک بھارت ٹیسٹ

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے بیان کے بعد انگلینڈ کے کرکٹ اسٹیڈیمز سیریز کی میزبانی کے خواہشمند ہیں۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں ٹیسٹ سیریز کی بحالی میں انگلینڈ متوقع نیوٹرل وینیو ہوسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے تاحال پاکستان کے ساتھ سیریز کی اجازت نہیں دی ہے، دونوں حکومتوں کی جانب سے نیوٹرل وینیو پر راضی ہونے کی صورت میں لارڈز، اوول اور ایجبسٹن ٹیسٹ میچز کی میزبانی کے خواہشمند ہے۔

چیف ایگزیکٹو وارکشائر اسٹیورٹ کین کا کہنا ہے کہ ہم پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے پروپوزل کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سیریز پورے ریجن اور ویسٹ مڈلینڈز میں رہنے والے بہت سارے پاکستانی اور بھارتی مداحوں کے لیے شاندار ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری بار ٹیسٹ میچ 2007 میں کھیلا گیا تھا۔

علاوہ ازیں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی تک ٹیم بہت مصروف ہے، پہلے بھارتی ٹیم پاکستان آئے پھر ٹیسٹ سیریز کے آپشن پر غور کریں گے۔

وفاقی وزیر کا شپنگ کمپنیوں سے متعلق بڑا اعلان

0
پاکستان برآمدات

کراچی: وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ قیصر احمد شیخ نے شپنگ کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شپنگ کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے بزنس کمیونٹی کو شپنگ لائنز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ نے کہا کہ سری لنکا میں 8 ماہ تک پھنسے جہاز کے بارے میں لاعلم رکھا گیا اس متعلق تحقیقات کر کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائےگی۔

ان کا کہنا تھا کہ میری خواہش تھی کہ مجھے وزیرخزانہ بنایا جائے تاہم موجودہ وزیرخزانہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی بزنس کا حب ہے پورٹ ریگولیٹری اتھارٹی کا نہ ہونا قابل افسوس ہے ہم غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں دنیا میں ہم اپنا معیار نہیں بنا پا رہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بہت جلد تمام پورٹس کا دورہ کروں گا، کے پی ٹی بورڈ میں کراچی چیمبر اور پی این ایس سیں کو نمائندگی دیں گے آئندہ ایک ماہ میں کے پی ٹی بورڈ کی تنظیم نو ہو جائے گی۔

ویڈیو: ہاسٹل کا دروازہ کھولتے ہی نوجوان موت کے منہ میں چلا گیا

0

بھارت میں نوجوان ہاسٹل کے ٹینک میں گر کر جاں بحق ہوگیا جس کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد کے انجیانگر میں 25 سالہ سافٹ ویئر پروفیشنل ہاسٹل کے زیر زمین ٹینک میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔

نوجوان کی شناخت شیخ اکمل سفیان کے نام سے ہوئی جس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔

پانی کے ٹینک کا ڈھکن کھلا ہوا تھا سفیان اسے دیکھ نہ سکا اور اس میں جاگرا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان نے ہاسٹل کا دروازہ کھولا اور بے دھیانی میں پانی کے ٹینک کے اندر جاگرا، بعدازاں ایک شخص کو اسے ٹینک سے نکالنے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس نے ہاسٹل کے مالک کے خلاف حفاظتی اقدامات برقرار نہ رکھنے اور لاپرواہی برتنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پی ٹی آئی دورِحکومت کی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے خارج

0

وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی دورِحکومت کی وفاقی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے نکال دیے گئے۔

شہباز حکومت نے سابقہ حکومتی کابینہ ارکان سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف حکومت کے کابینہ ارکان پر بیرون ملک جانے کی عائد پابندی ختم ہو گئی۔

پی ٹی آئی دورِحکومت کی وفاقی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے نکال دیے گئے البتہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی، فرح خان، زلفی بخاری کے نام ای سی ایل میں برقرار ہیں۔

موجودہ وفاقی کابینہ نے پی ٹی آئی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے نکالنےکی منظوری دی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا بھی نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا ہے۔

سابق وفاقی وزراٗ غلام سرور، مرادسعید، پرویزخٹک، شفقت محمود، اعجازشاہ، علی زیدی، خسروبختیار، اعظم سواتی، اسدعمر، عمرایوب، محبوب سلطان، فواد چوہدری، فروغ نسیم اور شیریں مزاری و دیگر ارکان کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے ہیں۔

وفاقی حکومت نے نیب کی سفارش پر نام ای سی ایل سے نکالنےکی منظوری دی ہے۔

بابر اعظم سے شادی کے سوال پر نازش جہانگیر نے کیا کہا؟

0
نازش جہانگیر

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نازش جہانگیر نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے شادی سے متعلق سوال کا جواب دے دیا.

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ نازش جہانگیر نے مداحوں کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن رکھا جس میں انہوں نے مداحوں کے سوالات کے جوابات دیے۔

اسی دوران ایک مداح نے نازش جہانگیر سے پوچھا کہ ’اگر نہیں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم شادی کی پیشکش کریں تو ان کا جواب کیا ہوگا؟

اداکارہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’معذرت ہی کروں گی۔‘

نازش جہانگیر

واضح رہے کہ نازش جہانگیر کی انسٹاگرام اسٹوری کا یہ اسکرین شاٹ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہورہا ہے جس پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔

دوسری جانب نازش جہانگیر نے 22 اپریل کی سہ پہر کو انسٹاگرام پر آخری اسٹوری شیئر کرنے کے بعد اکاؤنٹ کو پرائیویٹ کرلیا ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام کو پرائیویٹ کرنے سے قبل اپنی اسٹوری میں بابر اعظم کے مداحوں کی جانب سے ٹرولنگ کرنے کی بات کی تھی۔

نازش جہانگیر نے اپنی اسٹوری میں لکھا تھا کہ بابر اعظم کے مداح ان کی بات سے خفا ہوکر انہیں شدید ٹرولنگ کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

اداکارہ کے مطابق بابر اعظم ان سمیت سب کے بھائی ہیں اور ان کے لیے تمام کرکٹرز بھائیوں جیسے ہی ہیں۔

اداکارہ نے لکھا تھا کہ ان کا کرکٹرز نے کوئی لینا، دینا نہیں ہے لیکن کرکٹرز کے مداح ان کے پیچھے پڑ گئے ہیں، انہیں ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

جرمنی اور برطانیہ کا چینی جاسوسوں سے متعلق بڑا دعویٰ

0

جرمنی اور برطانیہ نے مشتبہ چینی جاسوسوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

جرمنی نے چین کو حساس ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے شبہ میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے جب کہ برطانیہ نے دو کو گرفتار کیا ہے۔

برلن میں استغاثہ نے پیر کے روز کہا کہ تینوں جرمن شہریوں نے ممکنہ فوجی مقاصد کے ساتھ ٹیکنالوجیز چینی انٹیلی جنس کے حوالے کی ہیں جن کے ساتھ وہ کم از کم جون 2022 سے کام کر رہے ہیں۔

برطانیہ نے کہا کہ گرفتار دونوں افراد بیجنگ کو "متعصبانہ معلومات” فراہم کر رہے تھے۔

یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں سامنے آئیں جب مغربی ریاستیں چین کی اقتصادی اور جغرافیائی سیاسی پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کرتی رہیں۔

جرمنی میں گرفتار تینوں پر بغیر اجازت ایک خصوصی لیزر برآمد کرنے کا بھی الزام ہے جسے ملکی برآمدی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا تھا۔

وفاقی پراسیکیوٹر نے مرکزی ملزم کی شناخت تھامس آر کے طور پر کی ہے جسے چین کی وزارت برائے ریاستی سلامتی (ایم ایس ایس) کے چین میں مقیم ملازم کا ایجنٹ بتایا گیا ہے۔

چینی کنٹریکٹ پارٹنر وہی MSS ملازم تھا جس سے تھامس آر کو اس کے آرڈر ملے تھے، اور تینوں مشتبہ افراد مل کر کام کرتے تھے۔

کراچی میں نجی اسکول سے بچیوں کو نکالنے کے معاملے کی انکوائری رپورٹ آگئی

0

کراچی: ابراہیم حیدری میں نجی اسکول سے متعلق انکوائری کمیٹی کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے، کمیٹی نے اسکول کا بھی دورہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی اسکول سے بچیوں کو نکالنے کے معاملے پر ان کے والد کی ویڈیو کے حوالے سے انکوائری کمیٹی نے اسکول کا دورہ کیا، انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طالبات کے والد نے غلط بیانی کی ہے کہ بچیوں کو اسکول سے نکالا گیا.

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹیچر نے والد کو فون کیا کہ ان کی بچیاں پڑھائی پر توجہ نہیں دے رہی ہیں۔ بچیوں کے والد کو کہا گیا کہ پڑھائی نہ کرنے کی وجہ سے بچیاں فیل ہوسکتی ہیں۔

بچیوں کے والد نے اسکول میں داخل ہوکر اسٹاف سے بدتمیزی کی، کمیٹی نے بچیوں کے والد کو 4 مرتبہ فون کیا کہ وہ اپنا مؤقف پیش کریں۔

رپورٹ کے مطابق بچیوں کے والد کمیٹی کے سامنے موقف کیلئے پیش نہیں ہوئے۔ والد نے فون پر کہا کہ اسکول انتظامیہ نے مجھ سے بدتمیزی کی، انھوں نے کہا کہ اسکول انتظامیہ مجھ سے اور میرے بچوں سے معافی مانگے۔

مذکورہ اسکول انتظامیہ نے ان بچیوں کی فیس معاف کردی ہے، اسکول انتظامیہ طالبعلم سے داخلہ فیس کی مد میں فیس وصول نہیں کرتی۔