اتوار, جون 29, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 4843

سہیل خان پی ایس ایل میں چھوٹی باؤنڈریز اور فلیٹ وکٹ پر بول پڑے

0
سہیل خان

پی ایس ایل 9 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولرز سہیل خان نے چھوٹی باؤنڈریز اور فلیٹ وکٹ پر لب کشائی کردی۔

پشاور زلمی کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاسٹ بولر نے سہیل خان نے کہا کہ چھوٹی باؤنڈریز، فلیٹ وکٹ پر بولرز کیلئے مشکلات ہیں، جس اینڈ سے میں بولنگ کررہا تھا وہاں سے تو آدھے شاٹ پر باؤنڈری لگ جاتی۔ ٹی ٹوئنٹی کیلئے اچھا وکٹ تھا لیکن باؤنڈری تھوڑی بڑھا دیں تو اچھا ہوگا۔

سہیل خان کہا کہ میں نے سیزن کا دوسرا میچ کھیلا، بابر اعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے، ہر جگہ اسکور کرتا ہے، بابر اور صائم اس عہد کے بہترین اوپنرز ہیں، سامنے دو ریٹائرڈ بولرز میں اور محمد عامر ہیں۔

فاسٹ بولر سہیل خان نوجوانوں کو ریورس سوئنگ سکھانا ضروری ہے، ایسی وکٹوں پر اگر ریورس نہ کرسکے تو بہت مشکل ہوگی۔

سہیل خان نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے مشکل نہیں تھا، کوشش کریں گے کہ اگلے میچز میں کم بیک کریں۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ نافع میں صائم اور بابر جیسی کلاس ہے، وہ آنے والے وقت میں پاکستان کیلئے اچھا اوپنر ثابت ہوگا۔

سانپ کے کاٹے کا بروقت علاج کیسے ممکن ہوا؟

0
نوجوان نے سانپ سے ڈسنے کا بدلہ کیسے لیا؟

زہریلا سانپ کاٹ لے تو اس انسان یا جاندار کے پاس زندہ رہنے کیلئے چند سانسیں ہی بچتی ہیں، خاص طور پر اگر یہ سانپ کسی خطرناک نسل کا ہو تو زندگی بچانے کا یہ وقت مزید کم ہوسکتا ہے۔

طبّی ماہرین کے مطابق بہار اور موسم گرما کے دوران سانپ کے کاٹنے کے واقعات میں دو سے تین گُنا اضافہ ہو جاتا ہے جس کے سبب ہر سال دنیا بھر میں سانپ کے ڈسنے کے باعث ہزاروں افراد کا انتقال ہوتا ہے۔

سائنٹفک امریکن نامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سانپ کے کاٹے کے فوری علاج کیلئے محققین ایسے تریاق کی تیاری کے قریب پہنچ گئے ہیں جو کسی بھی زہریلے سانپ کے زہر کے اثرات کا فوری مقابلہ کرسکے گا۔

سانپ

جرنل سائنس ٹرانزیشنل میڈیسن میں شائع تحقیق کے مطابق محققین نے لیبارٹری میں 95میٹ فائیو نامی ایک اینٹی باڈی تیار کی ہے جو دنیا بھر میں موجود مختلف زہریلے سانپوں کے زہر میں موجود نیورو ٹاکسن یا زہریلے مادے کا مقابلہ کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سانپ کے ڈسنے سے ہر سال ایک لاکھ 38 ہزار افراد کا انتقال ہوجاتا ہے جبکہ بچ جانے والے افراد کو بھی طویل المعیاد طبی مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

اس وقت سانپ کے زہر کے تریاق تیار کرنے کے لیے گھوڑوں میں سانپ کا زہر انجیکٹ کیا جاتا ہے اور پھر ان کا خون صاف کرکے اینٹی باڈیز کو حاصل کیا جاتا ہے، جو زہر کے خلاف کام کرتی ہیں۔

bite

مگر اس طریقہ کار سے حاصل ہونے والے تریاق کی افادیت زیادہ نہیں ہوتی جبکہ ہر نسل کے سانپ کے لیے الگ تریاق کی ضرورت ہوتی ہے اور گھوڑوں کی اینٹی باڈیز کے استعمال سے مضر اثرات کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔ اب جو نئی اینٹی باڈی تیار کی گئی ہے، اس کی چوہوں میں کامیاب آزمائش کی گئی۔

ان چوہوں کے جسم میں زہر کی جان لیوا مقدار شامل کرکے تریاق کی آزمائش کی گئی جس سے جسم کو مفلوج ہونے سے روکنے اور موت کی روک تھام میں کامیابی حاصل ہوئی۔

اب تک کے نتائج تو حوصلہ افزا ہیں مگر محققین نے تسلیم کیا کہ سانپوں کے زہر میں موجود نیوروٹاکسنز کی مختلف اقسام کے لیے اضافی اینٹی باڈیز کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک حقیقی عالمی تریاق کی تیاری کے لیے اضافی اینٹی باڈیز کو شناخت کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ متعدد اقسام کے زہروں کو ناکارہ بنانے میں مدد مل سکے اور سانپ کے زہر کے شکار افراد کا بہترین علاج ہو سکے۔

اس تریاق کے انسانوں پر کلینیکل ٹرائلز بھی ہوں گے تاکہ اس کی افادیت اور محفوظ ہونے کی تصدیق ہو سکے، تمام تر رکاوٹوں کے باوجود محققین کو توقع ہے کہ یہ زیادہ مؤثر تریاق کی تیاری میں اہم پیشرفت ہے

snake

یاد رہے کہ سانپ کے ڈسنے کی صورت میں انسانی جسم میں داخل ہونے والے زہر کی مقدار مختلف ہوسکتی ہے، سانپ کو جتنا زیادہ خطرہ محسوس ہوتا ہے وہ اتنی ہی طاقت سے ڈستا ہے۔

ڈسنے کی جگہ پر درد اور ورم سے معلوم ہو جاتا ہے کہ سانپ کا زہر منتقل ہو گیا ہے، زیادہ تر سانپ عموماً ٹخنے یا ہاتھ پر ڈستے ہیں جس کے بعد علامات پوری پنڈلی اور کندھے تک پھیل جاتی ہیں۔

مریم نواز نے مجھے قتل کرنے کا کانٹریکٹ دیا ہے، شیر افضل مروت

0
مریم نواز نے مجھے قتل کرنے کا کانٹریکٹ دیا ہے، شیر افضل مروت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شیر افضل مروت نے نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پر سنگین الزام لگا دیا۔

شیر افضل مروت نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز نے مجھے قتل کرنے کا کانٹریکٹ دیا ہے اور اس ضمن میں رقم کی ادائیگی بھی کر دی گئی ہے۔

پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس میں شیر افضل مروت نے کہا کہ ٹیلیفونک گفتگو میں مریم نواز کا نام سامنے آیا ہے، فون ریکارڈنگ موجود ہے ہم تحقیقات کرنے والوں سے شیئر کریں گے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز پر الزامات لگانے پر وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار کو 15 مارچ کو طلب کر رکھا ہے۔ (ن) لیگ نے ان کے خلاف ایف آئی آے میں شکایت درج کروائی تھی۔

وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ ایف آئی اے نے شاندانہ گلزار کو طلب کیا ہے، وہ آئیں الزامات کا ثبوت دیں ورنہ قانون کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہو جائیں۔

مجھے ان لوگوں‌ نے بھی ووٹ دیا جو پی ٹی آئی کے ممبر نہیں‌ تھے، محمود اچکزئی

0
محمود اچکزئی

اسلام آباد: صدرارتی امیدوار محمود اچکزئی کا کہنا ہے کہ الیکشن اچھے ماحول میں ہوئے مجھے ایسے لوگوں نے بھی ووٹ دیا جو پی ٹی آئی کے ممبر نہیں تھے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق محمود اچکزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے ارکان نے کہا دل کی بات تو یہ ہے کہ آپ کو ووٹ دوں، پی ٹی آئی کے دوستوں کا شکر گزار ہوں انہوں نے سپورٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں پاکستان میں سب کچھ بیچا اورخریدا جاسکتا ہے، بعض لوگ اس بات کی مخالفت کرتے ہیں ، میں اُن میں سے ہوں۔

محمود اچکزئی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تمام 90 ارکان نے مجھے ووٹ دیا، پنجاب، پشاور میں چارجڈ فضا اچھے مستقبل کی نشاندہی نہیں کررہی۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر صاحب کی کیا بات ہے وہ ستنا ہی نہیں، آئین پارلیمان نے بنایا ہے اگر کوئی تبدیلی کرنی ہے تو وہ پارلیمان نے کرنی ہے، پارلیمان کے مسائل کیوں عدالتوں میں لے جارہے ہیں۔

محمود اچکزئی نے کہا کہ ٹھیک ہیں آپ کی قدورتیں ہونگی مگر عوام کی بڑی تعداد نے ایک پارٹی ووٹ دیا، ہم چھوٹے مسائل بہت بڑے ہیں معمولی غلطی خطے کو برباد کردے گی۔

انہوں نے کہا کہ میرے صوبے سے مجھے ایک ووٹ نہیں آیا، میں الیکشن کمیشن کو خط لکھا کہ ایوان پورا نہیں، سینئر لوگوں کو کہا 5 سے 7 روز الیکشن آگے ہونے سے فرق نہیں پڑتا، پوری کوشش کریں گے ایوان پورا ہوجائے۔

صحافی عمران ریاض کیمپ جیل سے رہا

0

لاہور: صحافی عمران ریاض خان کو کیمپ جیل سے رہا کردیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق زمان پارک پولیس تشدد کیس میں ضمانت منظور ہونے کے بعد صحافی عمران ریاض کو کیمپ جیل سے رہا کیا گیا ہے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے زمان پارک حملہ کیس میں صحافی عمران ریاض کی ضمانت منظور کی تھی۔

صحافی عمران ریاض کو 27 مارچ کو پولیس پر حملے اورتوڑ پھوڑ کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے عمران ریاض کو ایک ہفتہ قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

عدالت نے اینٹی کرپشن کے مقدمے میں عمران ریاض کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کا مچلکہ جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ردرفورڈ اچانک پی ایس ایل چھوڑ گئے

0
ردرفورڈ

پی ایس ایل 9 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اہم کھلاڑی شیرفون ردرفورڈ اچانک پی ایس ایل چھوڑ گئے۔

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پلے آف مرحلے سے قبل دھچکا لگا ہے ان کے اہم کھلاڑی ردرفورڈ بھی گھریلو مسائل کی وجہ سے ایونٹ چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ردر فورڈ فیملی مسائل کی وجہ سے بارباڈوس روانہ ہوئے، اب اگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرزپلے آف کیلئے کوالیفائی کرتی ہے  تو ان کی واپسی ممکن ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز پی ایس ایل چھوڑ کر واپس چلے گئے ہیں، یہی نہیں یو اے ای کے عثمان خان بھی فیملی مسائل کی وجہ سے پی ایس ایل چھوڑ گئے تھے۔

واضح رہے کہ ردرفورڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کراچی کنگز کے خلاف کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا اور 31 گیندوں پر 58 رنز کی میچ وننگز اننگز کھیلی تھی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پلے آف مرحلے میں پہنچنے کے لیے ایک جیت درکار ہے جبکہ اس کے دو میچز باقی ہیں، گزشتہ روز پشاور زلمی نے کوئٹہ کو شکست دی تھی۔

آصف علی زرداری ملک کے 14ویں صدر مملکت منتخب

0
آصف علی زرداری ملک کے 14ویں صدر مملکت منتخب

اسلام آباد: حکومتی اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری ملک کے 14ویں صدر مملکت منتخب ہوگئے۔ انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل کیے۔

صدارتی انتخابات کیلیے قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ کا عمل صبح 10 بجے شروع ہوا تھا جو 4 بجے تک جاری رہا۔

مولانا فضل الرحمان کی جماعت جے یو آئی (ف) نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا جبکہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں جماعت اسلامی کے ارکان نے بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیے۔

حکومتی اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری کُل 411 الیکٹورل ووٹ لے کر صدر پاکستان منتخب ہوئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی 181 الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکے۔

آصف علی زرداری کو پالیمنٹ ہاؤس سے 255 الیکٹورل ووٹ ملے جبکہ محمود خان اچکزئی کو 119 الیکٹورل ووٹ ملے۔ سندھ اسمبلی سے آصف علی زرداری کو 58 اور محمود خان اچکزئی کو 3 الیکٹورل ووٹ ملے۔

پنجاب اسمبلی سے حکومتی امیدوار کو 43 جبکہ اپوزیشن کے امیدوار 18 الیکٹورل ووٹ ملے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی سے آصف علی زرداری کو 8 ووٹ ملے جبکہ محمود خان اچکزئی نے 41 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔

بلوچستان اسمبلی سے سابق صدر نے 47 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے جبکہ محمود خان اچکزئی کو ایک بھی الیکٹورل ووٹ نہیں ملا۔

لاہور میں کینیڈین شہریت کا حامل نوجوان قتل، بیوی سمیت 5 افراد گرفتار

0
کراچی : پنکچر کی دکان پر سوئے ہوئے شخص کو چھریوں کے وار سے قتل کردیا گیا

لاہور : کینیڈین شہریت کے حامل نوجوان کے قتل کے الزام میں بیوی سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے نواں کوٹ میں کینیڈین نژاد شہری کو قتل کردیا گیا ، پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت علی رضاکےنام سےہوئی۔

قتل کے الزام میں بیوی سمیت 5 افراد کو حراست میں لےلیا اور ملزمان سےتفتیش شروع کردی ہے جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کےلئےاسپتال بھجوا دی گئی ہے۔

کینیڈین شہریت کا حامل نوجوان قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،قتل کا مقدمہ مقتول کے والد کی مدعیت میں تھانہ نواں کوٹ میں درج کیاگیا۔

مدعی نے الزام لگایا کہ بہو کسی اور سے پسندکی شادی کرنا چاہتی تھی ، بیٹے کو منصوبہ بندی کے تحت کینیڈا سے بلا کر قتل کیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ قتل کے الزام میں بیوی ، ساس سمیت 5افراد زیرحراست ہیں تفتیش جاری ہے، علی رضا کے قتل کی واردات 3مارچ کی رات ہوئی تھی۔

غزہ جانے والا پہلا امدادی بحری جہاز سمندر میں نئی راہداری سے گزرے گا

0

نکوسیا: ایک امریکی چیریٹی ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ جانے والا پہلا امدادی بحری جہاز سمندر میں نئی راہداری سے گزرے گا۔

الجزیرہ کے مطابق امدادی جہاز مشرق وسطیٰ کے ملک قبرص سے نئی راہداری کے ذریعے جنگ زدہ علاقے غزہ جانے کے لیے تیار ہے، امریکی خیراتی ادارے کا کہنا ہے کہ وہ قبرص میں ایک جہاز پر غزہ کے لیے امداد لوڈ کر رہا ہے۔

یورپی یونین نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی سمندری راہداری اسی ہفتے کے آخر میں کھول دی جائے گی، اور اس طرح غزہ کو سمندری راستے سے پہلی امدادی کھیپ فراہم کر دی جائے گی۔

اسپین کے پرچم والا بحری جہاز ’اوپن آرمز‘ تین ہفتے قبل قبرص میں لارناکا کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا تھا، یورپی یونین کی یہ رکن ریاست غزہ کے سب سے زیادہ قریب واقع ہے۔ خیراتی ادارے کے مطابق جہاز پر انسانی امداد کا سامان ’ورلڈ سینٹرل کچن‘ کی ٹیمیں لوڈ کر رہی ہیں۔

طیاروں سے گرنے والے خوراک کے کارٹنوں کی زد میں آ کر 5 فلسطینی جاں بحق

خیراتی ادارے نے کہا کہ وہ اپنے بھروسہ مند این جی او پارٹنر ’اوپن آرمز‘ کے ساتھ مل کر یہ سمندری امدادی راہداری کھولنے کے لیے ہفتوں سے کوششیں کر رہے تھے، جس کی مدد سے خطے میں امدادی کوششیں بڑھ جائیں گی۔

اوپن آرمز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر ’میری ٹائم کوریڈور‘ کے قیام کی کوششوں میں پیش رفت ہو رہی ہے، اور ہمارا بحری جہاز ایک لمحے کے نوٹس پر روانہ ہو جائے گا جس میں فلسطینی شہریوں کے لیے ٹنوں خوراک، پانی اور ضروری سامان موجود ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے دانتوں کا معائنہ ، ذاتی معالج ڈاکٹر ثمینہ نیازی اڈیالہ جیل پہنچ گئیں

0
عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ

راولپنڈی : ذاتی معالج ڈاکٹر ثمینہ نیازی نے بانی پی ٹی آئی کے دانتوں کا معائنہ مکمل کرلیا ، ذاتی معالجہ معائنے کی رپورٹ علیمہ خان کوپیش کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ذاتی معالج ڈاکٹر ثمینہ نیازی اڈیالہ جیل پہنچ گئیں ، ڈاکٹر ثمینہ نیازی نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے دانتوں کا معائنہ کیا۔

بانی پی ٹی آئی کے وکلا خالد یوسف چوہدری اورشیرازرانجھا بھی اڈیالہ جیل پہنچے، وکیل خالد یوسف نے بتایا کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کےدانتوں کامعائنہ مکمل کرلیا گیا ہے، عدالتی احکامات کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی کےدانتوں کامعائنہ کیا گیا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر بانی پی ٹی آئی کی صحت ٹھیک ہے، بانی پی ٹی آئی نے صحت سے متعلق بات کرنے کا اختیار علیمہ خان کو دیا ہے، ذاتی معالجہ معائنے کی رپورٹ علیمہ خان کوپیش کریں گی۔

خالد یوسف نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کوجیل سےاسپتال منتقل کرنےکافیصلہ بھی علیمہ خان کریں گی، جیل سپرنٹنڈنٹ نےبڑی عزت کے ساتھ جیل میں جانے دیا، ذاتی معالجہ کےساتھ سرکاری ڈاکٹرزبھی جیل میں موجود تھے۔