ہوم بلاگ صفحہ 6299

الیکشن کمیشن کی ضمنی اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق وضاحت

0

الیکشن کمیشن نے کراچی میں آئندہ ماہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات اور قومی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی الیکشن کی التوا کی خبروں پر وضاحت دے دی ہے۔

کراچی: الیکشن کمیشن نے ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کے التوا کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 237 اور 239 کے ضمنی انتخابات مقررہ تاریخ 16 اکتوبر کو ہی ہونگے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی میں بلدیاتی انتخابات بھی 23 اکتوبر کو شیڈول کے مطابق ہوں گے اور اس کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں حالات بہتر ہوتے ہی شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں بلدیاتی الیکشن غیر معمولی بارشوں کے باعث دو بار ملتوی کر دیے گئے تھے۔

حیدرآباد اور ٹھٹھہ ڈویژن میں بھی دوسرے مرحلے کے لیے بلدیاتی الیکشن ہونے ہیں تاہم وہاں سیلابی صورتحال کے باعث نئے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ بے قابو

0

سندھ / پشاور: ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے بڑھ رہے ہیں، روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں مختلف بیماریوں کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ، پختونخواہ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے پھیلاؤ کی شدت برقرار ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے 58 ہزار 616 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران وبائی امراض کے بیشتر کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے۔

مجموعی طور پر پختونخواہ میں 58 ہزار 883، سندھ میں 47 ہزار 32، بلوچستان میں 5 ہزار 591 اور پنجاب میں 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں جلدی بیماریوں کے 10 ہزار 621، سانس کی بیماریوں کے 10 ہزار 591، ڈائریا کے 8 ہزار 264، ملیریا کے 4 ہزار 713 اور ڈینگی کے 3 ہزار 788 کیسز رپورٹ ہوئے۔

علاوہ ازیں امراض چشم کے 447، ٹائیفائڈ کے 152 اور ہیپاٹائٹس کے 28 کیسز رپورٹ ہوئے۔

پی ٹی آئی کے مستعفی ایم این ایز کو آخری تنخواہ کب ملی؟

0

پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے والے اراکین قومی اسمبلی کو آخری بار تنخواہ اپریل 2022 میں ملی تھی۔

یہ انکشاف پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کیا ہے۔

علی زیدی نے اپنے ٹوئٹ میں بلاول بھٹو کے ایک بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ استعفیٰ دینے والے ایم این اے کو تنخواہ نہیں مل رہی تو وہ جمع کیا کرینگے؟

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمارے اکاؤنٹ میں آخری بار تنخواہ اپریل 2022 میں آئی تھی۔

علی زیدی نے اپنی ٹوئٹ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی ولسن سینٹر واشنگٹن ڈی سی میں گفتگو کی ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے۔

اس ویڈیو میں بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ میرا عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ جمہوریت کو عزت دیں، پارلیمنٹ آئیں اور اپنے ذمے داریاں ادا کریں۔

اس گفتگو میں بلاول بھٹو یہ دعویٰ بھی کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے مستعفی ایم این ایز تاحال اپنی تنخواہیں وصول کر رہے ہیں لیکن پارلیمنٹ آنے سے انکار کر رہے ہیں۔

 

کیا امریکا سے آنے والا سائفر سابق وزیراعظم عمران خان سے چھپایا گیا؟

0

کیا امریکا سے آنے والا سائفر سابق وزیراعظم سے چھپایا گیا؟ عمران خان اور پرنسپل سیکریٹری کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی۔

سابق وزیراعظم عمران خان اور پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی ہے جس میں اعظم خان وزیراعظم عمران خان کو سائفر سے متعلق آگاہ کر رہے ہیں، اس گفتگو نے یہ سوال کھڑا کردیا ہے کہ کیا امریکا سے آنے والے سائفر کو سابق وزیراعظم سے چھپایا گیا تھا؟

لیک مبینہ آڈیو میں اعظم خان وزیراعظم عمران خان سے گفتگو میں سائفر سے آگاہ کر رہے ہیں، گفتگو میں سائفر کی تصدیق ہوتی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سفیر نے لکھا سائفر کے بعد ڈیمارچ کیا جائے۔

 

گفتگو کے مطابق اعظم خان یہ بولتے ہوئے سنے جاسکتے ہیں کہ اگر آپ کو یاد ہے تو سفیر نے آخر میں لکھا ہے ڈیمارچ کریں، میں سوچ رہا ہوں سائفر کے اوپر ایک میٹنگ کرلیتے ہیں۔

سابق پرنسپل سیکریٹری مبینہ آڈیو میں یہ بھی کہتے ہیں کہ شاہ محمود قریشی اور فارن سیکریٹری کی میٹنگ کریں جس میں لیٹر پڑھ کر سنایا جائے، میں وہ کاپی کرلوں گا۔

عدالت سے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کو بڑا ریلیف

0

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان کے خلاف تھانہ ترنول میں درج تینوں مقدمات خارج کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ اور توڑ پھوڑ سے متعلق کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کو بڑا ریلیف دے دیا ہے۔

کیس کی سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی، درخواست گزار کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ اور بیرسٹر قاسم نواز عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ پولیس نے سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا، اسے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ کیا کوئی ٹرانسکرپٹ ہے، یا دوران تفتیش درخواست گزار کی موقع پر موجودگی کا کوئی ثبوت ملا؟

پولیس کی جانب سے درخواست گزار کے موقع پر موجودگی کے ثبوت سے انکار پر عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محمود خان کے خلاف تھانہ ترنول میں درج تینوں مقدمات خارج کر دیے۔

کراچی میں تیزاب گردی، ٹریفک اہلکار مدد کو پہنچ گیا

0

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نامعلوم شخص ایک راہگیر پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا، متاثرہ شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں نامعلوم ملزم ایک شہری پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا، تیزاب گردی کا واقعہ صدر رینبو سینٹر کے قریب پیش آیا۔

تیزاب گردی سے شہری کی حالت تشویش ناک ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار اپنی موٹر سائیکل پر متاثرہ شہری کو اسپتال لے
گیا۔

پولیس کے مطابق اسکول کے 2 بچے اور ان کا والد بھی تیزاب کی زد میں آئے، تیزاب نے بچوں اور والد کو نقصان نہیں پہنچایا، صرف چھینٹے گرنے سے کپڑوں کو نقصان پہنچا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہری کے مطابق وہ تیزاب پھینکنے والے شخص کو نہیں جانتا۔

’ڈار بھی خوار ہوگا، الیکشن وقت سے پہلے ہوں گے‘

0

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حالات میں ڈار بھی خوار ہوگا اور الیکشن وقت سے پہلے ہی ہوں گے۔

شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ڈار بھی خوار ہوگا اور الیکشن وقت سے پہلے ہی ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 15 اکتوبر سے 15 تک نومبر تک تمام اہم فیصلے ہو جائیں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی، آٹا اور گیس عوام کا مسئلہ ہے جب کہ آڈیو ویڈیو انکی سیاست کو لے ڈوبے گی، جو آڈیو ویڈیو کا کام کرتے تھے وہ اب خود اس میں پھنس گئے ہیں۔

 

11 ہزار وولٹ کی تاروں سے جھولنے والے شخص کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

0

پیلی بھیت: بھارتی ریاست اُتر پردیش میں ایک شخص 11 ہزار وولٹ کی تاروں پر چڑھ کر جھولنے لگا، جس نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے۔

تفصیلات کے مطابق اُتر پردیش کے پیلی بھیت ضلع کے امریہ قصبے میں ایک نوجوان کو ہائی وولٹیج کی تاروں پر خطرناک اسٹنٹ کرتے اور جھولتے ہوئے دیکھا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

یہ واقعہ 24 ستمبر کو پیش آیا، نوشاد نامی شہری نے ایک دکان کی چھت پر چڑھ کر بجلی کے تار پکڑے اور پھر ان پر جھولنا اور ایک تار سے دوسری تار پر اوپر چڑھنا شروع کر دیا۔

بازار میں موجود لوگ یہ دیکھ کر سخت پریشانی میں مبتلا ہو گئے، واقعے کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوشاد اپنے آپ کو تاروں پر بیلنس کرتے ہوئے اوپر چڑھنے کی کوشش کرتا نظر آتا ہے۔

دوسری ویڈیو میں لوگ دکان کی چھت پر چڑھتے اور نوشاد تک پہنچتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، لوگوں کے قریب آنے کے بعد اسے نیچے اترتے دیکھا جا سکتا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق بارش کی وجہ سے اس وقت شہر میں بجلی نہیں تھی، جب لوگوں نے نوشاد کو تاروں سے لٹکتے ہوئے دیکھا تو انھوں نے بجلی کے محکمے سے رابطہ کر کے خبردار کیا۔

معلوم ہوا کہ نوشاد امریہ مارکیٹ میں چوڑیاں بیچتا ہے، جب اس کے اہل خانہ سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ نوشاد اکثر عجیب و غریب سرگرمیوں میں ملوث رہتا ہے، کیوں کہ وہ کچھ دنوں سے ذہنی طور پر تندرست نہیں ہے۔

لاہور: گھروں میں چوری کی 2 بڑی وارداتیں، ملزمان 5 کروڑ روپے لوٹ کر فرار

0

لاہور: پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں دوسری بڑی وارداتیں ہوئیں ، جس میں ملزمان 5 کروڑ روپے لے کر فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں ایک گھر میں ڈھائی کروڑ روپے کی چوری ہوئی۔

گھریلو ملازمہ ساتھیوں کےہمراہ غیرملکی کرنسی ، سونا،لاکھوں روپے چوری کرکے فرار ہوگئی۔

پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں چوری کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ لوٹے گئے مال میں 125تولہ سونا ، 30ہزاریورو ، 11 لاکھ روپیہ شامل ہیں، متاثرہ خاتون کا شوہر جرمنی مقیم ہے۔

متاثرہ خاتون نے بتایا کہ بیٹی کی شادی کے لیے نقدی ، سونا بینک سے نکلوایا تھا۔

پولیس نے کہا ہے کہ گھریلو ملازمہ آسیہ کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔

سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے شاہدرہ ٹاؤن کے گھر میں ڈھائی کروڑ کی چوری کی واردات کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی ڈویژن سےرپورٹ طلب کرلی۔

لاہور:سی سی پی او نے چوری ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

دوسری بڑی واردات میں نواب ٹاؤن میں ایک گھر سے ڈھائی کروڑ روپے کی ڈکیتی ہوئی ، جہاں 2 ڈاکو گھرسے غیر ملکی کرنسی ، سونا لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہری مشتاق کی مدعیت میں ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا ہے، لوٹے گئے مال میں 104تولہ سونا، 27 لاکھ روپے ،4570 ریال وغیرہ شامل ہیں۔

’یا اللہ رحم! یہ بجلی کے بل ’’اور‘‘ بڑھائیں گے، غربت میں ’’اور‘‘ اضافہ کرینگے‘

0

پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید نے اسحاق ڈار کے وزیر خزانہ کا حلف اٹھانے کے بعد کہا ہے کہ یہ بجلی کے بل اور بڑھائیں گے، غربت میں اور اضافہ کریں گے، یااللہ رحم۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ دنیا کے چوٹی کے وزیر خزانہ کہتے ہیں پچھلے وزیر خزانہ نے پوری کوشش کی۔

فیصل جاوید نے مزید لکھا کہ یہ کہتے ہیں ہم ’’اور‘‘ آگے کریں گے، یعنی ’’اور‘‘ مہنگائی کریں گے، یہ اشیائے خور ونوش کی قیمتوں میں ’’اور‘‘ اضافہ کریں گے۔ یعنی یہ بجلی کے بل "اور” بڑھائیں گے، غربت میں "اور” اضافہ کریں گے۔

 

واضح رہے کہ اسحاق ڈار نے وزیر خزانہ کا حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی ترجیحات بتائیں۔

یہ بھی پڑھیں: نئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنی ترجیحات بتا دیں

ایک سوال پران کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں پر ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا مجھےدو چار دن دیں ، پہلی ترجیح کرنسی بہتر بنانا اور دوسری مہنگائی پر قابو پانا ہے، محمد زبیر عمر اور مفتاح اسماعیل نے بہترین کام کیا۔