23.5 C
Dublin
ہفتہ, مئی 11, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 6300

’عمران خان کی آڈیو لیکس اِدھر اُدھر سے لفظ جوڑ کر بنائی گئی ہے‘

0

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کی آڈیو لیکس اِدھر اُدھر سے لفظ جوڑ کر بنائی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی آڈیو لیکس اِدھر اُدھر سے لفظ جوڑ کر بنائی گئی ہے، انہوں نے ہمیشہ آئین اور قانون میں رہ کر جدوجہد کی ےہ اور آگے بھی کریں گے، پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان مشکل ترین حالات کی جانب جا رہا ہے اور حکمراں طبقہ ملک کو انتشار کی جانب لے جا رہا ہے۔

اسد عمر نے وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کہا کہ اگر ہم حکومت نہیں گراتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، ملک دیوالیہ ہونیوالا ہے یا نہیں یہ عالمی کمپنیز کی کریڈٹ ریٹنگ بتاتی ہے۔ آپ کی حکومت معیشت کو دیوالیہ ہونے کے دہانے پر لے آئی ہے، موڈیز نے پہلے آپ کی حکومت آنے کے بعد ہماری معیشت کو منفی کیا تھا اور اب ملکی معیشت کو بی سے سی میں کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت ختم کی تو افراط زر 16 فیصد تھی اور اب آپ کی حکومت میں یہ 40 فیصد پر جا پہنچی ہے، جیسی مہنگائی پچھلے 5 ماہ میں آئی اتنی تاریخ میں کبھی نہیں آئی، اس وقت جب قوم کی مدد کرنی چاہیے تھی اس وقت آپ سرکاری وسائل استعمال کرکے سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنا رہے تھے، ساڑھے تین سال عمران خان کو سلیکٹڈ کہتے رہے اور آج اسی اسمبلی میں بیٹھے ہیں، اب آپ ہی بتادیں کہ آپ کی نظر میں سلیکٹڈ کون ہے؟

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف نے گزشتہ روز جذباتی پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے کئی باتیں کیں لیکن جو بات نمایاں نظر آئی وہ ان کی بے انتہا پریشانی تھی، کہا کہ سائفر نہیں پڑھا، آپ نے وزیراعظم بننے کے بعد قومی سلامتی کمیٹی میٹنگ بلائی تھی، قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں اسی سائفر پر بات ہوئی، کیا آپ میٹنگ میں بغیر سائفر کے بات کررہے تھے؟ آپ کو پہلے سائفر پڑھنا چاہیے تھا، آپ میٹنگ میں بغیر سائفر پڑھے چلے گئے، الزام لگانا ہے تو ڈھنگ کا الزام تو لگائیں۔

اسد عمر نے کہا کہ واشنگٹن کے سفارتخانے سے پاکستان کو پیغام بھیجا گیا، جتنے بھی مراسلے آتے ہیں سب ڈی کوڈ ہوتے ہیں، ڈی کوڈ کیے بغیر مراسلے کو پڑھا ہی نہیں جاسکتا، انہوں نے سوال کیا کہ کیا شہباز شریف نے سائفر پڑھے بغیر قومی سلامتی کمیٹی اجلاس چیئر کیا؟ آپ قوم کوبتائیں کہ میٹنگ میں آپ سائفر بغیر پڑھے چلے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے کہا وزیراعظم ہاؤس سے سائفر غائب ہے، جواب دیں کہ آپ نے قوم کو یہ بات بتانے کے لیے ساڑھے 5 ماہ انتظار کیوں کیا؟ کیا آپ نے کیسز کو مینج کرنے کی کوشش کی؟

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ شہباز شریف نے شبانہ روز محنت کر کے جھوٹے مقدمات درج کرائے ہیں، عمران خان پر جھوٹا مقدمہ کراکر ساری دنیا میں آپ نے پاکستان کی رسوائی کرائی، اب اگلا پرچہ عمران خان پر بھینس چوری کا آئیگا باقی تو کوئی الزام آپ نے نہیں چھوڑا، شوکت خانم اسپتال کے ذریعے کینسر کے مریضوں کا علاج ہوتا ہے، کینسر کے مریض اور اہلخانہ شہباز شریف کی گفتگو سن رہے تھے۔

اسد عمر نے کہا کہ فوج پر فخر ہے، پاک فوج نے دہشتگردی کیخلاف وہ قربانیاں دیں جو دنیا نہیں دے سکی اور پاک فوج کی جانب سے قربانیاں جاری ہیں، جب دہشتگردی کے خلاف جنگ ہو رہی تھی آپ کے پارٹی کے لیڈران کیا کہا کہتے تھے؟ یہ سب کو پتہ ہے، پی ڈی ایم جماعتوں نے فیٹف بل کیخلاف ووٹ ڈالے، آپ نے آئی ایم ایف سے متعلق بل سینیٹ سے مسترد کرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ سروے میں لوگوں نے رائے دی سیلاب زدگان کی سب سے زیادہ مدد عمران خان نے کی، اسد عمر نے دوران پریس کانفرنس کہا کہ ابھی خبر ملی ہے کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو سینیٹ سے پکڑ لیا گیا ہے، جس کی مذمت کرتا ہوں۔

فارن فنڈنگ کیس، پی ٹی آئی سینیٹر سمیت 2 رہنما گرفتار

0

ایف آئی اے نے فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے سینیٹر سیف اللہ اور حامد زمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق فارن فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے سینیٹر سیف اللہ، انصاف ٹرسٹ کے ٹرسٹی حامد زمان کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ طارق شفیع اور عامر کیانی کی گرفتاری کے لیے ان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ہیں۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ نیازی کو پارلیمنٹ کے گیٹ سے گرفتار کیا گیا انہیں فنڈ ریزنگ کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ کیس میں گرفتار کیا گیا تاہم ایف آئی اے نے باضابطہ گرفتاری کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کردیا ہے۔

دوسری جانب ایف آئی اے لاہور نے اانصاف ٹرسٹ کے ٹرسٹی اور اپٹما پنجاب نارتھ کے چیئرمین حامد زمان کو بھی گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے، حامد زمان کو ان کے دفتر وارث روڈ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ وہ شاہدرہ سے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر الیکشن بھی لڑچکے ہیں۔

اس کے علاوہ ایف آئی اے نے کراچی میں طارق شفیع کے گھر چھاپہ مارا اور ان کے دو موبائل ضبط کرلیے ہیں، جب کہ عامر کیانی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے سینیٹر سیف اللہ اور دیگر رہنماؤں کی گرفتاری اور گھروں پر چھاپے کی  شدید مذمت کی ہے۔

دوسری جانب ایف آئی اے نے سینٹر سیف اللہ نیازی کی سینیٹ احاطے سے گرفتاری کی خبر کی تردید کردی ہے، ایف آئی اے کے مطابق سینیٹر سیف اللہ کو اب تک کسی ونگ نے گرفتار نہیں کیا ہے۔

اسرائیلی فورسز کی بچوں کے اسکول پر گولوں کی برسات ، ننھے منے بچوں کی چیخ وپکار

0

یروشلم: قابض صیہونی فورسز نے ننھے منے بچوں کے اسکول پر حملہ کر دیا، گولے برسائے جانے کے بعد اسکول بچوں کی چیخ وپکار سے لرز اٹھا۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی بربریت کی انتہا کردی، قابض صیہونی فورسز نے ننھے منے بچوں کے اسکول پر حملہ کر دیا اور آنسو گیس کے گولے برسائے۔

جس کے نتیجے میں متعدد بچے زخمی ہو گئے، گولے برسائے جانے کے بعد اسکول بچوں کی چیخ وپکار سے لرز اٹھا۔

ننھے منے بچوں کی آہ وبکا بھی ظالم صیہونی فورسز کے دلوں کو نرم کرنے میں ناکام رہی۔

یاد رہے صیہونی فورسز نے نابلس میں اکیس سال کا فلسطینی کو شہید کردیا تھا ، نوجوان کی نمازجنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

صیہونی فورسز نے نابلس میں حملہ کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر گولیاں برسادیں تھیں ، جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی صحافی زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین پر کریک ڈاؤن: امریکا کا ایران کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان

0

واشنگٹن: امریکا نے ایرانی وزیرِ داخلہ ، وزیرِ مواصلات سمیت دیگر ایرانی شخصیات پر پابندی لگا دی، پابندیاں ایرانی مظاہرین پر کریک ڈاؤن کے خلاف لگائی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی وزارتِ خزانہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی وزیرِ داخلہ اور وزیرِ مواصلات پر پابندی لگا دی ہے ، پابندیاں ایرانی مظاہرین پر کریک ڈاؤن کے خلاف لگائی گئیں۔

امریکی وزارتِ خزانہ کا کہنا تھا کہ امریکی پابندیوں میں دیگر ایرانی شخصیات بھی شامل ہیں، پابندیوں میں شامل افراد کے امریکہ میں موجود اثاثے ضبط ہوں گے۔

امریکی حکام نے بتایا کہ یہ افراد امریکی کمپنیوں کے ساتھ کاروبار بھی نہیں کر سکیں گے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران میں کریک ڈاؤن کے دوران اب تک ایک سو تینتیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

نیب شرجیل میمن کے خلاف انکوائریوں کی مکمل رپورٹ پیش نہیں کرسکا

0

کراچی : نیب صوبائی وزیر شرجیل میمن کے خلاف انکوائریوں کی مکمل رپورٹ پیش نہیں کرسکا، عدالت نے نیب کو مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں نیب شرجیل میمن کے خلاف انکوائریوں کی مکمل رپورٹ پیش نہیں کرسکا۔

نیب نے عدالت کو بتایا کہ سکھر میں شرجیل میمن کے خلاف کوئی کیس یا انکوائری نہیں ہے جبکہ کراچی اور راولپنڈی سے رپورٹس آئی ہیں تاہم اسلام آباد سے رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔

جس پر شرجیل انعام میمن کے وکیل نے کہا کہ اتنا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی نیب نے رپورٹ پیش نہیں کی،میرے موکل کو ہراساں کیا جارہا ہے۔

جسٹس جنید غفار کاکہنا تٓھا کہ اب تو قانون تبدیل ہوچکا ہے اب خوف یا دباوٴ کا کیا معاملہ ہے، کوئی انکوائری اور انویسٹیگیشن ہوگی تو نوٹس آجائے گا۔

عدالت نے کہا کہ پہلے کی طرح گرفتاری کا اندیشہ تو نہیں ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ اب بھی چیئرمین کو اختیار حاصل ہے کہ اگر وہ کسی کے فرار ہونے کا امکان سمجھے تو گرفتاری کا حکم دے سکتا ہے۔

جس پر عدالت نے نیب کو مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 4 نومبر کیلیے ملتوی کردی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے درخواست دائر کی ہے کہ ان کے خلاف تمام انکوائریوں اور انویسٹیگیشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ قانونی تحفظ حاصل کرسکیں۔

سارہ انعام قتل کیس : مرکزی ملزم شاہ نواز کی والدہ کی ضمانت میں پھر توسیع

0

اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سارہ انعام قتل کیس میں مرکزی ملزم کی والدہ کی عبوری ضمانت میں 19 اکتوبرتک توسیع کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سارہ انعام قتل کیس کی سماعت ہوئی۔

مرکزی ملزم کی والدہ اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئیں ، عدالت نے شاہ نواز کی والدہ کی عبوری ضمانت میں 19 اکتوبر تک توسیع کردی۔

ایڈیشنل سیشن جج شیخ سہیل کی رخصت کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی، ایڈیشنل سیشن جج شیخ سہیل اپنےوالدکی وفات کی وجہ سےچھٹی پر ہیں۔

خیال رہے عدالت نے آج مدعی کےوکیل راؤعبد الرحیم سے دلائل طلب کر رکھے تھے۔

گذشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سارہ انعام قتل کیس میں پولیس کی جانب سے ملزم کی جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے عدالت نے شاہنواز امیرکو 14 روز کے لیے جیل بھیج دیا تھا۔

پی ٹی آئی لانگ مارچ :شہباز حکومت کی اسلام آباد کو کینٹینر لگا کر ‘نوگو ایریا’ بنانے کی تیاری

0

اسلام آباد : عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان سے پہلے حکومتی صفوں میں کھلبلی مچ گئی اور شہباز حکومت کی اسلام آباد کو کنٹینر سٹی بنانے کی تیاری کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی لانگ مارچ کےاعلان سے پہلے ہی حکومت نے اسلام آباد کو کینٹینڑ لگا کر نوگو ایریا بنانے کی تیاری کرلی۔

پی ڈی ایم اور اتحادیوں کے اجلاس میں وزیرداخلہ کی جانب سے اسلام آباد کو کنٹینر سٹی بنانے کی یقین دہانی کے بعد اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹینرز کے کنٹینرز کھڑے کردیے گئے۔

خیبرپختونخوا ، ہزارہ اور مری روڈ سے آنے والے راستوں کو بند کیا جانے لگا، فیض آباد پر کنٹینروں کے پہاڑ کھڑے کردیئے گئے ہیں اور خندقیں بھی کھودی جانے لگیں۔

وزیرداخلہ رانا ثنا کی ہدایت پر رینجرزبھی الرٹ ہوگئی ہے جبکہ اسلام آباد پولیس اور ایف سی نے مشقیں شروع کردیں۔3

اضافی آنسو گیس کےشیل کے ساتھ ساتھ پہلی بار آنسو گیس پھینکنے والےڈرونزبھی منگوالیے گئے ہیں۔

وزارت داخلہ نے دھرنےکےدوران جڑواں شہروں کی موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اسلام آباد میں داخلےکیلئےشہریوں کے شناختی دستاویزات چیک ہوں گے۔

پنجاب میں اسموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم

0

لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں اسموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کو اسموگ ایمرجنسی کیلئے آج یا کل تک اجلاس بلانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ سے متعلق کیس کی سماعت سماعت ہوئی ، ایم ڈی واسا نے عدالت پیش ہوکراقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ایم ڈی واسا نے بتایا کہ واساکی غیرضروری400کےقریب گاڑیاں اسموگ کےپیش نظر بندکردیں ، اب دفاتر کو شمسی توانائی پر منتقلی کے اقدامات جاری کئے جارہے ہیں۔

ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ واٹرمیٹرلگانے کیلئے ٹینڈر جلد جاری کر دیا جائے گا، جس پر عدالت نے کہا کہ واٹرمیٹرنگ سےہی پانی کی بچت ہوگی۔

جس پر ایم ڈی واسا نے بتایا فروری سےواٹرمیٹرنگ کی تنصیب کاعمل شروع ہوگا، عدالت نے ریمارکس دیئے یہ مستقبل اورموجودہ نسل کی بقا کاسوال ہے۔

وکیل واسا عرفان اکرم کا کہنا تھا کہ عدالتی اقدامات سےپہلی بارزیرزمین پانی کی سطح بلندہوئی، زمین پرموجودپانی کےاستعمال کے منصوبے لائےجائیں، جس پر عدالت نے کہا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کیلئے ایپ بنائی جانی چاہیے۔

لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کو اسموگ ایمرجنسی کیلئے آج یا کل تک اجلاس بلانے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے کہا کہ اجلاس میں اقدامات کو حتمی شکل دیکر فوری ٹیمیں تشکیل دی جائیں، جہاں جہاں اسموگ کاباعث بننے والی فیکڑیاں اور کارخانے ہیں، فوری بند کیے جائیں۔

عدالت نے ہدایت کی ٹیموں کی نقل وحرکت کے لئے گاڑیاں فراہم کی جائیں،اگر ایسانہ ہواتوچیف سیکرٹری آفس کی گاڑیاں بھجوائی جائیں گی۔

عدالت نے ایئرکوالٹی جانچنے کے آلات2ہفتے میں خریدنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا آلات کی خریداری کیلئے محکمہ پلاننگ ایک ہفتے میں فنڈز جاری کرے، عدالت کوکسی عالمی ادارےسےسروکارنہیں، آلات کی خریداری کے فنڈز تنخواہیں یا کوئی بھی منصوبہ روک کر ادا کئے جائیں۔

عدالت نےدھواں چھوڑنےوالی فیکڑیاں فوری بند کرانےکےاحکامات صادر کرتے ہوئے فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کاروائی کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ باقیات جلانے سے روکنے کے ذمہ دار افسران کیخلاف کارروائی ہوگی، ایک ہفتے سے لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن چکا، غیر ملکی ادارےفنڈزدینےکوتیارمگر یہاں کسی کےکان پرجوں تک نہیں رینگتی۔

‘آڈیو لیکس میں وزیراعظم ہاؤس ملازمین ملوث ہوسکتے ہیں’

0

اسلام آباد : وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ آڈیو لیکس میں وزیراعظم ہاؤس ملازمین ملوث ہوسکتے ہیں تاہم تمام پہلوؤں سےتحقیقات جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کی جانب سے بیان میں کہا ہے کہ آڈیو لیکس میں وزیراعظم ہاؤس ملازمین ملوث ہوسکتےہیں۔

رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ ملازمین کےملوث ہونےسمیت تمام پہلوؤں سےتحقیقات جاری ہے، ڈیوائس کےذریعے آڈیو ریکارڈ نگ کا امکان ہے تاہم رپورٹ فوری آنے کا امکان نہیں۔

گذشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ نے آڈیولیک کی تحقیقات کی اجازت نے دے دی ہے، حساس نوعیت کے معاملات کی شفاف تحقیقات سے قوم کو آگاہ کردوں گا۔

وزیراعظم نے اس بات کی سختی سے تردید کی تھی کہ آڈیو لیک کرنے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں، پہلے میری آڈیو لیک ہوئی ،اگلےدن ایک اورآڈیو لیک ہوگئ، اگرمیں نے کسی اورکی آڈیو لیک کرناتھی تو اپنی کیوں کرتا؟۔

کراچی میں رواں سال اسٹریٹ کرائم وارداتیں 65 ہزار 500 سے تجاوز کرگئیں

0
کراچی جرائم

کراچی : شہر قائد میں رواں سال اسٹریٹ کرائم وارداتیں 65 ہزار 500 سے تجاوز کرگئیں ، صرف ستمبر میں 7 ہزار 616 وارداتیں ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں رواں سال اسٹریٹ کرائم وارداتیں سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی ، جس میں بتایا گیا رواں سال وارداتیں 65 ہزار 500 سے تجاوز کرگئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ستمبر میں 7 ہزار 616 وارداتیں ہوئیں، ڈاکؤوں نے 15 افراد کی جان لی۔

9ماہ کے دوران شہر سے 38 ہزار 285 موٹر سائیکلیں چوری اور 3 ہزار 712 چھینی گئیں جبکہ رواں سال اب تک گاڑی چھیننے کی 127 اور چوری کے 1561 واقعات پیش آئے۔

کراچی والوں کو 9 ماہ میں 21 ہزار767 موبائل فونز سے محروم بھی کیا جا چکا ہے۔