اتوار, ستمبر 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 6313

کارتک آریان کو گاڑی غلط جگہ کھڑی کرنا مہنگا پڑ گیا

0
کارتک آریان نے اپنا لگژری اپارٹمنٹ لاکھوں روپے کرائے پر دے دیا

ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار کارتک آریان کو سڑک پر گاڑی غلط جگہ پارک کرنا مہنگا پڑ گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کارتک آریان جمعہ کے روز اپنی نئی ریلیز ہونے والی فلم ’شہزادہ‘ کی کامیابی کے لیے سدھی وینائک مندر پہنچے۔

ممبئی ٹریفک پولیس نے کارتک آریان کو جرمانہ کر دیا کیونکہ انہوں نے اپنی لیمبوروگھینی سڑک پر غلط جگہ کھڑی کی تھی جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹریفک پولیس نے ٹوئٹر پر بلیک لیمبوروگھینی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پرابلم یہ تھی کہ گاڑی غلط جگہ پارک کی گئی تھی، یہ سوچ کر بھی بھول نہ کریں کہ ’شہزادے‘ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر سکتے ہیں۔

پولیس نے چالان کی رقم کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔

متعلقہ: کارتک آریان نے فلم ’شہزادہ‘ کا معاوضہ واپس کر دیا

’سر کٹی مچھلی‘ کی تیراکی دیکھ کر لوگ حیران، ویڈیو وائرل

0

سوشل میڈیا پر آئے روز نت نئی ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں جسے دیکھ کر لوگ دنگ رہ جاتے ہیں۔

مچھلیوں کو آپ نے تیراکی کرتے یقیناً دیکھا ہی ہوگا لیکن کیا کبھی آپ نے سر کے بغیر مچھلی کو تیراکی کرتے دیکھا ہے آپ کا جواب لازمی طور پر نہیں ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ایسی ایک ہی ویڈیو وائرل ہورہی جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مچھلی تیراکی کرنے میں مصروف رہے لیکن اس کا سر موجود نہیں ہے۔

مچھلی کی یہ ویڈیو لاکھوں کی تعداد میں صارفین دیکھ چکے ہیں اس پر کمنٹس بھی کررہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ کس طرح ممکن ہے۔‘ دوسرے صارف نے لکھا کہ ’یہ صرف اس کا چہرہ اور آنکھیں ہیں۔‘

واضح رہے کہ بہت سے جنگلی اور سمندری حیات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں جن کے بارے میں صارفین بہت سی باتیں جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

یہ واقعہ ابھی زیرِ مطالعہ ہے اور ماہرین کی جانب سے اس پر کوئی رائے نہیں دی گئی ہے۔

موٹرسائیکل پر 8 افراد کو بٹھانے کا خطرناک انداز، ویڈیو وائرل

0
موٹرسائیکل

موٹر سائیکل اصولی طور پر دو افراد کی سواری ہے جبکہ دو سے زائد افراد کا موٹرسائیکل کی سواری کرنا قانوناً جرم اور چالان کا جرمانہ بھرنے کا موجب بھی ہے۔

قانون کی اس خلاف ورزی پر آپ کو بھاری جرمانہ بھی ادا کرنا پڑسکتا ہے لیکن کچھ لوگ موٹر سائیکل کو رکشے کی طرح بے دردی سے استعمال کرتے ہیں۔

ایک ایسی ہی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ایک موٹر سائیکل سوار نے اپنے گھر کے8 افراد کو بٹھا کر دنیا کو حیران کردیا۔

موٹر سائیکل کو سواری کیلئے اس طرح استعمال کرنے کے بارے میں اسے ایجاد کرنے والے نے خواب میں بھی نہیں سوچا ہوگا۔

لیکن ہمارے معاشرے میں بے شمار لوگ اپنی آسانی کیلئے کوئی نہ کوئی ایسا طریقہ ایجاد کر ہی لیتے ہیں جسے عرف عام میں "جگاڑ” کہا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص موٹر سائیکل پر سوار کم از کم خواتین سمیت چھ سے آٹھ افراد بیٹھے ہیں۔

اس شخص نے موٹر سائیکل کی پچھلی نشست پر لکڑی کا تختہ نصب کیا ہوا ہے جس کے دونوں جانب خواتین بیٹھی ہوئی ہیں۔

موٹرسائیکل کے مالک کا یہ انداز کسی طرح بھی قابل تقلید نہیں کیونکہ ذرا سی بھی لغزش ان تمام افراد کو کسی بھی حادثے سے دوچار کرسکتی ہے۔

سائرہ بانو کی حکومت پر تنقید، اسمبلی میں وزیراعظم کی نقل اتار دی

0
سائرہ بانو

اسلام آباد: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے ایوان میں سب کے سامنے وزیراعظم شہباز شریف کی نقل اتار دی۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران سائرہ بانو نے مہنگائی پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ 50 ہزار روپے کمانے والے طبقے کا بجٹ بنا کر دکھا دیں۔

سائرہ بانو نے کہا کہ کرب اور تکلیف سے خود نہیں گزر رہے اور عوام کو بھاشن دے رہے ہیں سادگی کا، اپنے لیے بھی مشکل فیصلے کریں، عوام کو امتحان میں کیوں ڈالا جا رہا ہے، اپنے اخراجات کم کر کے دکھائیں۔

اس دوران انہوں نے ایوان میں وزیراعظم شہباز شریف کی نقل بھی اتاری۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ARY News (@arynewstv)

بعد ازاں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے اسحاق ڈار منی بجٹ پڑھ رہے تھے حیرت ہوئی، ایسے لگا کہ کوئی راجہ آیا اور بم گرا کر چلا گیا، ان کو اندازہ ہی نہیں وہ جو پڑھ رہے ہیں اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔

جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ یہ سب جھوٹ تھا کہ غریبوں پر ٹیکس نہیں ہوگا بلکہ صرف امیروں پر ہوگا، ہنسی آ رہی تھی جب وہ کہہ رہے تھے کہ سادگی اپنائیں، کیا سادگی صرف عوام کے لیے رہ گئی ہے، کیا عوام کیڑے مکوڑے ہیں؟

’پہلے خود تو سادگی اپنائیں ان کے لباس اور گاڑیاں دیکھی ہیں آپ نے۔ اپنی بڑی گاڑیوں کے لیے پانچ سو روپے فی لیٹر پیٹرول ڈلوائیں مگر چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول سستا کریں۔‘

عماد وسیم نے گلیڈی ایٹرز سے شکست کے بعد کیا کہا؟

0

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ تینوں میچز جیت کے قریب آکر ہار گئے۔

پی ایس ایل 8 چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 6 رنز سے شکست دیکر پہلی کامیابی حاصل کی، مارٹن گپٹل کو 117 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کراچی کنگز کی ٹیم 169 رنز کے تعاقب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بناسکی، شعیب ملک نے 71 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

میچ کے بعد کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ آخری اوورز میں ہم نے زیادہ رنز دیے ہیں، بولنگ متاثر کن ثابت نہیں ہوئی غلطیاں بہت ہوئیں جس پر ہم مرحلہ وار کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بری کرکٹ نہیں کھیلی کچھ اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیک فٹ پر لے گئے تھے ابھی سات میچز ہمارے باقی ہیں جس کے بعد پلے آف میں جانا ہے ایک مرتبہ جیت کا سلسلہ شروع ہوا تو آگے بڑھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں عماد وسیم نے کہا کہ میڈیا میں جو بات آتی ہے کچھ سچ ہوتی ہے میں بابر اعظم کے حوالے سے کوئی بات نہیں کرنا چاہوں گا۔

عماد وسیم نے شعیب ملک کی اننگز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شعیب ملک اس عمر میں ایک بہترین مڈل آرڈر بیٹر ثابت ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز اچھی ٹیم ہے کوشش کریں گے کہ اگلے میچ میں کامیابی حاصل کریں۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز کو تینوں میچز میں شکست ہوئی ہے جبکہ کراچی کنگز اپنا چوتھا میچ کل لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے گی۔

کراچی : ایم کیوایم پاکستان کے رہنما گرفتار، نامعلوم مقام پرمنتقل

0
ایم کیوایم

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی (سی او سی) کے رکن آصف علی خان کو گرفتار کرلیا گیا, ایم کیو ایم رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے رہائی میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

ذرائع کے مطابق آصف علی خان کو گزشتہ روز ایم کیو ایم انتخابی دفتر سے حراست میں لیا گیا تھا، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے آصف علی کی گرفتاری پرگہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

متحدہ رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ آصف علی کو گرفتارکرکے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے، آصف علی سے متعلق معلومات فراہم نہیں کی جارہیں۔

ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ آصف علی خان قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں امیدوار بھی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ، آصف علی کی رہائی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں۔

مزید پڑھیں : ضمنی انتخاب میں حصہ لینا ہے یا نہیں؟ ایم کیوا یم تذبذب کا شکار

واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے ایم کیو ایم پاکستان سے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کر رکھی ہے، جس کے بعد ایم کیو ایم کا اجلاس ہوا جو کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگیا اور یہ فیصلہ نہیں ہوسکا کہ ضمنی انتخابات میں حصہ لینا ہے یا نہیں۔

وزیر اعظم خواجہ آصف کے بیان پر قوم کو فوری اعتماد میں لیں، شاہ محمود

0

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر دفاع خواجہ آصف کے ملک دیوالیہ ہونے کے بیان پر وضاحت دینے کا مطالبہ کر دیا۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خواجہ آصف وزیر دفاع کچن کیبنٹ کا حصہ اور (ن) لیگ کے اہم رہنما ہیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ کر چکا، حکومت کو ان کے بیان پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے، وزیر اعظم یا وزیر خزانہ اس بیان پر فوری طور پر قوم کو اعتماد میں لیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت بتائے کہ خواجہ آصف کا بیان درست ہے یا سیاسی بیان (ن) لیگ کی ضرورت ہے؟ عوام کو ان لوگوں پر اعتماد نہیں، یہ لوگ ایمرجنسی کا بہانہ بنا کر الیکشن ملتوی کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 ماہ میں انہوں نے معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا، ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب ہے، ان کے پاس اہلیت ہے اور نہ معیشت اوپر لے جانے کا ایجنڈا، ان لوگوں نے 9 ماہ میں ملک اور عوام دونوں کو مشکل میں ڈال دیا، ہم نے کورونا کے مشکل ترین دور میں معیشت کو سہارا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت خواجہ آصف کے بیان کو سنجیدہ لے اور فی الفور وضاحتی بیان جاری کرے، حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں، چیزیں مہنگی کر کے یہ لوگ ملکی معیشت کو سہارا نہیں دے سکتے۔

شعیب ملک کی نصف سنچری رائیگاں، کوئٹہ نے کراچی کو شکست دے دی

0

کراچی: پی ایس ایل 8 کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 6 رنز سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کرلی، مارٹن گپٹل کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 169 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بناسکی۔

شعیب ملک کی 71 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز بھی کراچی کنگز کو شکست سے نہ بچاسکی، عرفان خان 37 اور جیمز ونس 22 رنز بناسکے۔

شرجیل خان اور حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کپتان عماد وسیم 5 اور میتھیو ویڈ 15 رنز بناسکے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے دو وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ، محمد نواز اور قیس احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے تھے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا تھا۔

مارٹن گپٹل نے 117 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 5 بلند و بالا چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔

افتخار احمد 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جیسے روئے بغیر کوئی رن بنائے عماد وسیم کا نشانہ بنے، عمر اکمل 4 اور کپتان سرفراز احمد 5 رنز بناسکے، محمد نواز کو تین رنز بنا کر عامر یامین کا نشانہ بنے۔

کراچی کنگز کی جانب سے کپتان عماد وسیم نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عامر یامین نے بھی تین اور محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر سرفراز احمد الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

کراچی کنگز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے عمران طاہر اور عامر یامین کو شامل کیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی محمد حفیظ اور نوان تھشارا کی جگہ قیس احمد اور اوڈین اسمتھ کو شامل کیا تھا ۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز کی ٹیم کو دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے میچ میں شکست ہوئی تھی۔

اسکواڈ

ثانیہ مرزا کا معنی خیز پیغام

0

قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ و بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے معنی خیز پیغام شیئر کردیا۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بھارتی ٹینس ثانیہ مرزا نے تصویر شیئر کی جس میں وہ سبز لباس زین تن کی ہوئی ہیں اور لیمپ کی جانب دیکھ رہی ہیں۔

ثانیہ مرزا نے کیپشن میں لکھا کہ ’ہمیں کوشش کریں کہ روشن پہلو کو دیکھیں۔‘

انہوں نے چند گھنٹوں قبل یہ پوسٹ شیئر کی جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر رائے کا اظہار بھی کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ ثانیہ مرزا نے گزشتہ ماہ ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

ثانیہ مرزا سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر مزاحیہ ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں۔

اس سے قبل بھی انہوں نے مزاحیہ ویڈیو شیئر کی تھی جو وائرل ہوگئی تھی۔ ویڈیو میں وہ معروف بھارتی اداکارہ کترینا کیف اور سدھارتھ ملہوترا کی فلم کا مشہور گانا ’کالا چشمہ‘ پر رقص اور ایکسرسائز کررہی ہیں۔

ضمنی انتخاب میں حصہ لینا ہے یا نہیں؟ ایم کیوا یم تذبذب کا شکار

0

کراچی : قومی اسمبلی کی نشستوں پر کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے یا نہ لینے کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔

اس سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بہادر آباد مرکز میں ہوا جس کی صدارت سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگیا یہ فیصلہ نہیں ہوسکا کہ ضمنی انتخابات میں حصہ لینا ہے یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل دوبارہ منعقد کیا جائے گا، آج ہونے والے اجلاس میں ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ اور سیاسی صورتحال پرمشاورت کی گئی۔

متحدہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اراکین رابطہ کمیٹی سے ان کی رائے طلب کی گئی،ایم کیوایم ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کا حتمی فیصلہ کل کے اجلاس میں کرے گی۔

ایم کیوایم ذرائع کے مطابق معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنا فیصلہ خود کریں گے، یاد رہے کہ پی ڈی ایم نے ایم کیو ایم پاکستان سے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کر رکھی ہے۔

مزید پڑھیں : پی ڈی ایم کی ایم کیو ایم سے ضمنی انتخاب نہ لڑنے کی درخواست

دو روز قبل قومی اسمبلی ضمنی انتخاب کے معاملے پر پی ڈی ایم نے ایم کیوایم کی قیادت سے رابطہ کیا، یہ رابطہ پیپلزپارٹی کے دباؤ پر ن لیگی قیادت کی جانب سے کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم اور اے این پی کو قائل کیا جائے کہ دونوں جماعتیں ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لیں۔