اتوار, ستمبر 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 6312

وزیر دفاع نجم سیٹھی پر برس پڑے، چیئرمین پی سی بی کو اپنا ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا پڑگیا

0

وزیر دفاع خواجہ آصف پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کے متنازع ٹویٹ پر برس پڑے جس کے بعد انہوں نے اپنا ٹویٹ ڈیلیٹ کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کراچی پولیس آفس پر دہشتگرد حملے کے بعد متنازع ٹویٹ کیا تھا جس پر وزیر دفاؑ خواج آصف برس پڑے اور جوابی ٹویٹ کرکے کہا کہ یہ شخص ریاست کی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کا موازنہ پی ایس ایل سے کر رہا ہے۔

خواجہ آصف نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ کہنے کا مطلب ہے سیکیورٹی فورسز پر حملہ حلال اور پی ایس ایل پر حرام ہے۔ ہماری فوج اور پولیس کی جانوں کی کوئی حرمت نہیں؟

وزیر دفاع نے طنزیہ انداز میں نجم سیٹھی کے ٹویٹ کا یہ جملہ دہرایا کہ ’’اطمینان ہے پی ایس ایل محفوظ ہے‘‘ اور کہا کہ یہ ہے ہماری اشرافیہ جس کو صرف اپنا مفاد عزیز ہے۔ قومی سلامتی اور قیمتی جانوں کی کوئی قدر نہیں ہے۔

شدید تنقید کے بعد نجم سیٹھی نے اپنے اکاؤنٹ سے یہ متنازع ٹویٹ ڈیلیٹ کردیا ہے۔

 

عوام جابر حکومت کے خلاف احتجاجاً گرفتاریاں دیں گے، مسرت چیمہ

0

پی ٹی آئی رہنما مسرت چیمہ نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک سے پی ڈی ایم ٹولے کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں عوام جابر حکومت کے اقدامات کے خلاف احتجاجاً گرفتاریاں دیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک سے پی ڈی ایم ٹولے کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں عوام جابر حکومت کے اقدامات کے خلاف احتجاجاً گرفتاریاں دیں گے۔ ایک منصوبے کے تحت عدلیہ کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔

 

پی ٹی آئی رہنما نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ امپورٹڈ ٹولہ چاہتا ہے ایف آئی اے اور نیب کی طرح عدلیہ بھی ان کے تابع ہو جائے۔ امپورٹڈ ٹولے کو کامیاب کرانے کیلیے پی ٹی آئی کے ہاتھ پاؤں باندھنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ لیگی مفرور شخص کو ملک کیلیے ناگزیر قرار دے رہے ہیں، لیکن موصوف لندن چھوڑنے کو تیار نہیں

مسرت چیمہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں یہ بھی لکھا کہ ڈیفالٹ کی بات کرنیوالوں کو ملک دشمن کہا گیا۔ خواجہ آصف کے اعتراف پر کیا کہیں گے؟

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز ٹھیک کہتی ہیں ان کی حکومت نہیں، یہ چوروں اور لٹیروں کی حکومت ہے۔ قوم کو بتایا گیا کہ بغیر تنخواہ کام کرینگے اور ارسطو نے گاڑی مانگ لی۔

 

ویڈیو: افریقی یونین نے اپنے سالانہ اجلاس سے سینیئر اسرائیلی سفارتکار کو باہر نکال دیا

0

عدیس ابابا: افریقی یونین نے اپنے سالانہ اجلاس سے سینیئر اسرائیلی سفارتکار کو باہر نکال دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایتھوپیا میں جاری افریقی یونین کے سالانہ سمٹ کے دوران ہفتے کے روز وہاں موجود اسرائیل کی سینیئر سفارت کار شیرون بارلی کو اجلاس سے کک آؤٹ کر دیا گیا۔

ویڈیو میں افریقن سمٹ کے سیکیورٹی اہل کاروں کو اسرائیلی سفارت کار کو سمٹ کی افتتاحی تقریب سے باہر نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

افریقن سمٹ کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی سفارتکار ایتھوپیا کے لیے نامزد سفیر نہیں تھیں، انھیں اس لیے سمٹ سے نکالا گیا، تاہم اسرائیل نے اس پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق سالانہ اجلاس کی افتتاحی تقریب کے دوران سیکیورٹی گارڈز اسرائیلی وفد کے پاس آئے اور ان سے جانے کا مطالبہ کیا۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ اسرائیلی وزارت خارجہ کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل برائے افریقہ شیرون بار لی کی قیادت میں وفد کئی منٹ کی بات چیت کے بعد وہاں سے چلا گیا۔

اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا کہ جنوبی افریقہ اور الجزائر اس شدید سفارتی خلاف ورزی کے ذمہ دار ہیں، اسرائیل اس واقعے کو سنجیدگی سے دیکھتا ہے، شیرون بار لی کو رسائی کے بیجز کے ساتھ ایک تسلیم شدہ مبصر کی حیثیت کے باوجود افریقی یونین کے ہال سے نکالا گیا۔

روئٹرز کے مطابق افریقی یونین کے کمیشن کے چیئرمین کی ترجمان ایبا کالونڈو نے کہا کہ سفارت کار کو اس لیے نکالا گیا کیوں کہ وہ ایتھوپیا میں اسرائیلی سفیر نہیں تھیں، جس کی توقع کی جا رہی تھی۔ لیکن اسرائیل نے اس واقعے کا الزام 55 ممالک کے بلاک میں دو اہم ممالک جنوبی افریقہ اور الجزائر پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے یونین کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

اسرائیل کی وزارت خارجہ نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے سفارت خانے کے چارج ڈی افیئرز کو سرزنش کے لیے طلب کیا جائے گا۔ وزارت نے کہا کہ اسرائیل کے مبصر کی حیثیت کو منسوخ کرنے کی کوشش تنظیمی قوانین کے برخلاف ہے۔ تاہم جنوبی افریقہ نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یونین میں مبصر کی حیثیت کے لیے اسرائیل کی درخواست پر بلاک نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے بین الاقوامی تعلقات کے شعبہ میں پبلک ڈپلومیسی کے سربراہ کلیسن مونییلا نے روئٹرز کو بتایا کہ جب تک افریقی یونین اسرائیل کو مبصر کا درجہ دینے کے بارے میں فیصلہ نہیں کرتا، وہ ملک میں بیٹھ کر معاملات کا مشاہدہ نہیں کر سکتا، اس لیے یہ جنوبی افریقہ یا الجزائر کے بارے میں نہیں ہے، یہ اصول کا مسئلہ ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی حکمران جماعت تاریخی طور پر فلسطینی کاز کی زبردست حامی رہی ہے۔

ایک کیچ جس نے میچ کا نقشہ بدل کر رکھ دیا

0

کراچی کنگز گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈیئٹرز سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ ہار گئی ایک کیچ نے سارے میچ کا نقشہ بدل کر رکھ دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ گزشتہ روز کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ یہ میچ بھی دیگر میچوں کی طرح سنسنی خیز رہا۔ کراچی کنگز اس بار بھی فتح کے بالکل قریب آگئی لیکن کامیابی اپنے نام نہ کر سکی اور صرف ایک کیچ نے پورے میچ کا نقشہ ہی بدل ڈالا۔

کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ اننگ کی خاص بات مارٹن گپٹل کے 67 گیندوں پر جارحانہ 117 رنز کی اننگ تھی۔ کراچی کنگز کے شعیب ملک کی شاندار نصف سنچری کے باوجود ہدف سے 7 رنز پیچھے رہ گئی یوں کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے 6 رنزسے فتح اپنے نام کی۔ اگر اہم موقع پر شرجیل خان مارٹن گپٹل کا کیچ ڈراپ نہ کرتے تو میچ کا نتیجہ اس کے برعکس بھی ہوسکتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شعیب ملک کی نصف سنچری رائیگاں، کوئٹہ نے کراچی کو شکست دے دی

مارٹن گپٹل جب 61 کے انفرادی اسکور پر تھے جب کنگز کے شرجیل خان نے ان کا کیچ ڈراپ کر دیا۔ اس موقع سے گپٹل نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور پھر پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔ دھواں دھار انداز میں طوفانی سنچری داغ کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار نبھایا۔

شاید اسی لیے یہ مقولہ بہت مشہور ہے کہ ’’کیچ ون دی میچ‘‘

سندھ حکومت کا پشاور کے عوام کے لیے تحفہ

0

پشاور: سندھ حکومت نے پشاور چڑیا گھر کو 2 مگرمچھ تحفے میں دے دیے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے پشاور کے عوام کے لیے تحفہ بھیجا گیا ہے، جو مگرمچھوں کے ایک جوڑے کی صورت میں ہے۔

ترجمان وائلڈ لائف لطیف الرحمٰن نے بتایا کہ سندھ سے آئے مگرمچھ پشاور چڑیا گھر پہنچا دیے گئے ہیں، مگرمچھ کی جوڑی سندھ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے خیبر پختون خوا وائلڈ لائف کو گفٹ کی ہے۔

وائلڈ لائف کے ترجمان نے مزید بتایا کہ مگرمچھ جوڑے کو چڑیا گھر میں ان کے مخصوص کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے، نر اور مادہ مگرمچھ 4 سے 5 میٹر لمبے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پشاور چڑیا گھر میں بھی اب عوام کو مگر مچھ دیکھنے کو ملیں گے۔ چڑیا گھر میں مہمان مگرمچھوں کا پورا خیال رکھا جا رہا ہے۔

ریاض جانے والے ملزم سے جوتوں میں چھپائی گئی ہیروئن برآمد

0

کراچی: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے این ایف اور اے ایس ایف نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ریاض جانے والے ملزم سے جوتوں میں چھپائی گئی 820 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات ضبط کر لی اور متعدد افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے۔

اے این ایف کی ایک کارروائی میں لاہور ایئر پورٹ پر بھی ٹرالی بیگ سے 489 گرام ہیروئن برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد ترنول ٹول پلازہ اور موٹر وے ٹول پلازہ پر کارروائیوں میں 83 کلو کے قریب منشیات برآمد کی گئی، اور خاتون سمیت 5 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

اےاین ایف اور ایف سی نے خیبر پاک افغان سرحد پر کارروائی میں 29 کلو چرس برآمد کی، کراچی سپر ہائی وے پر خاتون سے ایک کلو کرسٹل ہیروئن اور 900 گرام آئس برآمد کی گئی۔

گوادر کے قریب درختوں میں چھپائی گئی 185 کلو منشیات برآمد کی گئی، چمن میں کارروائی کرتے ہوئے 586.8 لیٹر ممنوعہ کیمیکل برآمد کی گئی، کوئٹہ شہر ہزار گنجی میں ایک کار سے 105 کلو چرس برآمد ہوئی، جب کہ تربت میں کارروائی کے دوران خالی مکان سے 490 کلو چرس برآمد ہوئی۔

ادھر جامشورو میں لونی کوٹ پولیس کی ایم نائن موٹر وے پر کارروائی کے دوران وین سے 50 کلو چرس برآمد ہوئی، پولیس نے رتوڈیرو کے رہائشی وین ڈرائیور محمد ابراہیم بروہی کو گرفتار کر لیا، ملزم کے دیگر ساتھوں کی تلاش کے لیے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

پی ایس ایل 8، آج دو بڑے میچز کھیلے جائیں گے

0

پاکستان سپر لیگ 8 میں آج دو اہم میچز کھیلے جائیں گے روایتی حریفوں کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرا ہوگا دوسرے میچ میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹیڈ مدمقابل ہوں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ 8 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ آج ایونٹ میں دو اہم میچز کھیلے جائیں گے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شام 7 بجے روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرا ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے فینز اپنی اپنی ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں۔

کراچی کنگز ایونٹ میں اب تک تین میچز کھیل چکی ہے تاہم فتح کے انتہائی قریب آکر ناکام رہی ہے۔ لاہور قلندرز نے ایک میچ کراچی کنگز کے خلاف کھیلا ہے جو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے اپنے نام کیا تھا۔

کراچی والوں نے اپنی شہر کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر دیا ہے وہ کہتے ہیں کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ جو دن گزر گیا وہ گزر گیا آج جیت انشااللہ جیت کراچی کی ہوگی۔

کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے ہائی وولٹیج میچ سے قبل ملتان سلطانز اپنے ہوم گراؤنڈ پر اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عماد وسیم نے گلیڈی ایٹرز سے شکست کے بعد کیا کہا؟

ملتان سلطانز نے ایونٹ میں اب تک تین میچز کھیلے ہیں۔ دو جیتے ایک میں ناکام رہنے کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹ ٹیبل پر سرفہرست ہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک میچ کھیل کر فتح حاصل کر رکھی ہے۔

کراچی پولیس آفس پر حملے کا مقدمہ درج

0

کراچی پولیس آفس پر جمعے کی شام ہونے والے حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے جس میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 ہلاک سمیت 5 دہشتگردوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے آصف خان کے مطابق کراچی پولیس آفس پر جمعے کی شام ہونے والے حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔ تھانہ صدر کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج مقدمے میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 ہلاک سمیت 5 دہشتگردوں کو نامزد کیا گیا ہے اور اس میں قتل، اقدام قتل، دہشتگردی سمیت سنگین نوعیت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مدعی نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا ہے کہ شام 7 بج کر 15 منٹ پر وائرلیس کے ذریعے حملے کی اطلاع ملی۔ 7 بج کر 20 منٹ پر جائے وقوعہ پر پہنچا اور نفری طلب کی۔ ڈی آئی جی جنوبی عرفان بلوچ کی سربراہی میں آپریشن ترتیب دیا گیا۔

مقدمے کی درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق حملےمیں 3 دہشت گرد ملوث تھے۔ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد نے تیسری منزل پر خود کو دھماکے سے اڑایا۔ دوسرا دہشت گرد چوتھی منزل اور تیسرا چھت پر مارا گیا۔ جوابی کارروائی میں ہلاک 2 دہشت گردوں نے خود کش جیکٹ پہنی ہوئی تھی۔ تیسرے دہشت گرد کے اعضا ملے۔

حملے میں رینجرز اور پولیس کے 4 افراد شہید جب کہ 18 افراد زخمی ہوئے۔ حملے کی ذمے داری کالعدم ٹی ٹی پی نے سوشل میڈیا کے ذریعے قبول کی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ 3 دہشت گرد گاڑی میں سوار ہوکر صدر پولیس لائنز پہنچے تھے جب کہ کار سوار حملہ آوروں کے ساتھ مزید 2 دہشتگرد موٹر سائیکل پر آئے تھے۔ موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے کراچی پولیس آفس کی نشاندہی کی جس کے بعد وہ دونوں دہشتگرد تینوں حملہ آوروں سے گلے مل کر فرار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی پولیس آفس حملہ: آپریشن مکمل، تمام دہشت گرد جہنم واصل

دہشتگرد فیملی کوارٹر کی عقبی دیوار پر لگے تار کو کاٹ کر داخل ہوئے۔ ہلاک دہشتگردوں سے 5 دستی بم اور دو خودکش جیکٹس برآمد ہوئی ہیں۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ صدر پولیس لائنز کے قریب کھڑی گاڑی کو تحویل میں لیے لیا گیا ہے۔

شرجیل میمن کا شیخ رشید کے بیان پر شدید رد عمل

0
کچھ سیاسی جماعتیں الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کر رہی ہیں، شرجیل میمن

کراچی : وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے شیخ رشید کے بیان پر رد عمل میں کہا ہے کہ آصف زرداری پر الزامات لگا کر شیخ رشید سیاسی منظر نامے میں زندہ رہنا چاہتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بدلے کی سیاست اور انتقام میں یقین نہیں رکھتے، انہوں نے تو ان لوگوں کو بھی معاف کردیا ہے جنہوں نے انہیں بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی سب سے زیادہ انتہا پسندی کا نشانہ بنتی رہی ہے، آصف زرداری انتہا پسندوں کو عمران خان کیخلاف استعمال کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شیخ رشید کے پاس اگر ٹھوس ثبوت ہیں تو وہ عدالت میں پیش کریں، ٹی وی پرآکر بڑھکیں مارنا شیخ رشید کا وتیرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید ہر15دن کے بعد آریا پار کی نئی تاریخیں دیتے رہتے ہیں،وہ چار راتیں لاک اپ میں نہیں گزارسکے، معافی تلافی کرکے باہر آگئے۔

پی پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا شکار کرکے شیخ رشید پونے4سال اہم وزارتوں کے مزے لوٹتارہا، اور اب پرتول رہا ہے، آئندہ انتخابات سے قبل نئے شکار کی تلاش میں ہے۔

کے پی او حملہ : حملے کے وقت 100سے زائد نمبر مشکوک قرار

0

کراچی : گزشتہ روز کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ کے دوران سو سے زائد نمبروں کو مشکوک قرار دے دیا۔

اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس آفس کے اطراف کی جیو فینسنگ جاری ہے، جیو فینسنگ میں حملے کے وقت 100سے زائد نمبرز مشکوک قرار دیئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ نمبروں کے کوائف اور دیگر ضروری معلومات حاصل کی جارہی ہیں،10سے12نمبرز حملے کے بعد سے بند ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان نمبروں سے بیرون شہر کا بھی کال ڈیٹا ملا ہے، اس کے علاوہ دہشت گردوں کے زیراستعمال گاڑی کی مزید تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔

دفتر پر حملہ آور دہشت گرد جس گاڑی میں سوار تھے وہ 5مرتبہ فروخت ہوئی،گاڑی کے گزشتہ 5مالکان سے تحقیقاتی حکام نے رابطہ کرلیا ہے، ملیر میں واقع کارشوروم کا مالک اس وقت پنجاب میں موجود ہے۔

مزید پڑھیں : کے پی اوحملہ : ڈی آئی جی ساؤتھ کا اہم انکشاف

یاد رہے کہ گزشتہ روز شاہراہ فیصل ایف ٹی سی پُل کے قریب کراچی پولیس آفس میں تین دہشتگرد داخل ہوئے تھے جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے ان سے تقریباً 3 گھنٹے مقابلہ کیا تھا۔ دو دہشتگرد فائرنگ میں ہلاک ہوگئے جبکہ آخری دہشتگرد نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا تھا۔

کے پی او پر حملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی۔ ہلاک دہشتگردوں کا موبائل فون برآمد ہوا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے ملنے والی شر پسندوں کی کلاشکوف پر درج نمبر مٹا ہوا ہے۔ موبائل فون اور اسلحہ کو فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا۔