اتوار, ستمبر 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 6311

کراچی پولیس ہیڈ آفس میں دہشت گردوں سے مقابلہ کس طرح ہوا؟

0

کراچی پولیس ہیڈ آفس میں دہشتگردوں سے مقابلہ کس طرح ہوا اسپتال میں زیر علاج رینجرز کے زخمی اہلکاروں نے بتا دیا۔

کراچی پولیس ہیڈ آفس پر جمعے کی شام دہشتگردوں کے حملے میں زخمی رینجرز کے اہلکاروں نے اے آر وائی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کے پی او میں دہشتگردوں سے مقابلے کا پورا احوال بیان کر دیا۔

زخمی رینجرز اہلکار نے بتایا کہ ہمیں کراچی پولیس ہیڈ آفس پر دہشتگردوں کے حملے کی اطلاع ہمیں ہیڈ کوارٹر سے ملی۔ ساری فورس تیار تھی، فوری طور پر کراچی پولیس چیف کے دفتر پہنچے اور دیگر فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر دہشتگردوں سے مقابلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی پولیس آفس پر حملے کا مقدمہ درج

اہلکار کے مطابق چوتھے فلور پر دہشتگرد کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا۔ ہماری گولیاں بھی دہشتگرد کو لگیں۔ آخری وقت میں خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا۔ ہم نے بلٹ پروف جیکٹ پہن رکھی تھی جس کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔

تحقیقاتی اداروں نے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد سے مزید تفصیلات حاصل کر لیں

0

کراچی: پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کے سلسلے میں تحقیقاتی اداروں نے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد سے مزید تفصیلات حاصل کر لی ہیں۔

تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور 7 بجکر 8 منٹ پر کے پی او میں داخل ہوئے، حملہ آوروں نے مسجد اور کے پی او کے درمیان دروازے پر کھڑے کانسٹیبل پر فائرنگ کی۔

حملہ آوروں نے کے پی او میں داخل ہوتے ہی دستی بم پھینکا، حملہ آوروں کا دوسرا نشانہ امجد مسیح بنا۔

دہشت گرد کس راستے سے داخل ہوئے، اے آر وائی نیوز نے تصویر اور ویڈیو حاصل کر لی

تحقیقاتی حکام کے مطابق حملہ آور 7 بجکر 15 منٹ پر کے پی او کی پہلی منزل پر پہنچ چکے تھے، حملہ آوروں نے پہلی منزل پر پہنچ کر گرنیڈ پھینکا جو دیوار سے لگ کر گراؤنڈ فلور پر پھٹ گیا۔

20 سے 25 منٹ میں حملہ آور کے پی او کی دوسری منزل پر پہنچ چکے تھے، پہلی اور دوسری منزل پر حملہ آور خالی کمروں پر گولیاں برساتے رہے، اس دوران سیکیورٹی اسٹاف نے حملہ آوروں کو روکنے کے لیے فائرنگ کی۔

ایک دھماکے کے نتیجے میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اچانک بند ہو گئی، دو حملہ آور چھت پر موجود رہے، خود کش دھماکے میں ہلاک دہشت گرد ڈیڑھ گھنٹے تک لڑتا رہا۔

دوسری طرف پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز فائنل سرچنگ مکمل کر لی گئی ہے، پولیس افسران کی ہدایت پر گزشتہ روز 18 فروری کو دوبارہ سرچنگ کی گئی، جس میں مزید 12 اشیا محفوظ کی گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق سرچنگ میں ملنے والی اشیا میں دستی بم، پلاسٹک باکس، 2 مزید پستول، نائن ایم ایم کی نئی گولیوں کا پیکٹ، ایک خنجر، کیمرہ، اسمارٹ فون، 2 گھڑیاں، ایک مردانہ پرس، استعمال شدہ سمیت 210 گولیاں، دستی بم کے ٹکڑے، خودکش جیکٹ کا جلا ہوا کپڑا، بیگ، یو ایس بی، پستول ہولڈر شامل ہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے سامان محفوظ کر کے صدر پولیس کے حوالے کر دیا۔

صدرعلوی کل الیکشن کی تاریخ دیں یا پھر استعفیٰ، شیخ رشید

0

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کل الیکشن کی تاریخ دیں یا پھر استعفیٰ دے دیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر دفاع شیخ رشید احمد نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اگلے 60 دن کو انتہائی اہم قرار دے دیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن نے عزت نہیں کمائی۔ آئینی طور پر صدر مملکت الیکشن کی تاریخ دے سکتے یہں۔ وہ کل الیکشن کی تاریخ دیں یا پھر استعفیٰ دے دیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ خواجہ آصف کی رگوں میں ابھی خواجہ صفدر کا خون دوڑ رہا ہے۔ کل انہوں نے اعتراف کر لیا کہ ملک ڈیفالٹ ہو چکا ہے۔ تمام لوگوں کو بیٹھنا چاہیے اور الیکشن کی تاریخ دینی چاہیے۔ عمران خان کو گرفتار یا نااہل کرنے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔

سابق وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کہا ہے یہ میری حکومت نہیں ہے تو پھر جرات کرو اور بتاؤ کہ کس کی حکومت ہے۔ مریم نواز کا تو اپنا شوہر اس کے بیانیے کے ساتھ نہیں ہے۔ میں نے صفدر کا تازہ بیان پڑھا لگتا ہے اسے سمجھ آگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہے گا تو 22 تاریخ کو سب سے پہلی گرفتاری میں دوں گا۔ جیل میری سسرال، ہتھکڑی زیور اور موت میری محبوبہ ہے۔ یاد رکھنا ایک نیا شیخ رشید پیدا ہو گیا ہے۔ مجھے لسبیلہ، کراچی، حب، پشاور جہاں چاہو لے جاؤ تمہاری سیاست کو نیست ونابود کردوں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ یہ مجھے کراچی لے جانا چاہتے ہیں تو یاد رکھیں کہ میں ارشد شریف نہیں ہوں۔ جس دن یہ مجھے گرفتار کرکے کراچی لے گئے اس دن برنس روڈ کا نقشہ کچھ اور ہوگا۔ میں نے پہلے ہی ایف آئی آر لکھوائی ہوئی ہے کہ مجھے کچھ ہوا تو زرداری، رانا ثنا اللہ، بلاول، شہباز شریف اور نواز شریف ذمے دار ہوں گے۔

سینیئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ خبر دے رہا ہوں صوبوں اور مرکز کے اکٹھے الیکشن ہوں گے۔ پاکستان کو اللہ کے بعد سپریم کورٹ بچا سکتی ہے۔ میرے ساتے 17 دنوں میں جو کچھ ہوا معاف کرتا ہوں کیونکہ جہاں میرے ہاتھ پاؤں باندھے گئے وہ میرے اپنے ادارے تھے۔

شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ بلاول دنیا کے ان ممالک میں جاتا ہے جو نقشے میں بھی نظر نہیں آتے۔ جہاں اس کا شدت سے انتظار ہو رہا ہے، وہاں نہیں جاتا۔ دنیا میں واحد ملک افغانستان ہے جہاں بلاول بھٹو کی ضرورت ہے۔

پاکستانی معیشت کی بگڑتی صورتحال پر عالمی میڈیا میں بھی شدید تشویش ہے: فواد چوہدری

0

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت کی بگڑتی صورتحال پر عالمی میڈیا میں شدید تشویش ہے، طاقتور حلقوں نے پاکستانی معیشت مسخروں کے حوالے کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستانی معیشت کی بگڑتی صورتحال پر عالمی میڈیا میں شدید تشویش ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ معیشت کو بچانے کے بجائے عمران خان کو سیاسی نقصان پہنچانے کی سوچ جاری ہے، طاقتور حلقوں نے پاکستانی معیشت مسخروں کے حوالے کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی گفتگو پر اب ہنسی کے بجائے رونا آتا ہے، موجودہ حکومت میں جو جتنا بڑا جوکر ہے اسے اتنا ہی بڑا عہدہ حاصل ہے۔

ایک اور نایاب چیتا زخمی حالت میں شاہراہ کاغان پر آ گیا

0

مانسہرہ: بالاکوٹ کیوائی کے مقام پر ایک اور نایاب چیتا زخمی حالت میں شاہراہ کاغان پر آ گیا۔

تفصیلات کے مطابق شاہراہ کاغان کیوائی کے مقام پر ایک زخمی چیتے کو دیکھا گیا، جسے محکمہ جنگلی حیات کے اہل کاروں نے ریسکیو کر لیا۔

ایس ڈی ایف او وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ چیتے کی کمر پر چوٹیں آئی ہیں، چیتے کو ڈھوڈیال فیزنٹری سنٹر منتقل کر کے معائنہ کیا جائے گا، چیتا عینی شاہدین کے مطابق گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوا ہے۔

اہل کاروں ںے زخمی چیتے کو سڑک کے کنارے رسیوں کی مدد سے قابو کیا اور لے گئے، جس کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

زخمی چیتے کو سڑک پر دیکھ کر شہریوں نے اس کی ویڈیوز بھی بنائیں جو سوشل میڈیا پر شیئر ہو رہی ہیں، جن میں چیتے کو سڑک پر پڑے دیکھا جا سکتا ہے، اور پاس ہی لوگ اس کی ویڈیو بنا رہے ہیں۔

لکی مروت: کراچی پولیس آفس حملے میں شامل دہشت گرد کے گھر پر چھاپہ

0

پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر لکی مروت میں، کراچی پولیس آفس حملے کے دہشت گرد کفایت اللہ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، چھاپے کے دوران کفایت اللہ کے گھر والوں سے تفتیش کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں کراچی پولیس آفس حملے کے دہشت گرد کفایت اللہ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔

چھاپہ تھانہ صدر لکی مروت کی حدود گاؤں وانڈہ امیر میں مارا گیا، چھاپے کے دوران شدت پسند کفایت اللہ کے گھر والوں سے تفتیش کی گئی۔

ڈی پی او کے مطابق کفایت اللہ گھر سے 3 ماہ قبل فرار ہو گیا تھا، گھر والوں کو علم نہیں تھا کہ کفایت اللہ کہاں چلا گیا، کراچی پولیس دفتر پر حملے کے بعد خاندان والوں کو پتہ چلا کہ کفایت اللہ پاکستان میں ہی تھا۔

خیال رہے کہ جمعہ 17 فروری کی شب کراچی میں پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز کے بروقت آپریشن میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آپریشن میں 2 پولیس اہلکار اور ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک خاکروب جان کی بازی ہار گیا جبکہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں میں شامل خودکش بمبارکی شناخت زالا نور کے نام سے ہوئی جس کا تعلق وزیرستان سے تھا، دوسرا دہشت گرد لکی مروت کا رہائشی کفایت اللہ اور تیسرا دہشت گرد شمالی وزیرستان کا رہائشی مجید بلوچ تھا۔

دی گارڈین نے سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کر دیا

0

نئی دہلی: دی گارڈین نے سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کر دیا، مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارت نے بُچر پیپرز کو منظرِ عام پر لانے سے روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے اپنائے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی میڈیا بھی بھارت کی کشمیریوں سے کی گئی وعدہ خلافی پر بول پڑا ہے، مودی سرکار نے کشمیر پر ایک اور وار کرتے ہوئے بھارتی آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا۔

برطانوی اخبار دی گارڈین نے رپورٹ کیا ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ الحاق اور خود مختار ریاست کا معاہدہ کر کے وعدے کی خلاف ورزی کی گئی، دوسری طرف مودی سرکار نے کشمیریوں کے ساتھ کی گئی وعدہ خلافی کو منظر عام پر آنے سے روکنے کی کوششیں کیں۔

کشمیر سے متعلق بُچر پیپرز جواہر لال نہرو اور جنرل روئے بُچر کے درمیان کشمیر اور سیز فائر پر خط و کتابت پر مشتمل ہیں، دی گارڈین کے مطابق جنرل روئے بُچر نے نہرو کو مسئلہ کشمیر یو این لے جانے کا مشورہ دیا تھا، بھارت مسئلہ کشمیر کو پُر امن تصفیے کے لیے خود یو این لے گیا مگر وقت کے ساتھ غاصبانہ انضمام کیا گیا۔

پیپرز کے مطابق 1952 میں نہرو نے بھارتی لوک سبھا میں بیان دیا کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری خود کریں گے، اور کشمیریوں پر بندوق کی نوک پر اپنی مرضی مسلط نہیں کریں گے۔

اکتوبر 2022 میں نہرو میوزیم کے چیئر پرسن نے بُچر پیپرز کو تحقیقاتی مقاصد کے لیے پبلک کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ بُچر پیپرز کو پبلک کرنے سے بھارت کو سیاسی اور خارجی مضمرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت عمومی طور پر 25 سال بعد سرکاری خط و کتابت اور دستاویزات کو ڈی کلاسیفائی کر دیتا ہے، ماضی میں بھی کئی بار صحافتی تنظیموں اور کارکنوں نے بُچر پیپرز کو پبلک کرنے کی کاوشیں کیں، دہلی کے نہرو میوزیم میں موجود بُچر پیپرز مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید کرتے ہیں۔

دی گارڈین کی رپورٹ کے بعد سوال اٹھتے ہیں کہ کیا مودی سرکار نے آرٹیکل 370 کی معطلی سے بھارت کے کشمیریوں سے سابقہ وعدوں کی خلاف ورزی کی؟ کیا بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں سے اُن کا حقِ خود ارادیت چھیننا چاہتا ہے؟ آخر عالمی میڈیا، اقوام عالم کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر کب تک خاموش رہیں گے۔

سرفراز کی تگڑی اپیل، امپائر اپنی انگلی اور شعیب ملک ہنسی پر قابو نہ رکھ سکے

0

کراچی کنگز کے خلاف میچ میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اتنی تگڑی اپیل کی کہ امپائر اپنی انگلی اور شعیب ملک اپنی ہنسی پر قابو نہ رکھ سکے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ گزشتہ روز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے درمیان ایک اور سنسنی خیز میچ کھیلا گیا جو 6 رنز سے کوئٹہ نے اپنے نام کرلیا۔ اس میچ کے دوران انتہائی دلچسپ واقعہ پیش آیا۔

کوئٹہ گلیڈیئٹرز کی جانب سے دیے گئے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ جاری تھی اور سینیئر آل راؤنڈر شعیب ملک کریز پر موجود تھے۔ میچ سنسنی خیز تھا اور کنگز بھرپور تعاقب کر رہا تھا۔ ایسے میں کوئٹہ کے بالر قیس احمد کی بال پر شعیب ملک کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل ہوئی۔

صاف لگ رہا تھا کہ شعیب ملک آؤٹ نہیں ہیں لیکن میچ کے اس نازک مرحلے پر مخالف کپتان سرفراز احمد نے ایسی تگڑی اپیل کی کہ امپائر اپنی انگلی پر قابو نہ رکھ سکے اور انگلی اٹھانے پر مجبور ہوگئے تاہم اس اپیل پر مخالف سمت موجود بلے باز شعیب ملک بھی اپنی ہنسی پر قابو نہ پاسکے اور وہ سرفراز کی اپیل پر امپائر کا فیصلہ دیکھ کر بے ساختہ ہنس پڑے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک کیچ جس نے میچ کا نقشہ بدل کر رکھ دیا

بعد ازاں انہوں نے اس فیصلے کے خلاف ریویو لیا جس میں وہ ناٹ آؤٹ تھے یو امپائر کو اپنا فیصلہ بدلنا پڑ گیا۔

سعودی خاتون سے شادی، غیر ملکی شہری کو کیا شرائط پوری کرنی ہوں گی؟

0

ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ کوئی غیر ملکی شخص کسی سعودی خاتون سے شادی کرنا چاہتا ہے تو اسے 3 شرائط پوری کرنی ہوں گی۔

اردو نیوز کے مطابق ماہر قانون اور خانگی امور کے مشیر ڈاکٹر نائف الظفیری کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سے سعودی خاتون کی شادی کی شرائط کا مقصد خاتون کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

ماہر قانون کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سے سعودی خاتون کے لیے مقررہ شرائط میں اہم ترین شرط یہ ہے کہ خاتون کی عمر 25 برس سے کم نہ ہو، سعودی خاتون کے ساتھ غیر ملکی کی شادی کے لیے دوسری شرط ہے کہ مرد اور خاتون کی عمروں میں فرق 15 برس سے زیادہ نہ ہو۔

شادی کے لیے امیدوار مرد مملکت میں مقیم ہو اور اس کا ذریعہ معاش اچھا ہو تاکہ اپنی اہلیہ کی بہتر طور پر کفالت کر سکے۔

ماہر قانون کا مزید کہنا تھا کہ شادی کی اجازت یعنی این او سی کے لیے متعلقہ ادارے سے رجوع کیا جاتا ہے، جہاں شادی کے خواہش مندوں کی درخواست مقررہ شرائط کے مطابق جانچنے کے بعد اجازت دے دی جاتی ہے۔

دہشت گرد کس راستے سے داخل ہوئے، اے آر وائی نیوز نے تصویر اور ویڈیو حاصل کر لی

0

کراچی: کراچی پولیس آفس میں دہشت گرد جس راستے سے اندر داخل ہوئے تھے، اے آر وائی نیوز نے اس مقام کی تصویر اور ویڈیو حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق کے پی او پر دہشت گردوں کے حملے کے حوالے سے اے آر وائی نیوز نے وہ ویڈیو اور تصویر حاصل کر لی ہے جس میں اس مقام کی نشان دہی کی گئی ہے جہاں سے دہشت گرد اندر داخل ہوئے تھے۔

خاردار تار کاٹنے کے بعد دہشت گرد سامنے موجود اس کھڑکی سے داخل ہوئے جس میں شیشہ نہیں تھا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کھڑی کا شیشہ کافی عرصے سے ٹوٹا ہوا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کو یقینی طور پر اس ٹوٹے ہوئے شیشے کی خبر تھی، سہولت کاروں نے انھیں باقاعدہ طور پر نقشہ بنا کر دیا تھا، جس کے باعث وہ اتنی آسانی سے اندر داخل ہو سکے۔

پولیس رپورٹس کے مطابق حملے کے وقت 3 دہشت گرد کار میں، جب کہ 2 دہشت گرد موٹر سائیکل پر کراچی پولیس آفس پہنچے تھے۔

ہدف پر پہنچنے کے بعد موٹر سائیکل سوار سہولت کار کار سے اترنے والے دہشت گردوں سے ملے، اور انھیں کراچی پولیس آفس کی جانب نشان دہی کی، الگ ہونے سے پہلے موٹر سائیکل سوار اور کار سوار دہشت گرد آپس میں گلے ملے تھے۔

اس کے بعد سہولت کار موٹر سائیکل سوار تو دوسری جانب فرار ہو گئے، تاہم کار سوار دہشت گرد پولیس لائن فیملی کوارٹر کی جانب کار کھڑی کر کے آئے، اور پھر انھوں نے کراچی پولیس آفس کی دیوار پر لگی خاردار تار کو کاٹ لیا۔

تار کاٹنے کے بعد ایک دوسرے کی مدد سے تینوں دہشت گرد اندر داخل ہوئے تھے، اب تفتیشی حکام نے اس مقام پر خاردار تار کی جگہ ڈو ناٹ کراس کی پٹی لگا دی ہے، جسے تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے۔