ہوم بلاگ صفحہ 6799

رواں برس ہونے والی مردم شماری مؤخر

0

اسلام آباد: رواں برس اگست میں ہونے والی مردم شماری مؤخر کردی گئی، مردم شماری اب اگست کے بجائے دسمبر کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں ساتویں مردم شماری کا عمل 4 ماہ کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے، تکنیکی آلات کی خریداری میں تاخیر سے مردم شماری التوا کا شکار ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے 1 لاکھ 20 ہزار ٹیبلٹس ابھی خریدے جانے ہیں، ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کے سافٹ ویئر ٹیسٹنگ کا پائلٹ پراجیکٹ بھی شروع ہوچکا ہے۔

سافٹ ویئر ٹیسٹنگ کے لیے چند شہروں میں پائلٹ خانہ و مردم شماری کی جارہی ہے جس کی رپورٹ ادارہ شماریات جلد مرتب کرے گا۔

ذرائع کے مطابق مردم شماری اب اگست کے بجائے دسمبر کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دسمبر میں مردم شماری ہونے کے بعد اس کے نتائج مارچ تک الیکشن کمیشن کو جمع کروائے جائیں گے، اگست میں ہونے کی صورت میں نتائج دسمبر میں جمع کروائے جانے تھے۔

بڑی خبر : پاکستان آئی ایم ایف سے 1 ارب 17 کروڑ ڈالر حاصل کرنے کے قریب پہنچ گیا

0

اسلام آباد : پاکستان آئی ایم ایف سے 1 ارب 17 کروڑ ڈالر حاصل کرنے کے قریب پہنچ گیا، آئی ایم ایف نے ایل اوآئی پر دستخط کرکے پاکستان بھجوادیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان معاہدے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، آئی ایم ایف پاکستان کے لیٹر آف انٹنٹ پر راضی ہوگیا۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف ایل اوآئی کے نکات پر متفق ہوگیا اور ایل اوآئی پر دستخط کرکے پاکستان بھجوادیا، پاکستان آج دستخط کرکے ایل او آئی واپس آئی ایم ایف کو بھجوائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان اورآئی ایم ایف کےدرمیان ایل اوآئی گزشتہ ماہ تیارہواتھا پاکستان ایل اوآئی کے تمام نکات پر آئی ایم ایف کوایکشن پلان پر مطمئن کر چکا ہے۔

یاد رہے 2 اگست کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کی بحالی کے لیے پاکستان کی جانب سے تمام اہداف پورے کرنے تصدیق کی تھی۔

اسلام آباد میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی نمائندہ ایستھر پیریز نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے تمام اہداف پورے کیے اور 31جولائی کو پیٹرولیم لیوی بڑھا کرآخری ایکشن بھی کردیا۔

ایسٹر پریزکا کہنا تھا کہ اب ساتوں اور آٹھویں جائزہ کے مشترکہ ایکشن پورے ہوگئے، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اگست کے آخری ہفتے میں ہوگا۔

آئی ایم ایف کی نمائندہ نے امید ظاہر کی تھی کہ پاکستان بورڈ کے اجلاس تک فنڈنگ ​​کے فرق کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرے گا۔

خیال رہے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان معاہدہ طے پا گیا تھا ، جس کے تحت آئی ایم ایف نے پاکستان کو ایک ارب 17کروڑ ڈالر فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ائی ایف ایف کے تحت 7ویں،8ویں مشترکہ ریویو کے معاملات طے پا گئے، توسیعی پروگرام کے تحت 4ارب 20کروڑ ڈالر مزید فراہم کیے جائیں گے۔

بیکری میں ڈکیتی، ڈاکو نے کسی خاص مزاحمت کے بغیر گولی چلا دی (ویڈیو)

0

کراچی: شہر قائد میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ واردات کے دوران بنا کسی خاص مزاحمت کے بھی گولی چلانے لگے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے منظور کالونی میں ایک بیکری میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکو نے ملازم کو ڈرانے کے لیے اس کے پیروں کے پاس بے خطر گولی داغ دی۔

منظور کالونی کی ڈیسنٹ بیکری میں لوٹ مار کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، جس میں ڈاکو کو گولی چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ واردات گزشتہ روز ہوئی تھی، جس میں ڈاکو 70 ہزار سے زائد نقدی اور 4 موبائل فون لوٹ کر لے گئے تھے، فوٹیج میں 3 ڈاکوؤں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

کیش کاؤنٹر کی طرف آنے والے ڈاکو نے معمولی مزاحمت پر ملازم پر گولی چلا دی تھی، تاہم ملازم خوش قسمتی سے گولی لگنے سے محفوظ رہا۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ڈاکو لوٹ مار کرتا رہا، دیگر دو نگرانی کرتے رہے، لوٹ مار کرنے والے نے کیش کاؤنٹر سے نقدی اور ملازمین سے موبائل فون چھینے۔

رپورٹ کے مطابق واردات کے بعد تینوں ڈاکو بہ آسانی فرار ہو گئے تھے۔

22 سال بعد 20 روپے کے مقدمے کا فیصلہ

0

نئی دہلی: بھارت کی ایک مقامی عدالت میں 20 روپے کا مقدمہ 22 سال تک چلنے کے بعد بالآخر درخواست گزر کو فتح حاصل ہوئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وکیل تنگناتھ چترویدی نے ریلوے کے خلاف 22 سال قبل کیا گیا مقدمہ جیت لیا، انہوں نے 1999 میں ریلوے کے خلاف درخواست دائر کی تھی کہ ان سے کرائے کی مد میں ٹکٹ کے 20 روپے اضافی وصول کیے گئے۔

وکیل کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں متھرا ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا تھا، مقدمے میں 22 سال کے دوران 100 سے زیادہ پیشیاں بھگتنے کے بعد میرے حق میں فیصلہ آیا ہے۔

تنگناتھ چترویدی نے اس 22 سالہ جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس توانائی اور وقت کی کوئی قیمت نہیں جو میں نے یہ کیس لڑنے میں صرف کی، یہ معاوضہ آج کے دور میں نہایت معمولی ہے لیکن یہ پیسے کی بات نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف لڑائی تھی۔

خیال رہے کہ مقامی کنزیومر عدالت نے چترویدی کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے بھارتی ریلوے کو حکم دیا ہے کہ ان سے زائد لیے گئے 20 روپے سود سمیت واپس کیے جائیں۔

وکیل نے سنہ 1999 میں متھرا سے مراد آباد تک کے سفر کے دوران 2 ٹکٹ خریدے تھے جن کی قیمت 70 روپے بنتی تھی۔

تاہم جب انہوں نے بکنگ کلرک کو 100 روپے تھمائے تو اس نے 70 کے بجائے 90 روپے کاٹ کر صرف 10 روپے انہیں واپس کیے اور ان کے کہنے کے باوجود بقایا رقم واپس نہیں کی تھی۔

معروف مسلمان کامیڈین کو ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کی کھلے عام دھمکیاں

0

معروف بھارتی کامیڈین منور فاروقی کے خلاف ہندو انتہا پسند ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئے، حکومتی پارٹی بی جے پی کے ایک رکن نے اعلان کیا ہے کہ منور فاروقی کا شو منعقد کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ اس جگہ کو نذر آتش کردیں گے اور کامیڈین کو تشدد کا نشانہ بھی بنائیں گے۔

منور فاروقی نے گزشتہ برس سے اپنے متنازعہ لطیفوں سے ہندو انتہا پسندوں کا جینا حرام کر رکھا ہے، انتہا پسندوں کا دعویٰ ہے کہ منور ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتے ہیں جبکہ وہ حکومت پر بھی تنقید کرتے ہیں اور حساس معاملات کو اپنے لطیفوں کو موضوع بناتے ہیں۔

گزشتہ برس سے اب تک منور کے 12 شوز منسوخ کیے جاچکے ہیں جن کا سبب ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیاں تھیں۔

اب حال ہی میں ان کا ایک شو حیدر آباد میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس پر ایک بار پھر انتہا پسند متحرک ہوگئے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ اگر منور فاروقی کا شو ہوا تو وہ پروگرام کے مقام کو نذر آتش کر دیں گے اور منور کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جائے گا۔

راجہ سنگھ کا کہنا ہے کہ کامیڈین منور فاروقی نے ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑایا تھا اور اب انہوں نے دوبارہ ایسی کوشش کی تو ہم انہیں سبق سکھائیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا ہے کہ جس جگہ بھی منور کو شو کے لیے مدعو کیا جائے گا وہ اس جگہ کو آگ لگا دیں گے۔

راجہ سنگھ نے تلنگانہ کے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو خط بھی لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا ہے کہ منور کو شو کرنے کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ اس سے لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوں گے اور امن و امان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں غیر ملکی قرار دیا گیا ایک اور پاکستانی سامنےآگیا

0

مردان : پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں غیر ملکی قرار دیا گیا ایک اور پاکستانی سامنے آگیا، خادم نبی کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری ہوں، تصدیق کئے بغیر میرے عطیے کو فارن فنڈنگ قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں غیر ملکی قرار دیا گیا ایک اور پاکستانی سامنے آگیا۔

خادم نبی نے مردان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستانی شہری ہوں، میری کمپنی نیکسٹ پوائنٹ شارجہ میں میرے نام رجسٹرڈ ہے، پی ٹی آئی کو فنڈنگ ذاتی اکاؤنٹ سے کی۔

خادم نبی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے تصدیق کئے بغیر میرےعطیے کو فارن فنڈنگ قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیں : تحریک انصاف کو ڈونیشن دینے والی ایک اور اوورسیز پاکستانی کا الیکشن کمیشن کے نام پیغام

یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں تحریک انصاف کو ڈونیشن دینے والی اوورسیز پاکستانی مہوش علی نے الیکشن کمیشن کے نام ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان کو چھوڑنے کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستانی نہیں ہوں، پندرہ سال سے کینیڈا میں ہوں۔

مہوش علی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو ایسے فیصلے دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

خیال رہے الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے فیصلے میں سنگین غلطیاں سامنے آئی تھیں ، الیکشن کمیشن نے فیصلے میں پاکستانی کمپنی کی فنڈنگ کو فارن فنڈنگ ظاہر کردیا تھا۔

رولنگ کیس : حمزہ شہباز کی پرویزالہٰی کو وزیراعلیٰ قرار دینے کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست دائر

0

اسلام آباد : رولنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پرویزالہٰی کو وزیراعلیٰ قرار دینے کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پرویزالہٰی کو وزیراعلیٰ قرار دینے کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست دائر کردی۔

حمزہ شہباز کی جانب سےنظرثانی درخواست ایڈووکیٹ منصور اعوان نےدائر کی ، درخواست میں پرویز الہٰی اورسابق ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کوفریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ پرویزالہٰی کووزیراعلیٰ پنجاب قراردینےکےفیصلےپر نظرثانی کرے اور سابق ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کی رولنگ کوآئینی قراردیا جائے۔

حمزہ شہباز نے نظر ثانی درخواست پر 12 رکنی فل کورٹ بنانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی نقطےکی تشریح،آرٹیکل63اے کی درخواستوں پر فل کورٹ تشکیل دیا جائے۔

یاد رہے سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں حکومتی اتحاد کی فل کورٹ بنانے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری رولنگ کیس میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دیتے ہوئے پرویز الہی کو وزیراعلیٰ پنجاب قرار دیا تھا ، جس کے بعد حمزہ شہباز وزیراعلیٰ نہیں رہے تھے۔

اترتے طیارے نے یونانی ساحل پر سیاحوں کے دل دہلا دیے، ویڈیو وائرل

0

ایتھنز: یونان کے ایک ساحل پر موجود ایئر پورٹ اسکیاتھوس پر لینڈنگ کے وقت طیارے کی اب تک کی سب سے نچلی پرواز نے سیاحوں کے دل دہلا دیے۔

یونان کے اسکیاتھوس ایئرپورٹ پر عام طور سے طیاروں کی لینڈنگ کے وقت ایسا ہی نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے، اور لوگ یہ نظارہ دیکھنے شوق سے چلے آتے ہیں۔

اب ایک ایسی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں اس ایئرپورٹ پر کسی طیارے کی نچلی ترین پرواز والی لینڈنگ کو ریکارڈ کیا گیا ہے، فوٹیج دیکھ کر لوگوں کے دل دہل جاتے ہیں، کیوں کہ طیارہ لوگوں کے عین سروں پر کچھ ہی بلندی سے گزرتا ہے۔

ویڈیو میں آپ بھی یہ دہل دہلا دینے والا نظارہ دیکھ سکتے ہیں، یونان کا اسکیاتھوس ہوائی اڈہ اپنے دلکش نظاروں کے لیے مشہور ہے جہاں سیکڑوں سیاح ہر روز ہوائی جہازوں کی لینڈنگ کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ 100 سے زائد لوگ لینڈنگ اسٹرپ کا دورہ کرتے ہیں،یہ ایئرپورٹ مختصر رن وے کی وجہ سے دوسرے بین الاقوامی ایئر پورٹس کی طرح بڑا نہیں ہے۔

ویڈیو دیکھ کر لوگ سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں کہ پائلٹ کتنی مہارت سے یہاں روز طیارے اتارتے ہیں، نہ صرف یہ دیکھا جاتا ہے کہ لوگوں سے کتنی بلندی برقرار رکھنی ہے، بلکہ یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ فوراً بعد موجود رن وے کے جنگلے سے کتنی بلندی رکھ کر رن وے پر اترنا ہے۔

شیخ رشید کا آج اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان

0

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سیاسی نفرتیں ملکی سلامتی کےلیےخطرہ بن گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ تنقید اورتضحیک دو مختلف چیزیں ہیں، سب کو کہتا ہوں کہ عدلیہ اوراداروں کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیاسی نفرتیں ملکی سلامتی کےلیےخطرہ بن چکی ہیں، ملک سیاسی تصادم کی طرف بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ غربت اورمہنگائی ہے مگر موجودہ حکمرانوں نےاخراجات کم کرنےکی بجائے باسٹھ وزرا لگادئیے، اسٹیٹ بینک کےذخائرسات ارب پرچلےگئےاور کمرشل بینکوں میں چار ارب ڈالرکم ہوگئے جوتشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قوم کی ترجمانی کرنے کا کریڈٹ اے آر وائی نیوز کو جاتا ہے، شیخ رشید

اپنے ٹوئٹ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے آج سہ پہر تین لال حویلی میں اہم ترین پریس کانفرنس کرنے کا بھی اعلان کیا۔

گذشتہ روز عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا تھا کہ پاکستان اب عدلیہ نے ہی چلانا ہے کیونکہ ہر جگہ پارٹی بازی شروع ہوچکی ہے۔

موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیمرا امپورٹڈ حکمرانوں کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی بن چکا ہے، لوگوں کے ہاتھ میں ریموٹ ہے وہ فیصلہ کرسکتے ہیں کون ترجمانی کررہاہے۔

پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس : عمران اسماعیل نے ایف آئی اے نوٹس کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا

0

کراچی :سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نوٹس کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوٴں کے خلاف تحقیقات کے معاملے پر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئے۔

عمران اسماعیل نے ایف آئی اے نوٹس کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ رات کو ہی بتا دیا تھا پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ کے اکاونٹس چیک کرینگے تو پتہ لگے گا کہ انھوں نے بھارت سمیت کس کس سے فنڈ لیے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو عوام کے فنڈز سے چلتی ہے ہمارے پاس دوسروں کی طرح فارن فنڈنگ نہیں، کون بھارت سے پیسے لیتا رہا اسامہ بن لادن سے کون پیسے لیتا رہا بینظیر کی حکومت گرانے کیلئے اسامہ بن لادن سے پیسے لئے گئے۔

الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن خود ایک سیاسی پارٹی کی شکل اختیار کرچکا ہے، اسے انتخابی نشان الاٹ کرنا چاہیے،شیر کا بچہ یا بلی۔

سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرات ہیں،ایجنسیوں کی رپورٹ بھی موجود ہے، اللہ تعالیٰ عمران کو لمبی زندگی دے، وہ پاکستان کی امید ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ہمارے اکاونٹس کھلے ہیں، کچھ نہیں چھپایا ہم ڈرنے والے نہیں، یہ سب کو بتا دینا چاہتے ہیں۔

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے چالیس ہزار ٹرانزیکشن کے شواہد پیش کیے یہ لوگ انتخابات سے ڈرے ہوئے ہیں ایسی جگہ پھنس گئے ہیں کہ انتخابات کرائیں گے تو عمران خان دو تہائی سے زیادہ اکثریت لے کر آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایف آئی اے کے نوٹس کو چیلنج کرنے آئے ہیں، اسد قیصر کو پشاور ہائی کورٹ سے ریلیف ملا ہے، جو دھمکیاں امپورٹڈ حکومت لگارہی ہے اس سے ہمیں کوئی خوف نہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ گارنٹی سے کہتا ہوں یہ حکومت اگلے تیس دن نہیں دیکھے گی آئندہ الیکشن کا اعلان ہونے والا ہے چودہ اگست کے جلسے میں عمران خان لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری بھارتی خاتون سے شادی کرلے تو جوائنٹ ایکشن اکاؤنٹ سے رقم بھیجنا غیرقانونی نہیں ،اگر یہی گراؤنڈ دیکھا جائے تو شعیب ملک بہت پریشان ہوگا ، اس کی آدھی جائیداد جائز اور آدھی ناجائز ہوگی اسی طرح وسیم اکرم بھی پریشان ہوگا ان کی اہلیہ آسٹریلین ہیں۔