15.8 C
Dublin
بدھ, مئی 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 6798

بیجنگ اور اس کے اطراف متعدد علاقوں میں کرونا پابندیوں کا نفاذ

0

بیجنگ: چین میں بیجنگ اور اس کے اطراف متعدد علاقوں میں کرونا پابندیوں کا نفاذ کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چین میں کورونا پھر سر اٹھانے لگا، صوبہ سیچوان میں کرونا کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔

چوبیس گھنٹے کے دوران صوبہ سیچوان کے مخلتف شہروں میں 440 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کرونا کے نئے کیسز سامنے آنے پر بیجنگ اور اس کے اطراف متعدد علاقوں میں کرونا پابندیوں کا نفاذ کر دیا گیا ہے، چینگ ڈو شہر میں سفری پابندیاں بھی عائد کر دی گئی ہیں، اور ٹیکنالوجی ہب شینزین شہر کے 2 اضلاع میں جزوی لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔

صوبہ ہوبائی میں لوگوں کو گھروں سے بلا ضرورت باہر نہ نکلنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، اور عوامی اجتماعات پر بھی پابندیاں عائد کر دی گئیں، سنیما، بارز اور پارکس بند کر دیے گئے۔

آئی فون 14 میں کیا اہم تبدیلیاں کی جا رہی ہیں؟

0
آئی فون

ایپل کمپنی کی جانب سے آئی فون 14 میں کئی اہم تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ ایک نیا سیکیورٹی فیچر بھی دیا جا رہا ہے۔

امریکی کمپیوٹر و موبائل ٹیکنالوجی کمپنی ایپل آئندہ ہفتے تک نئے آئی فون سمیت کمپیوٹر اور نیا ٹیبلیٹ متعارف کرائے گی۔

رپورٹس کے مطابق کمپنی نے 2017 کے بعد پہلی بار فون کے ڈیزائن ہی تبدیل کر دیے ہیں اور اس بار نہ صرف ڈسپلے بلکہ فون کے کور سمیت بیک سائیڈ کا ڈیزائن بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔

کمپنی نے آئی فون میں بیک سائیڈ کے کیمروں کی جگہ کو مزید بہتر بنا دیا ہے اور دور سے ایسے محسوس ہوتا ہے کہ ایک ہی کیمرا ہے، علاوہ ازیں فون کے کیمرے میں کئی سیکیورٹی فیچرز دیے جانے کا امکان ہے۔

نائن ٹو فائیو میک‘ کے مطابق ایپل آئی فون میں سیکیورٹی کی بڑی تبدیلیاں کر کے سافٹ ویئرز اور آپریٹنگ سسٹم کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ آئی فون 14 میں ایک نیا فیچر شامل ہوگا، کوئی بھی ایپ جب موبائل کا کیمرا یا مائکرو فون استعمال کرے گا تو فون صارف کو آگاہ کر دے گا۔

فون میں موجود کسی بھی ایپ کی جانب سے فون کا کیمرا استعمال کیے جانے پر فون کے اسکرین پر گرین لائٹ نظر آنے لگے گی، اور مائکرو فون استعمال کیے جانے پر اورنج لائٹ نظر آئے گی، دونوں کے بہ یک وقت استعمال پر فون بیک وقت دونوں لائٹیں اسکرین پر دکھائے گا۔ اس سے قبل فون کسی بھی ایپ کی جانب سے ایسا کرنے پر ایک ہی لائٹ دکھاتا تھا۔

اس سے قبل یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ کمپنی آئی فون 14 میں سیلفی کیمرے کو بھی اپ گریڈ کر کے زیادہ میگا پکسل کا کیمرا دے گی، یاد رہے کہ آئی فون 13 میں کمپنی نے 12 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا تھا۔

امکان ہے کہ کمپنی آئی فون کے چار ماڈیول پیش کرے گی اور آئی فون 14 کے منی یعنی چھوٹے اور قدرے سستے موبائل متعارف نہیں کرائے جائیں گے۔

آئی فون 14 کی قیمت 1200 ڈالر سے شروع ہوگی اور 1800 ڈالر تک پہنچے گی، یعنی پاکستانی 2 لاکھ 60 ہزار سے 3 لاکھ 85 ہزار روپے تک۔

300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے خوشخبری

0
کے الیکٹرک

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے ریلیف پر عملدر آمد شروع ہوگیا ہے، 300 اور اس سے کم یونٹ والے صارفین سے فیول چارج وصول نہیں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم کے حکم پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارج کے ریلیف کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے ریلیف پر عملدر آمد شروع ہوگیا ہے، 300 اور اس سے کم یونٹ والے صارفین سے فیول چارج وصول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بل کی ادائیگی کی آخری تاریخ میں بھی توسیع کر دی گئی، جو شہری بل ادا کر چکے ہیں ان کے لیے آئندہ ماہ کے بلوں سے مطلوبہ رقم کم کر دی جائے گی۔

گڈو بیراج پر پانی کی سطح کم ہوگئی، درمیانے درجے کا سیلاب

0
سیلاب

سکھر : سندھ بھر میں سیلابی صورتحال کے بعد دریائے سندھ کے بالائی بیراجوں پر پانی کے بہاؤ میں کمی ہونا شروع ہو گئی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گڈو بیراج پر پانی کی سطح کم ہوکر درمیانے درجے کا سیلاب ہوگیا ہے اور پانی کا بہاؤ سندھ کے آخری کوٹری بیراج پر بڑھنے لگا ہے۔

ذرائع کے مطابق حفاظتی بندوں پر پانی کا سخت دباؤ ہے جس سے صورتحال خطرناک ہوسکتی ہے۔ تربیلاپرپانی کی آمد ایک لاکھ76ہزار اور اخراج ایک لاکھ45ہزار200کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کالا باغ پرپانی کی آمد ایک لاکھ81ہزار711 اور اخراج ایک لاکھ73ہزار711کیوسک جبکہ چشمہ پر پانی کی آمد2 لاکھ28ہزار310 اور اخراج2 لاکھ10ہزار310کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ تونسہ پرپانی کی آمد 2لاکھ18ہزار991 اوراخراج 2 لاکھ 9ہزار491کیوسک ہے اور گڈو بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج4لاکھ84ہزار795کیوسک ہے۔

رپورٹ کے مطابق سکھربیراج پر پانی کی آمد اوراخراج5لاکھ 44ہزار650کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پرپانی کی آمد5 لاکھ84 ہزار691 اخراج5لاکھ72ہزار436کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سیلاب زدہ علاقوں میں شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری

0

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے، متعدد سڑکوں کی بحالی کا کام ہوچکا ہے جبکہ متعدد شاہراہوں پر بحالی کا کام فی الحال جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے، وزیر اعظم مواصلات اور سڑکوں کی بحالی کے کام کی نگرانی خود کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم کو مواصلات اور سڑکوں کی بحالی سے متعلق روزانہ رپورٹ پیش کی جا رہی ہے، وفاقی وزیر مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے قومی شاہراہوں کی بحالی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

گزشتہ 15 دن میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں سیلاب متاثرہ شاہراہوں کو بحال کیا گیا ہے۔ قومی شاہراہ این 15 مانسہرہ سے چلاس براستہ ناران ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی۔

کراچی سے چمن قومی شاہراہ این 25 بھی حب سے خضدار تک سیلاب سے متاثر تھی جسے ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا، قراقرم ہائی وے این 35 انڈس کوہستان اور ہنزہ اضلاع میں بند تھی وہ بھی بحال کردی گئی۔

متعدد شاہراہوں پر بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

دادو اور سیہون کو بچانے کے لیے منچھر جھیل کو کٹ لگا دیا گیا

0

کراچی: صوبہ سندھ کے علاقوں دادو اور سیہون کو بچانے کے لیے منچھر جھیل کو کٹ لگا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دادو اور سیہون کو بچانے کے لیے باغ یوسف کے قریب منچھر جھیل کو کٹ لگا دیا گیا، جس سے کئی یونین کونسلز زیر آب آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

پاکستان کی سب سے بڑی جھیل میں سیلانی پانی کا دباؤ کم کرنے کے لیے آر ڈی 14 کے مقام پر کٹ لگایا گیا، منچھر جھیل میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے، جس سے بند ٹوٹنے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔

دانستر کینال سے پانی اوور فلو ہونے لگا، جھیل کے حفاظتی پشتے مختلف مقامات پر کمزور ہونے لگے ہیں، بند ٹوٹنے کے خدشے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ منچھر جھیل میں کٹ لگایا گیا ہے، جس سے 5 یوسیز بری طرح متاثر ہوں گی، ان یوسیز سے آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کٹ لگنے سے 1 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوں گے، متاثر ہونے والی یوسیز میں واہوڑ، بوبک، جعفرآباد اور یوسی چنو شامل ہیں، تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

کوٹری بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں سے 5 لاکھ 72 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، انتظامیہ نے کچے کے علاقے خالی کرا لیے ہیں۔

ادھر دادو، میہڑ اور جوہی میں ہرطرف پانی ہی پانی ہے، جہاں رکشے اور بسیں چلا کرتی تھیں، وہاں اب کشتیوں میں سفر ہو رہا ہے، بس اسٹاپ بوٹ اسٹاپ میں بدل چکا۔

میہڑ کے رنگ بند پر پانی کا دباؤ مزید بڑھ گیا، شہری دن رات بند کو مضبوط بنانے میں مصروف ہیں، ایم این وی ڈرین میں بھی پانی کا بہاؤ تیز ہے، شہر ڈوبنے کا خطرہ ہے، مکین نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

سیلاب سے اندرون سندھ اب بھی سیکڑوں بستیاں زیر آب ہیں، متاثرین پینے کے لیے سیلاب کا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں، جیکب آباد میں کھانا نہ ملنے پر سیلاب متاثرین نے احتجاج بھی کیا، ان کا کہنا ہے کہ امدادی سامان من پسند افراد میں تقسیم ہو رہا ہے۔

انوشکا شرما اور دھونی کی اہلیہ کا کیا رشتہ ہے؟ انوکھا اتفاق

0

بھارتی کرکٹ ٹیم کے دو سینئر کھلاڑیوں ویرات کوہلی اور مہندرا سنگھ دھونی کے درمیان کرکٹ کا رشتہ تو ہے ہی لیکن اس کے علاوہ ایک اور رشتہ بھی ہے جس کا علم عام لوگوں کو نہیں۔

اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں کی بیگمات آپس میں پرائمری اسکول کی کلاس فیلو اور دوست ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی کی بیگم انوشکا شرما بچپن کے زمانے میں جب آسام میں رہتی تھیں تو یہ وہاں کے سینٹ میری اسکول میں تعلیم حاصل کر رہیں تھیں۔

دوسری جانب مہندرا سنگھ دھونی کی اہلیہ ساکشی بھی اسی اسکول میں زیر تعلیم تھیں لیکن یہ ایک دوسرے کو اس وقت نہیں جانتی تھیں۔

ساکشی دھونی اور انوشکا شرما کی اسکول کی گروپ فوٹو سوشل میڈیا پر موجود ہیں جس میں دونوں ایک اسکول فنکشن میں نظر آرہی ہیں۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انوشکا گلابی رنگ کے لہنگا چنی میں نظر آرہی ہیں اور دوسری جانب ساکشی نے پریوں کا لباس پہنا ہوا ہے۔

سال 2013میں انوشکا شرما نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ان کی جب ساکشی سے بات ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ وہ آسام کے ایک بہت چھوٹے شہر میں رہتی تھیں اور سینٹ میری اسکول میں پڑھتی تھیں اتفاق سے انوشکا شرما بھی اسی اسکول میں زیر تعلیم تھیں۔

بلوچستان میں آٹے اور دیگر اشیائے خور و نوش کی قلت پیدا ہونا شروع

0

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں سیلاب کی وجہ سے راستے تاحال بند ہیں جس کے بعد صوبے میں آٹے سمیت دیگر اشیائے خور و نوش اور اجناس کی قلت پیدا ہونا شروع ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کو ملک بھر سے ملانے والی قومی شاہراہیں بحال نہ ہوسکیں، بجلی کی فراہمی بھی تاحال منقطع ہے۔

صوبے میں آٹا سمیت دیگر اشیائے خور و نوش اور اجناس کی قلت پیدا ہونا شروع ہوگئی ہے، چند ایک مقامات پر آٹا مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے۔

فلور ملز کے سامنے شہریوں کی لمبی قطاریں لگیں ہیں۔

بلوچستان میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 22 سو سے 26 سو روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ 50 کلو آٹے کا تھیلا 5 ہزار 300 سے 6 ہزار روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

فلور مل مالکان کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے سے فلور ملز بند ہیں اور گندم کی پسائی نہیں ہو رہی۔

اونٹ پر طویل سفر، سعودی خاتون رشا القرشی نے حیران کر دیا

0

جدہ: اونٹ پر طویل سفر کا آغاز کرنے والی سعودی خاتون رشا القرشی نے لوگوں کو حیران کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی خاتون رشا القرشی نے کنگ عبدالعزیز اونٹ فیسٹیول میں جیت حاصل نہ کرنے کے بعد اپنے وعدے کے مطابق بعد بدھ کے روز مملکت کے دارالحکومت ریاض سے حجاز کا سفر شروع کر دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اونٹ پالنے کی شوقین سعودی خاتون رشا القرشی نے 6 ماہ قبل شاہ عبدالعزیز اونٹ ریس میں شرکت کی تھی، انھوں نے عہد کیا تھا کہ ریس میں ناکام رہی تو نجد سے حجاز تک اونٹ پر سفر کریں گی۔

رشا القرشی نے متعلقہ اداروں سے اجازت حاصل کر کے ریاض سے سفر کا آغاز کیا، وہ 2 دن کا سفر کرنے کے بعد جمعہ کو ریاض سے الحفنہ پہنچیں۔

سعودی خاتون آج قصیم کے لیے روانہ ہوں گی، جدہ تک سفر میں 14 پڑاؤ ہوں گے، رشا القرشی سعودی قومی دن پر جدہ پہنچنے کی توقع رکھتی ہیں جس میں 20 دن لگ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی خاتون رشا القرشی کو اونٹوں کی محبت اپنے گھرانے سے ورثے میں ملی، وہ بچپن سے ہی اونٹوں کی جگہوں کے نزدیک بیٹھ کر اس جانور کی انسیت حاصل کرتی تھیں۔

مملکت میں اونٹوں کے میلوں میں خواتین کی شرکت کی اجازت کے ساتھ ہی رشا نے اپنی محبوب اونٹنی کو چُن لیا جس کو وہ ’’الرشا‘‘ کے نام سے پکارتی ہیں۔

رشا نے اس اونٹنی کے ساتھ چھٹے کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹول میں حصہ لیا تھا۔

سیلابی صورتحال : 24 گھنٹوں کے دوران 26 افراد جان سے گئے

0

اسلام آباد : نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی حادثات میں 26افراد جاں بحق اور 11زخمی ہوگئے۔

اس حوالے سے این ایف آرسی سی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 14جون سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد1290ہو گئی۔

جاں بحق ہونے والوں میں 570مرد،259خواتین اور453بچے شامل ہیں، مختلف حادثات میں12588افراد زخمی بھی ہوئے۔

این ایف آرسی سی ترجمان کے مطابق ساگوپل کو ملانے کے لئے دونوں جانب سے کام جاری ہے، سیلاب اور بارشوں کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں ریلوے نیٹ ورک بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

اس کے علاوہ صوبہ بلوچستان میں کوئٹہ تافتان اورکوئٹہ سبی اور سبی سے حبیب کوٹ کئی کلومیٹر تک پانی کھڑے رہنے سے ریلوے ٹریک بند بھی بند کردیا گیا۔

نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق پنجاب اور سندھ کے درمیان حیدرآباد سے روہڑی اور ملتان تک ریلوے ٹریفک متاثر ہورہی ہے، سندھ میں کوٹری سے لکھی شاہ اور دادو تک ریلوے لائن متاثرہوئی ہے۔