ہوم بلاگ صفحہ 6800

نئے اسلامی سال پر صدر مملکت کا قوم کے نام پیغام

0

صدر عارف علوی نے ہجری سال نو پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے ماہ محرم امت مسلمہ میں حق وباطل سےمتعلق صحیح فہم وشعور بیدار کرتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہجری سال نو 1444 کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماہ محرم امت مسلمہ میں حق وباطل سےمتعلق صحیح فہم وشعور بیدار کرتا ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ اسلامی ہجری سال مسلمانوں کو عظیم ہجرت کی یاد دلاتا ہے۔ ہجری سال یاد دلاتا ہے کہ اسلام اور ایمان کے لیے اگر اپنا گھر بار بھی چھوڑنا پڑے تو چھوڑ دو۔

عارف علوی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ محرم الحرام کی اسلامی تاریخ میں بے پناہ اہمیت اور فضیلت ہے۔ دین اسلام کی سربلندی کیلئے بندۂ مومن کو حتی الامکان کوشش کرنی چاہیے اور اللہ تعالیٰ کی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرنا چاہیے۔

’سر کیمرا آن ہے‘ سوشل میڈیا صارفین کی وزیراعظم پر تنقید

0

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا جس کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے اور صارفین کی جانب سے ان پر تنقید کی جارہی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اور امداد کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعظم کو فضائی جائزے کے دوران بتایا جاتا ہے کہ ’سر کیمرا آن ہے۔‘

سوشل میڈیا پر وزیراعظم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور صارفین کی جانب سے شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں ’شوباز‘ قرار دیا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین فضائی معائنے کو اشتہاری مہم بھی قرار دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نے جھل مگسی میں بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے، گھر مسمار ہونے والے متاثرین کو 5 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا جب کہ جن کے گھر جزوی طور پر منہدم ہوئے ان کو دو لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں کئی روز سے جاری بارشوں کے طوفانی اسپیل نے صوبے بھر میں تباہی مچا دی ہے اور درجنوں افراد سیلابی ریلوں میں بہنے، دیواریں اور چھتیں گرنے سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

’میں حفصہ سے شادی کرنا چاہتا ہوں‘

0

اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’دل ویراں‘ کی گزشتہ قسط کا سین مداحوں کو بھا گیا۔

ڈرامہ سیریل دل ویراں میں حسن خان (حیدر)، نوال سعید (منہل)، شہروز سبزواری (طلال)، راشد فاروقی (طلال کے والد) سیمی پاشا (زاہدہ) حنا رضوی (طلال کی والدہ)، صبیحہ ہاشمی (منہل کی آنٹی) کا کردار نبھا رہی ہیں۔

گزشتہ 51ویں قسط میں دکھایا گیا کہ منہل کی شادی طلال سے ہونے کے بعد حیدر منہل کی نند کا رشتہ مانگنے ان کے گھر پہنچ گئے۔

حیدر منہل کی ساس سے کہتے ہیں کہ ’آنٹی میں اور امی آپ لوگوں سے کچھ مانگنے آئے ہیں۔‘ یہ سن کر منہل حیدر کی طرف دیکھنے لگتی ہیں۔

لیکن حیدر اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’میں حفصہ کو بہت پسند کرتا ہوں اور اس سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔‘

حیدر مزید کہتے ہیں کہ ’میں آج ہی آپ لوگوں کا جواب بھی سننا چاہتا ہوں۔‘

طلال کے والد اور والدہ کہتے ہیں کہ ’بیٹا یہ تو ہماری خوش نصیبی ہے تم جیسا نیک لڑکا ہمارے گھر کا داماد بنے اس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔‘

طلال والد کو روکتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’حیدر تم نے جو کہنا تھا ہم نے سن لیا ہے اب ہمیں بھی سوچنے کا تھوڑا موقع دو۔‘

کیا حیدر اور حفصہ کی شادی ہوجائے گی یا پھر طلال کو منہل اور حیدر کی محبت کا پتا چل جائے گا؟ یہ سب جاننے کے لیے ڈرامہ سیریل ’دل ویراں‘ کی اگلی قسط دیکھنا نہ بھولیں۔

مافیاز نے اپنا تسلط برقرار رکھنے کیلئے لاقانونیت کو فروغ دیا، عمران خان

0

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ مافیاز نے اپنے تسلط کے دوام کیلئے ادارے تباہ کیے اور لاقانونیت کو فروغ دیا۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملک بھر کی اہم بار ایسوسی ایشنز کے صدور نے ملاقات کی ہے، جس میں دستور وجمہوریت کی بقاواستحکام کیلئے اشتراک عمل کی مختلف جہتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کرنے والوں میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے صدر شعیب شاہین، لاہور بار، فیصل آباد بار، سرگودھا بار سمیت پنجاب کی دیگر بار کے صدور شامل تھے، جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، فرخ حبیب اور حسان نیازی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بار صدور نے ملک میں آئین وقانون کی بالادستی کیلئےعمران خان کے وژن اور کاوشوں کو خراج تحسین  پیش کیا اور مقتدر سیاسی اتحاد کی جانب سے ججز کیخلاف نفرت آمیز مہم پر تشویش کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مرتبہ قوم بنتے دیکھ رہاہوں، عمران خان

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قانون کی حکمرانی ترقی کے ایجنڈے کا بنیادی نکتہ ہے، تحریک انصاف عدل وانصاف کے قیام کیلئے 26 سال سے متحرک ہے، طاقتور اور کمزور کو یکساں قانون کے تابع کیے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ مافیاز نے اپنے تسلط کے دوام کیلئے ادارے تباہ کیے اور لاقانونیت کو فروغ دیا، وقت آگیا ہے نظام عدل اپنی توجہ قانون شکنوں اور مجرم اشرافیہ پر مرکوز کرے، وکلا برادری ملک میں قانون کی بالادستی کیلئے آگے بڑھے اور اپما کردار ادا کرے۔

’رضوان کی جگہ ٹی 20 میں کوئی نہیں لے سکتا‘

0

اسلام آباد: قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کا کہنا ہے کہ ٹی 20 میں محمد رضوان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔

کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں باغ اسٹالینز کے آئیکون پلیئر کامران اکمل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں میری جگہ نہیں بنتی جبکہ رضوان کی جگہ ٹی 20 میں کوئی نہیں لے سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اب اگر کوئی وکٹ کیپر بلے باز ٹی 20 کھیلے گا تو بطور اسپیشلسٹ بلے باز ہی کھیلے گا۔

مزید پڑھیں: شاہد آفریدی کے پی ایل کے تمام میچز کیوں نہیں کھیلیں گے؟

کامران اکمل نے کہا کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی کنڈیشنز کے لحاظ سے میرٹ پر اسکواڈ منتخب کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی ایل کے لیے شائقین کرکٹ بہت پرجوش دکھائی دے رہے ہیں اس ایونٹ میں اچھی کرکٹ کھیل کر ٹورنامنٹ کے معیار کو بہتر کرنا چاہتے ہیں۔

کامران اکمل کا کہنا تھا کہ ہر اننگز میں 70 سے 80 رنز بنانا آسان نہیں کیونکہ کرکٹ باتوں سے نہیں کھیلی جاتی ہے اچھی کرکٹ کھیلنے کے لیے میدان میں محنت درکار ہوتی ہے۔

‘ پی ڈی ایم کا اب اقتدار سے چمٹے رہنا پاکستان کے مفاد کے شدید خلاف ہے’

0

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے ملک کی موجودہ صورتحال پر کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا اب اقتدار سے چمٹے رہنا پاکستان کے مفاد کے شدید خلاف ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹڑ پر اس حوالے سے اظہار خیال کیا ہے۔

حماد اظہر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کو تباہ کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھ رہی۔ نام نہاد تجربہ کاروں نے ملک کو دیوالیہ پن کے دہانے پر لا کھڑا کر دیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید لکھا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت نے معاشی تباہی کو جنم دیا ہے۔ اب اس تباہی سے نمٹنے کی ان کے پاس اہلیت نہیں۔ عالمی اور مقامی منڈیوں کو پی ڈی ایم حکومت پر اعتماد نہیں ہے۔

حماد اظہر نے مزید لکھا ہے کہ دوست ممالک بھی وفاقی حکومت کو مصنوعی اور عارضی سمجھتے ہیں۔ اس وقت ان کا اقتدار سے چمٹے رہنا پاکستان کے مفاد کے شدید خلاف ہے۔

 

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما نے اپنے ایک بیان میں سبطین خان کو اسپیکر اور واثق قیوم کا ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونا بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں عمران خان کے بیانیے کی جیت ہوئی ہے۔

اسپین کے وزیراعظم کا بجلی بچانے کیلئے شہریوں کو ٹائی نہ پہننے کا انوکھا مشورہ

0

میڈرد: اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچز نے توانائی بچانے کیلئے ٹائی نہ پہننے کا انوکھا نسخہ پیش کردیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہسپانوی وزیر اعظم کی جانب سے یہ اپیل ایسے وقت میں کی گئی ہے جب روس یوکرین جنگ کی وجہ سے یورپی یونین میں گیس بحران سر اٹھا رہا ہے۔

میڈرڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچز نے کہا کہ ان کی حکومت توانائی بچانے کے لیے فوری اقدامات پر عمل شروع کرے گی تاکہ یوکرین پر حملے کے پیش نظر روسی گیس پر انحصار کم سے کم ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ میں خود بھی ٹائی نہیں پہن رہا اور اپنے وزراء، سرکاری افسران کو بھی ٹائی نہ پہننے کی ہدایت کی ہے، میں نجی اداروں کے ملازمین سے بھی کہتا ہوں کہ توانائی بچانے کے لیے وہ بھی یہی عمل کریں۔

ہسپانوی وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کرنے سے انہیں گرمی کم محسوس ہو گی جو توانائی بچانے کا باعث بنے گی کیونکہ ایئر کنڈیشنز کم چلیں گے۔

پیڈرو سانچز نے کہا کہ توانائی کی بچت کیلئے حکومت کی جانب سے ایک نیا منصوبہ اگلے ہفتے پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یورپی ممالک کا توانائی کیلئے زیادہ انحصار روس پر ہے، تاہم روس یوکرین جنگ کے نتیجے میں یورپی یونین کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

جواب میں روس نے بھی یورپی ممالک کو گیس سپلائی کم کردی ہے، جس کی وجہ سے انہیں توانائی بحران کا سامنا ہے اور تمام یورپی ممالک توانائی کی بچت اور روس پر انحصار کم کرنے کیلئے مختلف اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ائیرکنڈیشنڈ دکانوں کے دروازے بند رکھنے کا حکم

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے یورپ میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، اس صورتحال میں یورپی ممالک کی حکومتوں کو توانائی بچت کے منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے مشکلات کا سامنا ہے ۔

خاتون نے صفائی کے کپڑے سے چور کو بھگا دیا، ویڈیو وائرل

0

خاتون نے بیکری میں گھسنے والے چور کو صفائی کے کپڑے سے مار بھگایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

مذکورہ واقعہ نیدرلینڈز میں پیش آیا جہاں خاتون کی بیکری میں چاقو ہاتھ میں لیے چور آیا جسے دیکھ کر خاتون نے صفائی کا کپڑا اٹھایا اور اسے مارنا شروع کردیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون چور سے ڈری نہیں بلکہ اس کے چہرے پر اسپرے چھڑکا اور صفائی کے کپڑے سے مارتے ہوئے اس کی درگت بنادی۔

ویڈیو میں چور کو اپنا چہرہ چھپاتے اور خاتون کی پٹائی سے بچتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اسی اثنا میں چور بچ کر بھاگنے لگتا ہے تو اسے ایک شخص پکڑنے کی کوشش کرتا ہے لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو ٹویٹر پر شیئر کی گئی جسے اب تک ہزاروں صارفین دیکھ چکے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین چور کی حرکت پر مسکرا رہے ہیں جبکہ خاتون کی بہادری کی تعریف کررہے ہیں۔

ریسٹورنٹ میں چاول کی پلیٹ سے ’لال بیگ‘ نکل آیا

0

بھارت کے ایک ریسٹورنٹ میں بھوک سے نڈھال گاہک نے جب فرائیڈ چاول کی پلیٹ منگوائی تو اس میں سے مردہ لال بیگ نکل آیا۔ انتظامیہ نے اپنی غلطی چھپانے کے لیے اسے تلی ہوئی پیاز قرار دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ چندی گڑھ مال کے اندر چینی ریسٹورنٹ کے آؤٹ لیٹ میں پیش آیا جہاں فرائیڈ چاول کا آرڈر انیل کمار نامی گاہک نے دیا تھا۔

انیل کمار جب چاول کی آدھی سے زیادہ پلیٹ کھا چکے تو انہیں ایک عجیب سے چیز نظر آئی۔ جب انہوں نے غور سے دیکھا تو وہ مرا ہوا لال بیگ تھا۔

گاہک نے ریسٹورنٹ میں ہنگامہ برپا کر دیا جس پر انتظامیہ نے اپنی غلطی چھپانے کے لیے کہہ ڈالا ’یہ تو تلی ہوئی پیاز ہے‘۔

انیل کمار نے فوری طور پر پولیس کو شکایت دی۔ پولیس نے ریسٹورنٹ پہنچ کر کھانے کے سیمپلز لیے اور ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے۔ رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ چندی گڑھ مال کے ایک ریسٹورنٹ میں چھولے کی پلیٹ سے چھپکلی ملنے کا واقعہ بھی گزشتہ ماہ پیش آ چکا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی۔

تربت: ایئرپورٹ روڈ پر فٹبال میچ کے دوران دھماکا

0

تربت: بلوچستان کے علاقے تربت میں ایئرپورٹ روڈ پر فٹبال میچ کے دوران اسٹیڈیم میں دھماکا ہوا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق تربت میں ایئرپورٹ روڈ پر فٹبال میچ کے دوران دھماکے کے بعد اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچ گئی۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل تربت کے سنیما بازار میں دھماکے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حملے سے ایسا لگتا ہے کہ عسکریت پسند تربت کے علاقے میں ایف سی کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال تربت منتقل کردیا گیا تھا۔ جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔